اہم خبریں LIVE: نارائن سامی کے احتجاج کی وجہ سے گورنر ہاوس کے پاس کشیدگی

نارائن سامی، تصویر آئی اے این ایس
نارائن سامی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

19 Jan 2021, 7:30 PM

نارائن سامی کے احتجاج کی وجہ سے گورنر ہاوس کے پاس کشیدگی

پڈوچیری: پڈوچیری کے وزیر اعلی وی نارائن سامی کے کانگریس قائدین کے ساتھ منگل کے روز یہاں گوبرٹ کے مجسمے کے قریب دھرنا دینے کی وجہ سے گورنر ہاوس کے قریب تناؤ پیدا ہوگیا ہے۔ اس سے پہلے دن میں ریاستی وزیر بہبود ایم کنڈاسامی نے اپنے غیر معینہ مدت دھرنے کی جگہ کو اسمبلی احاطے کے اندر سے بدل کر گورنر ہاوس کے قریب کردیا تھا۔ اس خبر کو پھیلتے ہی کنڈا سامی کے حامیوں نے امبولم اسمبلی حلقہ میں متعدد مقامات پر کانگریس کارکنوں نے سڑک بلاک کردی۔ اس کے علاوہ ، گورنر ہاوس کے قریب بیریکیڈ والے علاقے میں کانگریس کارکنوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہوگئی۔

اس کی اطلاع ملنے کے بعد نارائن سامی وزیر کناڈ سامی سے وزیر ایم کرشنا راؤ لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ وی ویتھی لنگم اور ممبران اسمبلی جے امورتی اور وجئے وینی ملنے گئے۔ جب وہ گوبرٹ کے مجسمے کے قریب پہنچے تو پولیس نے انہیں روک دیا اور کنڈاسوامی سے ملاقات کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

19 Jan 2021, 6:29 PM

گیا میں بدمعاشوں نے پراپرٹی ڈیلر محمد عمران کو ماری گولی

گیا: بہار میں گیا ضلع کے سول لائنس تھانہ علاقہ میں بدمعاشوں نے پراپرٹی ڈیلر کا گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس ذرائع نے منگل کو یہاں بتایا کہ پراپرٹی ڈیلر محمد عمران سموار کی دیر رات اپنے گھر کریم گنج محلہ واقع بیل گلی جا رہے تھے۔ اسی درمیان دو بائیک پر سوار تین بدمعاشوں نے اسے اور ٹیک کر کے روکا۔ اس کے بعد دونوں کے بیچ کہا سنی ہونے لگی۔ تبھی ایک بدمعاش نے گولی ماکر انہیں زخمی کردیا۔

ذرائع نے بتایا کہ زخمی عمران کو پرائیو ٹ کلنیک میں علاج کرانے کے بعد انوگرہ نارائن مگدھ میڈیکل کالج اسپتال ( اے این ایم سی ایچ ) بھیجا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے علاج کرنے کے بعد اسے بہتر علاج کے لئے پٹنہ ریفر کر دیا۔ واقعہ کی جانکاری پر سول لائن تھانہ اور رام پور تھانہ کی پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ واقعے میں شامل بدمعاشوں کی گرفتاری کے لئے پولیس چھاپے ماری کر رہی ہے۔

19 Jan 2021, 5:36 PM

ایک کلو چرس کے ساتھ دو اسمگلر گرفتار

نینی تال: اتراکھنڈ کے چمپاوت میں پولیس نےایک کلو گرام چرس کے ساتھ دو اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔ دونوں کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ چمپاوت پولیس کے مطابق پیر کی شب کو ہل پیٹرولنگ یونٹ (ایچ پی یو) اور ٹریفک پولیس کی جانب سے چمپاوت میں سوالا مندر کے نزدیک گاڑیوں کی چیکنگ کے لئے مہم چلائی جارہی تھی ۔ اسی دوران جانچ ٹیم نے ایک کار کو روکا اور چیکنگ کے دوران کار میں سوار دو افراد سے ایک کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔


19 Jan 2021, 4:34 PM

کاس گنج میں بچے کا اغوا، 40 لاکھ روپے کا مطالبہ

کاس گنج: اترپردیش کے کاس گنج میں دن دہاڑے ایک دس سالہ بچے کو اغوا کرلیا گیا۔ اغوا کاروں نے آج اس کے والدین سے 40 لاکھ روپے زرتاوان کا مطالبہ کیا اور دھمکی دی کہ زرتاوان نہ دینے پر بچہ کو قتل کردیا جائے گا۔ اغوا کاروں کے زرتاوان کا مطالبہ کرتے ہوئے آڈیو بھی وائرل ہوگیا ہے۔ کل صبح کھیلنے جانے کے بعد لوکیش نامی بچے کا اغوا کرلیا گیا تھا۔ والد کشن ویر کی تحریری شکایت پر پولیس نے کاس گنج کے سڈھ پورہ پولیس اسٹیشن میں آئی پی سی کی دفعہ 363 کے تحت نامعلوم اغوا کاروں کے خلاف اغوا کا معاملہ درج کرلیا ہے۔ معاملہ سڈھ پورہ کے علاقہ گاؤں پیتھن پور کا ہے۔

19 Jan 2021, 3:32 PM

جون پور میں قتل کے معاملے میں پردھان سمیت پانچ افراد کو عمر قید کی سزا

جون پور: اترپردیش کے ضلع جون پور کی ایک عدالت نے ایک نوجوان کے اغوا کے بعد قتل کے معاملے میں گاؤں کے پردھان سمیت 5 ملزمان کو عمر قید اور43-43 ہزار روپے جرمانہ لگایا ہے۔ استغاثہ کے مطابق ضلع کے رام پور تھانہ علاقہ کے آشا پور گاؤں کے رہائشی درویش دکشت 16 دسمبر 2015 کی شام رام پور مارکیٹ سے اپنے گھر لوٹ رہے تھے۔ اسی وقت سبکدوش ہونے والے گاؤں کے سربراہ سدھاکر دکشت نے اپنی گاڑی اس کے سامنے لگا دی اور سدھاکر اور دنکر کے للکارنے پر وریندر، درگش اور راہل نے اسے گھسیٹتے ہوئے گاڑی میں ڈال لیا اور اغوا کرکے بیکاپور کی جانب لے کر چلے گئے۔ ان لوگوں نے درویش کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ درویش کی لاش دوسرے دن پریاگ راج ضلع کے ہڈیا علاقے کے سمہا نہر کے کنارے ملی تھی۔ اس معاملے میں مقتول کے بھائی دل سنگار دکشت کی تحریری شکایت کی وجہ سے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں کل ڈسٹرکٹ ایڈیشنل سیشن جج پاسکو ایکٹ (III) رجنیش تیاگی نے کاغذ پر دستیاب شواہد کا مشاہدہ کرنے کے بعد پانچ ملزموں سدھاکر دکشت، دنکر دکشت، وریندر درگیش اور راہل کو عمر قید اور 43۔ 43 ہزار روپے کا جرمانے لگایا۔


19 Jan 2021, 2:31 PM

اجمیر میں پتھراؤ کے معاملے میں تقریباً دو درجن افراد گرفتار

اجمیر: راجستھان میں ضلع اجمیر کا بیاور شہر تھانہ حلقے کے قصبان محلے میں دو فریق میں ہوئے پتھراؤ کے معاملے میں آج تقریباً دو درجن افراد کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ بیاور شہر تھانہ پولیس کے مطابق قصبان محلے میں پیر کی رات نو بجے کے بعد دو تین مکانوں کی چھتوں سے ایک دوسرے کے اوپر پھتر اور کانچ کی بوتلیں پھینکنے سے حلقے میں تناؤ پھیل گیا۔ اس پر پولیس کے موقع پر پہنچنے کے بعد بھی پتھراؤ ہوا۔ بعد میں سب ڈیویژن سطحی انتظامی اور پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو سنبھالا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں رات سے ہی بیاور شہر، بیاور صدر وغیرہ مقامات پر آر اے سی کے ضابطے کو تعینات کر دیا گیا۔ پولیس نے اس معاملے میں صبح دونوں فریق کے 23 افراد کو گرفتار کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ فریقین کے مابین گزشتہ یکم جنوری کو بھی پتھراؤ ہوا تھا اور معاملہ پولیس تک پہنچا تھا۔

19 Jan 2021, 1:42 PM

ارجنٹینا کے سین جوآن صوبے میں زلزلے کے جھٹکے

بیونس آیرس: ارجنٹینا کے سین جوآن صوبے میں منگل کے روز زلزلے کے تیز جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر پیمانے پر زلزلے کی شدت کا اندازہ 6.4 لگایا گیا ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے مغربی وسطی صوبے سین جوآن میں پوکِٹو سے 27 کلومیٹر دور آج صبح زلزلے کے تیز جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے میں ابھی تک کسی طرح سے کوئی جان مال کے نقصان کی رپورٹ نہیں ہے۔ ارجنٹینا میڈیا رپورٹ کے مطابق زلزلہ بیونس آیرس کے کئی علاقوں سمیت ملک کے زیادہ تر حصوں میں محسوس کیے گئے۔


19 Jan 2021, 1:14 PM

انڈیا نے رقم کی تاریخ، آسٹریلیا کو 3 وکٹ سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی

ٹیم انڈیا نے برسبین کے گابا گراؤنڈ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر تاریخ رقم کی ہے۔ بھارت نے چوتھے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔

19 Jan 2021, 12:12 PM

ہندوستان کو آسٹریلیا پر تاریخی جیت کے لئے 100 سے کم رن درکار

ہندوستان کا 84 اوور کے بعد اسکور 4 وکٹ کے نقصان پر 254 رہے ہے۔ مینک اگروال 5 رن بنا کر اور رشبھ پنت 50 رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ ہندوستان نے روہت شرما (7 رن)، شبھمن گل (91 رن)،آجنکہ رہانے (24 رن) اور چیتیشور پجارا (56 رن) کے وکٹ گنوائے ہیں۔ آسٹریلیا کے لئے پیٹ کمنز نے دوسری اننگ میں 3 وکٹ حاصل کئے ہیں، جبکہ ناتھن لیون نے ایک وکٹ حاصل کیا ہے۔

قبل ازیں، ٹیم انڈیا کے گیندبازوں نے آسٹریلیا کو دوسری اننگز میں 294 رنوں پر آل آؤٹ کر دیا تھا۔ ٹیم انڈیا کو ٹیسٹ جیتنے کے لئے 328 رنوں کا ہدف حاصل ہوا۔ ہندوستان کی پہلی اننگز 336 رنوں تک محدود رہی تھی۔ ہندوستان پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 369 رنوں کے اسکور سے 33 رن دور رہ گیا تھا۔


19 Jan 2021, 10:52 AM

امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز 2.40 کروڑ سے متجاوز

واشنگٹن: عالمی وبا کورونا سے سب سے زیادہ متاثر امریکہ میں وائرس کے کیسز 2.40 کروڑ سے زیادہ ہو گئے ہیں۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اینڈ انجینیئرنگ سینٹر (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے اب تک دو کروڑ 40 لاکھ 73 ہزار 555 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ تین لاکھ 98 ہزار 977 افراد اس وبا سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

19 Jan 2021, 9:57 AM

یورپ، برازیل سے آنے والے مسافروں پر کووِڈ پابندی نہیں ہٹائی جائے گی: بائیڈن

واشنگٹن: امریکہ کے نو منتخب صدر جو بائیڈن نے کہا کہ یورپ اور برازیل سے آنے والے مسافروں سے کورونا وائرس سے متعلق پابندی نہیں ہٹائی جائے گی۔ امریکہ کے موجودہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر کیے گئے اعلان کے مطابق امریکہ یورپ، برطانیہ، آیرلینڈ اور برازیل سے آنے والے مسافروں پر 26 جنوری سے کووِڈ۔19 پابندی ہٹا رہی ہے۔

بائیڈن کے ترجمان جین ساکی نے پیر کے روز ٹویٹ کیا،’ہماری میڈیکل ٹیم کی صلاح کے مطابق انتظامیہ کا 26 جنوری سے ان پابندیوں کو ہٹانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ در اصل ہماری کووِڈ۔19 کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے بین الاقوامی سفر کے حوالے سے صحت عامہ کی تدابیر کو مستحکم کرنے کا منصوبہ ہے‘۔


19 Jan 2021, 7:31 AM

امریکی پارلیمنٹ ہاؤس میں نامعلوم خطرے کے بعد لاک ڈاؤن

سبکدوش ہونے والے موجودہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حامیوں کے ذریعہ امریکی پارلیمنٹ ہاؤس (امریکی کیپیٹل) پر پرتشدد حملے کے تقریبا دو ہفتوں کے بعد ایک نامعلوم خطرہ کی وجہ سے پیر کو لاک ڈاؤن لاگو کیا گیا۔
این بی سی نیوز نے اطلاع دی ہے کہ 'بیرونی سلامتی کے خطرے' کی وجہ سے امریکی کیپیٹل کے عملے کو گھر کے اندر رہنے اور 'سیکیورٹی کور' سے باہر نکلنے کے لئے ایک پیغام بھیجا گیا ہے۔کچھ ٹویٹر صارفین نے بھی اس علاقے میں دھواں اٹھتے دیکھا ہے۔

19 Jan 2021, 6:46 AM

وجئے مالیا کیس کی سماعت 15 مارچ تک ملتوی کردی گئی

سپریم کورٹ نے مفرور شراب تاجر وجے مالیا کی حوالگی سے متعلق کیس کی سماعت پیر کو 15 مارچ تک ملتوی کردی۔
مرکزی حکومت کی طرف پیش ہوتے ہوئے ، سالیسیٹر جنرل تشار مہتا ، نے جسٹس اُدے اومیش للت کی سربراہی میں بینچ کو آگاہ کیا کہ مالیہ کو برطانیہ سے ہندوستان کے حوالے کرنے کے معاملے میں کچھ قانونی پیچیدگیاں ہیں۔
مسٹر مہتا نے بینچ کے سامنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کی حکومت نے ہندوستانی وزارت خارجہ کو آگاہ کیا تھا کہ وہ اس معاملے کی اہمیت سے بخوبی واقف ہیں ، تاہم ، قانونی پیچیدگیاں حوالگی سے روک رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ، "ہم اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ صورتحال جوں کے توں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔