اگر وزراء بات نہ سنیں تو پیاز کسان ان پر پیاز پھینکنا شروع کر دیں: راج ٹھاکرے

مہاراشٹر نو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر حکومت اور وزراء ان کی بات نہ سنیں تو ان پر پیاز پھینک کر اپنی تکلیف ان تک پہنچائیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اب ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر حکومت اور وزراء ان کی پریشانی نہ سمجھیں تو کسان ان پر پیاز پھینکنا شروع کر دیں۔ راج ٹھاکرے نے یہ بات مہاراشٹر میں پیاز پیداوار کے بڑے سنٹر ناسکضلع کے کلوان میں پیاز کسانوں کو خطاب کرتے ہوئے کہی۔

راج ٹھاکرے نے کہا کہ ’’اگر وزیر آپ کی بات نہیں سنتے ہیں یا آپ کا مطالبہ پورا نہیں کرتے ہیں تو ان پر پیاز پھینکو۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ ناسک ضلع کے ہی ایک کسان سے متعلق حال میں خوب شور رہا ہے۔ اس کسان کو اپنی پیداوار کی بے حد کم قیمت ملی تو اس نے مخالفت کے طور پر وہ پیسہ وزیر اعظم دفتر کو بھیج دیا تھا۔

ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے دو دن سے ناسک دورہ پر ہیں۔ ناسک میں ملک کا نصف پیاز پیداوار ہوتا ہے، لیکن یہاں کے کسان تھوک بازار میں فصل کی گرتی قیمت کی شکایت کرتے رہے ہیں۔ کچھ دن پہلے پیاز کسانوں کا ایک نمائندہ وفد وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملا تھا اور فی کوئنٹل 500 روپے کی مدد طلب کی تھی۔ کسانوں نے وزیر اعظم کو بتایا تھا کہ پیاز کی تھوک بازار میں قیمت 28 روپے فی کلوگرام سے کم ہو کر ایک روپے فی کلوگرام پہنچ گئی ہے۔ ایسی حالت میں ان کے لیے لاگت حاصل کرنا بھی ناممکن ہے اور قرض بڑھتا جا رہا ہے۔ نمائندہ وفد میں کسانوں کے علاوہ مقامی رکن پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی بھی شامل تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Dec 2018, 9:06 AM