اہم خبریں: بہرائچ میں گرام وکاس سکریٹری نے پھانسی لگا کر دی جان

خودکشی، علامتی تصویر
خودکشی، علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

28 Sep 2020, 6:00 PM

بہرائچ میں گرام وکاس سکریٹری نے پھانسی لگا کر دی جان

بہرائچ: اترپردیش کے ضلع بہرائچ کے دیہات کواتوالی علاقے کے سول لائن علاقہ باشندہ گرام وکاس سکریٹری نے پیر کو کمرے میں پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ کوتوالی دیہات سول لائن باشندہ منیش پرتاپ سنگھ گرام وکاس سکریٹری کے عہدے پر تعینات تھے۔ وہ اس وقت وکاس بھون سے وابستہ تھے۔ پیر کو انہوں نے اپنے کمرے میں لگے پنکھے سے پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔ متوفی کےاہل خانہ نے بتایا کہ منیش رات کو ساتھ میں کھانہ کھانے کے بعد اپنے کمرے میں سونے چلے گئے تھے۔ کھانہ کھانے کے دوران وہ پوری طرح سے صحت مند دکھ رہے تھے۔ صبح ان کی لاش پھانسی کے پھندے سے لٹکی ہوئی ملی ہے۔ دیہات کوتوال برجیش پانڈے نے بتایا کہ لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

28 Sep 2020, 4:57 PM

لکھنؤ میں زرعی بل کے خلاف کانگریس کا احتجاج، اجے کمار للو پولیس حراست میں

لکھنؤ: مانسون اجلاس میں پارلیمنٹ کے دونوں اجلاس سے پاس ہونے والے زرعی بلوں کے خلاف اترپردیش کانگریس سربراہ اجے کمار للو کی قیادت میں کانگریسی کارکنوں نے لکھنؤ میں احتجاجی مظاہرہ کیا، کانگریس کارکن زرعی بل کو کسانوں کے لئے نقصان دہ بتا رہے تھے۔ ان کا الزام تھا کہ سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانے کے لئے مرکزی حکومت نے کسانوں کا گلا گھونٹا ہے۔ اجے کمار للو کارکنوں کے ساتھ پریورتن چوک پہنچ گئے اور نعرے بازی شروع کردی۔ پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی جس سے معمولی نوک جھونک کے بعد اجے کمار للو سمیت تمام کارکنوں کو پولیس نے گاڑی میں بٹھا کر ایکو گارڈن کے لئے روانہ کردیا۔

28 Sep 2020, 3:56 PM

زراعی قانون کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے: کیپٹن امریندر سنگھ

پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ وہ زرعی قانون کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت ریاست کا مسئلہ ہے۔ زرعی بلوں کو ریاست سے بنا پوچھے پارلیمنٹ سے منظور کیا ہے جو کہ غیر آئینی ہے۔


28 Sep 2020, 2:57 PM

دہلی ہوائی اڈے کے ٹرمینل -2 سے پروازیں یکم اکتوبر سے شروع

نئی دہلی: دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر یکم اکتوبر سے ٹرمینل -2 سے دوبارہ پروازیں شروع ہوں گی۔ دہلی بین الاقوامی ہوائی اڈا لمٹیڈ (ڈائل) نے آج بتایا کہ یکم اکتوبر سے گوایئر کی سبھی پروازیں اور انڈیگو کی ’2000 سیریز‘ کی پروازیں ٹی -2 سے روانہ ہوں گی۔ چھ مہینے بعد اس ٹرمینل پر پروازوں کی آمدورفت دوبارہ شروع ہو رہی ہیں۔ کووڈ -19 کی وجہ سے دو مہینے بند رہنے کے بعد 25 مئی کو جب ملک میں گھریلو مسافر پروازیں دوبارہ شروع ہوئیں تو پروازوں کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے دہلی میں صرف ایک ہی ٹرمینل ٹی -3 کا استعمال کیا جا رہا تھا۔ اب پروازوں کی تعداد بڑھنے کے ساتھ ہی کچھ پروازوں کو ٹی-2 پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ ڈائل نے بتایا کہ یکم اکتوبر سے ٹی-2 پر 96 جوڑی پروازوں کی آمدورفت ہوگی۔ اکتوبر کے آخر تک یہ تعداد بڑھاکر 180 کی جائے گی۔ ٹرمینل پر گو ایئر کے لئے 11 اور انڈیگو کےلئے 16 کاؤنٹر ہوں گے۔ یکم اکتوبر کو پہلی پرواز صبح 6.25 بجے روانہ ہوگی۔ انڈیگو کی یہ پرواز دہلی سے سرینگر جائے گی۔

28 Sep 2020, 1:57 PM

کسانوں کی تحریک سے یوگی حکومت خوفزدہ! سیکڑوں کانگریس کارکنان نظر بند

اتر پردیش میں کانگریس کے ایک ہزار سے زیادہ رہنما اور کارکناں کو یوگی حکومت نے نظر بند کردیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ زرعی قانون کے سلسلے میں ہو رہے احتجاج کو دیکھ کر یوگی حکومت خوفزدہ ہوگئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یوگی حکومت کسانوں کی آواز اٹھانے سے کانگریس کارکنان کو روک رہی ہے۔

تصویر یو پی کانگریس
تصویر یو پی کانگریس

28 Sep 2020, 12:56 PM

اب تک ملک میں سات کروڑ سے زائد کورونا نمونوں کی جانچ

نئی دہلی: ملک میں وبائی عالمی وبا کووڈ- 19 کے 27 ستمبر تک 7 کروڑ سے زائد نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے پیر کو جاری اعداد و شمار کے مطابق 27 ستمبر کو ملک میں کورونا وائرس کے 709394 نمونوں کا ٹسٹ کیا گیا اور اس کی مجموعی تعداد 71967230 تک پہنچ گئی۔ ملک میں بڑے پیمانے پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے 24 ستمبر کو ایک دن میں ریکارڈ 1492409 نمونوں کا ٹسٹ کیا گیا تھا۔

خیا ل رہے ملک میں 6 اپریل تک کورونا جانچ کی کل تعداد صرف 10 ہزار تھی۔ اس کے بعد جیسے ہی وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا نمونوں کی جانچ میں بھی تیزی آئی۔ 7 جولائی کو کورونا نمونوں کی جانچ کی تعداد ایک کروڑ ہوگئی اور اس کے بعد اس میں تیزی سے اضافہ ہوا اور 17 ستمبر کو چھ کروڑ کے اعداد و شمار کو پار کر لیا اور اب نو دن میں ہی ایک کروڑ سے زائد کورنا نمونوں کا ٹسٹ کیا گیا۔

28 Sep 2020, 12:06 PM

پٹرول پمپ پر چوری کی واردات

حیدرآباد: پٹرول پمپ میں چوری کی واردات پیش آئی۔ تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کے بودھن ٹاون میں کل شب چور پہنچے اور پٹرول پمپ پر کام کرنے والے ملازمین کو ڈرا دھمکا کر کیش کاونٹر سے رقم لے کر فرار ہوگئے۔ ان کے چہروں پر ماسک لگے ہوئے تھے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے پٹرول پمپ کے ذمہ داروں سے تمام تفصیلات حاصل کیں۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرلیا۔ چوری کی یہ واردات پٹرول پمپ پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگئی۔


28 Sep 2020, 10:55 AM

پوری دنیا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز

نئی دہلی: سے دنیا بھر میں پھیلنے والی عالمی وبا کووڈ -19 سے ہلاکتوں کی عالمی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ دوسری طرف دنیا بھر میں کورونا کے 2 کروڑ 45 لاکھ سے زائد مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔ اس وائرس سے ہلاکت خیزی کا سلسلہ اب بھی تھمتا نظر نہیں آتا۔ امریکہ، ہندوستان، ارجنٹینا اور برازیل سمیت کئی ممالک میں ہزاروں افراد مہلک وائرس کا شکار بن رہے ہیں۔ دنیا بھر میں اب تک مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جس میں سب سے زیادہ اموات امریکہ اور برازیل میں ہوئی ہیں۔ مہلک وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں بھی بدستور اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک کورونا سے 3 کروڑ 31 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ ہندستان میں کورونا سے بحالی کی شرح بہر حال حوصلہ افزا ہے۔

28 Sep 2020, 10:05 AM

میکسیکو کے بار میں اندھا دھند فائرنگ، 11 افراد ہلاک

میکسیکو سٹی: میکسیکو کے صوبہ گیاناجواتو میں ایک بارمیں اندھادھند فائرنگ کے ایک واقعہ میں چار خواتین سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق کچھ حملہ آور صوبہ ذرال ڈیل پروگریسونامی شہر کے ایک بار میں اچانک پہنچے اور انہوں نے صارفین اور اس کے ملازمین پراندھادھند فائرنگ شروع کردی۔ اس حملے میں سات مرد اور چار خواتین ہلاک ہوگئیں۔ ایک خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ حملہ آور متعدد گاڑیوں سے بار میں پہنچے تھے۔

مذکورہ صوبہ زرعی اور صنعتی اکائیوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ یہ صوبہ منشیات کی اسمگلنگ اور اس سے متعلق دیگر مجرمانہ سرگرمیوں سے شدید متاثر ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جنوری اور مئی کے درمیان صوبہ میں 1900 سے زیادہ قتل کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ صوبہ کی پولیس نے اس قتل عام کا الزام دو منشیات اسمگلر گروپوں پر عائد کیا ہے۔


28 Sep 2020, 7:41 AM

شرد پوار کی وزیر اعلی ادھو ٹھاکرےسے ملاقات

راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار نے کل مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی۔
سابق وزیر اعلی اور بی جے پی رہنما دیویندر فڈنویس نے اور شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کے درمیان ہونے والی اس ملاقات کے ایک روز بعد پوار اور ٹھاکرے کی اس ملاقات نے سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیوں کو جنم دیاہے۔
چالیس منٹوں تک وزیراعلی کی رہائش گاہ پر چلنے والی اس ملاقات کی فوری تفصیلات دستیاب نہیں ہو سکیں البتہ ذرائع نے بتایا کہ ریاست میں کس طرح کورونا بیماری کو قابو میں لایا جاسکے اور کس طرح سے تمام سرگرمیوں کو شروع کیا جاسکے اس موضوع پر گفتگو ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔