کسان تحریک: زرعی قوانین کے خلاف مظاہرہ کرنے والے تیجسوی سمیت 18 لیڈروں پر کیس درج

تیجسوی یادو / تصویر یو این آئی
تیجسوی یادو / تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

05 Dec 2020, 10:09 PM

بہار: زرعی قوانین کے خلاف مظاہرہ کرنے والے تیجسوی یادو سمیت 18 لیڈروں پر کیس درج

بہار کی راجدھانی پٹنہ میں آج زرعی قوانین کے خلاف مظاہرہ کرنے کو لے کر آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو اور 18 دیگر لوگوں کے ساتھ 500 نامعلوم لوگوں کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے۔ سبھی لیڈروں پر گاندھی میدان کے پاس بغیر اجازت مظاہرہ کرنے پر تعزیرات ہند کی دفعہ اور وبائی امراض ایکٹ کی کئی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

05 Dec 2020, 9:29 PM

کسانوں کے ساتھ میٹنگ ناکام ہونے کے بعد دہلی کے کئی بارڈر بند، مظاہرہ جاری

زرعی قوانین کے خلاف تحریک کر رہے کسانوں کے ساتھ حکومت کی آج پانچویں دور کی میٹنگ بے نتیجہ ثابت ہونے کے بعد دہلی کی تقریباً سبھی سرحدوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ سنگھو، ٹیکری، غازی پور، ایرودا سمیت اتر پردیش اور ہریانہ سے ملحق کئی سرحدوں کو پولس نے بند کر دیا ہے تاکہ مظاہرین کسان دہلی میں داخل نہ ہو پائیں۔

05 Dec 2020, 8:42 PM

میٹنگ کے بعد کسان لیڈر کا بیان ’ہمارا مطالبہ قانون واپسی کا ہے‘

کسان لیڈروں کی مرکزی وزراء کے ساتھ میٹنگ ختم ہو گئی ہے اور اس کے بعد کسان لیڈر حنان ملا کا بیان سامنے آیا ہے جنھوں نے کہا کہ ’’ہم میٹنگ کے شروع سے ہی مطالبہ کرتے آئے ہیں کہ زرعی قوانین کو واپس لیا جائے، ہم اس میں کسی طرح کی ترمیم نہیں چاہتے۔ بالآخر ہم لوگوں نے آئندہ میٹنگ 9 دسمبر کے لیے کہا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ حکومت قانون واپس لے گی۔‘‘


05 Dec 2020, 7:40 PM

کسانوں کے ساتھ حکومت کی میٹنگ پھر بے نتیجہ ختم، اب 9 دسمبر کو ہوگی ملاقات

کسان لیڈروں کے ساتھ مرکزی وزراء کی میٹنگ آج ایک بار پھر بے نتیجہ ختم ہو گئی ہے۔ میٹنگ کے آخر میں فیصلہ لیا گیا کہ آئندہ میٹنگ 9 دسمبر کو ہوگی جب کئی اہم نکات پر غور کیا جائے گا۔ کسان لیڈروں نے میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک ڈرافٹ تیار کر کے دے گی جس پر غور و خوض کے بعد ہی 9 دسمبر کی میٹنگ میں شرکت ہوگی۔ اس درمیان کسانوں نے احتجاجی مظاہرہ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

05 Dec 2020, 6:57 PM

میٹنگ کے دوران کسان لیڈروں نے ’مون ورَت‘ اختیار کیا، ’ہاں یا نہ‘ میں جواب دینے کا مطالبہ

آج کسان لیڈروں کے ساتھ مودی حکومت کے نمائندوں کی پانچویں دور کی بات چیت چل رہی ہے۔ لیکن اس میٹنگ کے دوران ناراض کسان لیڈروں نے ’مون ورَت‘ (خاموشی) اختیار کر لیا ہے اور پلے کارڈ ہاتھوں میں لے لیا ہے جس میں لکھا ہے ’یَس‘ یا ’نو‘۔ گویا کہ کسان لیڈران حکومت سے ’ہاں‘ یا ’نہ‘ میں جواب چاہتے ہیں کہ وہ زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ قبول کرتے ہیں یا نہیں۔


05 Dec 2020, 4:17 PM

نیت صاف رکھیں اور کسانوں کے من کی باتم مانیں: راگھو چڈھا

عام آدمی پارٹی کے لیڈر راگھو چڈھا نے کہا، ’’روزانہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ میٹنگ ہو رہی ہے، اتنے سادہ اور صاف مطالبات ہیں تو روز میٹنگ کرنے کا کیا مطلب ہے۔ جس طرح سے آپ روز میٹنگ کئے جا رہے ہیں اس سے آپ کی نیت پر سوال کھڑا ہوتا ہے۔ اپنی نیت کو صاف رکھیں اور ملک کے کسانوں کے من کی بات مانیں۔‘‘

05 Dec 2020, 4:15 PM

حکومت بتائے ہمارے مطالبات پر کیا فیصلہ لیا، کسان لیڈران

وگیان بھون میں جاری پانچویں دور کے مذاکرات کے دوران کسان نمائندگان نے کہا کہ وہ اس معاملہ کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب اور بات چیت نہیں چاہتے اور یہ جاننا چاہتے ہیں کہ کسانوں کے مطالبات پر حکومت نے کیا فیصلہ لیا ہے۔


05 Dec 2020, 3:29 PM

وگیان بھون میں حکومت اور کسانوں کے مابین مذاکرہ جاری

بات چیت کے لئے پہنچے تقریباً 40 کسان لیڈران کا حکومت کے ساتھ مذاکرہ شروع ہو گیا ہے۔ کسان جہاں زرعی قوانین کو ختم کرانے پر بضد ہیں وہیں حکومت کی کسانوں کے خدشات کو دور کرنا اور ترمیم کی گنجائش تلاشنا چاہتی ہے لیکن قوانین کو پوری طرح منسوخ کرنا نہیں چاہتی۔

05 Dec 2020, 2:13 PM

وگیان بھون پہنچا کسان لیڈران کا وفد، کچھ دیر میں شروع ہوگا مذاکرہ

کسان لیڈران کا وفد دہلی کے وگیان بھون پہنچ چکا ہے، جہاں کسانوں اور حکومت کے درمیان 5 ویں دور کی بات چیت ہونی ہے۔ مرکزی وزیر نریندر تومر اور ریلوے کے وزیر پیوش گوئل کسانوں سے بات چیت کے لئے پہنچے ہیں۔ کسانوں کا وفت 40 لیڈران پر مشتمل ہے۔


05 Dec 2020, 1:12 PM

کسان لیڈران حکومت سے بات چیت کے لئے سنگھو بارڈڑ سے وگیان بھون روانہ

05 Dec 2020, 1:11 PM

بہار: زرعی قوانین کے خلاف تیجسوی کی قیادت میں آر جے ڈی کا مظاہرہ

پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں آر جے ڈی نے مرکزی حکومت کے زرعی قوانین کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرہ کی قیادت کر رہے تیجسوی یادو نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت سیاہ زرعی قوانین کو واپس لے۔


05 Dec 2020, 1:08 PM

دہلی کے سنگھو بارڈر پر کسانوں کا احتجاج جاری، حکومت سے دوبجے ہوگی بات چیت

05 Dec 2020, 12:27 PM

کسانوں سے بات چیت سے قبل وزیر اعظم مودی کی امت شاہ اور راج ناتھ کے ساتھ میٹنگ

مرکز کے زرعی قوانین کے خلاف کسان دہلی بارڈر پر ڈٹے ہوئے ہیں اور آج حکومت کسان لیڈران سے اگلے دور کی بات چیت کرنے جا رہی ہے۔ بات چیت سے قبل وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی۔ میٹنگ میں مرکزی وزیر پیوش گوئل بھی موجود رہے۔

وزیر اعظم مودی کے ساتھ کسان تحریک کے حوالہ سے وزرا کی ہونے والی یہ میٹنگ صبح 11.40 پر ختم ہو گئی۔ یہ میٹنگ تقریباً 2 گھنٹہ تک جاری رہی۔ میٹنگ سے قبل وزیر زراعت نریندر تومر نے کہا کہ آج 2 بجے کسانوں سے میٹنگ ہوگی اور انہیں امید ہے کسان مثبت نظریہ سے سوچیں گے اور اس تحریک کو ترک کر دیں گے۔


05 Dec 2020, 10:02 AM

بہار کے کسان مصیبت میں ہیں اور اب پورے ملک کو کنویں میں دھکیل دیا گیا: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ، “بہار کا کسان ایم ایس پی-اے پی ایم سی کے بغیر مصیبت میں ہیں اور اب وزیر اعظم نے پورے ملک کو اسی کنویں میں دھکیل دیا ہے۔”

05 Dec 2020, 9:59 AM

اتر پردیش کے کسانوں نے کی تحریک کی حمایت


05 Dec 2020, 7:55 AM

کسان تحریک 10ویں دن بھی جاری، آج ہوگی پانچوے دور کی بات چیت

نئے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا احتجاج جاری ہے اور آج یہ10ویں دن میں داخل ہوگیاہے۔ آج کسان نمائندوں اور حکومت کے بیچ پانچوے دور کی بات چیت ہوگی۔حکومت کے رویہ میں جہاں کچھ نرمی دکھائی دے رہی ہے وہیں احتجاج کر رہےکسانوں کے روریہ میں ہر نئے دن کےساتھ شدت بڑھتی جا رہی ہےاوران کا غصہ بھی بڑھتا جارہا ہے۔کسان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اگر بات چیت ناکام رہی تو وہ ۸ دسمبر کوملک گیر بند کریں گےاور دہلی کی جانب آنے والی تمام سڑکیں بند کردیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */