اہم خبریں: نائب صدر ونکیا نائیڈو بھی ہوئے کورونا پازیٹو، ہوم کوارنٹائن میں گئے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

29 Sep 2020, 10:19 PM

نائب صدر ونکیا نائیڈو ہوئے کورونا پازیٹو، ہوم کوارنٹائن میں گئے

ہندوستان میں کورونا انفیکشن کی حالت دن بہ دن خراب ہوتی جا رہی ہے۔ انتہائی احتیاط کے باوجود یکے بعد دیگرے اعلیٰ عہدوں پر فائز سیاسی لیڈران کورونا کی زد میں آ رہے ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق نائب صدر جمہوریہ ایم ونکیا نائیڈو بھی کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور دیگر کئی اہم لیڈروں کے بعد نائب صدر کا کورونا کی زد میں آنا ظاہر کرتا ہے کہ کورونا کس طرح سے ہندوستان میں مشکل حالات پیدا کر رہا ہے۔ کورونا پازیٹو ہونے کی جانکاری آج نائب صدر دفتر نے ٹوئٹ کے ذریعہ دی۔ دفتر نے بتایا کہ "نائب صدر نے منگل کی صبح روٹین کووڈ-19 جانچ کرائی، جس میں ان کی رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔ حالانکہ وہ صحت مند ہیں اور انھیں بغیر علامت والا انفیکشن ہے۔ وہ ہوم کوارنٹائن میں ہیں۔ نائب صدر کی بیوی اوشا نائیڈو کا بھی کورونا ٹیسٹ کرایا گیا ہے۔ ان کی رپورٹ نگیٹو آئی ہے اور وہ فی الحال سیلف آئسولیشن میں ہیں۔"

29 Sep 2020, 7:56 PM

منیش سسودیا کورونا نگیٹو، اسپتال سے ڈسچارج

نئی دہلی: دہلی کے ڈپٹی وزیراعلی منیش سسودیا کی منگل کو کورونا رپورٹ نگیٹو آنے کے بعد ایک ہفتہ آرام کرنے کے مشورہ کے ساتھ اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ منیش سسودیا 14 ستمبر کو کورونا پازیٹو ہوگئے تھے اور گھر پر ہی آئسولیشن میں تھے۔ طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں بعد میں لوک نائک جے پرکاش نارائن اسپتال میں بھرتی کرایا گیا۔ اسی دوران ڈینگو کی شکایت ہونے پر انہیں ساکیت کے میکس اسپتال میں شفٹ کیا گیا اور پلازمہ تھیراپی دی گئی۔ طبیعت بہتر ہونے اور کورونا رپورٹ نگیٹو آنے کے بعد آج انہیں اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ منیش سسودیا کے دفتر کی طرف سے آج دی گئی جانکاری کے مطابق کورونا رپورٹ نگیٹو آنے کے بعد ڈپٹی وزیراعلی کو چھٹی دے دی گئی ہے اور انہیں ایک ہفتہ گھر میں آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

29 Sep 2020, 6:54 PM

ہاتھرس ریپ و قتل معاملہ، یوپی کے جنگل راج نے ایک اور بچی کو مار ڈالا... راہل

کانگریس کے سابق صدر و رہنما راہل گاندھی نے ہاتھرس اجتماعی عصمت دری کی شکار متاثرہ کی موت پر یوگی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ "یوپی کے 'مخصوص طبقہ' جنگل راج نے ایک اور خاتون کو ہلاک کر دیا۔ حکومت نے کہا کہ یہ فیک خبر ہے اور متاثرہ کو مرنے کے لئے چھوڑ دیا ہے۔ نہ ہی یہ خبر بدقسمت سے فیک تھی، نہ ہی متاثرہ کی موت اور نہ ہی سرکا کی بے رحمی۔ "


29 Sep 2020, 5:56 PM

پولیس مڈھ بھیڑ میں گاڑی چور گروہ کے چار اراکین گرفتار

دیوریا: اترپردیش کے ضلع دیوریا صدر کوتوالی پولیس نے مڈھ بھیڑ کے دوران بین ریاستی چور گروہ کے چار اراکین کو گرفتار کر کے انہیں جیل بھیج دیا ہے۔ پولیس ترجمان نے منگل کو یہاں بتایا کہ شہر کے کوآپریٹیو چوراہے کے نزدیک گاڑی چور گروہ کے چار اراکین کو مڈھ بھیڑ کے بعد گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزمین میں ڈبو عرف چندر بھوشن سنگھ، برجیش سنگھ، وشال سنگھ اور راہل کمار سنگھ کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے چوری کی گاڑی اور ہاتھرس برآمد کیے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ڈبلیو سنگھ عرف چندر بھوشن سنگھ نے پوچھ گچھ میں بتایا کہ برآمد گاڑی پریاگ راج سے چوری کی تھی۔ اس کے علاوہ بلیا سے ایک ٹرک چوری کیا تھا۔ گرفتار ملزمین کے خلاف بہار، جھارکھنڈ و اترپردیش کے مختلف تھانوں میں کئی مقدے درج ہیں۔

29 Sep 2020, 4:59 PM

کانگریس برودا ضمنی انتخابات کے لئے تیار… شیلجا

چنڈی گڑھ:ہریانہ کانگریس صدر کماری شیلجا نے آج کہا کہ کانگریس پارٹی برودا ضمنی انتخابات کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔ الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق ضمنی انتخابات تین نومبر کو ہوں گے۔ کماری شیلجا نے یہاں جاری بیان میں دعوی کیا کہ اس ضمنی انتخابات کے بعد ریاست میں بڑی تبدیلی ہونی طے ہے اور عوام سے دھوکا کرکے بنی ریاست کی بھارتیہ جنتا پارٹی-جن نائک جنتا پارٹی اتحادی حکومت کا اس ضمنی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی جیت ساتھ گرنا طے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہریانہ ریاستی کانگریس کمیٹی نے برودا ضمنی انتخابات میں الیکشن لڑنے کے خواہش مند دعوے داروں سے درخواست بھی مدعو کی گئی ہیں اور ٹکٹ پانے کے خواہش مند دعوے دار 30 ستمبر سے چھ اکتوبر کے درمیان اپنی درخواست ہریانہ کانگریس کے دہلی واقع کیمپ دفتر میں جمع کرا سکتے ہیں۔ سونی پت ضلع کی یہ سیٹ کانگریس رکن اسمبلی کرشنا ہوڈا کے 12 اپریل کو ہوئے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔


29 Sep 2020, 3:58 PM

امریکہ میں کورونا سے مزید ایک فوجی کی موت

واشنگٹن: عالمی وبا کووِڈ۔19 کی زد میں آنے سے مزید ایک امریکی فوجی کی موت ہوگئی ہے۔ یہاں اس عالمی وبا سے فوجی ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔ پینٹاگن نے منگل کے روز یہ اطلاع دی۔ اس نے حالیہ کورونا سے مرنے والے فوجی اہلکار کی ابھی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ کورونا وائرس سے فوجی اہلکاروں کی موت کا معاملہ گزشتہ ماہ آیا تھا جس کے بعد اب کسی اہلکار کی کورونا وائرس کے سبب موت ہوئی ہے۔

29 Sep 2020, 2:04 PM

بھوپال میں کورونا کے 329 نئے معاملے، اب تک 388 افراد ہلاک

بھوپال: مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں کورونا کے آج 329 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد کل متاثرین کی تعداد بڑھ کر 17459 تک پہنچ گئی۔ سرکاری اطلاع کے مطابق صبح موصول جانچ رپورٹ میں 329 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں۔ انہیں ملا کر دارالحکومت میں کل متاثرین کی تعداد بڑھ کر اب تک 17459 پہنچ گئی ہے۔ ان میں سے 14705 مریض اب تک ٹھیک ہوچکے ہیں اور 388 افراد اب تک اس بیماری سے اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ حال میں دو ہزار سے زیادہ زیر علاج مریض ہیں جن کا علاج چل رہا ہے۔


29 Sep 2020, 12:56 PM

نائجیریا: سڑک حادثے میں چار ہلاک، چار زخمی

ابوجا: نائیجیریا کے جنوب مشرقی انمبرا صوبے میں پیر کو کئی گاڑیوں کے درمیان ہوئی ٹکر میں چار لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ چار دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس نے یہ اطلاع دی۔ نائیجیریا کی فیڈرل روڈ سیکورٹی کارپس کے ترجمان کمال موسیٰ نے بتایا کہ انمبرا صوبے کے اوبیسی میں بریک فیل ہونے کی وجہ یہ حادثہ ہوا۔ حادثے میں زخمی ہوئے لوگوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس حادثے کی جانچ کی جارہی ہے۔ واضح ہے کہ نائیجیریا میں سڑکوں کی حالت بے حد خراب ہونے اور سڑک سیکورٹی سے متعلق اصولوں کا صحیح طریقے سے عمل نہ ہونے کی وجہ سے بری تعداد میں سڑک حادثے ہوتے ہیں۔

29 Sep 2020, 12:01 PM

کووڈ-19 کے پانچ نئے متاثرین شنگھائی پہنچے

شنگھائی: کل پیر کو یہاں کووڈ-19 کے پانچ واقعات سامنے آئے۔ میونسپل ہیلتھ کمیشن نے آج بروز منگل بتایا کہ متاثرین اگرچہ چینی شہری تھے لیکن ان میں یہ وائرس درون ملک داخل نہیں ہوا بلکہ وہ باہر سے متاثر ہو کر آئے تھے۔ کورونا وائرس کے ساتھ چین پہنچنے والے ان چینیوں میں ایک برطانیہ سے دو فلپین سے اور دیگر دو جاپان سے تھے۔

جن طیاروں سے یہ لوگ آئے ان پر سوار تقریباً 100 مریضوں کو قرنطینہ میں ڈال دیا گیا ہے کیونکہ وہ متثرین سے قریبی رابطے میں تھے۔ میونسپل ہیلتھ کمیشن نے بتایا کہ پیر تک شنگھائی میں باہر سے آنے والے متاثرین کے مجموعی طور پر 655 کیسوں کا پتہ چلا ہے۔ ان میں سے 604 مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا۔ 51 اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان مین سے ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ اس بیچ کل یعنی پیر تک میونسپلٹی میں کورونا کے مقامی طور پر منتقل ہونے والے 342 کیس بھی مصدقہ طور پر سامنے آئے۔ ان میں سے سات کی موت واقع ہو چکی ہے۔


29 Sep 2020, 9:02 AM

گجرات میں زیرِ تعمیر عمارت زمیں دوز، تین افراد جان بحق

گجرات کے باوامانپورہ میں دیر رات گئے ایک زیر تعمیر عمارت زمیندوز ہو گئی، اس حادثہ میں 3 افراد کی جان چلی گئی۔ جبکہ کئی افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ جائے وقوعہ پر امبولینس کو بلایا گیا اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ عمارت میں رہنے والے چار مزدور مبلے میں دب گئے تھے جن میں سے تین کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

29 Sep 2020, 7:57 AM

مغربی بنگال کے کالجوں میں کلاسز دسمبر سے پہلے نہیں شروع ہوں گی

مغربی بنگا ل کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں دسمبر سے کلاسیس شروع ہوسکتی ہیں۔یہ فیصلہ وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی نے ریاستی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے ساتھ ورچوئیل میٹنگ کے بعد کیا ۔ فیصلہ کے مطابق انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کے کلاسیس دسمبر سے شروع کی جائیں گی۔ یو جی سی کے رہنما اصولوں پر عمل کیا جائے گا۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ صاف صفائی کے بغیر طلباء کو کیمپس میں بلایا جانا ممکن نہیں ہے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے مجموعی طور پر تجویز وزیر اعلی کو بھیجی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاستی حکومت وقتا فوقتا اس سلسلے میں ہدایات جاری کرتی رہے گی۔پہلے 2نومبر سے کلاسیس شروع ہونے والی تھیں مگر درگاپوجا، کالی پوجا اور چھٹ پوجا کے پیش نظر دسمبر سے کلاسیس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


29 Sep 2020, 7:27 AM

کانگریس کی زیر اقتدار ریاستیں مرکز کےنئے زرعی قوانین کو غیر مؤثر بنا ئیں: سونیا گاندھی

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے کانگریس کی زیر اقتدار ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ سے حال ہی میں منظور شدہ نئے زراعتی قوانین کو غیر مؤثر بنانے کے لئے آئین میں موجود طاقت کا استعمال کرتے ہوئے اپنی ریاستوں میں نیا قانون نافذ کریں۔

کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے ایک بیان میں کہا کہ محترمہ سونیا گاندھی نے پارٹی کی زیر اقتدار ریاستوں سے آرٹیکل 254(2) میں دیئے گئے اختیار ات کا استعمال کرکے قانون سازی کرنے کو کہا ہے۔

پارٹی نے کہا کہ اگر ریاستی حکومتیں آئین کے تحت دیئے گئے اختیارات استعمال کرتی ہیں تو مرکزی حکومت کے ذریعہ نافذ کیے گئے کسان مخالف قوانین سے کسانوں کو راحت ملے گی اور انہیں ایم ایس پی کا بھی فائدہ ہوگا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیرقیادت مرکزی حکومت نے جو قانون بنایا ہے وہ کسانوں کے ساتھ ناانصافی ہے اور ریاستی حکومتیں ان قوانین کو غیر مؤثر بناسکتی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */