اہم خبریں: سیرم انسٹی ٹیوٹ میں لگی آگ سے 5 افراد ہلاک

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

21 Jan 2021, 7:31 PM

پونے: سیرم انسٹی ٹیوٹ میں لگی آگ سے 5 افراد ہلاک

جمعرات کے روز پونے میں سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے نئے پلانٹ میں آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں سیرم انسٹی ٹیوٹ کے پانچ ملازمین کی موت ہوگئی ہے۔

21 Jan 2021, 6:29 PM

افکو دنیا کی سرفہرست کوآپریٹو سوسائٹی بنی

نئی دہلی: انڈین فارمرس فرٹیلائزر کوآپریٹو لمیٹڈ (افکو) دنیا کی 300 بڑی کوآپریٹیو میں سرفہرست کوآپریٹو سوسائٹی بن گئی ہے یہ رینکنگ فی کس مجموعی گھریلو مصنوعات (جی ڈی پی) پر کاروبار کے تناسب پر مبنی ہے، اس سے ملک کی مجموعی گھریلو پیدوار اور معاشی ترقی میں افکو کے کردار کا پتہ چلتا ہے۔ بین الاقوامی کوآپریٹو الائنس (آئی سی اے) کی طرف سے شائع ہونے والے نویں سالانہ عالمی کوآپریٹو مانیٹر رپورٹ- 2020 کے مطابق اس درجہ بندی سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ ایک انٹرپرائز کے کاروبار کا ملکی معیشت میں کتنا حصہ ہوتا ہے۔ تقریباً 36000 رکن کوآپریٹیو سوسائٹیوں اور تقریبا سات ارب ڈالر کے گروپ ٹرن اوور کےساتھ افکو دنیا کی سب سے بڑی کوآپریٹیو بن چکی ہے۔

21 Jan 2021, 5:34 PM

پولٹری میٹ اور انڈے کھائیں لیکن سنبھل کر

نئی دہلی: فوڈ سیفٹی اینڈ سیفٹی اتھارٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اے آئی) نے برڈ فلو کے پیش نظر آج ملک میں ہدایات جاری کیں، جس میں کہا گیا ہے کہ اگر کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تو پولٹری کے گوشت اور انڈوں کو کھانے میں انفیکشن کا خطرہ نہیں ہے۔ رہنما خطوط میں کہا گیا ہے کہ برڈ فلو پھیلنے والے علاقوں سے پولٹری کی مصنوعات کو لانا اور فروخت نہیں کیا جانا چاہیے۔ نیز، صارفین کو پولٹری کی ایسی مصنوعات نہیں خریدنی چاہیے۔ اس کے علاوہ مرغی اور کچے گوشت کو سنبھالنے والے افراد کو بھی ہاتھوں اور چہرے پر ماسک اور ہاتھوں میں دستانے پہننے چاہئیں اور صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔


21 Jan 2021, 4:34 PM

وسطی بغداد میں خود کش حملے میں آٹھ افراد کی موت

بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد میں جمعرات کو خودکش حملے میں کم از کم آٹھ افراد کی موت ہو گئی اور دیگر 15 زخمی ہو گئے۔ السومریہ نیوز آؤٹ لیٹ نے سلامتی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ حملہ بغداد کے وسطی علاقے کے باب الشیخ میں ہوا۔ اس سے پہلے ایجنسی نے دار الحکومت کے باب الشیخ علاقے اور ٹائران اسکوائر میں دھماکہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔

21 Jan 2021, 3:29 PM

دہلی کا کم سے کم درجہ حرارت 7.4 ڈگری رہا

نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی میں جمعرات کے روز کم سے کم درجہ حرارت 7.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔ بدھ کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے تین ڈگری کم، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 7.8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا ، جو معمول سے ایک ڈگری زیادہ ہے۔


21 Jan 2021, 2:30 PM

چین میں کورونا انفیکشن کے 144 نئے معاملے

بیجنگ: چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 144 لوگوں کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ چین کے نشینل ہیلتھ کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق ہیئی لونگ جیانگ صوبے مٰں سب سے زیادہ 68 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جبکہ پڑوسی صوبے جیلن میں 33 اور ہوبئی میں 20 معاملے درج کیے گئے ہیں۔ چین میں اب تک کورونا انفیکشن کے 88701 معاملے سامنے آئے ہیں جبکہ 4635 لوگوں کی موت چکی ہے۔

21 Jan 2021, 1:32 PM

جو بائیڈن کا عالمی ادارہ صحت میں شمولیت کا فیصلہ

واشنگٹن: امریکہ کے نئے صدر جو بائیڈن نے عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) میں دوبارہ شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ بدھ کے روز جو بائیڈن نے ملک کے 46 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے چند گھنٹوں بعد انہوں نے سابقہ ​​معاہدوں کو واپس لینے کا اعلان کیا، جن کا فیصلہ سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال کے اوائل میں کیا تھا۔ اس سے قبل جولائی میں جو بائیڈن نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ جب وہ اقتدار میں آئیں گے تو وہ پہلے ہی دن ڈبلیو ایچ او میں شامل ہوں گے اور میں عالمی سطح پر قیادت بحال کروں گا۔ میڈیا کے مطابق صدر نے رواں ہفتہ کے آخر میں امریکی وفد کی ڈبلیو ایچ او کی سالانہ میٹنگوں کی رہنمائی کے لئے ملک کے متعدی بیماریوں کے اعلیٰ ماہر انتھونی فوسی کو منتخب کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ٹرمپ اوران کی انتظامیہ نے ڈبلیو ایچ او سے لگاتار دوریاں بنائیں۔ ماہرین اور ڈیموکریٹس کی طرف سے اس پر تنقید کی گئی تھی کہ ٹرمپ انتظامیہ کووڈ- 19 کے حوالہ سے دوسروں پر الزام منڈھ رہے ہیں۔


21 Jan 2021, 12:19 PM

کورونا کے 15 ہزار نئے کیسز، 20 ہزار کے قریب شفایاب

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 15223 نئے کیسز درج کئے گئے، جبکہ اس دوران 19965 افراد نے شفایابی حاصل کر لی اور 151 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

کیسز کی مجموعی تعداد - 10610883

فعال کیسز - 192308

شفایاب افراد کی تعداد - 152869

اموات کی تعداد - 152869

ٹیکہ لگوانے والے افراد کی تعداد - 806484

21 Jan 2021, 11:08 AM

ٹرمپ کا جانا ونیزویلا کی فتح: مادورو

بیونس آئرس: ونیزویلا کے صدر نکولس مادورو نے کہا کہ سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی شکست اور ان کی روانگی لاطینی امریکی ممالک کی فتح ہے۔ مادورو نے بدھ کے روز ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں لکھا ’’آج 20 جنوری۔ ڈونالڈ ٹرمپ لیفٹ، لیفٹ، لیفٹ۔ ہم نے انہیں ہرا دیا‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ونیزویلا کے لئے یہ ایک جیت ہے۔ وہ تنہا رہ گیا۔ یہ ہماری زبردست فتح ہے‘‘۔


21 Jan 2021, 11:08 AM

روسی سفارت کاروں کی امریکہ سے مستقل رابطے کی امید: انٹونوف

واشنگٹن: روسی سفارتکاروں نے امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ مستقل رابطے کی امید ظاہر کی ہے۔ امریکہ میں روسی سفیر اناطولی انٹونوف نے کہا ’’ہم وائٹ ہاؤس میں اپنے امریکی اتحادیوں کے ساتھ باقاعدہ بات چیت کی امید رکھتے ہیں‘‘۔

انہوں نے کہا ’’اوبامہ انتظامیہ کے زمانے سے کئی اعلی عہدے دار ہمارے واقف کار ہیں۔ روس میں ممنوعہ شدت پسند تنظیم، اسلامک اسٹیٹ سے نپٹنے کے لئے عالمی اتحاد کے خصوصی مندوب کے طور پر ہم نے بریٹ میک گرک کے ساتھ بات چیت کی ہے، جن کی قومی سلامتی کونسل میں وسطی ایشیا اور شمالی افریقہ کے کوآرڈینیٹر کے فرائض سرانجام دینے کی توقع ہے‘‘۔

انتونوف نے کہا کہ نئی ٹیم کو خارجہ پالیسی کی ترجیحات اور اس کے نظریات کے بارے میں فیصلے کرنے کے لئے زیادہ وقت دیا جانا چاہئے۔ جس کا انتخاب بین الاقوامی سمت میں ہونے والے کام کی بنیاد پر کیا جانا چاہئے نہ کہ انتخابات سے قبل کی جانے والی بیان بازی سے۔

21 Jan 2021, 11:07 AM

فلسطینی لیڈر نے بائیڈن کے ساتھ تعاون کی امید ظاہر کی

غزہ: فلسطینی لیڈر محمود عباس نے جو بائیڈن کو امریکہ کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ علاقے میں امن قائم رکھنے کے لئے وہ ساتھ مل کر کام کرنے کی امید کرتے ہیں۔ ڈبلیو اے ایف اے نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عباس نے نائب صدر کملا ہیرس کو بھی مبارکباد دی اور سنگین مسائل کے حل کی سمت میں انک ی کامیابی کی تمنا کی۔ فلسطینی لیڈر نے کہا ’’امید ہے کہ مغربی ایشیا خطہ ہی نہیں بلکہ دنیا میں امن اور استحکام کےلئے ہم ساتھ مل کر کام کریں گے‘‘۔


21 Jan 2021, 7:40 AM

دہلی میں کورونا وائرس کے نئے معاملوں میں کمی

دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کے کیسوں میں کمی کا رجحان نظر آ رہاہے ۔ راحت کی بات یہ ہے کہ دارالحکومت میں مریضوں کی شفایابی کی شرح 97.95 فیصد ہوگئی ہے۔دھلی میں بدھ کے روز فعال کیسوں کی تعداد 187 ہوگئی اور اب یہ 2،147 ہوگئی۔ دارالحکومت میں صحت مند افراد کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے فعال معاملات میں یہ کمی واقع ہوئی ہے۔

دہلی کے محکمہ صحت کی طرف سے آج جاری کردہ بلیٹن کے مطابق ، اس عرصے میں 228 نئے کیس سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی کل تعداد 6،33،049 ہوگئی ہے ، جبکہ 405 مزید مریضوں کے صحت مند ہونے کی وجہ سے کورونا نجات پانے والے لوگوں کی تعداد 6،20،128 ہوگئی ہے۔ دارالحکومت میں مریضوں کی ریکوری کی شرح 97.95 فیصد ہوگئی ہے ، 10 مزید مریضوں کی اموات کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد 10،774 تک پہنچ گئی ہے۔ دارالحکومت میں اموات کی شرح صرف 1.70 فیصد ہے۔ مرنے والوں کے معاملے میں دہلی ملک میں چوتھے نمبر پر ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دارالحکومت میں 63،161 نمونوں کی جانچ کی گئی۔ اس کے ساتھ ، اب تک کی جانے والے ٹسٹ کی تعداد ایک کروڑ کو عبور کر چکی ہے۔ ہر 10 لاکھ آبادی پر ٹیسٹوں کی اوسط 5،29،431 ہے ۔دریں اثناء دارالحکومت میں ممنوعہ علاقوں کی تعداد منگل کو 2،172 سے کم ہوکر 2،168 ہوگئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔