مہادیو بیٹنگ ایپ معاملہ: ای ڈی کی بڑی کارروائی، ملک بھر میں چھاپے، اربوں کے اثاثے منجمد

ای ڈی نے 16 اپریل 2025 کو ’مہادیو آن لائن بک ایپ‘ معاملے میں دہلی، ممبئی، اندور، أحمد آباد، چنڈی گڑھ، چنئی اور اڈیشہ میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلائی۔ اس دوران 3.29 کروڑ روپے نقد ضبط کیے۔

ای ڈی، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی رائے پور زونل ٹیم نے 16 اپریل 2025 کو ’مہادیو آن لائن بک ایپ‘ معاملے میں دہلی، ممبئی، اندور، احمد آباد، چنڈی گڑھ، چنئی اور اڈیشہ کے سنبل پور میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلائی۔ اس دوران 3.29 کروڑ روپے نقد ضبط کیے گئے، جب کہ 573 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کو منجمد کر دیا گیا۔ اس میں سیکیورٹیز، بانڈز اور ڈیمیٹ اکاؤنٹس شامل ہیں۔

ای ڈی کی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ’مہادیو آن لائن بک ایپ‘ ایک منظم بیٹنگ سنڈیکیٹ ہے۔ جو غیر قانونی ویب سائٹس کے ذریعہ صارفین کو جوڑنے، نئے آئی ڈی بنانے اور آن لائن سٹے بازی (بیٹنگ) کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ اس سے ہونے والی کمائی کو بے نام بینک اکاؤنٹس کے ذریعہ چھپایا گیا۔ تحقیقات میں اس بات کا بھی خلاصہ ہوا ہے کہ اس کمائی کا ایک حصہ بیرون ملک بھیجا گیا اور ہندوستان کے شیئر بازار میں غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (ایف آئی آئی) کے نام پر سرمایہ کاری کی گئی۔ یہ ایف آئی آئی بنیادی طور پر ماریشس اور دبئی جیسے ’ٹیکس ہیون‘ ممالک میں واقع تھے۔ ان سرمایہ کاریوں کا استعمال ایس ایم ای سیکٹر کی کچھ کمپنیوں کے شیئر پرائز کو مصنوعی طور پر بڑھانے کے لیے کیا گیا، جس سے سرمایہ کاروں کو کافی نقصان پہنچا۔ ای ڈی نے ان مشتبہ سرمایہ کاریوں کی نشاندہی کر انہیں منجمد کر دیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ ای ڈی نے اس معاملے میں 170 سے زائد مقامات کی تلاشی لی ہے۔ کل 3002.47 کروڑ روپے اثاثے منسلک، ضبط یا منجمد کی جا چکی ہیں۔ اس معاملے میں اب تک 13 گرفتاریاں کی گئی ہیں اور 74 کمپنیوں یا اداروں کو ملزم بنایا گیا ہے۔ اب تک اس معاملے میں 5 چارج شیٹ داخل کی جا چکی ہیں۔ تحقیقات ابھی بھی جاری ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق آنے والے دنوں میں اس گھوٹالے سے متعلق مزید بڑے انکشافات ہو سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔