مودی حکومت کو شرومنی اکالی دل نے دیا زوردار جھٹکا، این ڈی اے سے توڑا رشتہ

تصویر بذریعہ ’نوجیون‘
تصویر بذریعہ ’نوجیون‘
user

قومی آوازبیورو

26 Sep 2020, 10:29 PM

مودی حکومت کو شرومنی اکالی دل نے دیا زوردار جھٹکا، این ڈی اے سے توڑ لیا رشتہ

زرعی بل کی مخالفت میں بالآخر بی جے پی کی سب سے پرانی اتحادی پارٹی شرومنی اکالی دل نے مودی حکومت کو زبردست جھٹکا دیتے ہوئے این ڈی اے سے رشتہ توڑ لیا ہے۔ شرومنی اکالی دل کے سربراہ سکھبیر سنگھ بادل نے خود اس کی جانکاری دی۔ قابل ذکر ہے کہ شرومنی اکالی دل سے رکن پارلیمنٹ ہرسمرت کور نے زرعی بل کو کسانوں کے خلاف بتاتے ہوئے پہلے مرکزی وزیر کے عہدہ استعفیٰ دے دیا تھا۔

26 Sep 2020, 7:56 PM

وارانسی میں کورونا وائرس کے 105 نئے معاملے

وارانسی: اترپردیش کے ضلع وارانسی میں ہفتہ کو کورونا وائرس کے 105 مریضوں کی تصدیق کے بعد ضلع میں مجموعی متاثرین کی تعداد بڑھ کر 12646 ہوگئی۔ آفیشیل ذرائع نے یہاں بتایا کہ آج موصول جانچ رپورٹ میں 105 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ضلع میں مجموعی متاثرین میں سے 1677 مریضوں کا علاج ضلع کے کووڈ اسپتالوں میں چل رہا ہے جبکہ 203 لوگوں نے دوران علاج دم توڑ دیا ہے۔

26 Sep 2020, 6:56 PM

سڑک حادثہ میں پانچ مزدور ہلاک، سات زخمی

اجین: مدھیہ پردیش کے ضلع اجین میں آج صبح سویرے ایک سڑک حادثے میں پانچ افراد کی موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ نروار کے علاقہ میں دیواس روڈ کے قریب دتانا متانا کے علاقے میں دو چار پہیہ گاڑی کی آمنے سامنے ٹکر میں 5 مزدور ہلاک ہوگئے۔ ان مزدوروں میں سے ایک، سوم چندر کی شناخت ہوگئی ہے۔ پولیس باقی مزدوروں کی شناخت میں مصروف ہے۔ اسی دوران اس حادثے میں سات دیگر افراد زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لئے ضلعی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ تمام مزدور مزدوری کے لئے کٹنی سے نیمچ جا رہے تھے۔ یہ سب کٹنی ضلع کے رہائشی ہیں۔


26 Sep 2020, 5:57 PM

ملک بھر کے کسان متحد ہوکر نئے زرعی قوانین کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں... پرینکا گاندھی

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ ملک بھر کے کسان متحد ہو رہے ہیں اور نئے زرعی قوانین کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔ بلوں میں ایم ایس پی کا نہ ہونا، کنٹریکٹ فارمنگ اور منڈی سسٹم کا خاتمہ کسانوں کی محنت پر کلہاڑی چلانے کے مترادف ہے، آج پورا ہندوستان اس ناانصافی کے خلاف متحد ہے۔

26 Sep 2020, 3:55 PM

کسانوں کے مطالبات جائز ہیں، مودی جی قوم کی آواز سنیں، جے کسان، جے ہندوستان... راہل گاندھی

کانگریس لیڈر و سابق صدر راہل گاندھی نے مودی سرکار کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے عوام پر حملہ کر رہی ہے۔ کسانوں کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مطالبات جائز ہیں، مسٹر مودی، قوم کی آواز سنیں۔ جے کسان، جے ہندوستان۔ "

"انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے وقت، پھر جی ایس ٹی اور کورونا کے وقت آپ کو ایک روپیہ بھی نہیں دیا گیا تھا۔ راہل گاندھی نے کہا، "آپ کو مارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آپ کو غلام بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ "


26 Sep 2020, 2:56 PM

کشمیر میں 4.5 شدت کا زلزلہ، نقصان کی کوئی اطلاع نہیں

سری نگر: وادی کشمیر میں ہفتے کی دوپہر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4 اعشاریہ 5 ریکارڈ کی گئی ہے اور اس کا مرکز شمالی کشمیر کا ہی کوئی علاقہ تھا جبکہ اس کی گہرائی دس کلو میٹر درج ہوئی ہے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق ہفتے کو دوپہر قریب بارہ بجکر دو منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ زلزلے کا مرکز شمالی کشمیر کا کوئی علاقہ تھا۔

26 Sep 2020, 1:55 PM

پولیس کانسٹبل نے کی اے کے 47 رائفل سے خودکشی

پرتاپ گڑھ: ضلع ہیڈکواٹر سے چالیس کلومیٹر مسافت پر واقع تھانہ لال گنج کوتوالی کے ایک کانسٹبل کی لاش بیرک کی تیسری منزل پر جمعہ کو دیر شام لہو لہان پائی گئی۔ اس کے گلے میں گولی لگی ہوئی تھی۔ ممکن ہے اس نے اپنی سرویس رائفل اے کے 47 سے گولی مار کر خودکشی کی ہو۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ انوراگ آریہ نے سوشل میڈیا (پولیس میڈیا سیل) پر جاری وی ڈی او میں بتایا ہے کہ جمعہ کو کانسٹبل آشتوش یادو 24 کی ڈیوٹی ایس ایچ او راکیش بھارتی کے ساتھ تھی، جس کی لہو لہان لاش شام کو بیرک کی تیسری منزل پر پائی گئی، متصل اس کی سرویس رائفل پڑی ہوئی تھی۔ گولی گلے میں لگی ہوئی ہے، اس نے خود کو گولی مار کر خودکشی کی ہے، جائے وقوعہ سے کارتوس کا کھوکھا برآمد ہوا ہے۔ بیرک کے دوسرے کانسٹبلوں نے بتایا کہ اس وقت جیسے وہ ذہنی طور پر پریشان رہتا تھا۔ متوفی 2018 بیچ کا کانسٹبل تھا، گزشتہ 17/ ستمبر کو وہ گھر سے واپس ڈیوٹی پر آیا تھا۔ موقع پر فارینسک ٹیم کو بھیجا گیا ہے جو تحقیقات کر رہی ہے۔ متوفی ساکن کھرون تھانہ خان پور ضلع غازی پور کا باشندہ تھا۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے اور وقوعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔


26 Sep 2020, 12:57 PM

بہار میں انتخابات ترقی، نظم نسق اور اچھی حکمرانی کے ایشو پر لڑا جائے... سنجے راوت

شیوسینا کے رہنما سنجے راوت نے کہا کہ بہار میں انتخابات ترقی، نظم و نسق، اور اچھی حکمرانی کے مدے پر لڑے جانا چاہیے، لیکن اگر یہ ایشو ختم ہو گئے ہیں تو ممبئی سے مددوں کو پارسل بنا کر بھیجا جاسکتا ہے۔

26 Sep 2020, 11:56 AM

یوکرین طیارہ حادثہ میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہوگئی

کیف: یوکرین کے علاقہ خارکیو میں طیارہ کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہوگئی جبکہ 4 افراد کی تلاش جاری ہے۔ صوبہ کے گورنر اولکس کوشر نے بتایا کہ ’’میں اس موقع پر موجود تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جہاز میں 28 افراد سوار تھے، جن میں 7 افسران اور 21 کیڈٹ شامل تھے۔ یہ بتانا انتہائی افسوس کی بات ہے کہ 22 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ دو زندہ بچ گئے، جن میں ایک کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ چار کی تلاش جاری ہے۔ ہم ہنگامی امداد فراہم کرنے کے لئے تیارہیں‘‘۔ کچھ ایسی ہی اطلاعات ریاست کی ہنگامی خدمات سے بھی آئیں۔


26 Sep 2020, 11:13 AM

این سی بی دفتر پہنچیں دیپیکا پادوکون، ڈرگ کنکشن پر ہوگی پوچھ گچھ

سوشانت سنگھ راجوپت کی موت کے معاملہ میں ڈرگ کنکشن جڑنے کے بعد کئی مشہور فلمی ہستیاں جانچ ایجنسیوں کے نشانہ پر ہیں۔ بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پادوکون کو آج انسداد منشیات بیورو نے طلب کیا ہے جہاں وہ ڈرگ سے متعلق سوالوں کے جواب دیں گی۔ دیپیکا کولابا میں واقع گیسٹ ہاؤس پہنچ چکی ہیں جہاں این سی بی کی ٹیم پہلے سے موجود ہے۔

بالی ووڈ ڈرگ سنڈی کیٹ کی جانچ میں آج کا دن کافی اہم مانا جا رہا ہے۔ آج ایک ساتھ تین اداکاراؤں سے پوچھ گچھ کی جانی ہے۔ دیپیکا کے علاوہ سارہ علی خان اور شردھا کپور کو بھی پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا گیا ہے۔

26 Sep 2020, 10:01 AM

کورونا کے 85 ہزار نئے کیسز، مجموعی تعداد 59 لاکھ سے تجاوز

ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 85362 نئے کورونا کے مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے، جس کے بعد ملک میں اس بیماری کے مجموعی کیسز کی تعداد 59 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ جبکہ اس دورنیہ میں 1089 مریضوں کی جان چلی گئی۔

وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5903933 ہو گئی ہے جن میں سے 960969 کیسز فعال ہیں جبکہ 484585 مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر 93379 لوگوں کی جان چلی گئی ہتے۔


26 Sep 2020, 8:04 AM

چین میں اس سال تیار ہو جائےگی ویکسین، پہلے پانے والے ممالک میں ترکی، برازیل اور انڈونیشیا

کووڈ۔ 19 کی چین میں تیار ویکسین کو پہلے حاصل کرنے والے ممالک میں برازیل، انڈونیشیا اور ترکی شامل ہیں جہاں اس ویکسن کے تیسرے مرحلے کے کلینکل تجربے جاری ہیں۔سنوویک ڈیولپر کے سی ای او یین ویئی دونگ نے صحافیوں کو یہ اطلاع دی۔
مسٹر ویئی ڈونگ نے کہا ’’ہم نے برازیل میں 21 جولائی، انڈونیشیا میں یکم اگست کو اور ترکی میں 16 ستمبر کو کلینیکل تجربے کا تیسرا مرحلہ شروع کیا ہے۔ ہمیں بنگلہ دیش میں بھی اس کی منظوری حاصل ہوگئی ہے۔ ترجیحی بنیاد پر ویکسین کا پہلا لاٹ چین کے ساتھ ہی برازیل، انڈونیشیا اور ترکی میں تقسیم کیا جائے گا‘‘۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی پہلے سے ہی ویکسین کی تیاری کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کے لئے ایک پروڈکشن پلانٹ تیار کررہی ہے۔ انہوں نے ویکسین کے تخمینہ لاگت کی اطلاع دینے سے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا کہ اس کی قیمت بہت سے عوامل پر منحصر ہوگی۔انہوں نے سنوویک ویکسین کے سال کے آخر تک بازار میں آنے کی امید ظاہر کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔