اہم خبریں: حیدرآباد الیکشن میں بی جے پی کی بہترین کارکردگی سے امت شاہ ہوئے خوش، کیا ٹوئٹ

بی جے پی صدر امت شاہ کی فائل تصویر 
بی جے پی صدر امت شاہ کی فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

04 Dec 2020, 11:30 PM

حیدر آباد الیکشن میں بہترین کارکردگی پر امت شاہ نے بی جے پی کارکنان کو دی مبارکباد

جی ایچ ایم سی الیکشن میں بی جے پی کی بہترین کارکردگی کے بعد وزیر مملکت برائے داخلہ جی کشن ریڈی اور تلنگانہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے کمار مٹھائی تقسیم کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ بی جے پی کی کامیابی پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے اور اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’یہ پی ایم مودی کی قیادت والی بی جے پی پر تلنگانہ کی عوام کا بھروسہ ہے جو ڈیولپمنٹ کی سیاست کو پسند کر رہے ہیں۔‘‘ امت شاہ نے بی جے پی کارکنان کو اس کامیابی کے لیے مبارکباد بھی دی۔

04 Dec 2020, 10:03 PM

جی ایچ ایم سی الیکشن ریزلٹ: ٹی آر ایس نے کہا ’25-20 سیٹیں کم رہ گئیں‘

گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) الیکشن میں 55 سیٹ حاصل کر سب سے بڑی پارٹی بننے والی ٹی آر ایس اس کارکردگی سے خوش نہیں ہے، کیونکہ گزشتہ مرتبہ اس نے 99 سیٹیں حاصل کی تھیں۔ نتیجہ برآمد ہونے کے بعد تلنگانہ کے وزیر کے ٹی راما راؤ نے حیدر آباد کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے کہ ایک بار پھر ٹی آر ایس کو سب سے بڑی پارٹی بننے کا موقع دیا گیا، لیکن ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ یہ ریزلٹ ان کی امیدوں کے مطابق نہیں ہے کیونکہ 25-20 سیٹیں کم حاصل ہوئی ہیں۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ 12-10 ڈویژن ایسے رہے جہاں بہت کم فاصلہ سے ٹی آر ایس امیدواروں کی شکست ہوئی۔

04 Dec 2020, 9:31 PM

حیدرآباد انتخاب میں 48 سیٹ حاصل کرنے کے بعد بی جے پی کارکنان منا رہے جشن

تلنگانہ بی جے پی کارکنان نے جی ایچ ایم سی انتخاب میں پارٹی کی بہترین کارکردگی کے بعد آتش بازی کرنا شروع کر دیا ہے۔ حیدر آباد میں آتش بازی کرتے ہوئے بی جے پی کارکنان کے کئی ویڈیوز سامنے آ رہے ہیں۔ حالانکہ الیکشن میں 55 سیٹ حاصل کر ٹی آر ایس سرفہرست رہی، لیکن بی جے پی نے 48 سیٹوں کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا اور اویسی کی پارٹی اے آئی ایم آئی ایم 44 سیٹوں کے ساتھ تیسرے مقام پر رہی۔


04 Dec 2020, 8:33 PM

حیدرآباد الیکشن: بی جے پی نے اویسی کی پارٹی اے آئی ایم آئی ایم کو تیسرے نمبر پر دھکیلا

جی ایچ ایم سی الیکشن میں بی جے پی بھلے ہی ٹی آر ایس سے پیچھے رہ گئی، لیکن اس نے ریزلٹ سے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ جس بی جے پی کا حیدر آباد میں گزشتہ مرتبہ نام و نشان نہیں تھا، اس نے اویسی کی آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کو تیسرے نمبر پر دھکیل کر خود دوسرے نمبر پر قابض ہو گئی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق 149 سیٹوں میں سے ٹی آر ایس کو 55 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں جب کہ بی جے پی کو 48 اور اے آئی ایم آئی ایم کو 44 سیٹیں ملی ہیں۔ کانگریس محض 2 سیٹیں حاصل کر پائی ہے۔

04 Dec 2020, 8:11 PM

146 سیٹوں کا نتیجہ برآمد، آخر وقت میں بی جے پی نے پکڑی رفتار، 46 سیٹوں پر قابض

گریٹر حیدر آباد میونسپل کارپوریشن کے لیے ہو رہی ووٹ شماری کے آخری دور میں بی جے پی نے رفتار پکڑ لی ہے۔ 150 میں سے 146 سیٹوں کا نتیجہ برآمد ہو چکا ہے جس میں ٹی آر ایس نے 56 سیٹوں پر قبضہ کرنے کے ساتھ اول مقام ضرور بنا لیا ہے، لیکن بی جے پی نے بھی 46 سیٹیں حاصل کر لی ہیں۔ اب تک دوسرے مقام پر قابض اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین 42 سیٹوں پر جیت حاصل کر پائی ہے جس سے وہ تیسرے مقام پر پہنچ گئی ہے۔ کانگریس نے محض 2 سیٹوں پر فتحیابی حاصل کی ہے۔


04 Dec 2020, 6:59 PM

حیدرآباد انتخاب: ٹی آر ایس 53، مجلس 42، بی جے پی 35 سیٹوں پر فتحیاب

گریٹر حیدر آباد میونسپل کارپوریشن انتخاب میں بی جے پی کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔ ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور 150 سیٹوں میں سے اب تک 132 سیٹوں کا نتیجہ برآمد ہو چکا ہے۔ ٹی آر ایس اس وقت نمبر وَن پارٹی بن کر سامنے آئی ہے جسے 53 سیٹوں پر فتحیابی ملی ہے اور دوسرے مقام پر اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین ہے جسے 42 سیٹوں پر جیت مل چکی ہے۔ بی جے پی کو 35 سیٹوں پر جیت ملی ہے جب کہ کانگریس نے 2 سیٹیں حاصل کی ہیں۔

04 Dec 2020, 6:28 PM

ٹی-20 پہلا مقابلہ: ہندوستان نے آسٹریلیا کو 11 رنوں سے دی شکست

تین میچوں کے وَنڈے مقابلے میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 2-1 سے شکست کھانے کے بعد ٹی-20 میں ہندوستان نے بہترین شروعات کی ہے۔ تین ٹی-20 مقابلے کے پہلے میچ میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو 11 رنوں سے شکست دے دی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان نے 161 رن بنائے تھے اور دلچسپ مقابلے میں آسٹریلیا 150 رن بنانے میں کامیاب ہو سکی۔ ہندوستانی اسپن گیندباز یجویندر چہل کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جنھوں نے 4 اوور میں محض 25 رن دے کر 3 وکٹ لیے۔


04 Dec 2020, 4:39 PM

حیدرآباد انتخابات میں ٹی آر ایس اور اویسی کی پارٹی کا دبدبہ، بی جے پی کا تیسرا مقام

گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی اچ ایم سی) انتخابات میں بی جے پی بڑی ہار کی طرف گامزن نظر آ رہی۔ اب تک ہوئی ووٹوں کی گنتی میں صوبہ کی برسراقتدار جماعت ٹی آر ایس 70 سیٹوں پر سبقت کے ساتھ سب سے آگے چل رہی ہے، 42 سیٹیں لے کر اویسی کی مجلس اتحاد المسلمین دوسرے مقام پر ہے۔ جبکہ کچھ میڈیا خبروں میں لگاتار آگے بتائی جا رہی بی جے پی 36 سیٹوں پر سبقت کے ساتھ تیسرے مقام پر کھسک گئی ہے۔

04 Dec 2020, 2:11 PM

بھوپال میں کورونا جنگجوؤں پر لاٹھی چارج، راہل نے بتایا شرمناک

بھوپال میں مظاہرہ کر رہے طبی اہلکاروں پر لاٹھی چارج کے واقعہ کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے شرمناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’شرمناک! کورونا واریئرز پر اس طرح کی بے رحمی صرف اس لئے کیونکہ وہ اپنے حق کی نوکری کے لئے دھرنا دے رہے تھے۔ ظالم بی جے پی حکومت کی انتظامی طاقت کا گھناؤن کا مظاہرہ۔‘‘ راہل گاندھی نے ٹوئٹر کے ساتھ ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔

خیال رہے کہ مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں جمعرات کے روز مظاہرہ۹ کر رہے طبی اہلکاروں پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے حاملہ خواتین اہلکار کو بھی نہیں بخشا تھا۔ اس واقعہ میں کئی طبی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ ان طبی اہلکاروں کا مطالبہ تھا کہ کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کو کی مستقل تقرری کی جائے۔


04 Dec 2020, 12:50 PM

جی ایچ ایم سی انتخابات میں بی جے پی اور ٹی آر ایس میں سخت مقابلہ

جی ایچ ایم سی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی میں بی جے پی کی سبقت کمزور پڑ رہی ہے اور فی الحال وہ 64 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔ جبکہ ٹی آر ایس 47 سیٹوں پر سبقت بنائے ہوئے ہے۔ اگھر اسد الدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین 27 سیٹوں آگے چل رہی ہے اور ایک سیٹ پر جیت حاصل کر چکی ہے۔ کانگریس ایک سیٹ پر آگے چل رہی ہے۔

04 Dec 2020, 10:30 AM

امید ہے وزیر اعظم واضح کریں گے کہ ہر ہندوستانی کو کورونا ویکسین کب ملے گی: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’ہمیں امید ہے کہ آج کل جماعتی میٹنگ میں وزیر اعظم یہ واضح کریں گے کہ ہر ہندوستانی کو مفت کورونا ویکسین کب تک دی جائے گی۔‘‘

خیال رہے کہ وزیر اعظم اپنے سابقہ بیان میں یہ کہہ چکے ہیں کہ کورونا ویکسین سبھی کو دی جائے گی۔ جبکہ بی جے پی نے بہار انتخابات کے دوران وعدہ کیا تھا کہ اگر جیت حاصل ہوتی ہے تو بہار کے ہر باشندہ کو ویکسین دی جائے گی لیکن حال ہی میں حکومت کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے کورونا ویسکین مفت دینے کا وعدہ کبھی نہیں کیا۔

وزیر اعظم اور سرکاری بیان میں تضاد کے حوالہ سے کانگریس رہنما راہل گاندھی نے گزشتہ روز بھی وزیر اعظم پر نشانہ لگایا تھا اور ان سے پوچھ تھا کہ وزیر اعظم بتائیں کہ کورونا ویکسین پر ان کا رخ آخر کیا ہے؟


04 Dec 2020, 10:12 AM

جی ایچ ایم سی انتخابات میں بی جے پی 74، ٹی آر ایس 31 اور مجلس 13 سیٹوں پر آگے

جی ایچ ایم سی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ صبح 10 بجے تک بی جے پی 74 سیٹوں پر آگے ہے، جبکہ ٹی آر ایس نے 31 سیٹوں پر سبقت حاصل کی ہے۔ وہیں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین 13 سیٹوں پر آگے ہے اور ایک سیٹ جیت چکی ہے۔ کانگریس ایک سیٹ پر آگے چل رہی ہے۔

04 Dec 2020, 7:56 AM

حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے لئے ووٹوں کی گنتی شروع

آج سب کی نظریں گریٹر حیدرآبادمیونسپل کارپوریشن کے انتخابی نتائج پرلگی ہوئی ہیں۔یکم دسمبر کو 150 سیٹوں کے لئے ہوئی ووٹنگ کی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ واضح رہے ابھی تک حکمراں جماعت ٹی آر ایس کے پاس99 سیٹوں کے ساتھ اکثریت تھی اور اس کی اتحادی پارٹی اے آئی ایم ایم یعنی اویسی کی پارٹی کے پاس44 سیٹیں تھیں جبکہ بی جےپی کے پاس چار ،کانگریس کے پاس دو اور تیلگو دیشم کے پاس ایک سیٹ تھی۔ اس مرتبہ ان انتخابات میں بی جے پی نے پوری طاقت لگائی ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔