مانسون اجلاس LIVE: لوک سبھا کی کارروائی کل تک ملتوی، راجیہ سبھا میں ’آپریشن سندور‘ پر بحث جاری

پارلیمنٹ میں آپریشن سندور پر بحث آج بھی جاری ہے۔ لوک سبھا میں امت شاہ نے بتایا کہ پہلگام حملے میں ملوث تینوں دہشت گرد مارے گئے۔ راجناتھ نے کل بتایا تھا کہ پاکستان میں موجود ٹھکانوں پر ہدفی حملہ کیا گیا

<div class="paragraphs"><p>آپریشن سندور</p></div>

آپریشن سندور

user

قومی آواز بیورو

29 Jul 2025, 8:46 PM

لوک سبھا کی کارروائی کل تک ملتوی، راجیہ سبھا میں ’آپریشن سندور‘ پر بحث جاری

لوک سبھا میں وزیر اعظم نریندر مودی نے آپریشن سندور پر ہوئی بحث کا جواب دیا، اور اس کے بعد اسپیکر اوم برلا نے ایوان کی کارروائی 30 جولائی کو 11 بجے صبح تک کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔ راجیہ سبھا میں آپریشن سندور پر بحث جاری ہے۔ راجیہ سبھا میں سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم نے آپریشن والی رات دونوں ممالک کے ڈی جی ایم او کے درمیان ہوئی بات چیت کا ایشو اٹھایا اور ’ابکی بار ٹرمپ سرکار‘ نعرہ سے متعلق بھی برسراقتدار طبقہ کو کٹہرے میں کھڑا کیا۔

29 Jul 2025, 6:58 PM

’پاکستان کے سینہ پر ایسا درد دیا، کئی ایئرپورٹ آج بھی آئی سی یو میں‘، پی ایم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا میں آپریشن سندور پر بحث کے دوران پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ کو بہیمانہ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ ملک میں فساد پھیلانے کی دہشت گردانہ سازش تھی۔ بے قصور شہریوں کو مذہب پوچھ کر مارا گیا۔ ملکی باشندوں نے اس سازش کو ناکام کر دیا۔ پی ایم مودی نے کہا کہ ’’22 اپریل کو میں بیرون ملک تھا۔ جب واپس آیا، لوٹتے ہی میٹنگ بلائی اور دہشت گردوں کے آقاؤں کو سخت جواب دینے کے لیے کہا، انھیں تصور سے بھی بڑی سزا دینے کے لیے کہا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہمیں فوج کی صلاحیت پر پورا بھروسہ تھا۔ ہم نے فوج کو کھلی چھوٹ دی۔ دہشت گردوں کے آقاؤں کو بھی اندازہ لگ گیا تھا کہ ہندوستان کارروائی کرے گا۔‘‘

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ ’’جوہری حملہ کی دھمکیوں والے بیان آنے شروع ہو گئے تھے۔ ہمیں فخر ہے کہ 6 اور 7 مئی کی شب ہم نے جیسا طے کیا تھا، ویسا جواب دہشت گردوں کو دیا۔ ہم نے مارا اور پاکستان کچھ نہیں کر پایا۔ ایسا سخت جواب دیا کہ دہشت گردوں کے آقاؤں کی آج بھی نیند اڑی ہوئی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’22 اپریل کا بدلہ ہم نے 22 منٹ میں لے لیا۔ ہم نے وہاں گھس کر بھی مارا، جہاں پہلے کبھی نہیں گئے تھے۔ دہشت گردوں کے اڈوں کو دھواں دھواں کر دیا۔ پاکستان کی جوہری دھمکیوں کو ہم نے جھوٹا ثابت کر دیا۔ ہندوستان نے ثابت کیا کہ یہ اب نہیں چلے گا، اور نہ ہی ہندوستان ان دھمکیوں کے آگے جھکے گا۔ ہم نے پاکستان کے سینے پر ایسا درد دیا ہے، کہ آج بھی اس کے کئی ایئرپورٹ آئی سی یو میں پڑے ہوئے ہیں۔‘‘

29 Jul 2025, 6:12 PM

’دَم ہے تو وزیر اعظم کہہ دیں کہ ٹرمپ جھوٹ بول رہے ہیں‘، راہل گاندھی

رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے لوک سبھا میں ’آپریشن سندور‘ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے پی ایم مودی کو چیلنج پیش کر دیا کہ وہ ٹرمپ کو جھوٹا کہہ کر دکھائیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’ٹرمپ نے 29 مرتبہ کہا کہ ہم نے جنگ رکوائی۔ اگر دَم ہے تو وزیر اعظم یہاں ایوان میں یہ بول دیں کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’اندرا گاندھی کا 50 فیصد بھی حوصلہ اُن میں ہوگا تو یہاں کہنے کی ہمت کریں گے۔ اگر واقعی دَم ہے تو وزیر اعظم کو یہاں کہہ دینا چاہیے کہ ڈونالڈ ٹرمپ جھوٹ بول رہے ہیں۔‘‘


29 Jul 2025, 5:46 PM

فوج کے استعمال کے لیے سیاسی عزائم بہت ضروری: راہل گاندھی

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے پہلگام حملہ کو انتہائی ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’جو کچھ ہوا وہ غلط ہوا۔ سبھی نے اس کی مذمت کی۔ ہم چٹان کی طرح منتخب حکومت کے ساتھ کھڑے رہے۔ ہم پہلگام حملہ کے بعد نروال صاحب کے گھر گئے، ان کا بیٹا بحریہ میں تھا۔ یوپی میں بھی متاثرہ کنبہ سے ملاقات کی۔ کشمیر میں بھی متاثرہ کنبہ سے ملا۔ ہم سیاسی کام سے لوگوں سے ملاقات کرتے رہتے ہیں۔‘‘ فوجی جوانوں کا ذکر کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ’’جب ہاتھ ملاتے ہیں تو پتہ چل جاتا ہے کہ یہ ٹائیگر ہے۔ ٹائیگر کو آزادی دینی پڑتی ہے۔ فوج کو پوری آزادی دینی ہوتی ہے۔ سیاسی عزائم کی ضرورت ہوتی ہے۔ فوج کے استعمال کے لیے سیاسی عزائم ضروری ہیں۔ 1971 میں تب کی وزیر اعظم نے امریکہ کی پروا نہیں کی۔ ایک لاکھ پاکستانی فوجیوں نے سرینڈر کیا۔‘‘

29 Jul 2025, 3:47 PM

کھڑگے کا حکومت پر سخت حملہ، وزیر داخلہ سے استعفیٰ کا مطالبہ

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے پہلگام حملے کو انٹیلی جنس کی سنگین ناکامی قرار دیتے ہوئے وزیر داخلہ کو فوری طور پر استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا خود اسے انٹیلی جنس کی ناکامی تسلیم کر چکے ہیں اور کہا ہے کہ وہ اس کی ذمہ داری لیتے ہیں، جبکہ انٹیلی جنس تو براہ راست وزیر داخلہ کے دائرے میں آتی ہے۔ کھڑگے نے سوال کیا کہ کیا منوج سنہا نے یہ بیان وزیر داخلہ کو بچانے کے لیے دیا یا انہیں ایسا کہنے کو کہا گیا؟

کھڑگے نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی حکومت کے دور میں پہلگام میں پانچ بار حملے ہو چکے ہیں لیکن ان سے کوئی سبق نہیں سیکھا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کل جن تین دہشت گردوں کے مارے جانے کی خبر دی گئی، ان کے بارے میں ایک دن پہلے ماسٹر مائنڈ ہونے کا دعویٰ کیا گیا، آج پھر نئے دعوے سامنے آ رہے ہیں۔ آخر باقی ماندہ حملہ آوروں کو کب پکڑا جائے گا؟

چ


29 Jul 2025, 3:28 PM

’وزیر اعظم بغیر بلائے پاکستان جا کر گلے ملتے ہیں، پھر دوسروں کو حب الوطنی کا سبق پڑھاتے ہیں‘، کھڑگے کا طنز

راجیہ سبھا میں منگل کو حزبِ اختلاف کے رہنما ملیکارجن کھڑگے نے وزیر اعظم نریندر مودی اور حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ واقعی سنجیدہ ہیں تو دوسروں پر تنقید کے بجائے خود احتساب کریں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے ‘‘صرف جھوٹ کے کارخانے بنائے، پبلک سیکٹر نہیں’’ اور نہرو جی کو گالیاں دینا ان کا وطیرہ بن چکا ہے، حالانکہ وہی لوگ بچپن میں چچا نہرو کی سالگرہ مناتے تھے۔

کھڑگے نے طنز کیا کہ وزیر اعظم بغیر بلائے پاکستان جا کر گلے ملتے ہیں، پھر دوسروں کو حب الوطنی کا سبق پڑھاتے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر سوال اٹھایا کہ کیا آپ کو پہلے سے معلوم تھا کہ کچھ ہونے والا ہے، کیونکہ آپ نے اپنا دورہ اچانک منسوخ کر دیا تھا؟ انہوں نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا، مگر ٹال مٹول کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو ایوان میں آ کر بات سننی چاہیے، نہ کہ انتخابی مہم میں مصروف رہنا چاہیے۔ کھڑگے کے ان بیانات پر قائدِ ایوان جے پی نڈا نے اعتراض جتاتے ہوئے کئی ریمارکس حذف کرنے کی اپیل کی۔

29 Jul 2025, 3:00 PM

پہلگام میں مارے گئے 25 ہندوستانیوں کو آپ نے تحفظ نہیں دیا پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے پارلیمان میں تقریر کے دوران حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام کے وادی بیسرن میں جن 26 افراد کی جان گئی، ان میں سے 25 ہندوستانی تھے، مگر حکومت نے اُنہیں کوئی سکیورٹی فراہم نہیں کی۔ انہوں نے ایک ایک جاں بحق افراد کے نام ایوان میں پڑھ کر سنائے۔

پرینکا گاندھی نے کہا، ’’آپ چاہے جتنے بھی آپریشن کر لیں، اس سچ سے نہیں چھپ سکتے کہ ان لوگوں کو آپ نے تحفظ نہیں دیا۔ جب پاکستان کو اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی کمیٹی کا سربراہ بنا دیا گیا تو آپریشن سندور کو سب سے بڑا دھچکا لگا۔ یہ کس کی ناکامی ہے؟‘‘

انہوں نے کہا کہ اس ایوان میں بیٹھے ہر رکن کے پاس سکیورٹی ہے، لیکن وہ 26 عام لوگ جنہیں مار دیا گیا، ان کے لیے کوئی حفاظتی بندوبست نہیں تھا۔


29 Jul 2025, 2:59 PM

سیزفائر پر کوئی جواب نہیں، ذمہ داری کا بھی احساس نہیں: پرینکا گاندھی

کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے مودی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 11 سال سے اقتدار میں رہنے کے باوجود حکمرانوں نے کسی واقعے کی ذمہ داری نہیں لی۔ منی پور، دہلی دنگوں اور پہلگام حملے کے باوجود امیت شاہ وزارت داخلہ پر برقرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی حملے کے وقت کانگریس حکومت نے فوری کارروائی کی تھی اور استعفے بھی دیے گئے تھے۔ پرینکا نے کہا کہ آپ تاریخ کی بات کریں، میں موجودہ وقت کی بات کر رہی ہوں۔ راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ میں صرف سر ہلایا، جبکہ امیت شاہ ہنستے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر حملہ ہوگا تو ہم سب ایک ساتھ کھڑے ہوں گے، لیکن سوال یہ ہے کہ سیزفائر کیوں کیا گیا؟ اس کا جواب آج تک نہیں دیا گیا۔

29 Jul 2025, 2:52 PM

لوگ حکومت کے بھروسے پہلگام گئے تھے، حکومت نے انہیں خدا کے بھروسے چھوڑ دیا: پرینکا گاندھی

کانگریس کی رکن پارلیمان پرینکا گاندھی نے پہلگام حملے پر مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری حکومت کے بھروسے یاترا پر نکلے تھے لیکن حکومت نے انہیں ’خدا کے حوالے‘ کر دیا۔ لوک سبھا میں بحث کے دوران پرینکا گاندھی نے فوج کے شوریہ کو سلام کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ہمیں عدم تشدد کی تحریک سے ملی، لیکن 1948 میں پاکستان کی پہلی دراندازی سے لے کر آج تک ملک کی سالمیت کو قائم رکھنے میں فوج کا بڑا کردار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیروں نے پارلیمنٹ میں بہت سی باتیں کہیں، تاریخ کے اسباق بھی سنائے، لیکن اصل سوال کا جواب نہیں دیا — پہلگام میں حملہ کیسے ہوا، کیوں ہوا؟ یہ سوال آج بھی ذہن میں کھٹک رہا ہے۔ پرینکا گاندھی نے حملے میں مارے گئے شبھم دویدی کی اہلیہ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ان کا نہیں، ملک کے ہر شہری کا سوال ہے، ’’کیا عام شہریوں کی حفاظت وزیر داخلہ کی ذمہ داری نہیں؟ کیا یہ وزیر دفاع کی ذمہ داری نہیں؟‘‘


29 Jul 2025, 2:51 PM

آپریشن سندور حکومت کی ناکامی کی علامت: اکھلیش یادو

سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے پارلیمنٹ میں ’آپریشن سندور‘ پر جاری بحث کے دوران حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن کا ہونا ہی حکومت کی سب سے بڑی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگر ہم اور آپ یہاں بیٹھ کر آپریشن پر بحث کر رہے ہیں، تو یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت اپنے فرائض میں ناکام رہی ہے۔‘‘

اکھلیش نے الزام لگایا کہ حکومت اس مسئلے پر سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے آفیشل ہینڈل سے پوسٹ کیے گئے کارٹون اس کی ذہنیت کو ظاہر کرتے ہیں۔ ان کے مطابق، ’آزادی کے امرت کال‘ کا ذکر کیا جا رہا ہے، جبکہ بیرونی طاقتیں کہہ رہی ہیں کہ جنگ انہوں نے رکوایا، جو ہندوستان کی خودمختاری کے لیے تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو پارلیمنٹ میں یہ صاف بتانا چاہیے کہ آج ملک کا اصل رقبہ کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے سوال اٹھایا کہ پاکستان کے پیچھے کون سی عالمی طاقت ہے، جس کی پشت پناہی سے وہ سرگرم ہے۔

اکھلیش نے کہا کہ ’’ہمیں چین سے بھی اتنا ہی خطرہ ہے جتنا دہشت گردی سے، لیکن حکومت کی اقتصادی اور خارجہ پالیسییں ایسی ہیں جو سرحدی تجاوزات کرنے والے ملک کی تجارت کو فروغ دے رہی ہیں۔‘‘ ان کے مطابق، حکومت کو اب اپنی سیاسی، اقتصادی اور سماجی حکمت عملی پر ازسرنو غور کرنا چاہیے۔

29 Jul 2025, 1:53 PM

امت شاہ نے مارے گئےدہشت گردوں کے نام گنائے

اپنے خطاب میں امت شاہ نے دہشت گردوں کے نام گنواتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے پہلگام میں 26 شہریوں کو قتل کیا، وہ سب اب مارے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے کئی وہ ہیں جو ماضی میں مختلف حملوں میں سرگرم رہے اور اس وقت کی حکومتوں کے دوران سرگرم تھے۔

امت شاہ نے کہا کہ راجناتھ سنگھ کے بیانات مکمل طور پر مصدقہ اور حتمی ہیں اور وہ ان میں کچھ اضافہ نہیں کرنا چاہتے۔ ان کے مطابق، اس آپریشن میں تقریباً 100 دہشت گرد مارے گئے۔ امت شاہ نے یہ بھی بتایا کہ 7 مئی کو کارروائی مکمل ہونے کے فوراً بعد ہندوستان نے پاکستان کو آگاہ کر دیا تھا اور اسی کے بعد جنگ بندی کی راہ ہموار ہوئی۔


29 Jul 2025, 1:52 PM

یہ انتخابی بیان نہیں، قوم کی آواز ہے: امت شاہ

لوک سبھا میں ’انتخابی تقریر‘ کے الزام پر امت شاہ نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا، ’’یہ بیان 140 کروڑ ہندوستانیوں کے جذبات کی نمائندگی ہے۔‘‘ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کچھ لوگوں کی سمجھ پر سوالیہ نشان لگتا ہے، جو قومی سلامتی سے جڑے بیانات کو بھی سیاسی چشمے سے دیکھتے ہیں۔

امت شاہ نے بتایا کہ 7 مئی کو ’آپریشن سندور‘ میں نو دہشت گرد کیمپ تباہ کیے گئے اور اس پورے حملے میں کوئی شہری ہلاک نہیں ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف دہشت گرد مارے گئے اور کارروائی اتنی گہری تھی کہ اس بار سو کلومیٹر اندر جا کر حملہ کیا گیا۔ انہوں نے ایک ایک کیمپ کے نام بھی گنوائے۔

29 Jul 2025, 1:50 PM

سی سی ایس اجلاس کے اہم فیصلے، پانی، کارروائی اور پیغام

امت شاہ نے 23 اپریل کو وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت ہونے والی کابینہ کی سلامتی امور کمیٹی (سی سی ایس) کی میٹنگ کی تفصیلات ایوان میں پیش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ 22 اپریل کے حملے کے بعد پی ایم نے فوری طور پر سری نگر روانگی کی ہدایت دی اور اگلے روز سی سی ایس کی دو نشستیں بلائیں۔ ان اجلاسوں میں دہشت گردی کے خلاف سخت اقدامات، سرجیکل آپشنز، اور حتیٰ کہ سندھ طاس معاہدے کو مؤخر کرنے جیسے بڑے فیصلے کیے گئے۔

امت شاہ نے کہا کہ “ہم نے تہیہ کیا کہ دہشت گردوں اور ان کو تربیت دینے والوں کو کسی قیمت پر بخشا نہیں جائے گا۔” انہوں نے کانگریس پر براہ راست تنقید سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی خاموشی کے برعکس، موجودہ قیادت نے فوری، سخت اور مربوط اقدام کیا۔


29 Jul 2025, 1:49 PM

جنگ بندی کا آغاز پاکستان کی درخواست پر ہوا: امت شاہ

وزیر داخلہ امت شاہ نے بتایا کہ آپریشن سندور کے بعد 10 مئی کو شام 5 بجے فائر بندی کا آغاز پاکستان کے ڈی جی ایم او کی جانب سے فون کال کے بعد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے محدود اور درست نشانہ بناتے ہوئے کارروائی کی، جس میں پاکستان کے 6 رڈار نظام اور کئی فوجی اڈے تباہ کیے گئے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم نے ان کے رہائشی علاقوں کو نہیں چھیڑا، صرف ان کی حملہ کرنے کی صلاحیت کو ختم کیا۔‘‘

امت شاہ کے مطابق، ان حملوں سے مجبور ہو کر پاکستان نے رابطہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جنگ کا فیصلہ سوچ کر کیا جاتا ہے، اور حکومت نے تحمل کے ساتھ جواب دیا۔ اس کارروائی نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ ہندوستان دہشت گردی کو برداشت نہیں کرے گا۔

29 Jul 2025, 12:42 PM

دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا: امت شاہ

وزیر داخلہ امت شاہ نے آج لوک سبھا میں بتایا کہ پہلگام کے وادی بیسرن میں 26 شہریوں کو قتل کرنے والے تینوں دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ صرف بدلہ نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف ہمارا پختہ عزم ہے۔‘‘ امت شاہ نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس اطلاعات کے بعد کارروائی کی منظوری دی گئی تھی اور فوج کو مکمل آزادی دی گئی تھی۔


29 Jul 2025, 12:43 PM

فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر دئے: امت شاہ

امت شاہ نے کہا کہ ’’ہماری افواج نے غیرمعمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے کیمپوں کو نیست و نابود کر دیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن محدود نہیں بلکہ مسلسل نگرانی اور کارروائی کی پالیسی کا حصہ ہے۔

29 Jul 2025, 12:46 PM

آج راہل، پرینکا اور وینوگوپال رکھیں گے اپنا مؤقف

کانگریس لیڈر راہل گاندھی آج شام 5 بجے لوک سبھا میں خطاب کریں گے۔ ان سے قبل پرینکا گاندھی دوپہر 1:30 پر اور کے سی وینوگوپال 2:30 پر بولیں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق راہل حکومت سے خفیہ ایجنسیوں کی ناکامی اور شہریوں کی حفاظت پر سخت سوال اٹھا سکتے ہیں۔


29 Jul 2025, 12:46 PM

راجیہ سبھا میں کانگریس کی مضبوط تیاری، فہرست جاری

آپریشن سندور پر راجیہ سبھا میں کانگریس کی جانب سے مکلخرگے، چدمبرم، اشوک پرساد سنگھ اور شکتی سنگھ گوہل بات رکھیں گے۔ کانگریس نے کہا ہے کہ وہ حکومت سے عسکری کارروائی کی تفصیلات اور سفارتی حکمت عملی پر وضاحت مانگے گی۔

29 Jul 2025, 12:46 PM

دوپہر 2 بجے راجیہ سبھا میں خطاب کریں راجناتھ سنگھ

وزیر دفاع راجناتھ سنگھ آج 2 بجے راجیہ سبھا میں آپریشن سندور پر بریفنگ دیں گے۔ گزشتہ روز انہوں نے لوک سبھا میں بتایا تھا کہ کارروائی مکمل طور پر نشانہ بنا کر کی گئی تھی اور یہ ہندوستان کی "زیرو ٹالرنس" پالیسی کا مظہر ہے۔


29 Jul 2025, 12:20 PM

پارلیمنٹ میں 'آپریشن سندور' کو لے کر آج بھی زوردار بحث جاری ہے۔ پیر کو لوک سبھا میں بحث کی شروعات وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے خطاب سے ہوئی تھی، جو رات ایک بجے تک چلی۔ آج صبح وزیر داخلہ امت شاہ نے ایوان کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ پہلگام کے وادی بیسرن میں 26 ہلاکتوں کے ذمے دار تینوں دہشت گردوں کو مار گرایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوج کو مکمل آزادی دی گئی تھی اور اس نے دشمن کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔ امت شاہ کے مطابق، ’’جن لوگوں نے ہمارے 26 لوگوں کو شہید کیا، ان تینوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔‘‘

راجناتھ سنگھ نے کل بتایا تھا کہ کس طرح ہندوستان نے ’آپریشن سندور‘ کے تحت پاکستان کے اندر موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر نشانہ لگا کر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی ’زیرو ٹالرنس‘ پالیسی کی علامت ہے۔

آج لوک سبھا میں راہل گاندھی شام 5 بجے، پرینکا گاندھی 1:30 پر اور کے سی وینوگوپال 2:30 پر خطاب کریں گے۔ وہیں ریاستی ایوان یعنی راجیہ سبھا میں کانگریس کی جانب سے خرگے، پی چدمبرم، اشوک پرساد اور شکتی سنگھ گوہل جیسے قائدین اپنی بات رکھیں گے۔

راجناتھ سنگھ آج دوپہر 2 بجے راجیہ سبھا میں بھی ’آپریشن سندور‘ پر خطاب کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔