اہم خبریں: نابالغ لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے معاملے میں چار افراد گرفتار

تصویرآئی اے این ایس
تصویرآئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

05 Dec 2020, 7:34 PM

نابالغ لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے معاملے میں چار افراد گرفتار

کلکتہ: کلکتہ سے متصل نیو ٹاؤن کے علاقے میں ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے الزام میں چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ہفتہ کے روز ایک پولیس افسر نے بتایا کہ بچی جمعہ کی رات اپنے دوست کے ساتھ چل رہی تھی کہ چار افراد نے مبینہ طور پر اس پر حملہ کیا اور زبردستی لڑکی کو دور دراز مقام پر لے جاکر زیادتی کی۔ پولس آفیسرنے بتایا کہ لڑکی کا دوست موقع سے فرار ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ وہاں سے گزرنے والی پولیس گشتی ٹیم نے بچی کی چیخ سن کر وہاں اس کی مدد کے لئے پہنچ گئی۔ ایک ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا تھا۔ پولس آفیسر نے بتایا کہ اس سے پوچھ گچھ کے بعد پولیس نے دیگر تینوں ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ بچی کا طبی معائنہ کیا گیا ہے۔ کیس کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

05 Dec 2020, 6:31 PM

روس میں کورونا انفیکشن کے ریکارڈ 28782 نئے معاملات

ماسکو: روس میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ۔ 19) انفیکشن کے ریکارڈ 28782 نئے معاملات سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2431731 ہوگئی ہے۔ اس سے پہلے تین دسمبر کو کورونا کے سب سے زیادہ 28145 نئے معاملے سامنے آئے تھے۔ اس دوران کووڈ۔19 کے 508 مریضوں کی موت ہوجانے سے اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 42684 ہوگئی۔ روس نے سنیچر کو ایک بیان جاری کرکے یہ اطلاع دی۔ بیان کے مطابق روس کے 85 علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے 28782 نئے معاملے درج کیے گئے جن میں سے 5867 لوگوں میں کورونا وائرس کی کوئی بھی علامت سامنے نہیں آئی ہے۔

05 Dec 2020, 5:30 PM

اشوک گہلوت نے شیوگنج نگر کانگریس دفتر کا کیا افتتاح

جےپور: راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت نے آج سروہی ضلع کے شیوگنج نگر میں کانگریس کے دفتر کا آج آن لائن افتتاح کیا۔ اس موقع پر اشوک گہلوت نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ آج شیو گنج بلاک (سروہی) کی طرف سے کانگریس کے دفتر کا افتتاح کرنے کا انہیں موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی سنیم لوڈھا نے اس وقت سبھی کو بلاکر جو پیغام دیا ہے، ہم چاہیں گے کہ وہ پیغام راجستھان کے کونے کونے میں جائے اور راجستھان میں زیادہ سے زیادہ جگہ کانگریس کے دفتر بنیں۔

اس موقع پر منعقد ورچوؤل پروگرام میں کانگریس جنرل سکریٹری اور راجستھان میں پارٹی انچارج اجے ماکن نے بھی حصہ لیا اور کہا کہ اسی طرح پوری ریاست میں کانگریس کے دفتر بننے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لئے پہلے اور آخری پڑاؤ کانگریس کا دفتر ہونا چاہیے۔ اس موقع پر کانگریس صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا، خود مختاری کے وزیرشانتی دھاری وال، رکن پارلیمنٹ نیرج ڈانگی، سروہی رکن اسمبلی سنیم لوڈھا، شیوگنج میونسیپل کارپوریشن صدر وجنگرام گھانچی اور کانگریس کے دیگر کئی سینئر رہنما اور عہدے دار اور کارکنان اس پروگرام سے جڑے۔


05 Dec 2020, 4:40 PM

بنگلہ دیش میں دو سڑک حادثات، 13 افراد جاں بحق

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے مانک گنج اور تنگائل اضلاع میں دو الگ الگ سڑک حادثات میں 13 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پہلا حادثہ مانک گنج میں پیش آیا جہاں ایک ہی خاندان کے چھ افراد سمیت سات ہلاک ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ جمعہ کے روز دولت پور ملاکانڈی پر ایک بس نے آٹو رکشہ کو ٹکر ماردی۔ اس حادثے میں سات افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ آٹو رکشہ میں سوار افراد مانک گنج جارہے تھے۔ یہ واقعہ سہ پہر کے لگ بھگ 2:45 پر پیش آیا۔ پولیس نے بس کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے، حالانکہ بس ڈرائیور اور اس کا معاون ابھی تک مفرور ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ہری کرشنا بڈوکر(60)، خوشی بڈوکر(50)، گوبند بڈوکر (30)، ببتا بڈوکر (26)، رادھے بڈوکر (5)، رام پرساد بڈوکر (30) اور آٹو رکشہ ڈرائیور جمال شیخ (32) کی شکل میں ہوئی ہے۔ دوسراحادثہ تنگائل مرزاپور میں ڈھاکہ-تنگائل شاہراہ پر پیش آیا۔ اس میں چھ افرادجاں بحق اور دس دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مرزاپور کرنی پر سڑک کے کنارے کھڑی شیبہ کلاسک ٹرانسپورٹ کی ڈھاکہ جانے والی ایک بس کو تیز رفتار ٹرک نے پیچھے سے ٹکر مار دی۔

05 Dec 2020, 2:30 PM

کسان قتل سانحہ کا ڈیڑھ ماہ بعد انکشاف، دو ملزم گرفتار

پرتاپ گڑھ: اترپردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع کے تھانہ لال گنج کوتوالی پولیس نے کھیت کی رکھوالی کر رہے کسان کے قتل کے معاملے کا ڈیڑھ ماہ بعد انکشاف کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ مغربی دنیش چندر نے بتایا کہ بریستہ گاوں میں کھیت کی رکھوالی کر رہے شکیل کا گزشتہ 7/ اکتوبر کو قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس نے مقتول کے بھائی کی شکایت پر سوربھ گوڈ، رنکو عرف اجے، و شیلیش مشرا سمیت تین افراد کے خلاف قتل کا کیس درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے تحقیق کے دوران شواہد کی بنیاد پر نامزد ملزمان کا نام غلط پایا، جبکہ قتل میں گلزار و شعیب سمیت دو ملزم ملوث پائے گئے۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو بریستہ گاوں سے گرفتار کر باز پرس کیا تو انہوں نے بتایا کہ مقتول شکیل کے کھیت میں ان کے مویشی جانے و باغ سے آم توڑنے کے سبب ہم لوگوں کو مارا پیٹا تھا۔ مذکورہ معاملے کی رنجش کے سبب گزشتہ 7/ اکتوبر کو انہوں نے کھیت میں سو رہے شکیل کا کلہاڑی و چاقو سے مار کر قتل کر دیا اور موبائل وغیرہ اٹھا لے گئے۔ پولیس نے ملزمان کی نشان دہی پر آلہ قتل کلہاڑی و چاقو و مقتول کا موبائل وغیرہ برآمد کر لیے ہیں اور کیس درج کرکے دونوں کو جیل بھیج دیا۔


05 Dec 2020, 12:48 PM

ویکسین کا ٹرائل لینے والے ہریانہ کے وزیر انل وِج کورونا کے شکار

ہریانہ کے وزیر انل وج نے اعلان کیا ہے کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت پایا گیا ہے۔ انل وج نے کورونا کی وبا سے حفاظت کے لئے بھارت بایوٹیک کی طرف سے تیار کردہ ٹیکہ کوویکسین کے تیسرے مرحلہ کے ٹرائل کے دوران 20 نومبر کو امبالہ کے ایک سرکاری اسپتال میں خوراک لی تھی۔ بی جے پی کے 67 سالہ لیڈر انل و نے ٹیکہ لگوانے کے لئے خود رضاکارنہ طور پر پیش کیا تھا۔

05 Dec 2020, 12:46 PM

اے پی کے وشاکھاپٹنم میں سڑک حادثہ، 20مسافرین زخمی

حیدرآباد: اے پی کے وشاکھاپٹنم میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 20مسافرین زخمی ہوگئے۔یہ حادثہ ضلع کے مدھرواڑہ کے کار شیڈ جنکشن کے قریب اُس وقت پیش آیا جب پرائیویٹ ٹراویلس کی بس، لاری سے ٹکراگئی جس کے نتیجہ میں یہ بس الٹ گئی۔اس حادثہ میں بس کے 20مسافرین زخمی ہوگئے جن کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کیاگیا۔یہ بس سریکاکلم سے وشاکھاپٹنم جارہی تھی کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔


05 Dec 2020, 12:45 PM

کوئلہ کان میں کاربن مونو آکسائڈ کی سطح بڑھنے سے 18 انکنوں کی موت

بیجنگ: چین کے جنوب مغربی میگا سٹی چونگ کنگ میں کوئلے کی ایک کان میں کاربن مونو آکسائڈ کی سطح بڑھنے کے سبب کم از کم 18 کانکنوں کی موت ہوگئی۔ چائنا سینٹرل ٹیلی ویژن نے بتایا کہ ینگ چوان ضلع کی ایک کان میں جمعہ کی شام تقریباً 5 بجے یہ واقعہ پیش آیا۔ ایک شخص کو بچالیا گیا ہے۔ تلاش اور بچاؤ مہم جاری ہے۔

05 Dec 2020, 12:45 PM

آوارہ کتوں کے حملہ میں 200 بکرے ہلاک

حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع کاماریڈی میں آوارہ کتوں کے حملہ میں 200 بکرے ہلاک ہوگئے۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ضلع کے ماچاریڈی منڈل کے بنڈارامہیشورپلی دیہات میں آوارہ کتوں کی بڑی تعداد نے ان بکروں کے مندے پر حملہ کردیا۔ان بکروں کی مالیت 8لاکھ روپئے بتائی جاتی ہے۔اس علاقہ کے رہنے والوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ان کے بکروں کو کتوں سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کریں۔


05 Dec 2020, 11:09 AM

حیدرآباد کے عوام نے خاندانی اور رشوت خوری کی سیاست کو مسترد کر دیا، بی جے پی

حیدرآباد: بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے کہا ہے کہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے نتائج خاندانی اوررشوت خوری کی سیاست کو مسترد کرنے کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے ٹوئیٹر پر اپنے ٹوئیٹ میں کہا ”جی ایچ ایم سی کے نتائج خاندانی،رشوت خوری اور خوشامد کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں،میں ریاستی صدرت بنڈی سنجے اور سخت محنت کرنے والے بی جے پی کے کارکنوں کو اس کامیابی کے لئے جذبہ کے ساتھ کی گئی مساعی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔یقین اور بھروسہ کے لئے میں حیدرآباد کے شہریوں کا مشکور بھی ہوں“۔

نڈا نے کہا ”حیدرآباد کے جی ایچ ایم سی انتخابات میں بی جے پی کے لئے تاریخی نتائج رہے جنہوں نے یہ بتادیا ہے کہ ملک کے عوام صرف اورصرف ترقی کے ایجنڈہ کی ہی حمایت کرتے ہیں۔یہ نتائج عوام کی واضح طورپر وزیراعظم نریندر مودی کے ترقی اور حکمرانی کے ماڈل کو حمایت کا اظہار ہے“۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔