اہم خبریں : ویب سیریز ’تانڈو‘ تنازعہ پر ’امیزون پرائم‘ نے مانگی معافی

امیزون، تصویر آئی اے این ایس
امیزون، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

02 Mar 2021, 10:06 PM

ویب سیریز ’تانڈو‘ تنازعہ پر ’امیزون پرائم‘ نے مانگی معافی

ویب سیریز ’تانڈو‘ کو لے کر برپا ہنگامہ کو دیکھتے ہوئے او ٹی ٹی پلیٹ فارم ’امیزون پرائم‘ نے معافی مانگ لی ہے۔ امیزون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ہم اپنے ناظرین کی متنوع عقیدوں کا احترام کرتے ہیں اور ان لوگوں سے بلاشرط معافی مانگتے ہیں جو ان مناظر سے متاثر ہوئے ہیں۔ ہماری کمپنی کی ٹیم مواد کے جائزے پر عمل کرتی ہے، جس کے بارے میں ہم اعتراف کرتے ہیں کہ ہمارے ناظرین کو بہتر خدمت دینے کے لیے لگاتار اَپ ڈیٹ رہنے کی ضرورت ہے۔‘‘

02 Mar 2021, 8:09 PM

اترپردیش کی راجدھانی لکھنئو میں دفعہ 144 نافذ

لکھنئو: اترپردیش کے دارالحکومت لکھنئو میں منگل کی صبح فوری اثر سے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ امن وامان قائم رکھنے کے لئے پانچ اپریل تک دفعہ 144 نافذ رکھنے کاحکم دیا گیا ہے۔ اس دوران کسی بھی طرح کے احتجاج ومظاہرے، تحریک اور ریلیوں پر پابندی رہے گی۔ جوائنٹ پولیس کمشنر نوین اروڑا نے اس تعلق سے لیٹرجاری کیا ہے۔

02 Mar 2021, 6:29 PM

اوریا میں نابالغ کے ساتھ عصمت دری کرنے والا گرفتار

اوریا: اترپردیش میں ضلع اوریا کے دبیاپور علاقے میں نابالغ لڑکی کے ساتھ عصمت دری کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرکے آج اسے پاسکو ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا۔ پولیس ذرائع نے منگل کو یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ دبیاپور علاقے کی رہنے والی ایک خاتون نے اتوار کو تھانے میں درج کرائی رپورٹ میں کہا تھا کہ گزشتہ رات اس کی 11 سالہ نابالغ بیٹی گھر میں سو رہی تھی، اسی دوران گاؤں کا ہی بھولے گھر میں گھس آیا اور اس کی بیٹی کے ساتھ عصمت کرنے لگا۔ شور و غل سن کر گھر کے لوگ جاگ گئے تو ملزم جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے بھاگ گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس نے مقدمہ درج کرکے آج ملزم بھولے کو گرفتار کرکے پاسکو ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا ہے۔


02 Mar 2021, 5:30 PM

3 مارچ سے آل انڈیا ایس بی آئی ہاکی ٹورنامنٹ

لکھنؤ: دس ڈویژنوں کی ٹیمیں اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں 3 مارچ سے شروع ہونے والے اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کی آل انڈیا انٹر ڈویژن ہاکی مقابلہ میں حصہ لیں گی۔ ایس بی آئی کے چیف جنرل منیجر اجے کمار کھنہ نے پیر کو یہاں بتایا کہ پدم شری محمد شاہد ہاکی اسٹیڈیم گومتی نگر میں منعقدہ ٹورنامنٹ میں بینک کی 10 ڈویژن کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور 3 سے 5 مارچ کے درمیان 12 لیگ میچ کھیلے جائیں گے۔ سیمی فائنل 6 مارچ کو کھیلا جائے گا اور فائنل میچ 7 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

02 Mar 2021, 4:30 PM

مختار عباس نقوی نے رام پور میں کورونا کا ٹیکہ لگوایا

نئی دہلی: اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے اترپردیش کے ضلع رام پور میں واقع ایک نجی اسپتال میں منگل کے روز کورونا ٹیکہ لگوایا، نقوی نے رام پور میں کے ڈی ڈالمیا آئی اسپتال میں کورونا کا ٹیکہ لگوایا اور اپنی جیب سے 250 روپیے ادا کیے، غورطلب ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اپنے وزراء اور رہنماؤں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنے اپنے حلقہ انتخاب میں کورونا کا ٹیکہ لگوائیں۔ اسی کے ساتھ ہی یہ بھی مشورہ دیا تھا کہ بہتر ہوگا کہ وہ ٹیکہ کی ادائیگی بھی خود ہی کریں۔ یہ مشورہ وزارت صحت کی جانب سے نجی اسپتالوں کو 250 روپیے فی خوراک کے حساب سے چارج لے کر ٹیکہ کاری کی اجازت دینے کے بعد دیا گیا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کے روز یہاں ایمس میں کووِڈ-19 ٹیکہ کی پہلی خوراک لی تھی اور ان سبھی لوگوں سے ٹیکہ لگوانے کی اپیل کی تھی جو ٹیکہ لگوانے کے مستحق ہیں۔


02 Mar 2021, 3:31 PM

پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کو لے کر یوتھ کانگریس کا مظاہرہ

دہلی میں یوتھ کانگریس کے کارکنان نے پٹرول، ڈیزل اور گیس کی بڑھتی قیمتوں کو لےکر وزارت پٹرولیم کے باہر احتجاج کیا۔ اس دوران پولیس نے متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔

02 Mar 2021, 2:29 PM

اے پی میں سڑک حادثہ، دہلی اور بنگلورو کے چار افراد ہلاک

حیدرآباد: اے پی کے ضلع اننت پور میں پیش آئے سڑک حادثہ میں چار افراد بشمول دو لڑکیاں ہلاک ہوگئیں۔ یہ حادثہ منگل کی صبح کی اولین ساعتوں میں ضلع کے پینوکونڈہ علاقہ میں اُس وقت پیش آیا جب ان کی تیز رفتار کار جس میں یہ تمام سوار تھے کو چلانے والے نے اس کا توازن کھو دیا اور یہ کار لاری سے ٹکرا گئی۔ مہلوکین کی شناخت 21 سالہ ریکھا، 21 سالہ آنچل سنگھ،31 سالہ محبوب عالم اور 38 سالہ متل کے طور پر کی گئی ہے۔ ان کا تعلق بنگلورو اور دہلی سے ہے۔ پولیس نے کہا کہ بنگلورو سے یہ کار حیدرآباد کی سمت تیز رفتاری کے ساتھ جارہی تھی۔ پولیس نے کار سے شراب کی بوتلیں برآمد کیں۔ پولیس، ڈرائیور کے خون کے نمونے جمع کرسکتی ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا حالت نشہ میں وہ کار چلا رہا تھا یا نہیں۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔


02 Mar 2021, 12:30 PM

تلنگانہ: نلہ ملہ جنگلات میں لگی آگ پر پایا قابو

حیدرآباد: تلنگانہ کے ناگرکرنول ضلع کے نلہ ملہ جنگلات میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا۔ کل رات اس جنگل میں اچانک آگ لگ گئی تھی تاہم محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے اس پر کافی جدوجہد کے بعد قابو پالیا۔ حیدرآباد۔سری سیلم شاہراہ پر آکٹوپس ویوپوائنٹ سے نیلارم تک یہ آگ کل شب تقریباً دس بجے دیکھی گئی تھی۔ تقریبا 12ہیکٹرس پر یہ آگ پھیل گئی تھی تاہم اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات اور فائربریگیڈ کے چوکس اہلکار وہاں پہنچے اور آگ بجھانے کی کوششوں کا آغاز کردیا۔ آگ کے کافی پھیلنے کی وجہ سے ان کو اسے بجھانے میں کافی مشکل صورتحال کا سامنا کرناپڑا۔ آگ کے ساتھ ساتھ کثیف دھواں بھی دیکھا گیا۔ رات ہونے کی وجہ سے بھی اس کام میں مسائل پیدا ہوئے تھے۔ دومل پیٹ رینج کے عہدیداروں نے بتایا کہ تقریباً ایک بجے شب آگ پر قابو پالیا گیا۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔

02 Mar 2021, 11:02 AM

شارجہ سے لکھنؤ آنے والی پرواز طبی ایمرجنسی کے باعث کراچی پہنچ گئی

متحدہ عرب امارات کے شارجہ سے لکھنؤ کی جانب روانہ ہونے والی انڈیگو کی پرواز کے طبی ایمرجنسی کے باعث کراچی کی سمت موڑے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ پرواز کے ایک مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی جس کراچی ایئر پورٹ پہنچنے پر ایئرپورٹ کے طبی عملہ نے مردہ قرار دے دیا۔


02 Mar 2021, 9:56 AM

پٹرول ڈیزل کی قیمتیں مسلسل تیسرے روز بھی مستحکم

بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل میں نرمی کی وجہ سے گھریلو مارکیٹ میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آج مسلسل تیسرے روز مستحکم رہیں۔ قومی دارالحکومت دہلی میں فی الحال پٹرول 91.17 روپے اور ڈیزل 81.47 روپے فی لیٹر ہے۔ ہفتے کے روز ان دونوں کی قیمتوں میں بالترتیب 24 پیسے اور 15 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا تھا ۔

آئل مارکیٹنگ کی سرکاری کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق آج ان دونوں ایندھنوں کی قیمتیں مستحکم ہیں۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل میں نرمی آئی ہے ۔ لندن برینٹ کروڈ 64 ڈالر فی بیرل سے نیچے آگیا ہے ۔ اسی ہفتے اوپیک پلس کے ممالک کی میٹنگ ہونے والی ہے جس میں تیل کی پیداوار بڑھانے پر بات چیت ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔

02 Mar 2021, 9:54 AM

کورونا کے 12286 نیے کیسز، 12464 ڈسچارج، 91 اموات

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 12286 نئے مریضوں کی تشخیص کی گئی۔ اس اثنا میں 12464 مریض ڈسچارج ہو گیے جبکہ 91 افراد لقمہ اجل بن گیے۔

کورونا سے اب تک مجموعی طور پر 11124527 افراد متاثر ہویے ہیں، جن میں سے 10798921 افراد نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 157248 افراد کی جان چلی گئی۔ فی الحال ملک بھر میں کورونا کے 168358 معاملے فعال ہیں جبکہ 14854136 افراد کی ٹیکہ کاری مکمل ہو چکی ہے۔


02 Mar 2021, 8:03 AM

کانپور میں زبردست سڑک حادثہ، 6 کی موت

اتر پردیش کے کانپور ضلع سےخبر آ ئی ہے کہ وہاں ایک زبردست سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ اس سڑک حادثہ میں 6 لوگوں کے مرنے کی خبر ہے اور متعدد زخمی بتائے جارہے ہیں۔ پولیس نےموقع پر پہنچ کر زخمیوں کواسپتال بھیج دیاہے جبکہ مرنے والوں کی میتوں کوپوسٹ مارٹم کےلئےبھیج دیا ہے۔

شروعاتی اطلاعات کےمطابق کانپوردیہات کی بھوگی نگر کوتوالی علاقہ میں یہ واقعہ پیش آیا۔بتایا جا رہا ہے کہ ہائی وےپر ایک تیز رفتار ٹرالی پلٹ گئی اور اس ٹرالی میں 22 افراد سوار تھے جو اس میں دب گئے ۔ 6 کی موت ہو گئی جبکہ 16افراد کوبڑی مشقت کےبعد نیچے سے نکالا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */