سابق مہاراشٹر اے ٹی ایس چیف ہمانشو رائے نے خودکشی کی

ایڈیشنل جنرل آف پولس ہمانشو رائے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور خبروں کے مطابق انھوں نے سروس ریوالور اپنے منھ میں رکھ گولی چلائی جس کے سبب انھیں بچانا ممکن نہیں ہو سکا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی پولس کے سینئر افسر اور ایڈیشنل جنرل آف پولس ہمانشو رائے نے خودکشی کر لی۔ 1988 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہمانشو رائے کی پہچان ایک دبنگ پولس افسر کی تھی اور وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ اس کے لیے وہ اسٹیرائیڈ بھی لے رہے تھے۔ خبروں کے مطابق اے ٹی ایس چیف رہ چکے ہمانشو رائے نے اپریل 2016 سے صحت کی بنیاد پر چھٹی لے رکھی تھی۔

رپورٹ کے مطابق ممبئی کی پہلی سائبر کرائم سیل کی بنیاد ڈالنے والے ہمانشو رائے نے دوپہر تقریباً 1.40 بجے اپنی سروس ریوالور سے خود کو گولی مار لی۔ زخمی حالت میں ہمانشو کو لے کر ان کے اہل خانہ فوراً بامبے ہاسپیٹل پہنچے لیکن ڈاکٹر انھیں بچا نہیں سکے۔ اطلاعات کے مطابق ہمانشو رائے نے پستول منھ میں رکھ کر گولی ماری تھی جس کے سبب انھیں بچانا بے حد مشکل ہو گیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ ہمانشو رائے پہلے ایسے افسر تھے جنھی زیڈ پلس سیکورٹی ملی ہوئی تھی۔ وہ سخت اور دبنگ قسم کے افسر تھے اور انکاؤنٹر اسپیشلسٹ کی شکل میں بھی مشہور تھے۔ ہمانشو رائے نے 2013 آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ میں ملزمین کو پکڑنے میں اہم کردار نبھایا تھا۔ اسی جانچ کے دوران انھوں نے بندو دارا سنگھ کو بھی گرفتار کیا تھا۔ رائے نے کئی بڑے کیس حل کرنے میں اہم کردار نبھایا تھا۔ ان میں داؤد ابراہیم کے بھائی اقبال کاسکر کے ڈرائیور عارف بیل پر فائرنگ اور صحافی جے ڈے قتل کیس بھی شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 May 2018, 3:58 PM