اہم خبریں: تاپسی پنو نے شروع کی ’شاباش مٹھو‘ کی شوٹنگ

تاپسی پنو، تصویر آئی اے این ایس
تاپسی پنو، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

05 Apr 2021, 5:46 PM

تاپسی پنو نے شروع کی ’شاباش مٹھو‘ کی شوٹنگ

ممبئی: مشہور اداکارہ تاپسی پنو نے اپنی آنے والی فلم شاباش مٹھو کی شوٹنگ شروع کردی ہے۔ تاپسی نے فلم شاباش مٹھو کی شوٹنگ شروع کردی ہے۔ یہ فلم ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی میتالی راج کی بایو پک ہے۔ تاپسی اس فلم میں میتالی راج کا رول ادا کرتی نظر آئیں گی۔ تاپسی نے شوٹ کے پہلے دن پر اپنے لک کی تصویر سوشل میڈیا پر فوٹو شیئر کرکے اس بات کی معلومات دی ہے۔ اس کینڈڈ فوٹو میں تاپسی ہاتھ میں بیٹ پکڑے اور ہیلمیٹ لگائے نظر آرہی ہیں۔ تاپسی نے فوٹو شیئر کرتے ہوئے لکھا،’’چلئے چلتے ہیں ڈے 1 شاباش مٹھو‘‘ ۔ تاپسی فلم میں اپنے رول کے لئے سخت محنت کر رہی ہیں۔

05 Apr 2021, 4:46 PM

ایک جوڑے نے نامعلوم اسباب کے سبب کی خودکشی

اجین: مدھیہ پردیش کے اجین شہر کے چمن گنج تھانہ علاقہ میں آج ایک جوڑے نے اپنے گھر میں خودکشی کرلی۔ پولیس ذرائع کے مطابق شہر کی درگاکالونی میں رہنے والے ونود (28) اور اس کی بیوی شیوانی (25) نے نامعلوم اسباب کے سبب خودکشی کرلی۔ آج صبح دونوں کی لاشیں ان کے گھر سے برآمد ہوئیں۔ ان کی شادی ایک برس پہلے ہوئی تھی۔ متوفیوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ان کے رشتہ داروں کو سونپ دی گئیں۔

05 Apr 2021, 3:29 PM

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی کرپشن مقدمہ میں پیشی

تل ابیب: اسرائیل کے وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو آج یروشلم کی ایک عدالت میں پیش ہو رہے ہیں۔ ان پر رشوت اور فراڈ کے الزامات ہیں، جن سے وہ انکار کرتے رہے ہیں۔ آج عدالت میں ان کی پیشی ایک ایسے وقت ہو رہی ہے جب ملک کے صدر نئی حکومت کی تشکیل کے لیے مشاورت کر رہے ہیں۔ خیال رہے اسرائیل میں 23 مارچ کے انتخابات میں بنجامن نیتن یاہو کی لیکود پارٹی 120 نشستوں کی پارلیمنٹ میں 30 نشستیں جیت کر سب سے بڑی ج پارٹی بن کر ابھری ہے تاہم حکومت کی تشکیل کرنے کے لئے یہ تعداد ناکافی ہے۔ بنجامن نیتن یاہوکی کوشش ہے کہ وہ دیگر ہم خیال پارٹیوں کے ساتھ مل کر دوبارہ اپنی حکومت تشکیل کر لیں۔


05 Apr 2021, 2:29 PM

ڈی آر ڈی او نے اینٹی میزائل ٹیکنالوجی کی تیار

نئی دہلی: دفاعی تحقیق و ترقی کے ادارے (ڈی آر ڈی او) نے بحری جہازوں کو دشمن کے میزائل حملے سے بچانے کے لئے جدید دیسی ٹیکنالوجی تیار کی ہے۔ اعلی درجے کی ٹیکنالوجی کی مدد سے راکٹ کے تین طرح کے ورژن تیار کیے گئے ہیں جو کم دوری، درمیانی دوری اور لمبی دوری کے ہوں گے اور یہ بحریہ کی ضرورت کے مطابق تیار کیے گئے ہیں۔ اس کامیابی کو آتم نربھر بھارت کی سمت ایک اور بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ بحریہ نے حال ہی میں راکٹ کے تینوں ورژنوں کا بحیرہ عرب میں تجربہ کیا تھا اور اس کے نتائج تسلی بخش پائے گئے تھے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور ڈی آر ڈی او کے صدر ڈاکٹر جی ستیش ریڈی نے سائنسدانوں کی ٹیم کو اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

05 Apr 2021, 1:35 PM

118 سالہ خاتون نے لگوائی کورونا ویکسین

ساگر: مدھیہ پردیش کے ساگر ضلع کے کھملاسا ہیلتھ سینٹر میں 118 بزرگ خاتون نے کورونا ویکسین لگوائی ہے۔ ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے درمیان کورونا سے دفاع کے لئے ٹیکہ کاری مہم تیزی سے چلائی جا رہی ہے۔ اس مہم کے تحت ریاست کے ساگر ضلع کے کھم لاسا ہیلتھ سینٹر میں گاؤں صدر پور کی 118 سالہ تلسی بائی بنجارا نے کل کورونا کا ٹیکہ لگوایا۔ آدھار کارڈ میں ان کی تاریخ پیدائش یکم جنوری 1903 درج ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کورونا کا ٹیکہ لگوانے والی ملک کی سب سے معمر خاتون کے طور پر اپنا نام درج کرالیا ہے۔ ویکسین لگوانے کے بعد بزرگ خاتون نے بتایا کہ میں مکمل طور پر صحت مند ہوں۔ انہوں نے ضلع کے سبھی لوگوں سے اپیل کہ کہ وہ بھی اپنے نزدیک کے ہیلتھ سینٹر جاکر ویکسین لگوائیں۔


05 Apr 2021, 12:29 PM

چین، ٹرک - مسافر بس میں تصادم، 11 ہلاک، 19 زخمی

بیجنگ: چین میں ایک مسافر بردار بس سامنے سے آنے والے تیز رفتار ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین کے صوبہ جیانگسو میں شین یانگ اور ہیئکو کو ملانے والی مرکزی شاہراہ پر ایک مسافر بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک ٹکر میں 11 مسافر ہلاک اور 19 زخمی ہوئے۔ ریسکیو ٹیموں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ حادثہ کی وجہ کیا تھی۔ پولیس نے زخمی مسافروں کا بیان قلم بند کرنے کے بعد تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ ٹرک اور مسافر بس کی ٹکر سے مذکورہ شاہراہ پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک متاثر رہا۔

05 Apr 2021, 11:29 AM

پاکستان میں فائرنگ سے جج، اہلیہ، بیٹی اور کمسن نواسہ ہلاک

اسلام آباد: پاکستان میں پشاور موٹر وے پر ملزمان کی جانب سے کار پر فائرنگ سے انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج جسٹس آفتاب آفریدی ان کی اہلیہ، بیٹی اور شیرخوار بچے سمیت ہلاک ہوگئے۔ پاکستان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں تعینات جج جسٹس آفتاب آفریدی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سوات سے اسلام آباد جا رہے تھے۔ صوابی کے انبار انٹرچینج کے پاس دریائے سندھ پل کے قریب نامعلوم ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے سبب جسٹس آفتاب، ان کی اہلیہ بی بی زینب، بیٹی کرن اور اس کا 3 سالہ بیٹا محمد سنان شہید ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق فائرنگ میں ان کی گاڑی کا ڈرائیور اور گن مین شدید زخمی ہوگئے، تمام زخمیوں اور لاشوں کو باچہ خان میڈیکل اسپتال شاہ منصور منتقل کیا گیا بعد ازاں وہاں سے انہیں پشاور منتقل کر دیا گیا۔ فائرنگ کے فوری بعد آئی جی خیبر پختونوا ثنا اللہ عباسی سمیت دیگر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔


05 Apr 2021, 10:13 AM

بنگلہ دیش میں آج سے ایک ہفتہ کا لاک ڈاؤن

ڈھاکہ: جان لیوا اور مہلک ترین عالمی وبا کورونا وائرس کووڈ-19 کے کیسز میں اضافہ کے پیش نظر بنگلہ دیش میں آج سے ایک ہفتہ کا لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے کے باعث حکومت نے لاک ڈاؤن لگانے کا یہ فیصلہ کیا ہے۔ بنگلہ دیش میں اب تک کورونا وائرس سے 9155 ہلاکتیں جبکہ 6 لاکھ 24 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ فرانس میں تیسرے لاک ڈاؤن کی پابندیوں کا آغاز ہوگیا ہے اور پیرس کے علاقوں میں ہزاروں پولیس اہلکار تعینات کر دئیے گئے ہیں۔

05 Apr 2021, 8:06 AM

ایودھیا میں ہنومان گڑھی کے ناگا سادھو کا قتل

ایودھیا میں مشہور ہنومان گڑھی کے ناگا سادھو مہنت کنہیا داس کا سوتے وقت نامعلوم حملہ آوروں نے اینٹ سے کچل کر قتل کردیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ (شہر) وجئے پال سنگھ نے آج یہاں بتایا کہ ایودھیا کوتوالی رائے گنج علاقہ میں ہنومان گڑھی کے ناگا سادھو مہنت کنہیا داس کا ہفتہ کی دیرشام اینٹ سے کچل کر قتل کردیا گیا۔ واردات کے بعد ان کی لاش چرن پادوکا مندر کی گئوشالہ سے برآمد ہوئی ہے۔ وہ بسنتیاپٹی سے وابستہ گروچرن کے مہنت تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں ہنومان گڑھی کے ناگا سادھو جمع ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ چرن پادوکا آشرم کے مہنت کنہیا داس کو مارپیٹ کرکے چوٹ پہنچا کر کچھ لوگوں نے ان کا قتل کردیا ہے۔ اس سلسلے میں معاملہ درج کرا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی جانچ میں معلوم ہوا ہے کہ کنہیا داس کا زمین، مکان کے تعلق سے مقدمہ چل رہا تھا، جس کی آپس میں رنجش کے سبب واقعہ رونما ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک شخص کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ سادھو کے قتل کی سَنت دھرماچاریوں نے شدید مذمت کی ہے۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جلد ہی قاتلوں کا سراغ لگالیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔