کسان تحریک : ’’مہنگے سوٹ بوٹ والے کسان کر رہے مظاہرہ، کوئی غریب نہیں‘‘، سشیل مودی کا حیرت انگیز بیان

کسان تحریک / آئی اے این ایس
کسان تحریک / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

27 Jan 2021, 10:40 PM

مہنگے سوٹ بوٹ والے کسان کر رہے مظاہرہ، کوئی غریب نہیں: سشیل مودی

یوم جمہوریہ کے موقع پر کسانوں کے ذریعہ نکالی گئی ٹریکٹر پریڈ میں تشدد کو لے کر اب تک بیانات آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کچھ لوگ کسانوں کو ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں، تو کچھ لوگوں نے تشدد واقعہ کو کسان تحریک کے خلاف سازش قرار دیا ہے۔ اس درمیان بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے سرکردہ لیڈر سشیل مودی کا ایک حیرت انگیز بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے پٹنہ میں منعقد ایک تقریب کے دوران کہا کہ ’’کسان تحریک کے نام پر دہلی کی سرحد پر گزشتہ دو مہینوں سے جو دھرنا چل رہا ہے، اس میں کوئی غریب کسان آپ کو دکھائی نہیں پڑے گا۔ سوٹ بوٹ والے، جوتا، جینز، مہنگی گھڑی پہنے جن کے گھروں میں ائیر کنڈیشنر ہے، جو بڑی بڑی گاڑیوں پر چلتے ہیں، وہ لوگ دھرنے پر بیٹھے ہیں۔‘‘

27 Jan 2021, 10:04 PM

یوم جمہوریہ ٹریکٹر پریڈ کامیاب رہی: راکیش ٹکیت

کسان لیڈر راکیش ٹکیت کا ایک تازہ بیان منظر عام پر آیا ہے جس میں انھوں نے 26 جنوری کو نکلی یوم جمہوریہ ٹریکٹر پریڈ کو کامیاب قرار دیا ہے۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’کل دہلی میں ٹریکٹر ریلی کافی کامیاب رہی۔ اگر کوئی حادثہ ہوا ہے تو اس کے لیے پولس انتظامیہ ذمہ دار رہی ہے۔ کوئی لال قلع پر پہنچ جائے اور پولس کی ایک گولی بھی نہ چلے۔ یہ کسان تنظیم کو بدنام کرنے کی سازش تھی۔ کسان تحریک جاری رہے گی۔‘‘

27 Jan 2021, 9:08 PM

یکم فروری کو ’پارلیمنٹ مارچ‘ نہیں نکالا جائے گا: بھارتیہ کسان یونین

بھارتیہ کسان یونین (آر) کے لیڈر بلبیر سنگھ راجیوال نے اعلان کیا ہے کہ یوم جمہوریہ ٹریکٹر پریڈ میں ہوئے تشدد کو دیکھتے ہوئے یکم فروری کا ’پارلیمنٹ مارچ‘ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب ’یومِ شہدا‘ (30 جنوری) کے موقع پر پورے ملک میں ریلی کا انعقاد ہوگا اور ایک دن کی بھوک ہڑتال بھی ہوگی۔


27 Jan 2021, 8:44 PM

کمزور آدمی ہی تحریک کو درمیان میں چھوڑ کر بھاگتا ہے: راکیش ٹکیت

راشٹریہ کسان مزدور سنگٹھن کے سربراہ وی ایم سنگھ کے ذریعہ کسان تحریک سے الگ ہونے اور خود پر الزام لگائے جانے سے ناراض راکیش ٹکیت نے ان پر جوابی حملہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں پہلے ہی کسانوں کی ساری ذمہ داری لے چکا ہوں۔ جس کو غازی پور چھوڑنا ہے وہ چھوڑ دے۔ دو مہینے تک یہاں کیوں بیٹھے تھے؟ جب پولس کا ڈنڈا پڑا تو بھاگ گئے۔ جب نیتاگری کرنی تھی تو کرتے رہے، لیکن ایف آئی آر درج ہو گئی تو تحریک چھوڑ کر بھاگ گئے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ تحریک کو کمزور آدمی ہی درمیان میں چھوڑ کر بھاگتا ہے۔

27 Jan 2021, 8:08 PM

ٹریکٹر ریلی تشدد: دہلی ہائی کورٹ میں عرضی داخل، پولس کمشنر کو ہٹانے کے مطالبہ

دہلی ہائی کورٹ میں ایک عرضی داخل کی گئی ہے جس میں دہلی پولس کمشنر ایس این شریواستو کو ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عرضی میں ساتھ ہی مظاہرین کسانوں کو قابو میں کرنے کے دوران اپنی ڈیوٹی نہیں نبھانے والے پولس اہلکاروں کو سزا دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ دھننجے جین کے ذریعہ داخل اس عرضی میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور پولس مناسب طریقے سے نظام قانون برقرار رکھنے میں پوری طرح سے ناکام رہی۔ عرضی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’’یہ پوری طرح سے شرم کی بات ہے کہ دہلی کی مسلح پولس مظاہرین کے ذریعہ پیچھا کیے جانے، دھمکانے اور پٹائی کرنے کی حالت میں دکھائی دے رہی تھی۔‘‘


27 Jan 2021, 7:04 PM

دہلی تشدد منصوبہ بند سازش، پی ایم مودی اور امت شاہ ہیں ذمہ دار: سرجے والا

کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہلی میں ہوئے تشدد اور توڑ پھوڑ کے لیے پی ایم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ ذمہ دار ہیں۔ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ ’’یہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کی گئی کارروائی ہے۔ دہلی پولس ان شورش پسندوں پر مقدمہ درج کرنے کی جگہ سنیوکت کسان مورچہ کے لیڈروں پر مقدمہ درج کر رہی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ دہلی تشدد انٹلیجنس کی ناکامی ہے اور امت شاہ کو وزیر داخلہ کے عہدہ سے استعفیٰ دینا چاہیے۔

27 Jan 2021, 6:04 PM

کل جو دہلی میں ہوا وہ مرکزی حکومت کی سازش تھی: ابھے چوٹالہ

آئی این ایل ڈی لیڈر ابھے چوٹالہ نے آج ایک بیان میں کہا کہ ’’جو کسان لیڈر تحریک کی قیادت کر رہے تھے، ان کے خلاف مرکز کی مودی حکومت نے مقدمے درج کیے۔ کل دہلی میں جو ہوا وہ مرکزی حکومت کی سازش تھی۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ ابھے چوٹالہ نے کسان تحریک کی حمایت میں رکن اسمبلی عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔


27 Jan 2021, 5:24 PM

ٹریکٹر پریڈ میں تشدد سے مایوس دو کسان تنظیموں نے ’کسان تحریک‘ سے ہٹنے کا کیا اعلان

آل انڈیا کسان سنگھرش کوآرڈنیشن کمیٹی کے لیڈر وی ایم سنگھ کے بعد بھارتیہ کسان یونین (بھانو) کے سربراہ ٹھاکر بھانو پرتاپ سنگھ نے بھی کسان تحریک سے علیحدہ ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹھاکر بانو پرتاپ سنگھ نے کہا کہ ’’میں کل کے واقعہ سے اتنا غمزدہ ہوں کہ اس وقت میں چیلا بارڈر سے اعلان کرتا ہوں کہ گزشتہ 58 دنوں سے بھارتیہ کسان یونین (بھانو) کا جو دھرنا چل رہا تھا، اسے ختم کرتا ہوں۔‘‘

27 Jan 2021, 4:59 PM

ٹریکٹر پریڈ میں تشدد کا شاخسانہ، کسان لیڈر وی ایم سنگھ کا تحریک سے علیحدگی اعلان

کسان لیڈر وی ایم سنگھ نے اعلان کیا ہے کہ ان کی تنظیم کسانوں کی تحریک سے علیحدہ ہو رہی ہے۔ وی ایم سنگھ کی تنظیم کا نام راشٹریہ کسان مزدور سنگھ‘ ہے۔ وی ایم سنگھ نے کہا کہ اس طرح سے تحریک چلانا قابل قبول نہیں ہے۔ ہم یہاں کسانوں کو شہید کرانے کا پٹوانے کے لئے نہیں آئے ہیں۔ انہوں نے بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر راکیش ٹکیت پر بھی الزام عائد کیا۔

وی ایم سنگھ نے کہا، ’’راکیش ٹکیت حکومت کے ساتھ میٹنگھ میں گئے، انہوں نے یوپی کے گنا کسانوں کی بات ایک بار بھی اٹھائی کیا؟ انہوں نے دھان پر کوئی بات کی کیا؟ انہوں نے کس چیز کی بات کی۔ ہم یہاں صرف حمایت کرتے رہیں اور وہاں پر کوئی لیڈر بنتا رہے، یہ ہمارا کام نہیں ہے۔‘‘


27 Jan 2021, 4:13 PM

تشدد پر کپل مشرا کا قابل اعتراض بیان، توڑ پھوڑ کرنے والوں کو بتایا ’بابر کی ناجائز اولاد‘

یومِ جمہوریہ کے موقع پر دہلی میں ہونے والے تشدد کے حوالہ سے بی جے پی کے شعلہ بیان لیڈر کپل مشرا نے انتہائی قابل اعتراض زبان کا استعمال کیا ہے۔ اپنے بیان میں کپل مشرا نے توڑ پھوڑ کرنے والوں کو بابر کی ناجائز اولاد قرار دے دیا۔ کپل مشرا نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’رام مندر کی جھانکی توڑنے والا نہ سکھ ہو سکتا، نہ کسان۔ یہ صرف بابر کی ناجائز اولاد ہے۔‘‘

27 Jan 2021, 3:37 PM

ہم یہاں ایم ایس پی کے لئے آئے ہیں، غنڈہ گردی کرنے کے لئے نہیں، کسان لیڈر

آل انڈیا کسان سنگھرش کوآرڈنیشن کمیٹی کے سردار وی ایم سنگھ نے کہا، ’’ہم یہاں ایم ایس کے لئے آئے ہیں، غنڈہ گردی کرنے کے لئے نہیں۔ ان لوگوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے جنہوں نے علاحدہ راستہ اختیار کیا۔یہ شرمناک تھا۔ ہمیں ان لوگوں پر نظر رکھنی ہوگی جو احتجاج کو ختم کرانا چاہتے ہیں۔ 4 بجے پریس کانفرنس ہوگی۔‘‘


27 Jan 2021, 2:47 PM

تشدد کے خلاف دہلی پولیس کی کارروائی شروع، 200 افراد گرفتار

یومِ جمہوریہ کے موقع پر دہلی میں ہوئے تشدد میں پولیس نے کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ دہلی پولیس نے اب تک تقریباً 200 مظاہرین کو حراست میں لیا ہے، جن پر تشدد برپا کرنے، عوامی املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے کا الزام ہے۔

27 Jan 2021, 12:26 PM

تشدد میں 300 پولیس اہلکار زخمی، مرکزی وزیر نے لال قلعہ کو ہوئے نقصان کا جائزہ لیا

یومِ جمہوریہ کے موقعہ پر دہلی میں تشدد اور لال قلعہ پر جھنڈا لہرانے کے ایک دن بعد مرکزی وزیر پرہلاد پٹیل نے لال قلعہ پہنچ کر یہاں ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ میں گزشتہ روز کے واقعہ پر اجلاس جاری ہے۔ سی آر پی ایف ڈی جی بدھ کی صبح وزارت داخلہ پہنچے جہاں وہ داخلہ سکریٹری اجے بھلا کو معلومات فراہم کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز ہوئے تشدد پر دہلی پولیس لگاتار کارروائی کر رہی ہے اور ایف آئی آر درج کئے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ دوپہر ڈھائی بجے دہلی پولیس کی جانب سے ایک پریس کانفرس کر کے مکمل معلومات فراہم کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کل ہوئے تشدد میں 300 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔


27 Jan 2021, 10:47 AM

لال قلعہ پر جھنڈا لہرانے والوں کو انجام بھگتنا ہوگا، راکیش ٹکیت

یومِ جمہوریہ کے موقع پر دہلی میں ہونے والے تشدد پر بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹکیت نے کہا، ’’ناخواندہ لوگ ٹریکٹر چلا رہے تھے، انہیں دہلی کے راستوں کا پتا نہیں تھا۔ انتظامیہ نے انہیں دہلی کی طرف جانے کا راستہ بتایا۔ وہ دہلی گئے اور گھر لوٹ آئے۔ ان میں سے کچھ لوگ انجانے میں لال قلعہ کی جانب چلے گئے۔ پولیس نے انہیں واپس لوٹ جانے کی ہدایت دی۔‘‘

ٹکیت نے کہا، ’’جن لوگوں نے تشدد کیا اور لال قلعہ پر جھنڈا لہرایا انہیں اپنے اقدامات کے لئے نجام بھگتنا ہوگا۔ گزشتہ دو مہینوں سے ایک مخصوص طبقہ کے خلاف سازش کی جا رہی ہے۔ یہ تحریک سکھوں کی نہیں بلکہ تمام کسانوں کی ہے۔‘‘

27 Jan 2021, 9:26 AM

کئی علاقوں میں انٹرنیٹ بند

دہلی کے کئی علاقوں میں منگل کے روز ہونے والے تشدد کے بعد ہی انٹرنیٹ خدمات معطل رکھی گئی ہیں۔


27 Jan 2021, 9:05 AM

تشدد کے خلاف 15 ایف آئی آر

یوم جمہوریہ کے موقع پر دہلی میں ہونے والے تشدد کے خلاف اب تک 15 ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں۔ میڈیا رپورٹوں میں گینگسٹر لکھا سنگھ کو تشدد کا ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شکایتیں موصول ہونے پر مزید ایف آئی آر درج کی جائیں گی۔

27 Jan 2021, 8:58 AM

دہلی میٹرو کے لال قلعہ اسٹیشن پر انٹری اور ایگزٹ گیٹ بند

دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کے مطابق لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے انٹری اور ایگزٹ گیٹ بند رکھے گئے ہیں اس کے علاوہ جامع مسجد میٹرو اسٹیشن پر بھی انٹری گیٹ بند رکھا گیا ہے۔ دیگرتمام اسٹیشن کھلے رکھے گئے ہیں اور تمام لائند پر خدمات بحال کر دی گئی ہیں۔


27 Jan 2021, 8:32 AM

دہلی میٹرو کے لال قلعہ اسٹیشن میں داخلہ پر پابندی

دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کے مطابق لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے انٹری گیٹ کو فی الحال بند رکھا گیا ہے۔ اس اسٹیشن سے باہر نکلنے کی اجازت ہے۔ دیگر تمام اسٹیشن کھول دئے گئے ہیں اور تمام لائنوں کی خدمات بدستور جاری ہیں۔

خیال رہے کہ منگل کے روز یومِ جمہوریہ کے موقع پر ٹریکٹر مارچ کے ووران کسان دہلی میں داخل ہو گئے تھے۔ اس دوران کافی ہنگامہ ہوا۔ کسانوں نے لال قلعہ پر اپنی تنظیم کا جھنڈا بھی لہرا دیا تھا۔ اس ہنگامہ آرائی کے بعد دہلی میں کئی میٹرو اسٹیشنوں کو بند کر دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔