اہم خبریں: بہار کے ڈائریکٹر جنرل آف پولس گپتیشور پانڈے رضاکارانہ طور پر سبکدوش!

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

23 Sep 2020, 12:18 AM

بہار کے ڈی جی پی گپتیشور پانڈے رضاکارانہ سبکدوش، سیاست میں اترنے کا امکان

پٹنہ: بہار کے ڈائریکٹر جنرل آف پولس (ڈی جی پی) گپتیشور پانڈے 22 ستمبر کو رضاکارانہ طور پر سبکدوش (وی آر ایس) ہو گئے۔ سنہ 1978 بیچ کے انڈین پولس سروس (آئی پی ایس) کے افسر مسٹر پانڈے کی رضاکارانہ سبکدوشی کو محکمہ داخلہ نے منظور کر لیا۔ مسٹر پانڈے کو 31 جنوری 2019 کو بہار کا ڈی جی پی بنایا گیا تھا۔ ان کی مدت کار 28 فروری 2021 تک تھی۔ یہ سمجھا جاتا ہے کہ پانڈے پولس کی نوکری چھوڑنے کے بعد سیاست میں نئی پاری کا آغاز کریں گے۔ ممکن ہے کہ بہار میں اس بار کے اسمبلی انتخابات میں انھیں بکسر سیٹ سے بر سر اقتدار جنتا دل یونائیٹیڈ (جے ڈی یو) کا امیدوار بنایا جائے۔

محکمہ پولس میں گپتیشور پانڈے 33 سال اپنی خدمات دے چکے ہیں۔ پولس افسر سے لے کر ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولس، انسپکٹر جنرل اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولس تک کے سفر میں پانڈے 26 اضلاع میں کام کر چکے ہیں۔ سنہ 1993-94 میں وہ بیگوسرائے اور 1995-96 میں جہان آباد کے پولس افسر رہ چکے ہیں۔ وہ کمیونٹی پولسنگ کے لیے معروف ہیں۔

22 Sep 2020, 11:29 PM

دلچسپ مقابلے میں راجستھان نے چنئی کو 16 رنوں سے دی شکست

چنئی سپر کنگز نے آخر کے اووروں میں بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا لیکن 217 رنوں کا ہدف وہ حاصل نہیں کر سکی۔ فاف ڈوپلیسی کے بعد چنئی کے کپتان مہندر سنگھ دھونی تیزی کے ساتھ رن بنائے لیکن ٹیم 20 اوور میں 200 رن ہی بنا سکی۔ دھونی نے 17 گیندوں پر 29 رن بنائے اور آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔

22 Sep 2020, 11:20 PM

فاف ڈوپلیسی 72 رن بنا کر آؤٹ، چنئی کی امیدیں بھی ختم

تیز بلے بازی کر رہے فاف ڈوپلیسی 19ویں اوور میں جوفرا آرچر کی گیند پر آؤٹ ہو گئے ہیں۔ اس وکٹ کے ساتھ چنئی کی امیدیں بھی ختم ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہیں، کیونکہ اب تقریباً ہر گیند پر چھ رن بنانے ہوں گے۔ ڈوپلیسی نے 72 رن کا اسکور بنایا۔


22 Sep 2020, 11:15 PM

چنئی کے بلے باز فاف ڈوپلیسی کی نصف سنچری مکمل

راجستھان کے خلاف چنئی کی حالت کچھ دیر پہلے تک بہت خراب تھی لیکن فاف ڈوپلیسی کے ذریعہ طوفانی بلے بازی شروع ہو گئی ہے جس سے میچ دلچسپ ہو گیا ہے۔ ڈوپلیسس نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کر لی ہے اور آئی پی ایل سیزن 13 میں یہ ان کی لگاتار دوسری نصف سنچری ہے۔ اس وقت چنئی کا اسکور 17 اوور میں 5 وکٹ پر 159 رن ہے اور ڈوپلیسس 29 گیندوں پر 55 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔

22 Sep 2020, 10:59 PM

چنئی سپر کنگز کی نصف ٹیم پویلین واپس، 14 اوور کے بعد اسکور 115/5

راجستھان کے خلاف چنئی سپر کنگز کی حالت خراب ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ کیدار جادھو 16 گیند میں 22 رن بنا کر پانچویں وکٹ کی شکل میں پویلین لوٹ چکے ہیں۔ اس وقت چنئی سپر کنگز کا اسکور 14 اوور کے بعد 115 رن ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو چنئی کو جیت کے لیے 36 گیندوں پر 102 رن بنانے ہوں گے۔


22 Sep 2020, 10:31 PM

راجستھان بمقابلہ چنئی: مشکل میں دھونی کی ٹیم، چوتھا وکٹ آؤٹ

راجستھان رائلز کے 216 رن کا پیچھا کرتے ہوئے چنئی سپر کنگز کا چوتھا وکٹ گر گیا ہے۔ سیم کرن جو کہ تیز رفتاری کے ساتھ رن بنا رہے تھے، 6 گیندوں پر 17 رن بنا کر آؤٹ ہوئے اور پھر ان کے بعد گائیکواڈ بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ اس وقت چنئی سپر کنگز کا اسکور 9 اوور میں 77 رن پر 4 وکٹ ہے۔

22 Sep 2020, 9:31 PM

راجستھان نے چنئی سپر کنگز کو جیت کے لیے دیا 217 رنوں کا ہدف


22 Sep 2020, 9:00 PM

چنئی بمقابلہ راجستھان: 17 اوور میں راجستھان کا اسکور 173/6

بہترین شروعات کے بعد راجستھان کی ٹیم لگاتار وکٹ گنوا رہی ہے۔ 17 اوور میں ٹیم کے 6 وکٹ گر چکے ہیں اور 173 رن بورڈ پر ہیں۔ چنئی سپر کنگز کے گیندباز واپسی کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، حالانکہ راجستھان کے کپتان اسمتھ کریز پر موجود ہیں اور انھوں نے 44 گیندوں پر 67 رن بنا لیے ہیں۔

22 Sep 2020, 8:32 PM

راجستھان کے بلے باز سنجو سیمسن 32 گیندوں میں تیز طرار 74 رن بنا کر آؤٹ

راجستھان کی ٹیم اس وقت بہت اچھی بلے بازی کر رہی ہے۔ 12 اوور میں اس نے 3 وکٹ کے نقصان پر 134 رن بنا لیے ہیں۔ حالانکہ طوفانی بلے بازی کر رہے سنجو سیمسن بارہویں اوور کی چوتھی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے لیکن انھوں نے 32 گیندوں پر 74 رن بنا ڈالے۔ سنجو سیمسن کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈیوڈ ملر بلے بازی کرنے آئے تھے لیکن وہ بارہویں اوور کی آخری گیند پر دو رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے۔


22 Sep 2020, 8:21 PM

چنئی بمقابلہ راجستھان: سنجو سیمسن کی دھواں دھار بلے بازی، 8 اوور میں راجستھان کا اسکور 96/1

چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے راجستھان کے خلاف آج ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا، لیکن ان کا یہ فیصلہ اب تک مناسب ثابت نہیں ہوا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ 8 اوور میں ہی راجستھان رائلز کے بلے بازوں نے 96 رن بنا لیے ہیں اور اس کا صرف ایک وکٹ ہی آؤٹ ہوا ہے۔ خصوصی طور پر سنجو سیمسن نے تیز رفتاری کے ساتھ کھیلتے ہوئے محض 19 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کر لی اور اس وقت وہ 21 گیندوں پر 57 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ دوسری طرف راجستھان کے کپتان اسٹیو اسمتھ 22 گیندوں پر 31 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔ آؤٹ ہونے والے بلے باز یششوی جیسوال ہیں جنھوں نے 6 گیندوں پر 6 رن بنائے۔

22 Sep 2020, 7:54 PM

رسی سے گلا گھونٹ کر شوہر کو قتل کردیا

شری گنگا نگر: راجستھان کے چورو ضلع میں ہمیرواس تھانہ علاقے میں ایک خاتون کے ذریعہ اپنے شوہر کا رسی سے گھلا گھونٹ کر قتل کردیئے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ متوفی جوان کی لاش تقریباً چوبیس گھنٹوں تک گھر کے کمرے میں پڑی رہی۔ اس کی اہلیہ نے تھانے میں فون کرکے بتایا کہ اس نے اپنے شوہر کو قتل کردیا ہے۔ اس پر پولس جائے واقع پر پہنچ کر لاش کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ تھانہ انچارج سبھاش بشنوئی نے بتایا کہ راج گڑھ جھنجھنو مارگ پر مینڈریلا گاؤں سے تقریباً پانچ کلومیٹر ساکھن تال گاؤں میں ایک نوجوان نرمل جاٹ (32) کے قتل کرنے کے الزام میں اس کی بیوی نیرج (28) پر معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔ متوفی کی بیوی نیرج نے پولس کی تفتیش میں بتایا کہ اس نے پرسوں اتوار۔پیر کی رات کو اپنے شوہر نرمل کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔


22 Sep 2020, 6:55 PM

دنیا کے لئے مثالی ہوگی 'یو پی فلم سٹی'... یوگی

لکھنؤ: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے فلمی دنیا کو تیقن دیا ہے کہ 50سال کی ضرورتوں کو دھیان میں رکھ کر ریاست میں فلم سٹی تعمیر کی جائے گی جو نہ صرف فلمی دنیا کی کسوٹی پر کھری اترے گی بلکہ پوری دنیا کے لئے ایک نظیر پیش کرے گی۔جمنا۔ایکسپرے وے سیکٹر۔21 پر تقریبا ایک ہزار ایکڑ میں مجوزہ فلم سٹی کے سلسلے میں یوگی آدتیہ ناتھ منگل کو سنیما کے معروف ہستیوں سے مخاطب تھے جس میں انوپ کھیر، پریش راول، ادت نارائن، نتین دیسائی، کیلاش کھیر، انوپ جلوٹا،اشوک پنڈت، ستیش کوشک سمیت دیگر معروف شخصیات موجود تھے۔

22 Sep 2020, 6:02 PM

ارریہ میں 40 لاکھ روپے کی انگریزی شراب برآمد، ایک گرفتار

ارریہ: بہار میں ارریہ ضلع کے نگر تھانہ علاقہ سے پولیس نے ٹرک سے کثیر مقدار میں انگریزی شراب کے ساتھ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ ایکسائز سپرنٹنڈنٹ امریش کمار نے منگل کو یہاں بتایا کہ ٹول پلازہ پر سموار کی دیر رات ایک ٹرک کو روک کر تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران ٹرک سے 3923 لیٹر انگریزی شراب برآمد کی گئی ہے۔ برآمد شراب مغربی بنگال کے مالدہ سے بہار کے مظفر پور کی جانب لائی جارہی تھی۔ برآمد شراب کی قیمت قریب 40 لاکھ روپے ہے۔ امریش کمار نے بتایا کہ ٹرک ڈرائیور مالدہ باشندہ دلیپ کمار کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس اس سے تفتیش کر رہی ہے۔


22 Sep 2020, 5:00 PM

اکھنور سیکٹر کے قریب ایل او سی سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

جموں: سیکورٹی فورسز نے جموں کے مضافاتی علاقہ اکھنور میں منگل کے روز اسلحہ و گولہ باردو برآمد کیا ہے جس کے بارے میں شک کیا جاتا ہے کہ یہ سامان ڈرون کے ذریعے ڈالا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور فوج کی ایک مشترکہ ٹیم نے اکھنور علاقے میں لائن آف کنٹرول کے اندر ایک تلاشی آپریشن کے دوران منگل کے روز اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسلحہ وہاں غالباً ڈرون کے ذریعے ڈالا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران ایک بیگ برآمد کیا گیا جس میں 2 اے کے رائفلز، 3 اے کے میگزین، 90 اے کے گولیاں، 2 پستول اور ان کے میگزین پائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے اور یہ علاقہ اس جگہ پر واقع ہے جہاں ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد ملتی ہے۔

22 Sep 2020, 3:57 PM

چوکی انچارج سمیت پانچ پولیس اہلکار معطل

دیوریا: اترپردیش کے ضلع دیوریا کے بہار سرحد پر واقع کھام پار تھانے کی پولیس چوکی انچارج سمیت پانچ پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان نے یہاں بتایا کہ بہار سرحد پر کھام پار تھانے کی بھنگاری بازار پولیس چوکی انچارج نے بہار جا رہی 18 پیٹی غیر قانونی شراب ضبط کی تھی۔ چوکی انچارج سمیت پولیس اہلکاروں پر الزام لگا ہے کہ برآمد شراب میں سے آدھے سے زیادہ شراب کو استعمال کرلیا گیا ہے اور صرف آٹھ پیٹی شراب کی برآمدگی دکھائی گئی۔ شکایت کے بعد ایس پی نے اس کی جانچ کرائی جانچ میں 18 پیٹی شراب میں سے 8 پیٹی شراب برآمد دکھائی گئی تھی۔ پیر کو جانچ رپورٹ ملنے کے بعد ایس پی پتی مشر نے چوکی انچارج سب انسپکٹر جئے شنکر پانڈے، ہیڈ کانسٹیبل سراج احمد، کانسٹیبل شیر بہادر، متھن اور کلدیپ کمار کو معطل کردیا ہے۔


22 Sep 2020, 2:55 PM

اگر یہ بل کسانوں کے حق میں ہے تو بل میں MSP کا ذکر کیوں نہیں؟... پریانکا گاندھی 

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک بار پھر کسان بل کے حوالے سے مودی حکومت کا گھیراؤ کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے پوچھا ، "اگر یہ بل کسانوں کے حق میں ہے تو پھر سپورٹ پرائس MSP کا ذکر کسان بل میں کیوں نہیں کیا گیا ہے؟ بل میں یہ کیوں نہیں لکھا گیا ہے کہ حکومت کسانوں کی مکمل حفاظت کرے گی؟ حکومت نے کسانوں کے لئے منڈیوں کا نیٹ ورک بڑھانے کا ذکر بل میں کیوں نہیں کیا ہے؟ حکومت کو کسانوں کے مطالبات سننے ہوں گے۔ "

22 Sep 2020, 1:57 PM

سری نگر اور بارہمولہ میں این آئی اے کے چھاپے

سری نگر: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے منگل کی صبح وسطی کشمیر کے ضلع سری نگر اور شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں چھاپے ڈالے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے نے منگل کی صبح سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک ٹیم کے ہمراہ بارہمولہ کے پلہالن پٹن میں غلام رسول وازہ اور طارق احمد (سابق سرپنچ) جس کو پولیس نے سال گزشتہ منشیات کارو بار کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا، کی رہائش گاہوں پر چھاپے ڈالے اور اس کے علاوہ بونیار اوڑی اور کانسی پورہ میں بھی دو مقامات پر چھاپے ڈالے۔

انہوں نے کہا کہ وسطی کشمیر کے ضلع سری نگر کے ایس اے کالونی نوگام میں تفضل پارمو ولد عبدالرشید پارمو کی رہائش گاہ پر چھاپے ڈالے۔ ذرائع نے بتایا کہ تاہم وہاں این آئی اے کی ٹیم کو والدین سے معلوم ہوا کہ تفضل پیر باغ سری نگر میں رہائش پذیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ این آئی اے ٹیم نے تفضل کے ایک بھائی کو اپنے ساتھ لے کر پیر باغ میں واقع اس کی رہائش گاہ پر چھاپہ ڈالا۔ دریں اثنا پولیس ذرائع نے بتایا کہ تمام ان مقامات پر تلاشیوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم فی الوقت کسی بھی شخص کی گرفتاری یا چیز کی ضبطی کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔


22 Sep 2020, 12:57 PM

گولی لگنے سے ایک شخص ہلاک، دو زخمی

پرتاپ گڑھ: اترپردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع کے تھانہ لال گنج کوتوالی علاقے کے کھسری گاوں میں پیر کی شام آراضی کے تنازعہ میں ہوئی فائرنگ میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔ ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ مغربی دنیش دیویدی نے بتایا کہ تھانہ لال گنج کوتوالی علاقے کے کھمسری گاوں کے کملیش سروج (40) کا اس کے چچازاد بھائی راجارام سروج سے آراضی کا تنازعہ چل رہا تھا۔ پیر کی شام متنازعہ آراضی سے مٹْی ہٹانے کے معاملے میں راجارام کی جانب سے ہوئی فائرنگ میں کملیش سروج، والد رام لال سروج (60) اور بہنوئی شوبھناتھ (37) سمیت تینوں شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں علاج کے لئے مقامی اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے کملیش سروج کو مردہ قرار دے دیا، بقیہ زخمیوں کو ضلع اسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ پولیس چار افراد کو حراست میں لے کر بازپرس کر رہی ہے۔ جبکہ خصوصی ملزم راجا رام فرار ہے ۔لاش پوسٹ مارٹم کے لیئے بھیج دی گئی ہے۔ مزید کارروائی جاری ہے۔

22 Sep 2020, 12:11 PM

وسطی کشمیر کے بڈگام میں تصادم، ایک ملی ٹنٹ ہلاک

سری نگر: وسطی ضلع بڈگام کے چرار شریف میں جاری مسلح تصادم میں اب تک ایک عدم شناخت ملی ٹنٹ مارا گیا ہے۔ کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ چرار شریف میں جاری تصادم میں ایک عدم شناخت ملی ٹنٹ مارا گیا ہے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ تصادم کے دوران فوج کا ایک اہلکار زخمی ہوا ہے جنہیں علاج و معالجہ کے لئے سری نگر میں قائم فوجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انتظامیہ نے مسلح تصادم کے پیش نظر پورے ضلع بڈگام میں موبائل انٹرنیٹ خدمات منقطع کر دی ہیں جس کی وجہ سے طلبہ اور پیشہ ور افراد کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ چرار شریف میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے میں گزشتہ شام کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشتبہ جگہ کو محاصرے میں لینے کے دوران وہاں موجود ملی ٹنٹوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور پر مسلح تصادم چھڑ گیا۔


22 Sep 2020, 10:16 AM

احتجاجی ارکان پارلیمنٹ کو چائے پلانے پہنچے راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین

راجیہ سبھا سے معطل کیے جانے والے آٹھ ممبران پارلیمنٹ گذشتہ رات سے ہی پارلیمنٹ کے لان پر مظاہرہ کر رہے ہیں۔ راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین ہریونش منگل کی صباح ان کے لئے چائے لے کر پہنچے تھے لیکن ارکان پارلیمنٹ نے احتجاجاً چائے پینے سے انکار کر دیا۔

ادھر، وزیر اعظم نریندر مودی نے ہریونش کی تعریف کی ہے۔ ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’’ہریونش جی نے خود پر حملہ کرنے والے لوگوں اور دھرنے پر بیٹھے لوگوں کو چائے پیش کی جو ظاہر کرتا ہے کہ وہ کتنے شائستہ ہیں اور اور ان کا دل کتنا بڑا ہے۔ ان کے متاثر کن اور بہترین سیاستدان والے رویہ پر ہر محب جمہوریت کو فخر ہوگا۔

22 Sep 2020, 7:59 AM

راجیہ سبھا کے معطل ارکان سے نائب چئیرمین ہریونش نے کی ملاقات

راجیہ سبھا کے جن آٹھ ارکان کو کسان بل کے خلاف احتجاج کرنے کے لئے چیئرمین نے معطل کیا تھا وہ پارلیمنٹ کے احاطہ میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے نیچے مظاہرہ پر بیٹھے ہوئے ہیں اور پوری رات انہوں نے وہیں گزاری ہے۔ اے این آئی کے مطابق راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین ہریونش جن کے رویہ کے خلاف ان آٹھ ارکان نے احتجاج کیا تھا انہوں نے آج صبح مظاہرہ کر رہے معطل ارکان سے ملاقات کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔