اہم خبریں: لکھوی-اظہر کے خلاف کارروائی دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش!

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

08 Jan 2021, 11:19 PM

لکھوی-اظہر کے خلاف کارروائی دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش: ہندوستان

نئی دہلی: ہندوستان نے پاکستان میں ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے ماسٹر مائنڈ ذکی الرحمٰن لکھوی اور مسعود اظہر کیخلاف کارروائی کی خبروں کو آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اس بات کو یقینی بنائے کہ پاکستان دہشت گردی کے ڈھانچے کو ختم کرنے کیلئے قابل اعتماد اقدامات کرے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ شریواستو نے یہاں پریس کانفرس کے دوران بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان نے ان اقدامات اٹھانے کا جو وقت منتخب کیا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ فروری میں فنانشل ایکشن ورکنگ گروپ (ایف اے ٹی ایف) اورمنی لانڈرنگ سے متعلق ایشیا پیسیفک جوائنٹ گروپ (اے پی جے جی) کا اجلاس میں اپنے آپ کو کارروائی سے بچانے کے لئے ایک نمائشی قدم ہے۔ سریواستو نے کہا کہ یہ بات بہت عام ہے کہ پاکستان اہم میٹنگوں سے پہلے ایسے ہی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوششیں کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عالمی برادری پر منحصر کرتا ہے کہ وہ پاکستان کا احتساب کرے اور یقینی بنائے کہ وہ دہشت گرد گروپوں، دہشت گردی کے ڈھانچے اور دہشت گردوں کے خلاف ایماندارانہ اکرروائی کرے۔

08 Jan 2021, 10:21 PM

جو بائڈن کو اقتدار سونپے جانے کی تقریب میں شامل نہ ہونے کا ٹرمپ نے کیا اعلان

کیپٹل ہل میں ہوئے تشدد کے بعد امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے معافی ضرور مانگ لی ہے، لیکن وہ اس بات کو قبول نہیں کر پا رہے ہیں کہ وہ اقتدار سے بے دخل ہونے جا رہے ہیں۔ ان کی مایوسی اس بات سے ظاہر ہوتی ہے کہ جمعہ کے روز انھوں نے جو بائڈن کو صدر بنائے جانے کی تقریب میں شامل نہ ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ 20 جنوری کو صدر ٹرمپ اقتدار کی منتقلی بائڈن کو کرنے والے تھے اور انھوں نے کہا بھی تھا کہ وہ اچھے ماحول میں اقتدار کی منتقلی کریں گے۔ لیکن اب انھوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس تقریب میں ہی شامل نہیں ہوں گے جب بائڈن اپنی مدت کار کا افتتاح کریں گے۔

08 Jan 2021, 8:29 PM

یوم جمہوریہ تقریب میں پروگراموں کاانعقادنہیں ہوگا

جالندھر: عالمی وبا کووڈ-19 کورونا وائرس کے پیش نظر اس سال 72 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر 26 جنوری کو منعقدہونے والی تقریبات میں پی ٹی شو، ثقافتی پروگرام، پریڈ وغیرہ جیسی دیگر سرگرمیوں کا انعقادنہیں کیا جائے گا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جسبیرسنگھ نے جمعہ کو کہا کہ اس سال ضلع سطحی 72 ویں یوم جمہوریہ تقریب کووڈ-19 وبا کے پیش نظر محدود ہوگی اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا حکومت کی ہدایات کے مطابق اس مرتبہ اجلاس محدودہوگا اور تقریبات کو آسان اور عین مطابق رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس انعقادکے دوران کوئی عظیم اجتماع نہیں ہوگا۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ صحت اور حفاظتی پروٹوکال جس میں سماجی دوری، ماسک لگانا، ہاتھ صاف کرنا، احاطہ جراثیم سے پاک کرنا اعلیٰ ترجیحات ہیں۔ انہوں نے پولیس افسران کو یہ یقینی بنانے کے لئے ہدایت دی کہ ان کے حفاظتی عملے خصوصی طورسے فرسکنگ کاموں میں وائرس کے آگے پھیلاو سے بچنے کے لئے سبھی حفاظتی پروٹوکال کی پیروی کریں۔


08 Jan 2021, 6:10 PM

بدایوں واقعہ: تھانہ و حلقہ انچارج کے خلاف مقدمہ

بدایوں: اترپردیش کے ضلع بدایوں کے اگھوتی علاقے میں مندر گئی 50 سالہ خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری وقتل کے معاملے میں اگھوتی تھانے کے اسی واقعہ کے پاداش میں معطل تھانہ انچارج اور حلقہ انچارج پر لاپرواہی برتنے اور افسران کو حادثے کہ اطلاع فراہم کرنے میں تاخیر کرنے کے پاداش میں دفعہ 166 اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بدایوں کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنکلپ شرما نے آج یہاں بتایا کہ اگھوتی تھانے کے معطل تھانہ انچارج راگھویندر سنگھ اور حلقہ انچارج امرجیت سنگھ نے 17 گھنٹے گزر جانے کے بعد افسران کو حادثے کی اطلاع دی۔ سابق تھانہ انچارج اور داروغہ کے خلاف دفعہ 166 اے (خاتون کے خلاف جرائم پر لاپرواہی) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ تھانہ انچارج راگھویندر سنگھ کو پہلے ہی معطل کیا جا چکا ہے۔

08 Jan 2021, 5:04 PM

ہندوستان میں کورونا کے ’نئے اسٹرین‘ کا پھیلاؤ بڑھا، اب تک 82 افراد متاثر

نئی دہلی: کورونا وائرس کووِڈ-19 کے برطانیہ میں پائے گئے ویریئنٹ (نئے اسٹرین) سے متاثرہ افراد کی تعداد ملک میں بڑھ کر اب 82 ہو گئی ہے۔ مرکزی صحت اور خاندانی فلاح و بہبود نے جمعہ کے روز اطلاع دی کہ انساکانگ کی 10 لیب میں سے چھ لیب میں کی گئی جینوم سکوینسِنگ سے ان تمام متاثرین کا پتہ چلا ہے۔ اِنساکانگ کی چار لیب این سی بی ایس، بنگلور، سی ڈی ایف ڈی حیدرآباد، آئی ایل ایس بھونیشور اور این سی سی ایس پونے میں ایک بھی سیمپل وائرس کے نئے ویریئنٹ سے متاثر نہیں پایا گیا ہے۔ وزارت نے بتایا کہ متعلقہ ریاست ان تمام متاثرین کو الگ الگ کمرے میں آئیسولیشن میں رکھ رہی ہیں۔ ان کے اقرباء کو بھی کوارنٹائن کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ برطانیہ سے ہندوستان آنے والوں اور اہل خانہ کی ٹریکنگ کی جا رہی ہے۔


08 Jan 2021, 3:46 PM

بدایوں عصمت دری اور قتل واقعہ کے ملزم کی عدالت میں پیشی

اتر پردیش کے بدایوں میں 50 سالہ خاتون کی اجتماعی عصمت دری اور قتل واقعہ کے اہم ملزم کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے پولس اسے لے کر عدالت پہنچ گئی ہے۔

08 Jan 2021, 3:03 PM

حیدرآباد کی بیٹی پر عمان میں ظلم و ستم، والدہ نے لگائی حکومت سے گہار

حیدرآباد کی ایک خاتون نے حکومت سے مدد کی گہار لگاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عمان میں شادی کرنے والی ان کی بیٹی کو واپس لایا جائے۔ خاتون نے کہا، ’’مجھے معلوم چلا ہے کہ میری بیٹی کا شوہر ذہنی مریض ہے اور وہ میری بیٹی پر ظلم و ستم کرتا ہے۔ اسے کھانا بھی نہیں دیا جا رہا۔ میں حکومت سے درخواست کرتی ہوں کہ میری بیٹی کو وطن واپس لایا جائے۔‘‘


08 Jan 2021, 1:40 PM

بدایوں ریپ اور قتل معاملہ، پرینکا گاندھی کا بی جے پی حکومت پر حملہ

بدایوں میں 50 سالہ خاتون کے عصمت دری اور قتل کے معاملہ میں پرینکا گاندھی نے فیس بک پوسٹ میں لکھا، ’’کیا اس رویہ سے ہم خواتین کی سلامتی کو یقینی بنا پائیں گے؟ خاتون کمیشن کی رکن عصمت دری کے لئے متاثرہ کو قصور وار ٹھہرا رہی ہیں۔ بدایوں کی انتظامیہ کو یہ فکر ہے کہ اس کیس کی سچائی اجاگر کرنے والی متاثرہ کی پوسٹ مارٹ رپورٹ لیک کیسے ہو گئی۔ یار رکھیئے کہ اس وقت ایک اور خوف ناک عصمت دری کے معاملہ میں مراد باد کی متاثرہ موت سے جنگ لڑ رہی ہے۔ خواتین اس نظام حکمرانی کو اور اس بدزبانی کو معاف نہیں کریں گی۔‘‘

08 Jan 2021, 11:11 AM

برازیل میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز

برازیلیا: برازیل میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) سے ہونے والی اموات کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے ، جبکہ اب تک تقریباََ 80 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

برازیل کی وزارت صحت نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ وزارت نے بتایا کہ ملک میں اس وبا کی وجہ سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1524 مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ اس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کی وجہ سے ہونے والی اموات کی تعداد 2،00،498 ہوگئی ہے۔

وہیں اس دوران 87843 کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے ، جس کے بعد اس وائرس سے متاثرہونے والوں کی تعداد7961,673 ہوگئی ہے۔ ملک میں اب تک 70 لاکھ سے زیادہ افراد اس وائرس سے نجات پا چکے ہیں۔


08 Jan 2021, 9:53 AM

ٹرمپ حامیوں کے حملے کے بعد کیپٹل ہل پولیس سربراہ کا استعفیٰ

کیپٹل ہل عمارت (پارلیمنٹ ہاؤس) میں ٹرمپ کے حامیوں کے حملے کے بعد کیپٹل ہل پولیس کے سربراہ اسٹیون سنڈ نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ سنڈ نے کیپٹل پولیس بورڈ کو ارسال کئے گئے مکتوب میں کہا ’’میں اپنا استعفیٰ داخل کر رہا ہوں، جو 16 جنوری 2021 یعنی اتوار سے موثرہو گا‘‘۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے بدھ کے روز کیپٹل ہل کی عمارت میں تشدد برپا کیا تھا، اس دوران 4 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

08 Jan 2021, 9:34 AM

کیپٹل ہل تشدد کے لئےجانسن نے ٹرمپ کی مذمت کی

لندن: برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے کیپٹل ہل میں رونما ہوئے پرتشدد واقعہ کے لئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مذمت کی اور کہا ہے کہ امریکی صدارتی عہدے کے انتخابات پرشک وشبہات پیدا کرنا اور حامیوں کو کیپٹل ہل میں پرتشدد واقعات کے لئے اکسانا مکمل طور پر غلط ہے اور میں ان کے اقدامات کی مذمت کرتا ہوں۔ واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان ہونے سے قبل کیپیٹل ہل عمارت (پارلیمنٹ ہاؤس) میں ٹرمپ کے حامیوں کی طرف سے برپا کئے گئے تشدد میں چار افراد کی موت ہوئی ہے ۔

جانسن نے جمعرات کے روز کیپیٹل ہل واقعے کی مذمت کی اور پرامن اور منظم طریقے سے اقتدار کی منتقلی کی اپیل کی ۔ انہوں نے مسٹر جو بائیڈن کے امریکہ کے صدر منتخب ہونے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے جمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔


08 Jan 2021, 7:43 AM

ٹرمپ نے جھوٹ بولا اور تشددکو ہوا دی: اوبامہ

امریکہ کے سابق صدر براک اوبامہ نے کہا ہےکہ صدر ڈولانڈ ٹرمپ نے تین نومبر کے انتخابی نتائج کے بارے میں مسلسل جھوٹ بولا ہے اور بدھ کو واشنگٹن میں دارالحکومت کی عمارت میں تشددکو اکسایا ہے۔

اوبامہ نے ایک بیان میں کہا ’’تاریخ میں اس تشدد کے واقعہ کو یاد کیا جائے گا، جسے موجودہ صدر کے ذریعہ اکسایا گیا، جو قانونی طریقے سے ہوئے انتخابات کے نتائج کے سلسلے میں بے بنیاد جھوٹ بول رہے ہیں۔ یہ ہمارے ملک کے لئے توہین آمیز اور شرم کی بات ہے۔ ریپبلیکن لیڈر اپنے حامیوں کو انتخابات کے بارے میں سچائی بتانے کو تیارنہیں ہیں، وہ یا تو سچائی کو نظرانداز کرتے رہیں یا پھر سچائی کو قبول کریں۔

قابل ذکر ہے کہ ٹرمپ کے حامیوں نے کیپیٹل عمارت پر حملہ کرکے املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔ یہ تشدد کا واقعہ ان کے ذریعہ وہائٹ ہاوس کے پاس ہزاروں حامیوں سے خطاب کئے جانے کے بعد ہوا۔ فی الحال پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو وہاں سے منتشر کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔