’مودی حکومت اور بی سی سی آئی کو افغانستان سے سبق حاصل کرنا چاہیے‘، پرینکا چترویدی کا مرکز پر طنز
شیوسینا یو بی ٹی رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی نے کہا کہ ’’پاکستان حکومت بزدلوں کا گروپ ہے، جو بے قصور لوگوں کا خون بہاتا ہے اور سرحد پر مار کھا جاتا ہے۔ ان پر لعنت ہے۔‘‘

شیوسینا یو بی ٹی رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی نے مرکز کی مودی حکومت اور بی سی سی آئی کو افغانستان سے سبق حاصل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ پرینکا نے سوشل میڈیا پر شیئر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’کھیل کے اوپر ملک کو کس طرح سے ترجیح دی جاتی ہے، یہ بی سی سی آئی اور حکومت کو افغانستان سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔‘‘
پرینکا چترویدی نے ’ایکس‘ پر جاری کردہ پوسٹ میں نہ صرف پاکستان حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، بلکہ ہندوستان کی مودی حکومت کو بھی کٹہرے میں کھڑا کرنے کی کوشش کی ہے۔ انھوں نے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’پاکستانی حکومت بزدلوں کا گروپ ہے، جو بے قصور لوگوں کا خون بہاتا ہے اور سرحد پر مار کھا جاتا ہے۔ ان پر لعنت ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتی ہیں کہ ’’یہ دیکھ کر اچھا لگا کہ افغانستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز نہیں کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاید بی سی سی آئی اور حکومت ہند کو بھی ان سے کچھ ٹپس لینے کی ضرورت ہے کہ کس طرح سے کھیل کے اوپر ملک کو رکھا جائے۔‘‘
واضح رہے کہ افغانستان کے سرحدی علاقہ پکتیکا میں پاکستان کے ذریعہ کیے گئے ایک ہوائی حملہ میں 3 افغان کرکٹرس سمیت 8 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ اس تعلق سے افغانستان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ یہ کھلاڑی ارگون سے پکتیکا علاقہ کے شارانہ میں ایک دوستانہ میچ میں حصہ لینے گئے تھے۔ وہاں سے لوٹتے وقت پاکستان کے حملہ میں ان کی موت ہو گئی۔ افغانستان کرکٹ بورڈ نے تینوں کھلاڑیوں کے نام کبیر، صبغت اللہ اور ہارون بتائے ہیں۔ ساتھ ہی مطلع کیا کہ حملہ میں 5 دیگر لوگ بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ پاکستانی حملہ کے بعد اے سی بی افغانستان نے سہ رخی سیریز سے اپنا نام واپس لے لیا۔
بہرحال، پرینکا چترویدی کے بیان کو گزشتہ دنوں ایشیا کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے کرکٹ میچ پر طنز کی طرح دیکھا جا رہا ہے۔ دراصل پہلگام دہشت گردانہ حملہ اور آپریشن سندور کے بعد ہندوستان میں کئی سیاسی پارٹیوں اور مشہور ہستیوں نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی مخالفت کی تھی۔ حالانکہ مرکزی حکومت نے ایشیا کپ میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے کا فیصلہ کیا، اور بڑی بات یہ ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں 3 بار ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں مد مقابل ہوئیں، تینوں ہی بار ہندوستان کو جیت حاصل ہوئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔