اہم خبریں: الیکشن کمیشن بنگال کو بی جے پی کی نظر سے نہ دیکھے... ممتا بنرجی

وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی / تصویر بشکریہ ٹوئتر  / @ANI
وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی / تصویر بشکریہ ٹوئتر / @ANI
user

قومی آوازبیورو

26 Feb 2021, 10:29 PM

الیکشن کمیشن بنگال کو اپنی ریاست سمجھے، بی جے پی کی نظر سے نہ دیکھے: ممتا بنرجی

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن سے گزارش کی ہے کہ وہ مغربی بنگال کو اپنی ریاست تصور کرے اور بی جے پی کی عینک سے دیکھنے کی غلطی نہ کرے۔

26 Feb 2021, 9:40 PM

آٹھ مرحلہ میں بھی ہماری ہی جیت ہوگی: ممتا بنرجی

مغربی بنگال میں آٹھ مراحل میں اسمبلی انتخاب کرائے جانے کے فیصلہ سے ناراض ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ بی جے پی کو کسی بھی حال میں جیت نصیب نہیں ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں بنگال کی بیٹی ہوں، ریاست کو بی جے پی سے زیادہ بہتر طریقے سے جانتی ہوں۔ آٹھ مراحل میں الیکشن کرائے جانے پر بھی ہم ہی جیتیں گے۔‘‘

26 Feb 2021, 8:04 PM

جیو کا نیا دھماکہ، 1999 میں نیا جیو فون اور 2 سال تک مفت کالنگ

نئی دہلی: موبائل صارفین کے لئے بڑی خوش خبری ہے۔ اب ریلائنس جیو، جیو فون صارفین کیلئے ایک ’نیا جیو فون2021 آفر‘ لیکر آیا ہے یہ ایک جامع پلان ہے، جس میں جیو فون خریدنے پر گراہک کو 1999 روپے ادا کرنے ہونگے۔ ساتھ ہی صارفین کو 2 سال تک کی ان لمیٹڈ کالنگ کے ساتھ 2 جی بی ماہانہ کا ڈیٹا بھی ملے گا دوسرے پلان 1499 روپے کا ہے جس میں صارفین کو جیو فون کے ساتھایک سال تک کی ان لمیٹڈ کالنگ کے ساتھ 2 جی بی ماہانہ کا ڈیٹا بھی ملے گا۔یہ جانکاری ریلائنس جیو کے ڈائریکٹر شری آکاش امبانی نے یہاں ایک پریس ریلیز میں دی۔


26 Feb 2021, 6:45 PM

مغربی بنگال: 8 مراحل میں اسمبلی انتخاب کرائے جانے پر ممتا بنرجی برہم

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ریاست میں 8 مراحل میں اسمبلی انتخابات کرائے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کے ذریعہ تاریخوں کا اعلان کیے جانے کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بی جے پی کے اشاروں پر ووٹنگ کی تاریخ طے کی ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ آخر ایک ہی ضلع میں تین مراحل میں ووٹنگ کرائے جانے کی کیا ضرورت ہے، یہ سب امت شاہ کے دورہ کو دیکھتے ہوئے طے کیا گیا ہے۔

26 Feb 2021, 6:29 PM

ہم سبھی 5 ریاستوں میں اچھی کارکردگی پیش کریں گے: غلام نبی آزاد

الیکشن کمیشن کے ذریعہ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے لیے تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس کے بعد کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’کانگریس ڈٹ کے مقابلہ کرے گی۔ کانگریس پارٹی کی کوشش ہوگی کہ ہم پانچوں ریاستوں میں انتخاب لڑیں گے اور اچھا کریں گے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ کانگریس کی فتح ہو جائے۔‘‘


26 Feb 2021, 5:31 PM

مغربی بنگال میں 8 مراحل میں ہوں گے اسمبلی انتخابات

مغربی بنگال میں 294 نشستوں کے لیے اسمبلی انتخابات ہونے ہیں اور الیکشن کمیشن نے اس کو 8 مراحل میں مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں 27 مارچ کو، دوسرے مرحلہ میں یکم اپریل کو، تیسرے مرحلہ میں 6 اپریل کو، چوتھے مرحلہ میں 10 اپریل کو، پانچویں مرحلہ میں 17 اپریل کو، چھٹے مرحلہ میں 22 اپریل کو، ساتویں مرحلہ میں 26 اپریل کو اور آٹھویں مرحلہ میں 29 اپریل کو ووٹرس اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے۔ نتائج 2 مئی کو برآمد ہوں گے۔

26 Feb 2021, 5:26 PM

تمل ناڈو اور پڈوچیری میں بھی 6 اپریل کو ہوگی پولنگ

الیکشن کمیشن نے تمل ناڈو ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ پڈوچیری میں بھی ایک ہی مرحلہ میں اسمبلی انتخاب کرانے کا اعلان کیا ہے۔ ان دونوں مقامات پر 6 اپریل کو لوگ حق رائے دہی کا استعمال کر پائیں گے۔


26 Feb 2021, 5:23 PM

کیرالہ میں ایک مرحلہ میں ختم ہوگا اسمبلی انتخاب

کیرالہ کی 140 نشستوں کے لیے اسمبلی انتخابات الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ایک مرحلہ میں کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ الیکشن کمشنر سنیل اروڑا نے بتایا کہ 6 اپریل کو ایک مرحلہ میں کیرالہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ووٹنگ کا عمل انجام پائے گا۔

26 Feb 2021, 5:20 PM

الیکشن کمیشن نے آسام میں تین مراحل میں اسمبلی انتخابات کا کیا اعلان

الیکشن کمشنر سنیل اروڑا نے اعلان کیا ہے کہ آسام میں اسمبلی انتخابات تین مراحل میں ہوں گے۔ پہلے مرحلے کے لیے پولنگ 27 مارچ کو، دوسرے مرحلے کی پولنگ یکم اپریل کو اور تیسرے مرحلے کی پولنگ 6 اپریل کو ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 2 مئی کو کی جائے گی۔


26 Feb 2021, 5:16 PM

یکم مئی سے قبل ختم ہوں گے 5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات

چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا 4 ریاستوں مغربی بنگال، آسام، تمل ناڈو، کیرالہ اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ پڈوچیری میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر رہے ہیں۔ پریس کانفرنس میں انھوں نے بتایا کہ سبھی علاقوں میں اسمبلی انتخابات یکم مئی سے قبل مکمل کر لیے جائیں گے۔ یہ فیصلہ اس لیے لیا گیا ہے کیونکہ بورڈ کے امتحانات ہونے والے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے یہ بھی بتایا کہ کئی طرح کے تہوار بھی ہونے والے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے یکم مئی سے قبل انتخابات مکمل کرانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔