اہم خبریں: جوا کھیل رہیں 10 خواتین سمیت 29 لوگ حراست میں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

06 Aug 2020, 8:42 PM

جوا کھیل رہی 10 خواتین سمیت 29 لوگ حراست میں

راجکوٹ: گجرات میں راجکوٹ شہر کے چار مختلف مقامات سے جوا کھیل رہیں 10 خواتین سمیت 29 لوگوں کو حراست میں لیا اور ان سے سوا لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم برآمد کی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر چھاپے ماری کر کے گاندھی گرام علاقہ میں آج صبح گاندھی گرام شیری-11 کے ایک مکان میں جواکھیل رہیں تین خواتین سمیت سات لوگوں کو، جیوتکا نگر شیری-3 کے پاس ایک مکان سے چار خواتین سمیت پانچ لوگوں کو اور کواڈوا روڈ علاقہ میں جیواپر گاوں کے ونڈسر ولا کے نزدیک سے تین خواتین سمیت نو لوگوں کو جوا کھیلتے ہوئے پکڑا گیا۔ اسی طرح بھکتی نگر علاقہ میں جنگلیشور شیری-2 سے ایک مکان سے پانچ لوگوں کو اور راجکوٹ علاقہ میں تین لوگوں کو وشوکرما سوسائٹی شیری-18 کے نزدیک سے جوا کھیلتے ہوئے پکڑا گیا۔ اس دوران سبھی مقامات سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 38 ہزار 120 روپے نقد اور دیگر سامان ضبط کرلیا گیا ہے۔

06 Aug 2020, 7:55 PM

کورونا پر غلط اطلاع کے سلسلے میں ٹرمپ کا انتخابی ٹوئٹر اکاؤنٹ بند

سین فرانسیسکو: سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوئٹر نے عالمی وبا کورونا وائرس کے سلسلے میں غلط اطلاع پھیلانے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سرکاری انتخابی مہم کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔ ٹرمپ کے سرکاری انتخابی مہم کے اکاؤنٹ سے دراصل ایک ویڈیو پوسٹ کیا گیا تھا جس میں فاکس نیوز کے ساتھ انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ چھوٹے بچے کورونا سے تقریباً محفوظ ہیں۔

ٹوئٹر کے ترجمان نک پاکیلو نے ٹوئٹ کرکے کہا، کہ ’’سرکاری ٹیم ٹرمپ اکاؤنٹ کا بنیادی ٹوئٹ کووڈ-19 کے سلسلے میں ٹوئٹر پر غلط اطلاع کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے جسے ہٹٓانے کی ضرورت ہے۔‘‘ حالانکہ اس کے بعد انتخابی مہم کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اس ویڈیو کو ہٹا لیا گیا جس کے بعد اکاؤنٹ پہلے کی طرح شروع کردیا گیا۔ اس سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے اسی سے متعلق وجوہات کے پیش نظر ٹرمپ کے سرکاری پیج سے اسی طرح ویڈیو کو ہٹا دیا تھا۔

06 Aug 2020, 7:18 PM

سری لنکا میں عام انتخابات پُرامن طریقے سے اختتام پذیر

کولمبو: سری لنکا میں عام انتخابات بدھ کے روز پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوگئے۔ پولیس میڈیا کے ترجمان ایس ایس پی جلیا سینارتنے نے پولیس ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ چند معمولی واقعات کے سوا انتخابات پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ سخت حفاظتی انتظامات کے دوران گنتی کے مراکز میں بیلٹ بکسوں کو لے جایا جا رہا ہے اور اضافی سیکورٹی کے لئے اسپیشل ایکسیلیریٹ فورس (ایس ٹی ایف) کو تعینات کردیا گیا ہے۔ گنتی کے ہر 66 مراکز پر ایک ایس ایس پی سطح کا افسر تعینات کیا گیا ہے۔


06 Aug 2020, 6:15 PM

12 سالہ بچی کی عصمت دری، کانگریس کارکنوں کا ایمس کے باہر مظاہرہ

کانگریس پارٹی کے کارکنان نے قومی دارالحکومت دہلی میں خواتین کے تئیں بڑھ رہے جرائم کے خلاف دہلی حکومت خلاف ایمس کے باہر احتجاج کیا۔ عصمت دری کی شکار 12 سالہ بچی دہلی ایمس میں داخل ہے۔ وہیں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے متاثرہ افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کی ہے۔

06 Aug 2020, 5:11 PM

بھاگلپور میں بچہ سمیت دو لوگوں کی ڈوب کر موت

بھاگلپور: بہار کے بھاگلپور ضلع میں دو مختلف واقعات میں ایک بچہ سمیت دو لوگوں کی ڈوب کر موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ ضلع کے خریق تھانہ علاقہ کے بگڑی گاﺅں میں پوکھر (تلاب) میں ڈوبنے سے ایک بچے کی موت ہوگئی۔ متوفی کی شناخت بگڑی گاﺅں باشندہ گاڑھو یادو کے بیٹے سمتر کمار (08) کے طور پر ہوئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ضلع کے اسلام پور تھانہ علاقہ کے وینو با گاﺅں کے نزدیک سیلاب کے پانی میں ڈوب کر لکھن منڈل (62) کی موت ہوگئی۔ متوفی بدھ کی رات مویشی لیکر اپنے گھر لوٹ رہے تھے، تبھی راستے میں سیلاب کے پانی کے ڈوب جانے سے ان کی موت ہوگئی۔ بعد میں گاﺅں والوں کی مدد سے لاش کو پانی سے باہر نکال لیا گیا۔ پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے نوگچھیا سب ڈویژنل اسپتال بھیج دی ہیں۔


06 Aug 2020, 4:01 PM

سیف الدین سوز کے ساتھ قیدی جیسا سلوک، بی جے پی جمہوریت کو کچل رہی ہے... پرینکا گاندھی

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ "کانگریس رہنما سیف الدین سوز صاحب نے ہندوستانی جمہوریت کو مضبوط بنانے میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے ساتھ قیدی جیسا سلوک کرکے بی جے پی حکومت جمہوریت کو کچل رہی ہے۔ جموں وکشمیر میں ایک سال سے آمریت قائم ہے، میں حکومت کو یاد دلانا چاہتی ہوں کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے۔ "

06 Aug 2020, 3:33 PM

پاکستانی اسمگلروں کی معاونت کرنے پر بی ایس ایف کانسٹیبل برخاست

پنجاب: بی ایس ایف کے ایک کانسٹیبل کو پنجاب پولیس نے پاکستانی اسمگلروں کی مدد کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ بی ایس ایف نے اسے نوکری سے برخاست کردیا ہے، اس کی معلومات بی ایس ایف نے دی ہے۔


06 Aug 2020, 2:46 PM

بدایوں میں سڑک حادثہ، 3 کی موت

بدایوں: اترپردیش کے ضلع بدایوں کے بسولی علاقے میں آج صبح تیز رفتار پک اپ اور موٹر سائیکل کی آمنے سامنے سے ہوئی ٹکر میں باپ۔بیٹی سمیت تین افراد کی موت ہوگئی۔ پولیس نے تینوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سدھارتھ ورما نے یہاں بتایا کہ آج صبح بسولی کوتوالی علاقے کے رانیٹ چورہے کے نزدیک تیز رفتار ایک پک اپ نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں بائیک سوار اوگھیتی تھانہ علاقے کے گاؤں نربھیا سرور پور باشندہ شمشیر اور ان کی بیٹی فاطمہ اور ایک دیگر رشتہ دار علاءالدین عرف بھورے کی موقع پر ہی موت ہوگئی، پک اپ ڈرائیور فرار ہوگیا۔

06 Aug 2020, 1:56 PM

ریا چکرورتی کی ساتھی سیموئیل ای ڈی آفس پہنچے

ریا چکرورتی کے معاون سیموئیل مرانڈا سوشانت سنگھ راجپوت خودکشی معاملے کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ آفس پہنچ گئے ہیں۔ ای ڈی نے گزشتہ روز بھی ان سے پوچھ گچھ کی تھی۔


06 Aug 2020, 12:56 PM

ایک اور اداکار کی خودکشی! پنکھے سے لٹکی ملی لاش

اداکاری کی دنیا سے ایک اور بڑی خبر منظر عام پر آ رہی ہے۔ اداکار سمیرشرما کی موت ہو گئی ہے۔ ان کی لاش ممبئی کے ملاڈ واقع ان کے گھر کے پنکھے سے لٹکتی ہوئی برآمد ہوئی، پولیس نے خود کشی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ واضح رہے کہ سمیر شرما نے کئی ٹی وی سیریلس میں کام کیا تھا۔ وہ ’کہانی گھر گھر کی‘ میں بھی نظر آئے تھے۔

06 Aug 2020, 12:02 PM

چین میں نئے وائرس کا حملہ! اب تک 7 ہلاک، 60 افراد متاثر

چین میں کورونا وائرس کے بعد ایک نئے وائرس کا اثر پایا جا رہا ہے۔ اس نئے وائرس کے سبب اب تک 7 افراد کی موت واقع ہو چکی ہے جبکہ 60 افراد اس سے متاثر ہیں۔ یہ وائرس ایک کیڑے کے کاٹنے سے پھیل رہا ہے۔ گلوبل ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق مشرقی چین کے جیانگشو اور انہوئی صوبہ میں درجنوں افراد نئے وائرس کی وجہ سے بیمار پڑ گئے ہیں۔


06 Aug 2020, 9:34 AM

ممبئی میں شدید بارش کا سلسلہ جاری، ریڈ الرٹ جاری

ممبئی میں بارش اور تیز ہواؤں نے شدید روپ اختیار کر لیا ہے اور ہر طرف پانی نظر آتا ہے۔ بارش نے 46 سال کا ریکارڈ توڑ دیا، ہر علاقے میں پانی کی بھرمار ہے، سڑکیں سمندر بن گئی ہیں۔ سڑکوں پر اس قدر پانی کا سیلاب آیا ہوا ہے کہ گاڑیاں اس میں تیرنے لگی ہیں۔ موسلادھار بارش سے ٹریفک کی رفتار بند ہو گئی ہے۔ بارش کی وجہ سے متعدد عمارتوں کی چھتیں تک اڑ گئی ہیں۔

06 Aug 2020, 9:11 AM

مرمو کا استعفی منظور، منوج سنہا جموں و کشمیر کے نئے ایل جی مقرر

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) جی سی مرمو نے استعفی دے دیا ہے۔ صدر رام ناتھ کووند نے ان کا استعفی منظور بھی کر لیا ہے۔ اس کے بعد راشٹرپتی بھون کی جانب سے جمعرات کی صبح سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی رہنما منوج سنہا کو جموں و کشمیر کا نیا ایل جی مقرر کر دیا گیا ہے۔

مرمو نے ایسے وقت میں استعفی دیا ہے جبکہ جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کرنے کو ایک سال مکمل ہوا ہے۔ مرمو سے قبل جب جموں و کشمیر ایک مستقل ریاست تھی تو ستیہ پال ملک یہاں کے گورنر تھے، تاہم جب جموں و کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کر کے یو ٹی کا درجہ دیا تھا تو مرمو کو یہاں کا ایل جی بنایا گیا۔


06 Aug 2020, 8:56 AM

احمدآباد کے کورونا اسپتال میں آگ،8 مریضوں کی موت

احمد آباد کے ایک کورونا اسپتال میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے وہاں زیر علاج 8 مریضوں کی موت ہو گئی۔مرنے والے ان آٹھ مریضوں میں تین خواتین بھی ہیں۔یہ حادثہ نورنگ پورا کے شرے اسپتال میں ایک دھماکہ سے ہوا اورحادثہ کے بعد 40مریضو ں کو دوسرے اسپتالوں میں پہنچا دیا گیا ہے۔آگ آج صبح لگی ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔