اہم خبریں: ویشالی میں 986 کارٹن انگریزی شراب برآمد، تین گرفتار

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

26 Apr 2021, 7:03 PM

ویشالی میں 986 کارٹن انگریزی شراب برآمد، تین گرفتار

حاجی پور: بہار میں ویشالی ضلع پولیس نے مختلف تھانہ علاقوں سے 986 کارٹن انگریزی شراب کے ساتھ تین اسمگلروں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ذرائع نے سموار کو یہاں بتایا کہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے ضلع کے بیدو پور تھانہ علاقہ کے منیار پور گاﺅں باشندہ شراب اسمگلر چھوٹو کمار سنگھ کے گھر اتوار کی دیر رات چھاپے ماری کی۔ اس دوران موقع سے 500 کارٹن ہریانہ میں تیار انگریزی شراب کے ساتھ چھوٹو کمار سنگھ کو گرفتار کرلیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ضلع کے بھگوان پور تھانہ علاقہ کے عماد پور چوک سے اتوار کی دیر رات ایک ٹھکانے سے ٹرک پر لدی 486 کارٹن انگریزی شراب برآمد کی گئی ہے۔ موقع سے مغربی بنگال باشندہ شراب اسمگلر شوبھنکر دیو ناتھ اور کپی ڈے کو گرفتار کیا گیا ہے۔ برآمد کل 986 کارٹن انگریزی شراب کی قیمت قریب ایک کروڑ روپے ہے۔ گرفتار اسمگلروں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

26 Apr 2021, 5:33 PM

سیکورٹی فورسز نے کیا کشتواڑ کے چھترو جنگل سے اسلحہ و گولہ باردو بر آمد

جموں: سیکورٹی فورسز نے جموں کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے ایک جنگل سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس ذرائع نے کہا کہ ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فوج اور پولیس کی ایک ٹیم نے ضلع کشتواڑ کے چھترو جنگل علاقے میں اتوار کی شام ایک تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا، جس میں دو پستول، 40 گولیاں، دو وائرلس سیٹس اور دوسرا کچھ جنگی سامان شامل ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کشتواڑ میں تعینات فوج، پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز نے حالیہ مہینوں کے دوران ملی ٹنٹوں کے عزائم کو ناکام بناتے ہوئے اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا ہے۔

26 Apr 2021, 3:47 PM

وشال رندھاوا کا فضائیہ سے کوئی تعلق نہیں… فضائیہ

نئی دہلی: فضائیہ کا اسکواڈرن لیڈر ہونے کا دعوی کرنے والے وشال رندھاوا کے ایک خاتون کے بارے میں متنازعہ ٹوئٹ کے بعد فضائیہ نے واضح کیا ہے کہ اس نام کا کوئی شخص نہ تو فضائیہ میں تعینات ہے اور نہ ہی کبھی فضائیہ میں رہا ہے۔ اسکواڈرن لیڈر وشال رندھاوا کے نام کے ٹوئٹر ہینڈل سے ہی حال ہی میں ایک خاتون کے بارے میں قابل اعتراض ٹوئٹ کیا گیا، جس سے تنازعہ پیدا ہو گیا۔ فضائیہ نے اس کے بعد اس معاملے کی جانچ کے دوران واضح کیا ہے کہ فضائیہ میں اسکواڈرن لیڈر وشال رندھاوا نامی کوئی شخص نہ تو ہے اور نہ ہی کبھی رہا ہے۔ فضائیہ اس ٹوئٹر ہینڈل سے کیے گئے ٹوئٹ سے خود کو الگ کرتی ہے۔


26 Apr 2021, 2:57 PM

ملزم کریم اللہ نے جائیداد کے تنازعہ میں اپنی ماں، بھائی اور بہن کا کیا قتل

حیدرآباد: جائیداد کے تنازعہ میں ایک شخص نے اپنی ماں، چھوٹے بھائی اور چھوٹی بہن کو ہلاک کر دیا۔ یہ بیہمانہ واردات اے پی کے ضلع کڑپہ کے پرودوٹور میں پیر کو پیش آئی۔ پولیس نے کہا کہ ملزم کریم اللہ نے اپنی ماں گلزار بیگم، بھائی محمد رفیع اور بہن کریم النسا کو بندوق کے پچھلے حصہ سے اُس وقت حملہ کرکے ہلاک کر دیا جب وہ سو رہے تھے۔ بعد ازاں اس نے پولیس میں خودسپردگی اختیار کی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔

26 Apr 2021, 1:30 PM

کورونا کے خوف سے ایک شخص کی موت، مرنے کے بعد رپورٹ منفی نکلی

حیدرآباد: کورونا سے تلنگانہ میں جہاں کئی اموات ہو رہی ہیں، وہیں اس وبا کے خوف کے نتیجہ میں بھی بعض افراد کی موت واقع ہو رہی ہیں۔ معمولی بخار کو بھی بعض افراد کورونا سمجھ کر خوف کھا رہے ہیں اور اس مرض کے خوف سے ہی ان کی جان جا رہی ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ تلنگانہ کے نظام آباد میں پیش آیا، ضلع کے رنجل منڈل کے بورگم دیہات کا رہنے والا ایک شخص جس کی شناخت اشوک کے طورپر کی گئی ہے، چند دن پہلے معمولی بخار کا شکار ہوگیا۔ اس کو یہ شبہ ہوگیا کہ وہ کورونا سے متاثر ہوگیا ہے، اسی شبہ میں وہ اپنا معائنہ کروانے کے لئے پبلک ہیلت سنٹر پہنچا جہاں اس کا کورونا کا معائنہ کیا گیا۔ اپنے معائنہ کے لئے نمونہ دینے کے بعد وہ درخت کے نیچے اس معائنہ کی رپورٹ کا انتظار کررہا تھا۔ اس میں اس مرض سے متعلق اتنا زیادہ خوف تھا کہ درخت کے نیچے بیٹھے بیٹھے ہی وہ اچانک فرش پر گرپڑا اور اسی خوف کے عالم میں اس کی موت ہوگئی۔ اس کو خدشہ تھا کہ اس کی رپورٹ مثبت آئے گی، تاہم اس کے اس دنیا سے چلے جانے کے بعد اس کی رپورٹ منفی آئی۔ اس کی موت کی اطلاع مقامی افراد کی جانب سے اس کی بیوی کو دی گئی، جو وہاں پہنچی۔ اس کی بیوی جو اپنے شوہر کی موت کے غم سے نڈھال تھی، اس کی لاش سے لپیٹ کر رونے لگی۔ اس عجیب وغریب واقعہ کی اطلاع دیہات میں تیزی سے پھیل گئی۔


26 Apr 2021, 11:27 AM

سر گنگا رام اسپتال کے منیجر نے کہا- اسپتال بھیک مانگنے اور قرض لینے کی پوزیشن میں آگیا

دہلی کے سر گنگا رام اسپتال کے منیجر نے بتایا کہ اسپتال بھیک مانگنے اور قرض لینے کی پوزیشن میں ہے۔ یہ بڑے بحران کی صورتحال ہے۔ اسپتال میں 2 سلنڈر کا انتظام کیا گیا ہے جو جلد ختم ہوجائے گا۔

26 Apr 2021, 10:12 AM

24 گھنٹوں میں کورونا کے 3.53 لاکھ نئے معاملے، 2812 لوگوں کی موت

کورونا وائرس کے انفیکشن کی دوسری لہر سے ملک میں خوف و ہراس پھیلتا ہی جا رہا ہے۔ وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا کے نئے کیسز کی آمد کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی کل تعداد ایک کروڑ 73 لاکھ 13 ہزار 163 ہوگئی ہے۔ پچھلے چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 352991 نئے معاملات رونما ہوئے ہیں، جبکہ 2812 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔


26 Apr 2021, 7:41 AM

بنگال میں ساتویں مرحلے کے لئے ووٹنگ شروع

کورونا وبا کے بڑھتے قہر کو مدِ نظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ سخت پابندیوں اور سیکورٹی کے سخت انتظامات کے درمیان مغربی بنگال میں آٹھ مراحل میں ہو رہے اسمبلی انتخابات کے ساتویں مرحلے میں 34 اسمبلی سیٹوں کے لئے ووٹنگ شروع ہو گئی۔ آج ریاست کے پانچ اضلاع کی 36 سیٹوں پر انتخابات ہونے تھے۔ لیکن شمشیر گنج اور جنگی پور کے علاقوں میں امیدواروں کی موت کے سبب اب کل 34 سیٹوں پر 37 خواتین امیدواروں سمیت کل 268 امیدواروں کی قسمت داؤ پر لگی ہے۔ الیکشن کمیشن نے شمشیر گنج اور جنگی پور اسمبلی حلقوں کے لئے دوبارہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے ۔ ان دونوں جگہوں پر اب 16 مئی کو انتخابات ہوں گے۔
ریاست میں اب تک چھ مرحلوں کے انتخابات میں 294 اسمبلی سیٹوں میں سے 223 سیٹوں پر پولنگ مکمل ہوچکی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ساتویں مرحلے کے انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور پرامن کرانے کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ پولنگ مراکز پر بڑی تعداد میں مرکزی اور ریاستی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔