اہم خبریں: ریلوے کے وزیر مملکت سریش انگاڑی کا انتقال، کورونا پازیٹو پائے گئے تھے

تصویر سوشل میڈیا 
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

23 Sep 2020, 9:56 PM

ریلوے کے وزیر مملکت سریش انگاڑی کا انتقال، کورونا پازیٹو پائے گئے تھے

مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے سریش انگاڑی کا آج انتقال ہو گیا ۔ سریش انگاڑی کورونا انفیکشن کی وجہ سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ اس مہینے کی شروعات میں سریش انگاڑی کورنا سے متاثر پائے گئے تھے لیکن اس وقت وہ ایسمپٹو میٹک تھے ۔ سریش انگاڑی کے انتقال نے سیاسی گلیاروں میں بڑی دستک دی ہے جس کی وجہ سے خوف میں اضافہ ہو گیا ہے۔

23 Sep 2020, 8:01 PM

بہار میں ملے کورونا کے 1598 نئے معاملے

پٹنہ: بہار کے سبھی اڑتالیس اضلاع میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا انفیکشن کے 1598 نئے معاملوں کی تصدیق سے ریاست میں کل پازیٹو کی تعداد بڑھ کر 173063 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت نے بدھ کو 22 ستمبر کی جانچ رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ پٹنہ ضلع میں سب سے زیادہ 219 متاثرین ملے ہیں۔ اس کے بعد مظفر پور میں 89، پورنیہ میں 72، سپول میں 71، گوپال گنج میں 66، مدھے پورا میں 62، نالندہ میں 60، لکھی سرائے میں 59، ارریہ میں 58، سہرسہ میں 57، مغربی چمپارن میں 55، کشن گنج میں 46، بھاگلپور میں 43 اور ویشالی میں 41 افراد کووڈ۔19 کا شکار ہوئے ہیں۔

اسی طرح ارول اور سارن میں 40-40، بانکا میں 39، مشرقی چمپارن اور مدھوبنی میں 37-37، گیا میں 36، رہتاس میں 33، اورنگ آباد میں 32، مونگیر میں 23، کیمور میں 22، سمستی پور میں 18، بیگوسرائے میں 17، بکسراور سیتامڑھی میں 16-16، کٹیہار میں 15، سیوان میں 12، بھوجپور میں 11، شیوہر میں 10 اور کھگڑیا میں چھ افراد کے پازیٹو ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

23 Sep 2020, 6:57 PM

محبوبہ مفتی کی رہائی کے لیے بیٹی التجا سپریم کورٹ پہنچیں

نئی دہلی: جموں کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی رہائی کا معاملہ اب سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے۔ محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی نے اپنی ماں کی رہائی کے لیے عدالت عظمیٰ میں پروانہ حاضری ملزم کی درخواست دائر کی ہے۔ التجا مفتی کاالزام ہے کہ ان کی ماں محبوبہ مفتی کو پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے)کے تحت غیرقانونی طریقہ سے حراست میں لیا گیا ہے۔ انہیں فروری میں اس قانون کے تحت حراست میں لیا گیا تھا اور وہ ابھی تک حراست ہی میں ہیں۔


23 Sep 2020, 5:55 PM

سدرشن نیوز پروگرام معاملے میں پانچ اکتوبر تک سماعت ملتوی

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بدھ کے روز سدرشن نیوز کے 'بنداس بول' شو کے خلاف درخواست کی سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس اندو ملہوترا اور جسٹس کے ایم جوزف پر مشتمل ڈویژن بنچ نے فیروز اقبال کی درخواست کی اگلی سماعت کے لئے 5 اکتوبر دوپہر 2 بجے کا وقت مقرر کیا۔ سماعت کے دوران مرکزی حکومت کی طرف سے پیش، سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے ڈویژن بنچ کو آگاہ کرایا کہ مرکز نے سدرشن نیوز چینل کو آج ہی چار صفحات کا نوٹس جاری کیا ہے۔ مہتا نے کہا کہ ’وجہ بتاؤ ‘ نوٹس میں پوچھا گیا ہے کہ چینل پروگرام کوڈ کی خلاف ورزی کے معاملے میں 28 ستمبر کی شام 5 بجے تک اپنا موقف پیش کرے کہ اس کے خلاف کارروائی کیوں نہ کی جائے؟ انہوں نے کہا کہ اگر نوٹس کا جواب نہیں دیا گیا تو یکطرفہ فیصلہ کیا جائے گا۔ سالیسیٹر جنرل نے اعتراف کیا کہ پہلی نظر میں چینل کا پروگرام کوڈ کے مطابق نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ہی مہتا نے سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کرنے کی درخواست کی۔ اس پر عدالت نے معاملے کی سماعت 5 اکتوبر دوپہر دو بجے تک کے لئے ملتوی کردی۔

23 Sep 2020, 4:48 PM

اسرائیل میں کورونا کے 2445 نئے کیسز

یروشلم: اسرائیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس کے 2445 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 193374 ہوگئی۔ وزارت صحت کے مطابق اسرائیل میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12 بڑھ کر 1285 پر پہنچ گئی ہے جب کہ اس وقت 1352 مریض اسپتال میں داخل ہیں، جن میں سے تقریباً 668 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں 3971 مریضوں کے صحت یاب ہونے سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد اب 140751 تک پہنچ چکی ہے اور ملک میں فی الحال 51338 ایکٹو کیسز موجود ہیں۔


23 Sep 2020, 3:59 PM

روس کے اپوزیشن لیڈر نولنی اسپتال سے ڈسچارج

برلن: نرو ایجنٹ کے ذریعہ زہر دیئے جانے کے بعد سے یہاں ایک اسپتال میں بھرتی روس کے اپوزیشن لیڈر الیکسی اناتولوچ نولنی کو بدھ کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ اسپتال نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’الیکسی نولنی مجموعی طور سے 32 دنوں تک چیریٹے میں علاج کیا گیا جن میں سے چوبیس دن وہ آئی سی یو میں تھے۔ مریض کی تیزی سےٹھیک ہونے اور موجودہ صورت حال کی بنیاد پر ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ پوری طرح سے ٹھیک ہوجانا ممکن ہے۔‘‘ اسپتال نے حالانکہ کہا ہے کہ انہیں دیئے گئے زہر کے طویل مدتی اثرات کا فی الحال اندازہ لگانا جلد بازی ہوگی۔ نولنی کو 20 اگست کو نرو ایجنٹ کے ذریعہ مبینہ طور سے زہردیا گیا تھا اور انہیں سنگین حالت میں اسپتال میں بھرتی کرایا گیا تھا۔

23 Sep 2020, 2:56 PM

جگن ریڈی نے رشوت معاملات سے بچنے کے لئے دہلی کا دورہ کیا... تلگودیشم

حیدرآباد: تلگودیشم پارٹی کے سینئر لیڈر وسابق وزیر نکاآنند بابو نے الزام لگایا ہے کہ اے پی کے وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی کے دورہ قومی دارالحکومت کا مقصد دہلی کے لیڈروں کی حمایت حاصل کرنا ہے تاکہ عوام کے وسیع ترمفادات کے بجائے رشوت خوری کے معاملات سے بچا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تک کہ بی جے پی کی حلیف جماعتیں زرعی بلز پر مرکز پر نکتہ چینی کر رہی ہیں، وائی ایس آرکانگریس کے ارکان پارلیمنٹ حکومت کی ستائش کر رہے ہیں اور حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے وائی ایس آرکانگریس کے ارکان پارلیمنٹ سے زرعی بلز پر بی جے پی کی حمایت کرنے پر غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔


23 Sep 2020, 1:57 PM

پولیس اسٹیشن اونتی پورہ میں آگ، ایس او جی عمارت کو جزوی نقصان

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں پولیس اسٹیشن اونتی پورہ میں بدھ کی صبح آگ لگ گئی جس سے ایک عمارت کو جزوی نقصان پہنچا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن اونتی پورہ میں اسپیشل آپریشن گروپ کی ایک عمارت میں بدھ کی صبح قریب سوا آٹھ بجے آگ لگ گئی جس سے عمارت کی پہلی منزل اور چھت کو جزوی نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ وہاں موجود پولیس اہلکاروں اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے اہلکاروں نے آگ کو بیس منٹوں کے اندر اندر ہی قابو میں پا لیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ آگ کی وجہ بظاہر شارٹ سرکٹ ہے تاہم اس واردات میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

23 Sep 2020, 12:56 PM

اے سی پی نرسمہا ریڈی کے مکان کی لی اے سی بی نے تلاشی

حیدرآباد: تلنگانہ میں ملکاجگری کے اے سی پی نرسمہا ریڈی کے مکان کی اے سی بی نے تلاشی لی، آمدنی سے زائد اثاثہ جات رکھنے کے معاملہ میں اے سی بی کی ٹیموں نے ان کے ساتھ ساتھ ان کے رشتہ داروں اور دوستوں کے مکانات کی تلاشی لی۔ ان ٹیموں کی جانب سے 12 مقامات پر ایک ساتھ یہ تلاشی لی گئی۔ قبل ازیں اُپل کے سرکل انسپکٹر کے طور پر خدمات انجام دینے کے دوران ان کی جانب سے مبینہ طور پر آمدنی سے زائد اثاثہ جات رکھنے کا الزام ہے۔ حیدرآباد کے مہیندرا ہلز، ڈی ڈی کالونی،عنبرپیٹ، اُپل کے ساتھ ساتھ ضلع ورنگل میں تین، کریم نگر میں دو، نلگنڈہ میں دو اور اننت پور میں دومقامات پر یہ تلاشی لی گئی۔


23 Sep 2020, 11:56 AM

بہرائچ میں کار درخت سے ٹکرا ی،4 افراد ہلاک،6 شدید زخمی

بہرائچ: بدھ کی صبح اتر پردیش کے ضلع بہرائچ کے ہردی علاقہ میں ایک تیز رفتار کار کے درخت سے ٹکرانے کے نتیجے میں چار افراد کی موت ہوگئی، جبکہ چھ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ بدھ کے روز پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وپن کمار مشرا نے بتایا کہ سدھارت نگر میں ہریدوار سے تیترا بازار جانے والی ماروتی ایکو کار چوکی رام پروا علاقے میں انجیر کے درخت سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں زخمی ہونے والوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں علاج کے دوران نیتا دیوی (42)، نشا (7) مشراوتی (44) اور ریٹا دیوی (40) کی موت ہوگئی، جبکہ وکاس (32)، انکت (17)، سنگیتا (23)، وشال (15)، سچیچدانند پاٹھک اور دلیپ کمار (24) کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سچیدانند پاٹھک کو تشویشناک حالت میں ٹراما سینٹر لکھنؤ ریفر کردیا گیا ہے۔ کار میں 10 افراد سوار تھے۔ پہلی نظر میں حادثہ کی وجہ ڈرائیورکو جھپکی آنا بتایا جا رہا ہے۔

23 Sep 2020, 10:30 AM

پی ایم مودی نے پڑوسی ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات برباد کر دیئے: راہل

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر ہندوستان کے پڑوسی ممالک سے تعلقات خراب کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پڑوس میں بغیر دوست کے رہنا بہت خطرناک ہوتا ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ’’مسٹر مودی نے تعلقات کے اس جال کو برباد کر دیا جسے کانگریس نے قائم کیا اور عشروں تک ان کو تقویت فراہم کی۔ پڑوس میں بغیر کسی دوست کے رہنا کافی خطرناک ہوتا ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے ’دی اکنامسٹ‘ کی ایک خبر کا اسکرین شاٹ بھی اپنے ٹوئٹ کے ساتھ شیئر کیا ہے جس کی سرخی ’بنگلہ دیش کے تعلقات ہندوستان کے ساتھ کمزور ہونے کے ساتھ اس کے تعلقات چین کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔‘


23 Sep 2020, 8:48 AM

ممبئی میں زبردست بارش، سڑکوں پر بھرا پانی،لوگ پریشان

ممبئی میں ہونے والی زبردست بارش کی وجہ سے عام لوگ پریشان ہو گئے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ اس بارش کی وجہ سے جگہ جگہ پانی بھر گیا ہے اور سڑکیں تالاب جیسی ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے گھنٹوں تک لوگوں کی گاڑیاں پانی میں پھنسی رہیں۔اس بارش نے ٹرینوں کی آمد و رفت کو بھی بری طرح متاثر کیا۔

23 Sep 2020, 8:07 AM

امریکی صدارتی الیکشن، ٹویٹر یوزرس کو ’پُش الرٹ‘ بھیجے گا

ٹویٹر امریکہ میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں ووٹنگ کی خاطر حوصلہ افزائی کی غرض سے اپنے یوزرس کو ’پُش الرٹ‘ اور ٹائم لائن نوٹیفیکیشن بھیجے گا۔امریکی اخبار یو ایس ٹوڈے نے منگل کے روز اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔
رپورٹ کے مطابق ٹویٹر اپنے یوزرس کو ووٹ دینے کے لیے رجسٹریشن کے لیے زبانی حوصلہ افزائی کے علاوہ ’ٹربو ووٹ‘ آن لائن ٹول کے ذریعے سے اپنے رجسٹریشن کی تصدیق کرنے کے لیے اشارہ دے گا۔ اسی کے ساتھ ووٹر رجسٹریشن کے بارے میں زیادہ معلومات کے لیے ’ٹویٹر مومینٹ‘ کا لنک بھی دے گا۔ امریکہ میں آئندہ تین نومبر کو صدارتی الیکشن کے لیے ووٹنگ ہے۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ دوبارہ ریپبلیکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار ہیں جبکہ سابق نائب صدر جو بائیڈن ڈیموکریٹ امیدار کے طور پر انتخابی میدان میں ہیں۔


23 Sep 2020, 7:26 AM

مشہور عالم دین اور سابق ایم پی مولانا عبیداللہ اعظمی اور اہلیہ علیل

مشہور عالم دین اور مسلم مسائل پر بلامذہب وملت بے باکی سے ایوان میں آواز اٹھانے والے سابق ایم پی مولانا عبیداللہ اعظمی اوران اہلیہ علالت کی وجہ سے جنوبی ممبئی کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
باوثوق ذرائع کے مطابق گورے گاؤں میں آرے کالونی میں واقع ایک ہاؤسنگ سوسائٹی میں رہائش پذیر مولانا عبیداللہ اعظمی اور ان اہلیہ کو شدید علالت کے سبب جنوبی ممبئی میں منتقل کیا گیا اور وہ کئی دنوں سے زیر علاج ہیں۔بتایا جاتاہے کہ مولانا عبیداللہ اعظمی کی حالت کچھ بہتر ہے ،لیکن ان کی اہلیہ سخت نگہداشت میں رکھی گئی ہیں۔کورونا وائرس کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ان کے قریبی حضرات نے ان کی شفایابی اور صحت مندی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔