اہم خبریں: دہلی میں 3.5 ہزار سے زیادہ نئے کیسز، کیجریوال کا لاک ڈاؤن سے انکار

وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال
وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال
user

قومی آوازبیورو

02 Apr 2021, 6:38 PM

دہلی میں 3.5 ہزار سے زیادہ نئے کیسز، کیجریوال کا لاک ڈاؤن سے انکار

دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 3583 نئے معاملوں کی تشخیص کی گئی، تاہم وزیر اعلیٰ دہلی اروند کیجریوال نے قومی راجدھانی میں فی الحال لاک ڈاؤن کے نفاذ سے انکار کیا ہے۔ کیجریوال نے کہا، ’’دہلی میں گزشتہ کچھ دنوں سے کورونا کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ نئے کیسوں میں عروج کورونا کی چوتھی لہر ہے۔ ہم ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں، فکر مند ہونے کی کوئی بات نہیں ہے۔‘‘

02 Apr 2021, 5:41 PM

گڈ فرائڈے عیسی مسیح کی جدو جہد اور قربانی کی یاد دلاتا ہے: وزیراعظم مودی

وزیراعظم نریندر مودی نے عیسیٰ مسیح کو رحم اور مثالی اوتار بتایا ہے۔ مسٹر مودی نے گُڈ فرائڈے کے موقع پر ٹوئٹ کرکے کہا ’’گڈ فرائڈے ہمیں عیسیٰ مسیح کی جدو جہد اور قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ رحم کی مثال حضرت عیسیٰ ضرورت مندوں کی خدمت کرنے اور بیماروں کی مدد کرنے کے لئے وقف تھے‘‘۔

02 Apr 2021, 4:44 PM

بی جے پی کے لوگ غنڈے ہیں، ممتا بنرجی

وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی نے ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’آپ جانتے ہیں کہ میں کل نندی گرام کے بوتھ پر کیوں گئی تھی؟ وہ تمام غنڈے جو باہر سے آئے ہیں وہ بندوقوں کے ساتھ باہر جمع تھے۔ وہ سبھی کسی دوسری زبان میں باتیں کر رہے تھے۔ بی جے پی کے لوگ غنڈے ہیں۔‘‘


02 Apr 2021, 3:10 PM

ٹی ایم سی کا وفد الیکشن کمشنر سے ملاقی، ای وی ایم کی گڑبڑی اور بی جے پی کے تشدد کی شکایت

مغربی بنگال کے کولکاتا میں ٹی ایم سی کے ایک وفد نے الیکشن کمشنر سے ملاقات کی اور دوسرے مرحلہ کے انتخابات میں ہونے والی بےضابطگیوں سے انہیں آگاہ کیا۔ ٹی ایم سی کے لیڈر یشونت سنہا نے کہا، ’’ہم نے الیکشن کمشنر سے درخواست کی ہے کہ وہ ای وی ایم کے مسئلہ اور بی جے پی کارکنان کے تشدد پر نوٹس لیں۔ ان کے حربوں کے باوجود ممتا بنرجی نندی گرام سے جیت رہی ہیں اور ٹی ایم سی گزشتہ دونوں مرحلوں کی پولنگ میں فتح یاب ہوگی۔‘‘

02 Apr 2021, 1:30 PM

سچن تندولکر اسپتال میں داخل

نئی دہلی: سابق کرکٹر اور کورونا وائرس سے متاثر سچن تندولکر کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس بات کی اطلاع سچن تندولکر نے خود ہی دی ہے۔ انہوں نے جمعہ کے روز ٹوئٹ کرکے کہا کہ ’’ڈاکٹروں کے مشورے پر میں اسپتال میں داخل ہوگیا ہوں۔ میں جلد ہی صحت مند ہوکر اسپتال سے واپس آؤں گا۔ آپ سبھی لوگ میرے لئے دعا کر رہے ہیں، اس کے لئے میں آپ سبھی کا شکریہ ادا کرتا ہوں‘‘۔ واضح رہے کہ 47 سالہ سچن تندولکر 27 مارچ کو کووڈ۔ 19 سے متاثر پائے گئے تھے اور اس کے بعد انہوں نے خود کو ہوم کوارنٹائن کرلیا تھا۔


02 Apr 2021, 12:29 PM

امریکہ نے صومالیہ پر معاشی پابندیوں میں توسیع کی

واشنگٹن: امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے ایک حکم پر دستخط کرکے صومالیہ پر مزید ایک برس کے لئے معاشی پابندیوں میں توسیع کر دی ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں جو بائیڈن نے کہا ’’صومالیہ امریکہ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے لئے ایک غیر معمولی خطرہ ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے 12 اپریل 2010 کو قومی ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا اور 20 جولائی 2012 کو طریقوں کو اپنایا گیا۔ اسے 12 اپریل سے آگے بھی جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پچھلے ایگزیکٹو آرڈر میں آئندہ 12 مہینوں تک توسیع کررہے ہیں۔

02 Apr 2021, 11:45 AM

ہمدردی اور ہم آہنگی کا تہوار ہے گڈ فرائڈے... نائیڈو

نئی دہلی: نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے جمعہ کو کہا کہ گڈ فرائڈے ہمدردی، ہم آہنگی اور محبت کے جذبے کا تہوار ہے۔ نائیڈو نے عیسائی برادری کے مقدس تہوار گڈ فرائڈے کے موقع پر یہاں جاری ایک پیغام میں کہا کہ اس موقع پر سب لوگوں کو حضرت عیسیٰ کی زندگی سے ترغیب حاصل کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ’’آج گڈ فرائڈے پر انسانی کے تئیں حضرت عیسیٰ کے رحم، ان کی محبت اور اور انسانیت کی ترقی کے لئے ان کی قربانی کو عقیدت سے یاد کریں۔ سبھی کے تئیں رحم، باہمی محبت اور ہم آہنگی یہی حضرت عیسیٰ کی زندگی کا پیغام ہے‘‘۔


02 Apr 2021, 11:07 AM

وینزویلا میں بارودی سرنگ دھماکے میں دو فوجیوں کی موت

کاراکاس:وینزویلا میں قومی سرحد کے قریب کولمبیا کے عسکریت پسندوں کے خلاف مہم کے دوران بارودی سرنگ کے دھماکے میں دو فوجیوں کی موت ہوگئی ہے۔ وزیر دفاع ولادیمیر پیڈرینو نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا ’’ہمیں کافی افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ سینئر سارجنٹ آنڈرئیل استوریج سوجو اور جونیئر کانسٹیبل جیسس الیگزینڈر واسک پیریز کی موت کیرپورٹ موصول ہوئی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس مہم میں نو فوجی زخمی ہوئے ہیں اور انہیں اسپتال لے جایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ وینزویلا کی حکومت نے سرحدی علاقے سے عسکریت پسندوں کو نکالنے کے لئے 21 مارچ کو مغربی صوبے اپور میں آپریشن بولیورین شیلڈ 2021 کا آغاز کیا تھا۔

02 Apr 2021, 8:51 AM

پاکستان : بس حادثہ میں 10 افراد ہلاک،15زخمی

پاکستان کے شہر لاڑکانہ میں مسافر بس کے حادثے میں 10 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ لاڑکانہ میں بھینس کالونی کے قریب پیش آیا جہاں ایک مسافر بس الٹنے سے 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں 3 خواتین، 2 بچے اور 5 مرد شامل ہیں، لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں جب کہ اسپتال ذرائع کا کہنا ہےکہ بس حادثے کے 15 زخمیوں کو بھی اسپتال لایا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بھینس کالونی کے قریب ٹریکٹر کو بچاتے وقت بس الٹ گئی۔ حادثے اتنا دردناک تھا کہ بس کو کاٹ کر زخمیوں اور ہلاک ہونے والوں کا نکالا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔