اہم خبریں: زرعی قوانین کے سبب کسانوں کی زمین خطرے میں... جینت چودھری

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

03 Mar 2021, 10:07 PM

زرعی قوانین سے کسانوں کی زمین خطرے میں: جینت چودھری

سہارنپور: راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کے نائب صدر جینت چودھری نے آج کہا کہ ان کے دادا چودھری چرن سنگھ نے کسانوں کو جو زمین کھیتی کے لیے دی تھی، وہ ان قوانین کی وجہ سے خطرے میں پڑ گئی ہے۔ پارٹی کی جانب سے نکوڈ میں بلائی گئی مہاپنچایت میں جینت چودھری نے بدھ کے روز مرکز کی مودی حکومت پر جم کر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چودھری چرن سنگھ نے کسانوں کو کھیتی کے لیے جو زمین سونپی تھی، وہ وزیراعظم نریندر مودی حکومت کی جانب سے بنائے گئے تین مرکزی کالے زرعی قوانین کے سبب خطرے میں پڑ گئی ہے۔ اسے کسان ہر گز قبول نہیں کریں گے۔

03 Mar 2021, 9:04 PM

ایک تاناشاہ نے سبی سی بی آئی اور ای ڈی جیسے اداروں کو تباہ کر دیا: تیجسوی یادو

تاپسی پنّو اور انوراگ کشیپ کی رہائش پر آئی ٹی چھاپہ کو لے کر آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ ’’بی جے پی سیاسی فائدہ کے لیے سی بی آئی ای ڈی، آئی ٹی ڈپارٹمنٹ جیسے اداروں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ ایک تاناشاہ ہے جو اپنے خلاف آواز نہیں سننا چاہتا۔ انھوں نے سبھی اداروں کو تباہ کر دیا۔‘‘

03 Mar 2021, 7:26 PM

’بھارت ماتا کی جے‘ بولنے سے آپ حب الوطن نہیں ہو جائیں گے: ادھو ٹھاکرے

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی پر ’بھارت ماتا کی جے‘ نعرہ کو لے کر طنز کیا ہے۔ ٹھاکرے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’سینا (شیوسینا) جنگ آزادی کا حصہ نہیں تھی، اور نہ ہی آپ کی تنظیم (آر ایس ایس)۔ صرف ’بھارت ماتا کی جے‘ کہنے سے آپ (بی جے پی) حب الوطن نہیں ہو جائیں گے۔‘‘


03 Mar 2021, 6:29 PM

دن بدن بدتر پردیش بن رہا ہے اتر پردیش... راہل گاندھی

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ہاتھرس واقعہ کے لئے بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے اقتدار میں اتر پردیش دن بدن بدتر ہوتا جارہا ہے۔ خراب ہو رہے امن و مان سے کوئی نہیں بچا ہے، یہ ہر برادری کے لئے ایک لعنت ہے۔

03 Mar 2021, 5:29 PM

کار میں لفٹ کے بہانے بینک منیجر کو لوٹ لینے والا گروہ گرفتار

حیدرآباد: کار میں لفٹ دینے کے بہانے بینک منیجر کو لوٹ لینے والے گروہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع کھمم میں پیش آیا تھا۔ رورل پولیس نے کہا کہ ایک پرائیویٹ بینک کے منیجر متیا بس کا انتظار کررہے تھے کہ کویتا اور کے آئنا نے ان کو لفٹ کی پیشکش کی۔ بعد ازاں انہوں نے کار کو راستہ میں ہی روکا اور چاقووں سے ان کو ڈرا دھمکا کر ان کی سونے کی انگوٹھی، سیل فون اور نقد رقم چھین لی۔ متیا نے پولیس سے اس بات کی شکایت کی جس کے بعد پولیس سرگرم ہوگئی اور ملزمین کو گرفتار کرلیا۔


03 Mar 2021, 4:29 PM

سر پھرے شخص نے بیوی اور دو بیٹیوں کا کیا قتل

بلند شہر: اترپردیش کے بلند شہر کے شکارپور قصبہ میں ایک پاگل شخص نے اپنی اہلیہ اور دو بیٹیوں کو ہتھوڑا سے مار کر قتل کردیا جبکہ ایک بیٹی شدید زخمی ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنتوش کمار نے بدھ کے روز بتایا کہ شکار پور قصبہ کے بار کھمبا روڈ امبیڈکر نگر کا باشندہ سعید اپنی بیوی کے کردار پر شک کرتا تھا جس کی وجہ سے اس جوڑے کے مابین ہمیشہ جھگڑا ہوتا رہتا تھا۔ گزشتہ رات ان دونوں کے درمیان اسی بات پر جھگڑا ہوا جس سے وہ مشتعل ہوگیا اور اس نے بیوی اور تینوں بیٹیوں پر لوہے کے ہتھوڑے سے حملہ کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے تینوں کو مردہ قرار دے دیا۔ تیسری بیٹی کی حالت تشویشناک ہے۔ ملزم سعید ’مینٹل‘ کے نام سے قصبے میں مشہور ہے جس کی تلاش کی جا رہی ہے۔

03 Mar 2021, 3:29 PM

یوپی میں ہر روز کوئی نہ کوئی خاندان انصاف کے لئے چیخ رہا ہے... پرینکا گاندھی

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ "ہاتھرس میں چھیڑ چھاڑ کے خلاف مقدمہ واپس نہ لینے والی لڑکی کے والد کا قتل کردیا گیا۔" بلندوشہر میں کئی دن سے لاپتہ بچی کی لاش ایک گھر میں دفن ملی۔ جرائم کو لے کر یوپی بی جے پی حکومت کے جھوٹے پروپیگنڈے کے برخلاف، ہر روز کچھ فیملی انصاف کے لئے چیخ رہی ہیں۔


03 Mar 2021, 2:13 PM

کرناٹک کے وزیر رمیش جارکیہولی مبینہ جنسی اسکینڈل کا شکار! عہدے سے مستعفی

کرناٹک کے وزیر رمیش جارکیہولی نے مبینہ جنسی اسکینڈل میں نام آنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفی سونپ دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے نام تحریر کردہ خط میں انہوں نے لکھا، ’’مجھ پر عائد الزمات حقیقت سے بہت دور ہیں۔ جب تک تفتیش کی جاتی ہے، میں اخلاقی بنیادوں پر استعفی پیش کر رہا ہوں۔‘‘

03 Mar 2021, 1:30 PM

راجوری میں فوجی جوان کی گولیوں سے چھلنی لاش بر آمد

جموں: جموں وکشمیر کے ضلع راجوری میں بدھ کی صبح ایک فوجی جوان کی گولیوں سے چھلنی لاش بر آمد کی گئی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راجوری کے گردان علاقے کے نزدیک ایک کیمپ میں بدھ کی صبح ایک فوجی جوان کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ فوجی جوان کے جسم پر گولیوں کے نشان موجود تھے اور اس بارے میں تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔ دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کیا ہے۔


03 Mar 2021, 1:06 PM

’دہلی کے عوام تنگ آ چکے، بی جے پی کا صفایا عنقریب’ منیش سسودیا

ایم سی ڈی کے ضمنی انتخابات میں 5 میں سے 4 سیٹوں حاصل کرنے کے بعد دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا ہے کہ دہلی کے عوام تنگ آ چکے ہیں اور اگلے انتخابات میں بی جے پی کا صفایا ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا، ’’دہلی کے عوام نے ہم پر اعتماد ظاہر کیا۔ وہ بی جے پی سے تنگ آ چکے ہیں اور 2022 کے ایم سی ڈی انتخابات میں بی جے پی کا صفایا ہو جائے گا۔‘‘

03 Mar 2021, 12:25 PM

’حکومت سے مختلف خیالات کا اظہار غداری نہیں‘ فاروق عبداللہ کے خلاف عرضی پر سماعت سے سپریم کورٹ کا انکار

جسٹس سنجے کشن کول کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ نے سابق جموں وکشمیر کے وزیر اعلی فاروق عبد اللہ کے خلاف ایک پی آٗئی ایل پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا۔ بنچ نے مشاہدہ کیا کہ ان خیالات کا اظہار جو حکومت کی رائے سے مختلف ہیں اسے ملک سے غداری قرار نہیں دیا جا سکتا۔


03 Mar 2021, 10:36 AM

دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات میں 4 وارڈوں پر عآپ، ایک پر کانگریس کی جیت

دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) انتخابات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہویے عام آدمی پارٹی (عآپ) نے 5 میں سے چار وارڈوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ ایک وارڈ میں کانگریس کو جیت حاصل ہوئی ہے۔ کانگریس کو شمال مشرقی علاقہ کے مسلم اکثریتی وارڈ چوہان بانگر سے جیت حاصل ہوئی ہے۔ یہاں پر چودھری زبیر نے بڑے فرق سے جیت حاصل کی ہے۔ چوہان بانگر وہی علاقہ ہے جو دہلی فسادات کے دوران سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا۔

03 Mar 2021, 9:32 AM

کورونا کے 14989 نئے کیسز، 13123 ڈسچارج، 98 اموات

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 14989 نئے مریضوں کی تشخیص کی گئی۔ اس اثنا میں 13123 مریض ڈسچارج ہو گیے جبکہ 98 افراد لقمہ اجل بن گیے۔

کورونا سے اب تک مجموعی طور پر 11139516 افراد متاثر ہویے ہیں، جن میں سے 10812044 افراد نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 157346 افراد کی جان چلی گئی۔ فی الحال ملک بھر میں کورونا کے 170126 معاملے فعال ہیں جبکہ 15620749 افراد کی ٹیکہ کاری مکمل ہو چکی ہے۔


03 Mar 2021, 9:20 AM

جمال خاشقجی قتل معاملہ، امریکہ میں شہزادہ محمد بن سلمان پر پابندی کا بل پیش!

امریکی قانون ساز الہان عمر نے منگل کے روز صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پر پابندی عائد کرنے کا بل پیش کیا۔ الہان عمر نے یہ بل ایک امریکہ کی خفیہ ایجنسی کی اس رپورٹ کی روشنی میں پیش کیا جس میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے مبینہ طور پر خاشقجی کے قتل کی منظوری دی تھی۔

03 Mar 2021, 8:12 AM

چین کاجون تک اپنی 40 فیصدآبادی کو ٹیکہ لگانے کا عزم

چین کی اکیڈمی آف انجینئرنگ کے ماہرین تعلیم اور نیشنل کلینیکل ریسرچ سنٹر فار ڈیزیز کے ڈائریکٹر ژونگ نانشان نے کہا کہ چین جون تک اپنی آبادی کا 40 فیصد سے زیادہ کو ٹیکہ لگانے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ بیجنگ یوتھ ڈیلی نے ژونگ کے حوالے سے نقل کیا ہے ، "مجھے چین کے مرکز اور کنٹرول سے متعلق مرکز سے پتہ چلا ہے کہ اس سال جون تک ملک میں کووڈ ۔19 کے خلاف 40 فیصد آبادی کو ٹیکہ لگانے کا منصوبہ ہے۔"

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں 3.56 فیصد آبادی کو ٹیکہ لگایا گیا ہے جبکہ چین کی آبادی 140 کروڑ ہے۔ اس سے قبل پیر کے روز، ژونگ نے طبی ماہرین کے ایک آن لائن فورم کے دوران کہا تھا کہ اس وقت ملک میں 60 مختلف کورونا وائرس سے بچاؤ کے ٹیکے تیار کیے جارہے ہیں۔ ان میں سے چھ ویکسین فیز تھری کے تجربات چل رہے ہیں۔


03 Mar 2021, 6:33 AM

دہلی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 8 مارچ سے

دہلی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 8 مارچ سے شروع ہوگا۔نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ بجٹ اجلاس 16 مارچ تک چلے گا۔مسٹر سسودیا نے ٹویٹ کیا،’’ دہلی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 8 مارچ سے شروع ہوگا۔ دہلی کابینہ نے یہ فیصلہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔