اہم خبریں: حکومت کے پاس پیسہ نہیں، اس لیے پٹرول-ڈیزل کی قیمتیں بڑھ رہیں... راہل

راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

22 Mar 2021, 9:28 PM

حکومت کے پاس پیسہ نہیں ہے، اس لیے پٹرول-ڈیزل کی قیمتیں بڑھا کر آپ سے پیسہ اکٹھا کیا جا رہا: راہل

کیرالہ کے کوچی میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کی اصل وجہ لوگوں کے سامنے رکھی۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی وجہ سے ہندوستانی معیشت کو بری طرح نقصان ہوا۔ کووڈ آنے کے بعد معیشت تباہ ہو گئی، حکومت کے پاس اب پیسہ نہیں ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کے ذریعہ حکومت چلانے کے لیے وہ زبردستی آپ کی جیب سے پیسے لے رہے ہیں۔‘‘

22 Mar 2021, 9:05 PM

لون موریٹوریم معاملہ: سپریم کورٹ منگل کو سنائے گی فیصلہ

نئی دہلی: سپریم کورٹ لون موریٹیورم میں منگل کو اپنا فیصلہ سنائے گی۔ جج اشوک بھوشن، جج آر سبھاش ریڈی اور جج ایم آر شاہ کی بنچ نے وشال تیواری اور دیگر کی الگ الگ عرضیوں پر اپنا فیصلہ سنائے گی۔ عدالت نے عرضی گزاروں، مرکزی حکومت، ریزرو بینک آف انڈیا اور دیگر مداخلت کرنیو الوں کے وکلا تفصیلی دلائل سننے کے بعد گزشتہ برس 17 دسمبر کو فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ کووڈ۔19کی وجہ سے لاک ڈاون کے مدنظر ماسک قسط جمع نہیں کرنے پر کمپاونڈ انٹرسٹ سے قرض دہندگان کو راحت دینے کی ہدایت دینے کی مانگ کی گئی تھی۔ ریزرو بینک نے چھ مہینے کیلئے اس اسکیم کومنظوری دی تھی۔

22 Mar 2021, 8:04 PM

دہلی حکومت نے شراب پینے کی عمر گھٹا کر 21 سال کر دی

نئی دہلی: دہلی کابینہ نے آبکاری پالیسی میں پیر کو تبدیلی کرتے ہوئے شراب پینے کے لئے نوجوانوں کی عمر 25 سے گھٹا کر 21 سال کردی ہے۔ نائب وزیراعلی منیش سسودیا نے یہاں اس ضمن میں اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی دارالحکومت خطے میں شراب کی کوئی نئی دکان نہیں کھولی جائے گی۔ واضح رہے کہ موجودہ وقت میں دہلی میں واقع دکانوں میں سے 60 فیصد سے زیادہ سرکاری طورپر چلائی جارہی ہیں۔ مسٹر سسودیا نے کہا،’’حکومت شراب کی دکانوں کی یکساں تقسیم کو یقینی بنائے گی تاکہ شراب مافیاؤں کو کاروبار سے باہر نکالا جا سکے۔ محکمہ آبکاری میں اصلاحات کے بعد 20 فیصد کے محصول کے اضافے کا اندازہ ہے۔


22 Mar 2021, 7:29 PM

جی این سی ٹی ڈی ترمیمی بل لوک سبھا سے پاس کرا کے بی جے پی نے عوام کو دھوکہ دیا: کیجریوال

آج لوک سبھا سے جی این سی ٹی ڈی ترمیمی بل پاس ہو گیا۔ اس کے بعد دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’آج لوک سبھا میں جی این سی ٹی ڈی ترمیمی بل پاس کر کے دہلی کے لوگوں کی بے عزتی کی گئی ہے۔ بل ان لوگوں سے طاقت چھینتا ہے جنھیں لوگوں نے ووٹ دیا تھا۔ اور جو لوگ شکست ہوئے تھے، انھیں دہلی کو چلانے کے لیے طاقت دے گا۔ بی جے پی نے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے۔‘‘

22 Mar 2021, 5:30 PM

سڑک حادثے میں دو افراد کی موت

مرزاپور: اترپردیش کے ضلع مرزاپور میں پیش آئے سڑک حادثے میں دو بائیک سوار افراد کی موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق شہر کوتوالی علاقے میں بسندرپور کے نزدیک تیز رفتار گاڑی کی زد میں آنے سے بائیک سوار کی موت ہوگئی۔ اس کی شناخت مڑہان علاقے کے ہریہرا گاوں باشندہ کیلاش سنگھ کا بیٹا پرمود سنگھ (25) کی موت ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ دوسرا حادثہ ضلع کے ہلیا علاقے میں رتیہ گاوں کے نزدیک پیش آیا جس میں شکل پور باشندہ کیدارناتھ کا اکلوتا بیٹاانل(25) اپنے ساتھی کملیش کے ساتھ بائیک پر ڈارمل گنج جا رہا تھا۔ رتیہ گاوں کے نزدیک ان کی بائیک سڑک کنارے کھڑی ٹرکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔ جس میں انل کمار کی موقع واردات پر ہی موت ہوگئی۔ جبکہ کملیش شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔


22 Mar 2021, 4:30 PM

تلنگانہ میں کووڈ- 19 کے 337 نئے معاملات درج

حیدرآباد: تلنگانہ میں کووڈ- 19 کے 337 نئے معاملات درج کیے گئے ہیں جس کے بعد ریاست میں معاملات کی تعداد بڑھ کر 3,03,455 ہوگئی ہے۔ ریاست میں مجموعی اموات کی تعداد بڑھ کر1,671 ہوگئی ہے کیونکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 اموات ہوئی ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں 181 افراد روبہ صحت ہوئے ہیں جس کے بعد ریاست میں اب تک اس مرض سے روبہ صحت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 2,98,826 ہوگئی ہے۔ ریاست میں سرگرم معاملات کی تعداد 2,958 ہے۔

22 Mar 2021, 3:29 PM

آسام بی جے پی نے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے... پرینکا گاندھی

آسام کے گولاگھاٹ میں کانگریس کی رہنما پرینکا گاندھی نے کہا کہ آسام بی جے پی میں دو دھڑے ہیں۔ جس طرح شکونی مہابھارت میں ماما تھے اور دھرتراشٹر تھے، اسی طرح آج بھی آسام کی حکومت میں شکونی نما لیڈر اور ایک دھرتراشٹر جیسا لیڈر ہے، دونوں نے آسام کے عوام کے ساتھ دھوکا کیا ہے۔


22 Mar 2021, 2:32 PM

بیوی کی موت سے مایوس ضعیف شخص نے کی خودکشی

حیدرآباد: بیوی کی موت سے مایوس ایک ضعیف شخص نے خودکشی کرلی ہے۔ یہ واقعہ شہر حیدرآباد کے گول ناکہ علاقہ میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق اس شخص جس کی شناخت 65 سالہ جے گنگادھر کے طور پر کی گئی ہے، کی بیوی کی پانچ ماہ قبل موت ہوگئی تھی جس کے بعد سے ہی وہ مایوسی کے عالم میں تھا۔ اس نے کل شب مکان میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ ارکان خاندان نے اس کو مردہ پایا اور اس بات کی اطلاع پولیس کو دی۔ پولیس نے وہاں پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور پنچنامہ کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کر دی۔

22 Mar 2021, 1:29 PM

شیوسینا رہنما سنجے راوت کا مہاراشٹر میں صدر راج نافذ کرنے والوں کو انتباہ

شیوسینا کے رہنما سنجے راوت نے کہا کہ اگر کوئی مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کرکے مہاراشٹر میں صدر راج نافذ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تو میں اسے انتباہ کر رہا ہوں، کہ آپ خود اس آگ میں جل جائیں گے۔


22 Mar 2021, 12:30 PM

تر پردیش میں راج مستری کا گولی مارکر قتل، نامعلوم کے خلاف کیس درج

پرتاپ گڑھ: اترپردیش میں پرتاپگڑھ ضلع ہیڈکواٹر (شہر) کے متصل پورے ایشورناتھ گاوں میں گزشتہ روز بائیک سوار بدمعاشوں نے راج مستری کا گولی مارکر قتل کر دیا۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا کیس درج کیا۔ ڈی ایس پی سٹی ابھے پانڈے نے بتایا کہ پورے ایشورناتھ گاوں کا باشندہ رام پال 45 راج مستری تھا۔ اتوار کی شب وہ بذریعہ بائیک کام سے واپس آرہا تھا کہ گاوں کے نزدیک بائیک سوار بدمعاشوں نے اس کو گولی مار دی، جس کے سبب اس کی جائے وقوعہ پر موت ہوگئی۔ پولیس اطلاع پر پہنچی اور پوسٹمارٹم کے لئے لاش کو قبضے میں لیا۔ اہل خانہ کی شکایت پر نامعلوم کے خلاف قتل کا کیس درج کر تحقیقات کی جا رہی ہے۔

22 Mar 2021, 11:52 AM

ایسٹر پر وینزویلا میں ایسٹر پر سخت لاک ڈاؤن

بیونس آئرس: وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے ایسٹر کے موقع پر سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ مادورو نے اتوار کے روز ٹوئٹر پر نشر ہونے والی ایک میٹنگ میں کہا کہ اس مدت کے دوران ہیلتھ سروسز اور خورد و نوش جیسی خدمات جاری رہیں گی۔ مادورو کے مطابق ملک میں کورونا وائرس خاص طور پر برازیلین اسٹرین کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وینزویلا کو فروری میں روس سے کورونا وائرس ویکسین اسپوتنک وی کی پہلی کھیپ ملی ہے، جس کے بعد اس ملک میں بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم چلانے کی اجازت دی گئی۔


22 Mar 2021, 10:32 AM

تیونس کے وزیر صحت نے کوریانا کی ویکسین لگوائی

قاہرہ: تیونس کے وزیر صحت فوزی مہدی نے کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کی وبا سے بچنے کے لئے روس کی اسپوتنک وی کی ویکسین لگوائی ہے۔ اتوار کو وزارت صحت کے جاری کردہ بیان کے مطابق مہدی کو روسی ویکسین کی پہلی خوراک اریانا شہر میں پلائی گئی تھی۔ ویکسین لگانے کے بعد مہدی نے بتایا کہ ملک میں پہلے ہی 12000 سے زائد افراد کو ویکیسین کے ٹیکے دیئے جاچکے ہیں۔ اتوار کے روز 3571 تیونسیوں کو کورونا ویکسین کے ٹیکے دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 13 مارچ کو ملک میں بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم شروع کی گئی تھی۔ تیونس نے 9 مارچ کو روسی اسپوتنک وی ویکسین کی پہلی کھیپ وصول کی تھی۔

22 Mar 2021, 9:38 AM

راہل گاندھی کا وزیر اعظم مودی پر طنز، بار بار دہرانے پر بھی، جھوٹ جھوٹ ہی رہتا ہے

کانگریس رہنما راہل گاندھی کیرال میں ہو رہے اسمبلی انتخابات کی تشہیری مہم کے لئے پیر کے روز (یعنی آج) دو روزہ دورے پر کیرالہ پہنچیں گے۔ اس سے قبل انہوں نے ٹوئٹ کرکے وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا ، بار بار دہرانے پر بھی، جھوٹ جھوٹ ہی رہتا ہے


22 Mar 2021, 7:15 AM

پروفیسر اخترالواسع کورونا سے متاثر، ہولی فیملی میں زیر علاج

ہولی فیملی میں چند دنوں سے زیر علاج ماہر اسلامیات پروفیسر اختر الواسع کورونا ٹسٹ میں متاثر پائے گئے ہیں۔ انہیں اسپتال کے کووڈ متاترین کے شعبے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔کنبے کے ذرائع نے بتایا کہ سر دست انہیں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے پروفیسر واسع کو تین روز قبل سینے میں بلغمی تکلیف اور شوگر میں اضافے کے پیش نظر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ جہاں ابتدائی جانچ کے بعد انہیں سیمی آئی سی یو میں رکھا گیا اور یہاں جب کورونا ٹیسٹ ہوا تو ان کی رپورٹ میں وہ متاثر پائے گئے۔ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت مستحکم ہے۔
علمی، مذہبی اور سماجی حلقوں میں موصوف کی طبیعت کی ناسازی سے تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔ ان کے رفقاء، عزیزوں اور بہی خواہوں نے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔