اہم خبریں: یو اے ای میں آئی پی ایل کے انعقاد کو حکومت ہند کی ہری جھنڈی

آئی پی ایل
آئی پی ایل
user

قومی آوازبیورو

02 Aug 2020, 9:30 PM

یو اے ای میں آئی پی ایل کے انعقاد کو حکومت ہند کی ہری جھنڈی

نئی دہلی: حکومت ہند نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے 13ویں سیشن کے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں 19 ستمبر سے منعقد کرنے کو ہری جھنڈی دے دی ہے۔ ٹورنامنٹ 19 ستمبر سے 10 نومبر تک ہوگا۔ آئی پی ایل کی گورننگ کونسل کی اتوار کو ہوئی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس مرتبہ آئی پی ایل کی ہر ٹیم میں 24 کھلاڑی ہوں گے۔ آئی پی ایل فائنل 10 نومبر کو کھیلا جائے گا اور شام کے میچ پہلے کے مقابلے آدھا گھنٹہ پہلے شروع ہوں گے۔

02 Aug 2020, 8:14 PM

مودی، کورونا وائرس پر وزرائے اعلیٰ سے جلد مذاکرہ کریں... گہلوت

جے پور: راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے وزیر اعظم نریندر مودی سے موجودہ صورتحال کے مد نظر کووِڈ۔19 وبا کے انتظام سے متعلق ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے وزرائے اعلیٰ سے جلد مذاکرہ کرنے کی گزارش کی ہے۔ اشوک گہلوت نے آج یہاں جاری بیان میں کہا کہ کووِڈ۔19 وبا سے ملک کی لڑائی فیصلہ کن دور میں پہنچ چکی ہے۔ تمام ریاستوں نے اپنی مکمل قوت و وسائل سے کووِڈ-19 وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوشش کی ہے۔ ساتھ ہی اس وبا سے پیدا شدہ معاشی کساد بازاری میں اپنا روزگار، ذرائع آمدنی کھو چکے عوام کی مالی امداد بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مشکل اور چیلنج بھرے وقت میں گزشتہ کچھ مہینوں میں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے معنیٰ خیز مذاکرہ کیا گیا جو قابل تعریف تھی۔ ایسے مذاکروں سے باہم معلومات بانٹنے، مختلف ریاستوں میں اختیار کی جانے والی بہتر پالیسی کی معلومات اور باہمی رابطہ کاری قائم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

02 Aug 2020, 6:47 PM

محبوبہ مفتی کو رہا کیا جائے... راہل گاندھی

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے پپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) لیڈر محبوبہ مفتی کی رہائی کی مانگ کی ہے راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ ہندوستانی جمہوریت کو تب زیادہ نقصان ہوا جب حکومت ہند نے غیرقانونی طریقہ سے سیاستدانوں کو حراست میں لیا۔ محبوبہ مفتی کو رہا کیا جائے اور اس کے لئے یہ صحیح وقت ہے۔ محبوبہ مفتی کی رہائی کی مانگ اس سے پہلے کانگریس کے لیڈر پی چدمبر م سمیت کئی لیڈر کرچکے ہیں۔ کانگریس نے جموں وکشمیر میں مختلف جماعتوں کے لیڈروں کو حراست میں لینے پر پہلے بھی سوالات اٹھائے تھے۔


02 Aug 2020, 5:58 PM

سڑک حادثے میں نوجوان کی موت، ایک زخمی

پٹنہ: بہار میں پٹنہ ضلع کے خسرو پور تھانہ علاقہ میں اتوار کو سڑک حادثے میں ایک نوجوان کی موت ہوگئی اور ایک دیگر زخمی ہوگیا۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار دو لوگ جا رہے تھے تبھی لاتیہار فور لین پر ٹرک نے موٹر سائیکل میں ٹکر مار دی۔ اس واقعہ میں موٹر سائیکل سوار ایک نوجوان کی موت ہوگئی اورایک دیگر شدید طور سے زخمی ہوگیا۔ واقعہ کے بعد ڈرائیور ٹرک لیکر فرار ہوگیا۔ ذرائع نے بتایاکہ متوفی کی شناخت منیر تھانہ علاقہ باشندہ آشیش عرف کلو (19) کے طور پر کی گئی ہے۔ واقعہ میں زخمی رتنیش کو پٹنہ میڈیکل کالج اسپتال ( پی ایم سی ایچ ) میں داخل کرایا گیا ہے۔ لاش پوسٹ مارٹم کے لئے نالندہ میڈیکل کالج اسپتال ( این ایم سی ایچ ) بھیج دی گئی ہے۔

02 Aug 2020, 5:30 PM

وزیر داخلہ امت شاہ کورونا پازیٹو، اسپتال میں داخل

وزیر داخلہ امت شاہ میں کورونا پازیٹو پایا گیا ہے۔ انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے خود ہی ٹوئٹ کرکے اس بارے میں معلومات دی ہیں۔ وزیر داخلہ نے ٹوئٹ کیا اور کہا، "مجھ میں کورونا کی ابتدائی علامات پائی جانے کے بعد ٹیسٹ کروایا اور اس کی رپورٹ مثبت آئی ہے، ویسے میری طبیعت ٹھیک ہے، لیکن ڈاکٹروں کے مشورے پر مجھے اسپتال میں داخل کرایا جارہا ہے۔ میری گزارش ہے کہ جو بھی پچھلے کچھ دنوں میں مجھ سے رابطہ میں آئے ہیں، براہ کرم خود کو الگ تھلگ کریں اور اپنی جانچ کروائیں۔


02 Aug 2020, 4:39 PM

کیجریوال کا کمل رانی ورون کی موت پر اظہار تعزیت

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اتوار کو اترپردیش کی ٹیکنیکل تعلیم کی وزیر کمل رانی ورون کا کورونا وائرس سے انتقال ہو جانے پر شدید تکلیف کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس وائرس کو ہلکے میں نہ لیں اور مکمل احتیاط برتیں۔ یوگی حکومت میں وزیر تعلیم برائے ٹیکنالوجی کمل رانی ورون 18 جولائی کو کورونا سے متاثر ہو گئی تھیں اور لکھنؤ میں سنجے گاندھی پی جی آئی میں داخل ہوئی تھیں، جہاں آج ان کی موت ہو گئی۔ وہ 62 برس کی تھیں۔ وزیر اعلیٰ نے کمل رانی ورون کی موت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئےکہا، ’یہ خبر سن کر بہت تکلیف ہوئی۔ ان کی روح کو سکون ملے۔ ہم سبھی کو کورونا سے مکمل احتیاط برتنا ہے۔ کورونا کو ہلکے میں نہ لیں‘۔

02 Aug 2020, 3:35 PM

ایودھیا میں بھومی پوجن سے پہلے سیکورٹی سخت

ایودھیا کے ڈی آئی جی دیپک کمار نے کہاکہ "وزیر اعظم کو 5 اگست کو ہونے والے رام مندر کے بھومی پوجان میں مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر حفاظت فراہم کرائی جائے گی۔ ہم کووڈ-19 پروٹوکول کی ہر جگہ پیروی کر رہے ہیں، کووڈ پروٹوکول کی وجہ سے ہم 5 سے زیادہ لوگوں کو جمع نہیں ہونے دیں گے۔ شہر میں دکانیں کھلی رہیں گی۔ بھومی پوجن کے دن باہر کے لوگ ایودھیا میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔ ہم 12 مقامات پر بیریکیڈنگ لگا رہے ہیں۔


02 Aug 2020, 2:22 PM

کورونا کی وجہ سے رکشا بندھن پر بازاروں کی رونق ماند

اجمیر: راجستھان کے اجمیر میں عالمی وبا کورونا کی وجہ سے رکشا بندھن کے موقع پر اس بار بازاروں میں رونق پھیکی پڑی ہوئی ہے۔ اس وجہ سے بازاروں میں راکھی اور مٹھائیوں کی دکانوں پر ہر سال کی طرح بھیڑ بھاڑ دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے۔ اس سے بازاروں کی رونق ماند پڑتی نظر آرہی ہے۔ حالانکہ بہنیں بھائیوں کے لئے راکھی باندھنے کےلئے خریداری کرتی بھی نظر آرہی ہیں لیکن پہلی طرح کوئی بھیڑ نہیں نظر آرہی ہے۔ تیرتھ راج پشکر کے پنڈت کیلاش ناتھ دادھیج نے بتایا کہ پیر کی صبح نو بج کر 28 منٹ تک بھدرا رہے گی۔ اس کے بعد پورے دن رکشا بندھن کا تہوار منایا جاسکے گا۔

02 Aug 2020, 1:17 PM

آسام کے سیلاب میں اب تک 109 افراد لقمہ اجل

آسام میں لوگ سیلاب کی وجہ سے لگاتار متاثر ہو رہے ہیں اور 22 مئی سے آج تک کل 5659584 افراد پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں۔ ریاست میں 621 راحتی کیمپ نصب کئے گئے ہیں اور تاحال کل 109 افراد کی سیلاب کی وجہ سے موت واقع ہو چکی ہے۔


02 Aug 2020, 12:29 PM

محبوبہ مفتی کو رہا کیا جانا چاہئے، راہل گاندھی

کانگریس رہنما راہل گاندھی نے جموں و کشمیر میں رہنماؤں کی گرفتاریوں کے حوالہ مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا، ’’حکومتِ ہند کی جانب سے سیاسی لیڈران کو غیر قانونی طریقہ سے ہندوستانی جمہوریت مجروح ہوئی ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ محبوبہ مفتی کو رہا کر دیا جائے۔‘‘

02 Aug 2020, 10:46 AM

امریکہ میں کیلیفورنیا 5 لاکھ سے زائد کورونا متاثرین کی پہلی ریاست!

امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا پانچ لاکھ سے زائد کورونا وائرس سے متاثرہ کیسزوالی پہلی ریاست بن گئی ہے ۔ کیلیفورنیا کے محکمہ صحت عامہ نے ہفتہ کو بتایا کہ ریاست میں کورونا کے 6،542 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 500،130 ہوگئی ہے۔ اس دوران وہاں کورونا سے 219 ہلاکتیں ہوئیں ، جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 9،224 ہو گئی ہے ۔ کیلیفورنیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 75،546 نمونوں کی جانچ کی گئی ہے ، جس سے مجموعی ٹیسٹوں کی تعداد بڑھ کر 7،886،587 ہو گئی ہے ۔


02 Aug 2020, 10:10 AM

اٹلی میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 200،000 سے تجاوز

اٹلی میں کورونا وائرس ’کووڈ ۔19‘ سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 200،000 سے تجاوز کر گئی ہے۔ اٹلی کی وزارت صحت کے مطابق سنیچر تک صحت یاب مریضوں کی تعداد 200،229 ہو چکی ہے۔ اٹلی میں کورونا کے 12،500 ایکٹو کیسز ہیں جن میں سے 705 اسپتال میں داخل ہیں ۔ صرف 43 مریض آئی سی یو میں ہیں۔ اٹلی میں کورونا کے 2،48،000 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے ۔ ملک میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 35،146 ہوگئی ہے۔

اٹلی میں جولائی کے مہینے میں یومیہ کورونا کے 200 سے 300 نئے کیسز آرہے ہیں ، جیسے ملک میں وبا کے پھیلنے کے آغاز میں آ رہے تھے ۔ یہ پہلا یورپی ملک تھا جو کورونا وبا کی گرفت میں آیا تھا اور 31 جنوری کو ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا تھا۔

02 Aug 2020, 10:09 AM

اسرائیل میں کووڈ 19 سے ہلاکتوں میں ایک دن میں سب سے زائد اضافہ

اسرائیل میں سنیچر کو کورونا وائرس کے انفیکشن سے 14 ہلاکتیں ہوئی ہیں جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 526 ہوگئی ہے۔ اسرائیل کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ فروری میں وبا پھیلنے کے بعد ایک دن میں یہ سب سے زائد اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل 26 جولائی کو ایک ہی دن میں ہلاکتوں کے سب سے زائد13 معاملے سامنے آئے تھے۔

وزارت نے بتایا کہ اس دوران کورونا کے 1248 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 72،218 ہوگئی ہے۔ اسرائیل میں اس دوران 1،252 کورونا مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 45،102 ہوگئی ہے۔ اسرائیل میں ایکٹو کیسز کی تعداد 26،590 ہے۔


02 Aug 2020, 7:53 AM

امرسنگھ کے انتقال سے امیتابھ بچن دکھی، ٹوئٹر پرسرجھکائے فوٹو شیئر کی

راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ امر سنگھ سنیچر کو طویل بیماری سے 64 برس کی عمر میں سنگاپور میں انتقال کرگئے۔ ایک وقت میں ان کے سب سے قریبی رہے بالی ووڈ سپراسٹار امیتابھ بچن نے اپنے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے سر جھکائے اپنی تصویر شیئر کی ہے۔
کورونا سے متاثر ناناوتی اسپتال میں بھرتی امیتابھ بچن نے ٹوئٹر پر اپنی سرجھکائے ایک بلیک اینڈ وائٹ تصویر پوسٹ کی ہے، حالانکہ انہوں نے اس کے ساتھ کچھ لکھا نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔