اہم خبریں LIVE: اتر پردیش میں ٹھنڈ اور کہرے کا قہر رہے گا جاری

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

23 Jan 2021, 7:29 PM

اتر پردیش میں ٹھنڈ اور کہرے کا قہر رہے گا جاری

لکھنئو: شدید ٹھنڈ کا سامنا کرنے والے اترپردیش کے لوگوں کو فی الحال سردی اور کہرے سے نجات ملنے کے آثار نہیں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے میں ریاست کے بیشتر اضلاع میں گھنا کہرا رہنے کا امکان ہے۔ اس عرصے میں زیادہ تر علاقوں میں سخت سردی کا قہر جاری رہنے کا امکان ہے۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر بھی ٹھنڈ اور کہرے کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران موسم عام طور پر خشک رہے گا اور سردی سے نجات مل سکتی ہے حالانکہ سرد لہر چلنے کے اثر سے ٹھنڈ کے تیور تلخ رہنے کا امکان ہے۔

23 Jan 2021, 6:29 PM

نیتا جی جینتی تقریب میں لگے جے شری رام کے نعرے، ممتا بنرجی نے کیا پروگرام کا بائکاٹ

کلکتا: کولکتا کے وکٹوریہ میموریل میں وزیر اعظم مودی کی موجودگی میں منعقد نیتا جی جینتی تقریب میں لگے جے شری رام کے نعرے کے بعد سی ایم ممتا بنرجی نے پروگرام کا بائیکاٹ کیا ہے۔ جیسے ہی تقریر کے لئے ممتا کے نام کا اعلان کیا گیا، ویسے ہی بی جے پی کارکنان نے جے شری رام کے نعرے لگانے شروع کر دیئے۔

23 Jan 2021, 5:29 PM

عصمت دری کے الزام میں چار افراد کے خلاف مقدمہ درج

ستنا: مدھیہ پردیش میں ضلع ستنا کے کول گاواں تھانے میں ایک لڑکی نے چار افراد کے خلاف اجتماعی عصمت دری کا مقدمہ درج کرایا ہے۔پولس ذرائع نے آج بتایا کہ کول گاواں تھانہ علاقہ کے بدکھر کی رہنے والی ایک لڑکی کو زبردستی جیپ میں بیٹھا کر اسے کسی سنسان جگہ پر لے جاکر عصمت دری کرنے کے الزام میں چندن یادو، جے پال یادو، ستیندر اور پنجابی ڈوہر کے خلاف گزشتہ روز مقدمہ درج کیا گیا ہے۔


23 Jan 2021, 4:29 PM

شمالی کشمیر کے کپوارہ میں غیر مقامی خاتون کی لاش بر آمد

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں ہفتے کی صبح ایک غیر مقامی ذہنی طور معذور خاتون کی لاش بر آمد کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ ضلع کپوارہ میں ایک غیر مقامی ذہنی طور معذور خاتون گزشتہ قریب آٹھ برسوں سے گھومتی پھرتی تھی جس کی لاش ہفتے کی صبح رگی پورہ پل کے نزدیک پائی گئی۔ دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاش کو طبی لوازمات کی ادائیگی کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور اس ضمن میں مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔

23 Jan 2021, 3:27 PM

کورونا ویکسین کی 20 لاکھ خوراک ہندوستان سے برازیل پہنچیں

ریو ڈی جنیرو: ایسٹرازینیکا اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے تیار کورونا ویکسین کی 20 لاکھ خوراک لے کر جمعہ کے روز ہندوستان سے ایک طیارہ برازیل پہنچا۔ گلوبونیوز براڈکاسٹر کے مطابق جمعہ کی دیر رات برازیل کے ساؤ پاؤلو ریاست میں گوارولوس بین الاقوامی ہوائی اڈے پر طیارہ اترا۔ قابل ذکر ہے کہ لاطینی امریکی ملک برازیل نے ایسٹرازینیکا اور چین کی سینووَیک کمپنی کی جانب سے تیار ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کو منظوری دے دی ہے۔ کورونا کے کل کیسز کے مقابلے برازیل امریکہ اور ہندوستان کے بعد پوری دنیا میں تیسرے مقام پر ہے۔ یہاں اب تک کورونا کے 87 لاکھ سے زیادہ کیسز سامنے آ چکے ہیں اور 215000 سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔


23 Jan 2021, 2:14 PM

ملک میں ایک نہیں کئی راجدھانیاں ہونی چاہئیں، ممتا بنرجی

ممتا بنرجی نے کہا، ’’میرا خیال ہے کہ ہندوستان میں 4 راجدھانیاں ہونی چاہئیں۔ انگریزوں نے پورے ملک پر راج کیا اور کولکاتا کو راجدھانی بنایا تھا۔ پورے ملک میں ایک ہی راجدھانی کیوں رہنی چاہیے۔‘‘

23 Jan 2021, 12:38 PM

شمالی کوریا کے حل کے لیے شراکت داروں کے ساتھ کام کر رہے ہیں: وائٹ ہاؤس

واشنگٹن: امریکہ اپنے شراکت داروں کے ساتھ شمالی کوریا کے حل کے لیے کام کر رہا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جین ساکی نے اس کی اطلاع دی۔ ساکی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا،’امریکہ شمالی کوریا کے حل کے لیے اپنے شراکت داروں کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ امریکہ جنوبی کوریا، جاپان اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مذاکرہ کرکے شمالی کوریا کے لیے نئے لائحہ عمل پر کام کر رہا ہے‘۔ انہوں نے کہا،’ہم واضح طور پر شمالی کوریا کے حل کے لیے خاص دلچسپی رکھتے ہیں‘۔


23 Jan 2021, 11:06 AM

’بی جے پی لیڈران کتنا بھی تمل ناڈو آئیں، یہاں کنول نہیں کھلنے والا‘

ڈی ایم کے کی لیڈر کنی موجی نے کہا، ’’بی جے پی کے لیڈران چاہے جتنی بار تمل ناڈو میں آئیں، یہاں کنول نہیں کھلنے والا۔‘‘ کنی موجی رامیشورم میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہی تھیں۔

23 Jan 2021, 10:06 AM

ہندوستان میں کورونا کے 14 نئے کیسز، 17 ہزار افراد شفایاب، 152 اموات

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 14256 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، اس دوران 17130 افراد نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 152 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

کیسز کی مجموعی تعداد - 10639684

فعال کیسز کی تعداد - 185662

شفایاب افراد کی تعداد - 10300838

اموات کی مجموعی تعداد - 153184

ٹیکہ لگوا چکے افراد - 1390592

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔