اہم خبریں: راج ناتھ سنگھ نے امر سنگھ کے انتقال پر رنج کا اظہار کیا

امر سنگھ، تصویر یو این آئی
امر سنگھ، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

01 Aug 2020, 9:36 PM

راج ناتھ سنگھ نے امر سنگھ کے انتقال پر رنج کا اظہار کیا

نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے راجیہ سبھا کے رکن اور سابق سماجوادی پارٹی کے لیڈر امر سنگھ کے انتقال پر رنج کا اظہار کیا ہے۔ امر سنگھ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ’’سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ امر سنگھ کے انتقال کی خبر سے کافی دکھی ہوا ہوں۔ عام زندگی کے دوران ان کی سبھی پارٹیوں سے دوستی تھی‘‘۔ انہوں نے کہا ’’فطری طور پر جذباتی اور ہمیشہ توانا رہنے والے امر سنگھ جی کو ایشور اپنے چرنوں میں جگہ دے۔ ان کے غم زدہ کنبے کے تئیں میری تعزیت‘‘۔

01 Aug 2020, 9:36 PM

پرینکا گاندھی نے کیا امر سنگھ کے انتقال پر اظہار غم

ایشور شری امر سنگھ جی کو اپنے چرنوں میں جگہ دے۔ شری امر سنگھ جی کے خاندان سے میری دلی تعزیت، میں اس غمزدہ لمحے میں ان کی سوگوار اہلیہ اور بیٹیوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔

https://twitter.com/priyankagandhi/status/1289529760746373121?s=20

01 Aug 2020, 7:39 PM

لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کا امر سنگھ کے انتقال پر اظہار رنج

نئی دہلی: لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ امر سنگھ کے انتقال پر رنج کا اظہار کیا ہے۔ اوم برلا نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ’’راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ امر سنگھ جی کے انتقال پر میں رنج کا اظہار کرتا ہوں۔ ان سے تعلق سب کو متاثر کرتا ہے۔ وہ سیاست داں کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں سرگرم رہے اور ہر جگہ دوست بنائے۔ ان کے اہل خانہ کے تئیں میری تعزیت‘‘۔ امر سنگھ سنگا پور کے اسپتال میں کئی مہینوں سے داخل تھے۔ ان کی دونوں کڈنی فیل ہوچکی تھیں اور لیور کا ٹرانسپلانٹ ہوا تھا۔ انتقال سے تین گھنٹے پہلے انہوں نے ٹوئٹر پر عید الاضحی کی مبارکباد دی تھی۔


01 Aug 2020, 7:05 PM

امر سنگھ کے انتقال پر ہرش وردھن کا اظہار رنج

نئی دہلی: صحت اور کنبہ بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے راجیہ سبھا رکن اور سماجوادی پارٹی کے سابق جنرل سکریٹری امر سنگھ کے انتقال پر آج گہرے رنج کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے ٹوئٹ کیا ’’راجیہ سبھا کے رکن امر سنگھ کے انتقال سے دل کافی دکھی ہے۔ تین دہائی تک وہ عوامی زندگی میں متحرک رہے۔ سماج کے ہر طبقے سے ان کے گہرے تعلق تھے۔ ایشور ان کی روح کو سکون اور اہل خانہ کو یہ بڑا دکھ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔ ان کے کنبے کے تئیں میری گہری تعزیت‘‘۔

64 سالہ امر سنگھ ایس پی کے بانی ملائم سنگھ یادو کے کافی قریبی رہے، لیکن بعد میں ایس پی کی کمان اکھلیش یادو کے ہاتھوں میں آجانے کے بعد انہوں نے سال 2010 میں پارٹی کے سبھی عہدوں سے استعفی دے دیا تھا۔ وہ طویل عرصے سے علیل تھے اور سنگا پور کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔

01 Aug 2020, 5:58 PM

ماں۔بیٹی کے قتل کے ملزموں کو پھانسی کے بجائے عمر قید

کوٹہ: راجستھان ہائی کورٹ نے کوٹہ کے بھیم گنج منڈی تھانہ حلقے میں ماں۔بیٹی کے دوہرے قتل کے معاملے میں نچلی عدالت سے ’پھانسی کی سزا یافتہ‘ ملزموں کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کر دیا۔ ضلع کوٹہ کے بڑی تیرتھ گاؤں کے باشندے مست رام عرف سلو اور لوکیش مینا نامی دو افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے سنہ 2019 میں 31 جنوری کو بھیم گنج منڈی تھانہ حلقے میں ایک ماں۔ بیٹی کو قتل کر دیا تھا۔ ان میں سے ایک ملزم ان کا پہلے نوکر تھا۔

اس معاملے میں کوٹہ میں پوکسو عدالت۔ 4 نے سنوائی کرنے کے بعد دونوں ملزموں کو رواں برس 18 فروری کو سزا سنائی تھی۔ اس کے خلاف دونوں ملزموں کی جانب سے راجستھان ہائی کورٹ میں اپیل کی گئی تھی، جس کی سنوائی کے بعد گزشتہ روز عدالت نے دونوں ملزموں کی پھانسی کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کر دیا۔


01 Aug 2020, 4:55 PM

امر سنگھ کا سنگاپور میں علاج کے دوران انتقال

راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ امر سنگھ کا سنگاپور میں علاج کے دوران انتقال ہوگیا، وہ 64 برس کے تھے۔ کافی عرصہ سے علیل چل رہے تھے، گزشتہ 6 ماہ سے وہ سنگاپور کت اسپتال میں اپنا علاج کروا رہے تھے۔

سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سابق جنرل سکریٹری امر سنگھ گردے کے مرض میں مبتلا تھے اور کئی ماہ سے سنگاپور میں ان کا علاج ہو رہا تھا۔ ان کے اہل خانہ میں بیوی اور دو بیٹیاں ہیں۔ امر سنگھ ایس پی کے بانی ملائم سنگھ یادو کے کافی قریبی تھے۔ ان کی پیدائش اترپردیش کے ضلع علی گڑھ میں 27 جنوری 1956 میں ہوئی تھی۔

01 Aug 2020, 4:43 PM

وشاکھاپٹنم میں ہندوستان شپ یارڈ لمیٹڈ میں کرین گرنے سے 11 افراد ہلاک

آندھراپردیش کے وشاکھاپٹنم کے ہندوستان شپ یارڈ میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے۔ ہفتے کے روز وشاکھاپٹنم میں واقع ہندوستان شپ یارڈ لمیٹڈ میں ایک بھاری کرین کے گرنے سے 11 افراد ہلاک ہوگئے۔ بتایا جارہا ہے کہ اس میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے۔


01 Aug 2020, 3:46 PM

گوپال گج: سیلاب میں تین بچوں کی ڈوبنے سے موت

گوپال گنج: بہار میں گوپال گنج ضلع کے برولی تھانہ علاقے میں سنیچر کو سیلاب کے پانی میں ڈوب کر تین بچوں کی موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ محمد پور نیلامی پنچایت کے مٹیار گاؤں میں تین کشور سمیت کمار (10)، منٹو کمار (11) اور پرنس کمار (11) سڑک پار کر رہے تھے تبھی ان کی سیلاب کے تیز بہاؤ کی وجہ سے پانی میں ڈوبنے سے ان کی موت ہوگئی۔ ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی پہولیس نے لاشوں کو باہر نکال کر پوسٹ مارٹم کے لئے گوپال گنج صدر اسپتال بھی دیا ہے۔

01 Aug 2020, 2:45 PM

چھتیس گڑھ: عیدالاضحیٰ کے موقع پر وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے حج ہاؤس کا سنگ بنیاد رکھا

کورونا بحران کے درمیان چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے آج عیدالاضحیٰ کے موقع پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی اور ساتھ ہی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ریاست میں حج ہاؤس کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ عید کے موقع پر مسلمانوں کے لیے یہ کانگریس حکومت کا بہترین تحفہ تصور کیا جا رہا ہے۔


01 Aug 2020, 12:59 PM

عیدالاضحیٰ: دہلی میں مقررہ وقت پر ڈیوٹی کے لیے نہیں پہنچنے والے 36 پولس اہلکار معطل

راجدھانی دہلی میں عیدالاضحیٰ کے مدنظر مقررہ وقت صبح 5 بجے ڈیوٹی پر نہیں پہنچنے کے سبب 36 پولس اہلکاروں کی معطلی کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ شمال مغربی دہلی کے ڈی سی پی وِجینت آریہ نے میڈیا کو اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ان پولس اہلکاروں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور وقت معینہ پر ڈیوٹی کے لیے نہیں پہنچے۔

01 Aug 2020, 11:56 AM

راہل گاندھی نے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی

کورونا وبا کے درمیان ہندوستانی مسلمان بہت احتیاط کے ساتھ عیدالاضحیٰ کا تہوار منا رہے ہیں۔ اس درمیان کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے سوشل میڈیا کے ذریعہ مسلم طبقہ کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا ہے ”آپ سبھی کو عیدالاضحیٰ مبارک“۔


01 Aug 2020, 10:44 AM

ہندوستان: عید کے دن کورونا نے بنایا نیا ریکارڈ، 57 ہزار نئے معاملے درج، 764 اموات

کورونا وبا کے درمیان آج دنیا کے کئی ممالک میں عیدالاضحیٰ کا تہوار انتہائی سادگی کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور ہندوستان میں بھی سخت احتیاط کے ساتھ نمازیں ادا کی گئیں۔ اس درمیان کورونا انفیکشن نے نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 57 ہزار سے زائد لوگوں کو اپنی زد میں لے لیا ہے۔ ان 24 گھنٹوں میں 764 لوگوں کی موت بھی واقع ہوئی۔ اب ہندوستان میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 16 لاکھ 95 ہزار 988 ہو گئی ہے جبکہ مہلوکین کی مجموعی تعداد 36 ہزار 511 پہنچ گئی ہے۔

01 Aug 2020, 8:16 AM

عید سے قبل کار کھائی میں گر ی، ایک نوجوان کی موت

عید کے لئے ہلدوانی سے بکرا لانے والے دو نوجوانوں کی کار جمعہ کی رات نینی تال بھوالی موٹر روڈ پر کھائی میں گر گئی جس میں سے ایک نوجوان ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، بھیم تال کے رہائشی امین اور نینی تال کے دھوبی گھاٹ کا رہائشی محمد حنیف (40) ولد عبدالرحمت ہفتہ کے روز بقرعی کے لئے کار کے ذریعے ہلدوانی سے دو بکرے لے کر نینی تال آرہے تھے،رات آٹھ بجے کے قریب ان کی کار 100 فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔
اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی تلی تال پولیس اسٹیشن انچارج وجے سنگھ مہتا، سب انسپکٹر دیپک سنگھ بشٹ، کانسٹیبل شیو راج سنگھ رانا سمیت فائر بریگیڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو کھائی سے نکال کر سرکاری بی ڈی پانڈے ڈسٹرکٹ اسپتال لایا گیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بھیم تال کے رہائشی امین کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ حنیف کا ضلعی اسپتال میں زیر علاج ہے۔


01 Aug 2020, 8:09 AM

دہلی کی فتحپوری مسجد میں عید الاضحی کی نماز ادا ہوئی

دہلی کی فتحپوری مسجد میں عید الاضحی کی نماز ادا ہوئی۔ کورونا وبا کے اس دور میں لوگوں نے تمام ضوابط پر عمل کرتے ہوئےعید الاضحی کی نماز ادا کی۔

01 Aug 2020, 7:08 AM

نہ کوئی گلے ملنا نہ کوئی مصافحہ، تمام ضابطوں پر عمل کرتے ہوئے دہلی میں عید الاضحی کی نماز ادا ہو رہی ہے۔

عیدالاضحی کی نماز رہنما ہدایات کے مطابق دہلی کے مختلف مقامات پرہورہی ہے۔ مساجد میں کئی جماعتوں کا اہتمام کیاگیا ہے تاکہ سماجی دوری پر عمل کیا جاسکے۔ لوگ نئے کپڑوں میں ضرور ہیں لیکن ماسک لگائے ہوئے ہیں۔ کوئی مصافحہ نہیں کوئی گلے ملنا نہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔