مسعود اظہر نے فوجی کیمپ پر حملہ کروایا
جموں کے سنجوان فوجی کیمپ پر حملہ پاکستانی دہشت گرد مسعود اظہر نے کروایا تھا اور یہ مسعود اظہر وہی ہے جسے 18سال پہلے واجپئی حکومت قندھارخود چھوڑ کر آئی تھی۔
جموں کے سنجوان فوجی کیمپ پر ملی ٹینٹوں نے جو حملہ کیا تھا وہ اب ختم ہو گیا ہے اور یہ بات بھی واضح ہو گئی ہے کہ اس حملہ کا جو ماسٹر مائنڈ تھا وہ جیش محمد کا مسعود اظہر تھا۔ ذرائع کے مطابق اس حملہ میں پاکستانی حکومت کی بھی مدد شامل تھی اور فوج نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کو اس کے نتائج بھگتنے پڑیں گے۔
فوجی کیمپ پر جیش کا ہاتھ ہونے کی تصدیق خود وزیر دفاع نرملا سیتارمن نے کی۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ حملے میں جیش محمد کے مسعود اظہر کا ہاتھ تھا اور پاکستان نے بھی ملی ٹینٹوں کی مدد کی۔ واضح رہے کہ مسعود اظہر وہی دہشت گرد ہے جسے دسمبر 1999میں اس وقت کی واجپئی حکومت نے ہندوستانی ہوائی جہاز آئی سی814 کو اغوا کرنے کے بعد مسافروں کی محفوظ واپسی کے بدلے چھوڑا تھا۔ اظہر کے ساتھ دو اور دہشت گردوں کو چھوڑا تھا اور ان کو چھوڑنے کے لئے اس وقت کے وزیر خارجہ جسونت سنگھ خود جہاز میں ان کے ساتھ گئے تھے۔
نرملا سیتا رمن نے بتایا کہ ابتدائی جانچ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دہشت گرد کچھ روز قبل ہی جموں میں داخل ہوئے تھے۔اس پورے حملہ کی تمام معلومات این آئی اے کو سونپ دی گئ ہے اور اس کی ایک تفصیلی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔ وزیر دفاع نے واضح طور پر کہا کہ اس حملے کے لئے پاکستان کو قیمت چکانی پڑے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 13 Feb 2018, 7:28 AM