کسانوں کی خودکشی میں ایم پی کا تیسرا نمبر: کمل ناتھ

مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر کمل ناتھ نے کہا کہ امت شاہ جس شیوراج حکومت کو کسانوں کی حکومت قرار دے رہے ہیں ان کے دور میں کسانوں کی خودکشی کے معاملہ میں مدھیہ پریش تیسرے نمبر پر ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی کے صدر امت شاہ کی طرف سے حال ہی میں مدھیہ پردیش کانگریس کے نئے مقرر کئے گئے صدر کو صنعتی گھرانوں کا حامی قرار دئیے جانے پر کمل ناتھ نے جوابی حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت شاہ جس شیوراج حکومت کو کسانوں کا حامی قرار دے رہے ہیں ان کے راج میں کسانوں کی خود کشی کے معاملہ میں مدھیہ پردیش ملک بھر میں تیسرے مقام پر ہے اور اسی حکومت نے گزشتہ جون میں گولیاں چلوا کر 6 کسانوں کی جان لے لی تھی۔

کمل ناتھ نے الزام عائد کیا کہ کسانوں کو بے عزت کرنا شیوراج حکومت کا معمول بن چکا ہے۔ کسانوں کو کپڑے اترواکر تھانے میں بند کر دیا جاتا ہے۔ ریاست کے سربراہ کا فرزند کھیتی کو خسارے کا سودہ قرار دیتا ہے اور کسانوں کو کھیتی چھوڑ دینے کی صلاح دیتا ہے۔

کمل ناتھ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’’مدھیہ پردیش کسانوں کی خود کشی کے معاملہ میں ملک بھر میں تیسرے مقام پر ہے۔ یہاں کسان حق مانگنے کے لئے سڑکوں پر آتے ہیں تو بدلے میں ان کے سینے میں گولیاں داغ دی جاتی ہیں۔ مندسور کا واقعہ اس کا ترجمان ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا ’’قرض کے بوجھ تلے دبا کسان خود کشی کر رہا ہے اور امت شاہ ریاستی حکومت اور وزیر اعلیٰ کو کسانوں کا حامی قرار دے رہے ہیں، یہ کسانوں کے ساتھ بیہودہ مذاق ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */