اہم خبریں: کورونا ویکسین کو لے کر ڈبلیو ایچ او نے بھی دی خوشخبری، اولین ویکسین کو منظوری

تصویر سوشل میڈیا ڈبلو ایچ او
تصویر سوشل میڈیا ڈبلو ایچ او
user

قومی آوازبیورو

01 Jan 2021, 10:04 PM

عالمی صحت ادارہ نے اولین کورونا ویکسین کو دی منظوری

واشنگٹن: کورونا سے بچنے کی امریکی کمپنی فائزر و جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کی مشترکہ ویکسین کے ہنگامی عالمی تنظیم صحت (ڈبلیو ایچ او) نے استعمال کی منظوری دے دی۔ یہ ویکسین کورونا سے 95 فیصد تک تحفظ فراہم کرتی ہے۔ فائزروبائیو این ٹیک نے نومبر2020 کے وسط تک ویکسین کی کامیابی کے نتائج جاری کرتے ہوئے کہا تھا۔ اس ویکسین کو منظوری دیتے ہوئے برطانیہ نے دسمبر 2020 کے آغاز میں اس کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی تھی، جس کے بعد 8 دسمبر کو وہاں اس کا استعمال بھی شروع کردیا گیا تھا۔ اس کے بعد کینیڈا، سنگاپور، امریکا اور سعودی عرب سمیت یورپین یونین نے بھی گزشتہ ماہ دسمبر کے وسط تک مذکورہ ویکسین کی منظوری دیتے ہوئے اس کا استعمال بھی شروع کردیا تھا۔

عالمی تنظیم صحت کی طرف سے مذکورہ ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ اب بیک وقت بہت سارے ممالک اسے استعمال کرنے کی منظوری دیں گے۔ عالمی ادارے نے ویکسین کی منظوری کو کورونا کی وبا کے خلاف اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب کئی ممالک مذکورہ ویکسین کے استعمال کی منظوری دیں گے۔

01 Jan 2021, 8:50 PM

مدرسوں کی تعمیر نو کے لیے 538 لاکھ روپے کی منظوری

جئے پور: راجستھان میں اقلیتی امور کے وزیر صالح محمد نے کہا کہ نئے سال 2021 کے آغاز پر"چیف منسٹر مدرسہ ماڈرنائزیشن اسکیم" کے تحت 36 مدرسوں کو سوغات کے طورپر تعمیری کاموں کے لئے 538 لاکھ روپے کی انتظامی منظوری جاری کی ہے۔ مسٹر محمد نے یہ مںطوری حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کی خواہش کے مطابق نئی پہل کرتے ہوئے ریاست میں رجسٹرڈ مدرسوں کو معاشی رقم مہیا کراکر ان کی تعمیرنو کرانے کا اقدام کیا ہے۔ انہوں کہا کہ ان 36 مدرسوں میں 538 لاکھ روپے کے صرفہ سے ہرایک مدرسے میں کلاس روم، کچن، ہال، برآمدہ اور بیت الخلاء کی تعمیر کروائی جائے گی تاکہ ان مدرسوں میں تعلیم حاصل کرنے والے بچے معیاری تعلیم حاصل کرسکیں۔

01 Jan 2021, 7:29 PM

بی جے پی صدر جے پی نڈّا کورونا سے ہوئے صحت یاب، ایمس کو کہا ’شکریہ‘

کورونا انفیکشن کے شکار بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈّا اب پوری طرح سے صحت یاب ہو گئے ہیں۔ اس سلسلے میں جے پی نڈّا نے خود اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے جانکاری دی اور بتایا کہ اب ان کے اہل خانہ بھی کورونا انفیکشن سے باہر نکل چکے ہیں۔ انھوں نے ساتھ ہی ایمس کے ڈائریکٹر رندیپ گلیریا اور پوری ٹیم کا اس کے لیے شکریہ ادا کیا۔


01 Jan 2021, 6:39 PM

خوشخبری! آکسفورڈ کی کورونا ویکسین کو ملی ایکسپرٹ کمیٹی کی منظوری

کورونا وبا سے پریشان لوگوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری نئے سال میں سامنے آئی ہے۔ آکسفورڈ کی طرف سے تیار کردہ ویکسین کو ایکسپرٹ پینل کی طرف سے منظوری مل گئی ہے اور اب اسے ڈرگس کنٹرولر جنرل آف انڈیا (ڈی سی جی آئی) کے پاس حتمی منظوری کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ اس طرح سے برطانیہ اور ارجنٹائنا کے بعد ہندوستان تیسرا ایسا ملک بننے جا رہا ہے جہاں آکسفورڈ ویکسین کو منظوری دی گئی ہے۔

01 Jan 2021, 6:29 PM

مدھیہ پردیش: شیوراج کابینہ کی توسیع 3 جنوری کو

بھوپال:مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کی کابینہ کی توسیع 03 جنوری کو ہوگی۔ ذرائع کے مطابق یہاں راج بھون میں حلف برداری کے لئے تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔ حلف برداری کی تقریب دن میں 12:30 بجے منعقد ہونے کا امکان ہے۔ نئے وزرا کو گورنر آنندی بین پٹیل حلف دلائیں گی۔


01 Jan 2021, 3:55 PM

دہلی میٹرو نے کئی اسٹیشنوں کا ’ایگزٹ گیٹ‘ بند کیا

دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے اطلاع دی ہے کہ کچھ اسٹیشنوں پر سیکورٹی وجوہات سے مسافروں کے باہر نکلنے کے دروازے (ایگزٹ گیٹ) بند کر دیے گئے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق خان مارکیٹ، سپریم کورٹ، سنٹرل سکریٹری اور منڈی ہاؤس کے ایگزٹ گیٹ بند کیے گئے ہیں، لیکن ان اسٹیشنوں پر داخلی دروازے (انٹری گیٹ) کھلے ہوئے ہیں اور ساتھ ہی میٹرو تبدیل کرنے کی سہولت بھی جاری ہے۔

01 Jan 2021, 2:43 PM

کورونا کا نیا اسٹرین چین میں بھی آیا سامنے، برطانیہ سے چین پہنچی تھی یہ خاتون

کورونا وائرس کے نئے اسٹرین نے چین میں بھی دستک دے دی ہے۔ برطانیہ سے لوٹی 23 سال کی ایک خاتون میں کورونا کا نیا اسٹرین ملا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کا نیا اسٹرین برطانیہ میں سب سے پہلے سامنے آیا تھا، اس کے بعد یہ اسٹرین دنیا کے دیگر ممالک میں پھیل رہا ہے۔


01 Jan 2021, 1:32 PM

حرم مدنی کی چھت نمازیوں کے لئے کھول دی گئی

الریاض: مدينہ منورہ ميں مسجد نبوی کی چھت آج سےنمازیوں کے لیے کھول دی گئی ہے۔ عرب میڈیا کےمطابق اب نمازفجر،مغرب اورعشاء کی نمازیں مسجدنبوی کی چھت پر بھی ادا کی جاسکیں گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مسجد کی چھت نمازیوں کی بڑھتی تعداد اور فاصلہ برقرار رکھنےکےپیش نظر کھولی گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہےکہ کرونا وائرس سےبچنے کےلئےتمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائيں گی۔ واضح رہےکہ سال 2020 میں کورونا وائرس کےباعث حکومت سعودی عرب نے حج اورعمرہ کے لئے لوگوں کی تعداد محدود کردی تھی۔

01 Jan 2021, 10:27 AM

ہندوستان میں کورونا کے 20 ہزار نئے کیسز، 256 اموات، 23 ہزار افراد شفایاب

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 20036 معاملے رپورٹ ہوئے، اس اثنا میں 23181 افراد نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 256 افراد لقمہ اجل ہو گئے۔

کیسز کی مجموعی تعداد - 10286710

فعال کیسز - 254254

شفایاب افراد کی تعداد - 9883461

اموات کی مجموعی تعداد - 148994


01 Jan 2021, 10:19 AM

برطانیہ میں کورونا سے مزید 964 ہلاکتیں اور 56ہزار نئے کیسز

لندن: جان لیوا اور مہلک ترین عالمی وبا کورونا وائرس ’کووڈ19‘ سے دنیا کا کوئی خطہ نہیں ہے اور اس کے مریضوں اور اموات میں اضافہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ برطانیہ میں کورونا وائرس سے مزید 964 افراد ہلاک اور تقریباً 56 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسین آنے کے باوجود کورونا پابندیاں موسم گرما تک قائم رکھنا پڑسکتی ہیں۔

انتہائی نگہداشت کے شعبہ میں کام کرنے والے برطانوی ڈاکٹر ہیو منٹگمری نے خبردار کیا ہے کہ سماجی فاصلے کی پابندی اور ماسک نہ پہننے والے دوسروں کی ’موت کے ذمہ دار‘ ہوں گے۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 کروڑ 35 لاکھ 90 ہزار 802 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 18 لاکھ 21ہزار 228ہو گئیں۔

01 Jan 2021, 9:04 AM

برازیل میں کورونا کے نئے اسٹرین کا پہلا کیس

بیونس آئرس: جنوبی امریکی ملک برازیل میں عالمی وبا کورونا وائرس کی نئی قسم (اسٹرین) کے پہلے کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔ برطانیہ میں دسمبر کے آغاز میں سب سے پہلے پائے گئے کورونا کے نئے اسٹرین اب تک ایک درجن ممالک میں تصدیق ہوچکی ہے ہے جس میں ہندوستان ،امریکہ ، متحدہ عرب امارات اور یوروپ کے بہت سے ممالک شامل ہیں ۔ یہ نیا کورونا ویریئنٹ پرانے وائرس سے 70 فیصد تیزی سے پھیلتا ہے۔

اس سے قبل منگل کے روزمتحدہ عرب امارات (یو ای اے) نے برطانیہ میں حال ہی میں پائے جانے والے کورونا وائرس کے نئے اسٹرین کے پہلے کیس کی تصدیق کردی۔ برازیل کورونا وائرس سے متاثرہ تیسرا ملک ہے ، جبکہ دنیامیں سب سے زیادہ متاثر امریکہ ہے۔ برازیل میں کورونا سے اب تک 193،875 افراد لقمہ اجل اور 76 لاکھ سے زائد افراد اس سے ہوچکے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ برطانیہ کی جانب سے اس معلومات کے بعد بہت سے ممالک نے وائرس کی نئی شکل کے پھیلاؤکو روکنے کے لئے برطانیہ سے آنے اور جانے والی پروازیں منسوخ کردی ہیں۔


01 Jan 2021, 9:03 AM

ڈبلیو ایچ اونے بایوٹیک اورفائزرویکسین کو منظوری دی

ماسکو: ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے فائزر اور بائیوٹیک کمپنیوں کے ذریعہ تیار کردہ عالمی وباکورونا وائرس کی ویکسین کو ہنگامی استعمال کے لئے منظوری دے دی ہے ۔ ڈبلیو ایچ او نے کورونا وبا کے آغاز کے بعد پہلی بار اس ویکسین کی منظوری دی ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے جمعرات کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا’’ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے آج ہنگامی استعمال کے لئے فائزراوربایوٹیک ویکسین کو منظوری دے دہی ہے‘‘۔

قابل ذکر ہے کہ دنیا کے متعدد ممالک نے کورونا ویکسین تیار کی ہے ، لیکن اس وقت ڈبلیو ایچ او نے صرف ان دو ویکسین کو ہی تسلیم کیا ہے۔

01 Jan 2021, 8:59 AM

امریکہ میں گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کورونا سے تقریباً 3500 ہلاکتیں

واشنگٹن: عالمی وبا کورونا وائرس سے بری طرح متاثر امریکہ میں پچھلے 48 گھنٹوں کے دوران اس جان لیوا وبا سے 3469 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔

جمعرات کو جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر برائے سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3469 اموات ریکارڈ کیں ، جبکہ اس سے ایک دن قبل ہی کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 3725 تھی۔

امریکہ میں ، کرونا متاثرین کی تعداد میں لگاتار اضافہ سے یہ تعداد ایک کروڑ 97 لاکھ کو عبور کرچکی ہے ، جبکہ 3،42،312 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں 20 لاکھ سے زیادہ بچے بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور حالات انتہائی بدتر ہیں ۔ دریں اثنا ، ملک میں کورونا کے ٹیکے بھی لگائے جارہے ہیں اور اب تک لاکھوں افراد کے ویکسی نیشن ہوچکے ہیں۔

دنیا کے 191 ممالک میں اب تک 83،146،810 افراد کورونا وائرس سے متاثر جبکہ 18،12،645 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔