اہم خبریں: طاقتور زلزلہ سے دہل گیا ترکی اور گریس، زبردست نقصان کی خبریں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

30 Oct 2020, 7:18 PM

7 شدت کے زلزلہ سے دہل گیا ترکی اور گریس، زبردست نقصان کی خبریں

ترکی اور گریس میں زلزلہ کے تیز جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس سے کئی عمارتوں کے منہدم ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ یو ایس جیولوجیکل سرو (یو ایس جی ایس) کا کہنا ہے کہ مغربی ازمیر علاقہ کے ساحل سے تقریباً 17 کلو میٹر (11 میل) دور 7.0 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق فی الحال کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے لیکن ترکی کے ازمیر شہر کی جو تصویریں سامنے آ رہی ہیں، اس میں کئی عمارتیں منہدم نظر آ رہی ہیں۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ مالی طور پر اس زلزلہ سے کافی نقصان ہوا ہے۔

30 Oct 2020, 6:45 PM

اتر پردیش: شاہجہاں پور میں سات سالہ بچی کے ساتھ درندگی

شاہجہاں پور: اترپردیش میں شاہجہاں پور کے خدا گنج علاقہ میں ایک وحشی نوجوان نے معصوم کے ساتھ درندگی کی۔ پولس ذرائع نے جمعہ کو بتایا کہ راجپال پرجاپتی کی بیٹی اپنے گھر سے محض 500 میٹر کی دوری پر کھیت میں کسی کام سے گئی تھی، اسی دوران کھیت میں چھپے امت نامی نوجوان نے لڑکی کو گنا کھلانے کے بہانے بلایا اور منع کرنے پر جبراً کھیت میں کھینچ لیا۔ نوجوان نے سات سالہ لڑکی کے ساتھ زیادتی کرنے کی کوشش کی اورشور مچانے پر اس کے منھ میں گنا ٹھوس دیا اور اس کی شرمگاہ کو بھی گنے سے نقصان پہنچیا گیا۔ لڑکی کی چیخ و پکار سن کر پڑوس کے کھیت میں کام کر رہی اس کی بہن اور ماں پہنچ گئیں لیکن اس دوران ملزم گنے کے کھیت کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گیا۔

30 Oct 2020, 1:57 PM

چینی فوج کی دوبارہ تجاوزات کی خبروں پر ہندوستانی فوج کی تردید

نئی دہلی: ہندوستان کی فوج نے میڈیا کی ان رپورٹوں کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا کہ چینی فورسز نے مشرقی لداخ میں پیگونگ جھیل کے شمال میں فنگر ٹو اور تھری علاقے میں ایک بار پھر ہندوستانی سرحد پر تجاوزات کی ہیں۔ ہندوستانی فوج کے ایک سینئر افسر نے کہا ہے کہ میڈیا میں اس بارے میں آنے والی رپورٹ غلط ہے۔

قابل ذکر ہے کہ میڈیا میں جاری ایک رپورٹ میں لداخ سے تعلق رکھنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق رکن پارلیمنٹ تھپسان چھیوانگ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چینی فوج مشرقی لداخ میں پیگونگ جھیل کے شمال میں فنگر ٹو اور تھری کے علاقے میں پیش قدمی کرتے ہوئے ہندوستانی سرحد پرقبضہ کر چکی ہے۔


30 Oct 2020, 10:58 AM

عیدمیلادالنبی کے موقع پر صدر جمہوریہ ہند کا پیغام

نئی دہلی: صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے عیدمیلاد النبی کی ماقبل شام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ، ‘‘ میں پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم پیدائش پر منائے جانے والے عید میلاد یا میلاد النبی کے لئے تمام ہم وطنوں بالخصوص اپنے مسلم بھائیوں اور بہنوں کو پُرجوش مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ پیغمبر محمدؐ نے آپسی پیار اور بھائی چارے کا پیغام دیکر دنیا کو انسانیت کی راہ دکھائی۔ وہ مساوات اور میل جول پر مبنی سماج کی تعمیر کرناچا ہتے تھے۔ مقدس قرآن کریم میں مذکورہ پیغمبر محمدؐ کی تعلیمات کے مطابق آئیے ہم سب سماج کی خوشحالی اور ملک میں امن وسکون کے لئے کام کریں’’۔

30 Oct 2020, 10:34 AM

عید میلاد النبیؐ پر پرینکا گاندھی کی مبارک باد

پرینکا گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’آپ سبھی کو عید میلاد النبی کی دلی مبارک باد۔ آج کے دن سماج میں بھائی چارے، رحم دلی اور محبت کے پیغام کو اور مضبوط کریں۔‘‘


30 Oct 2020, 9:32 AM

عید میلاد النبیؐ کے موقع پر وزیر اعظم مودی نے پیش کی مبارک باد

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’میلاد النبی کے موقع پر پر نیک خواہشات۔ امید ہے کہ یہ دن ہر طرف ہمدردی اور بھائی چارے کو مزید فروغ دیگا۔ سب صحت مند اور خوش و خرم رہیں۔ عید مبارک۔‘‘

30 Oct 2020, 9:18 AM

عید میلاد النبیؐ کی دل سے مبارک باد، راہل گاندھی

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے محسن انسیانیت حضرت محمد ﷺ کی یومِ ولادت پر مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’عید میلاد النبی کے موقع پر دعا ہے کہ ہر کسی کو رحم دلی اور بھائے چارے کا درس ملے۔ میری دلی مبارک باد۔‘‘


30 Oct 2020, 9:15 AM

ملک بھر میں سات ہزار فوجی تعینات کئے جائیں گے: میکرون

پیرس: فرانس کے شہر نائس میں جمعرات کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد صدر امانوئل میکرون نے اعلان کیا کہ اب عام شہریوں کی حفاظت کو نظر میں رکھتے ہوئے ملک میں سات ہزار فوجی تعینات کئے جائیں گے۔

میکرون نے ٹوئٹ کیا ’’فرانس میں حملے ہو رہے ہیں۔ لہذا میں نے فیصلہ کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں ہمارے فوجی مزید چوکس رہیں گے اور آپریشن سینٹینل کے تحت ہم فوج کی تعداد تین ہزار سے بڑھا کر سات ہزار کر رہے ہیں‘‘۔

30 Oct 2020, 8:52 AM

عید میلا د النبی کے موقع پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی نیک خواہشات

پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی یوم ولادت عید میلاد النبی کے موقع پر ریاست کے لوگوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔

نتیش اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات انسانی سماج کی فلاح، ترقی اور خوشنودی کے لئے تھیں۔ ان کا پیغام محبت، تحمل، امن اور عالمی اخوت تھا۔ انہوں نے ریاست کے باشندوں سے آپسی محبت، خیر سگالی اور رواداری کے ساتھ عید میلاد النبی کو منانے کی اپیل کی۔

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ حالیہ کورونا وبا کے مد نظر ہر ایک فرد کا محتاط رہنا انتہائی ضروری ہے۔ کورونا وائرس کے انفیکشن سے بچاؤ کاسب سے اچھا طریقہ سوشل ڈسٹنسنگ ہے۔ آپ سب لوگ گھر کے اندر ہی عبادت کریں۔ آپ کے تعاون سے ہی اس وبا سے نمٹنے میں کامیابی ملے گی-


30 Oct 2020, 8:30 AM

بنیاد پرست اسلامی حملوں کو روکنا ضروری: ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانس میں چاقو سے ہونے والے حملے پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتہاپسند اسلامی دہشت گردانہ حملوں کو روکنا بہت ضروری ہے۔ روز ٹرمپ نے کہا، "ہماری تعزیت فرانس کے عوام کے ساتھ ہے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ اپنے سب سے پرانے ساتھی کے ساتھ کھڑا ہے۔ بنیاد پرست اسلامی دہشت گردانہ حملوں کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا۔ فرانس یا کوئی بھی ملک زیادہ دنوں تک ایسے حملوں کو برداشت نہیں کر سکتا۔‘‘ امریکی صدر کے علاوہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی فرانس میں حملہ کی سخت مذمت کی ہے۔

فرانس کے شہر نیس میں گزشتہ روز ایک چرچ میں حملہ آور کے چاقو کے حملے میں تین افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ گزشتہ دو ماہ میں فرانس میں ایسا تیسرا حملہ ہے۔ نوٹریڈم چرچ کے نزیدک حملہ کرنے والا شخص پولیس گرفتاری کے دوران زخمی ہوا اور اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

30 Oct 2020, 8:34 AM

فرانس میں دوسرے لاک ڈاؤن سے پہلے کورونا کے 47637 نئے کیسز

پیرس: فرانس میں دوسرے لاک ڈاؤن کے آغاز سے قبل جمعرات کی شام کو عالمی وباکورونا وائرس کے 24 گھنٹوں کے دوران 47،637 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

فرانس کو کورونا وائرس کی دوسری لہر کا سامنا ہے اور ان نئے کیسز کے رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 10.28 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 235 کورونا مریضوں کی ہلاکتوں سے مجموعی تعداد 36،020 ہوچکی ہے۔ اس وقت ملک کے مختلف اسپتالوں میں 21،183 کورونا مریض ہیں ، جن میں سے 3156 مریض آئی سی یو میں داخل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔