اہم خبریں : یکم مئی سے 18 سال سے زیادہ عمر والوں کو بھی لگایا جائے گا کورونا کا ٹیکہ

پی ایم نریندر مودی
پی ایم نریندر مودی
user

قومی آوازبیورو

19 Apr 2021, 8:10 PM

یکم مئی سے 18 سال سے زیادہ عمر والوں کو بھی لگایا جائے گا کورونا کا ٹیکہ

کورونا انفیکشن پر قابو پانے کے لیے مرکزی حکومت نے آج ایک میٹنگ کے دوران انتہائی اہم فیصلہ کیا۔ یکم مئی سے 18 سال کے اوپر کی عمر والے سبھی لوگوں کو کورونا کی خوراک دی جائے گی۔ پی ایم مودی نے ایک میٹنگ کے بعد یہ فیصلہ سنایا۔ انھوں نے ساتھ ہی کہا کہ گزشتہ ایک سال سے حکومت پوری کوشش کر رہی ہے کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین کی خوراک دی جائے۔

19 Apr 2021, 7:16 PM

ہائی کورٹ نے یو پی کے 5 شہروں میں لاک ڈاؤن لگانے کا دیا حکم، یوگی حکومت کا انکار

کورونا انفیکشن کے خطرہ کو دیکھتے ہوئے الٰہ آباد ہائی کورٹ نے اتر پردیش کی یوگی حکومت کو 26 اپریل تک پانچ کورونا متاثرہ شہروں میں لاک ڈاؤن لگانے کا حکم دے دیا ہے۔ لیکن دوسری طرف عدالت کے اس حکم کو ماننے سے یوگی حکومت نے انکار کر دیا ہے۔

19 Apr 2021, 4:31 PM

بینک آف بڑودہ میں کورونا کی وجہ سے تجارتی مندوبین کے لئے ہونے والا انٹرویو ملتوی

ہلدوانی: اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں بینک آف بڑوڈہ (بی او بی) کے علاقائی دفتر نے کورونا وائرس کی وبا کا حوالہ دیتے ہوئے تجارتی مندوبین کے عہدے کے لئے پیر کے روز ہونے والے انٹرویو کو موخر کر دیا ہے۔ ان عہدوں پر بھرتی کے لئے پیر کے روز صبح گیارہ بجے سے علاقائی دفتر میں انٹرویو ہونا تھا اور اب امیدواروں کو ای میل اور ٹیلیفون کے ذریعے انٹرویو کی اگلی تاریخ کے بارے میں مطلع کیا جائے گا۔

یہ اطلاع بڑودہ بینک کے ریجنل آفس میں کام کرنے والے شعبہ مالیات کے آفیسر موہت کمار کی جانب سے انٹرویو کے مقررہ وقت سے تقریباً چالس منٹ قبل امیدواروں کو بھیجے گئے ای میل میں دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ٹیلیفون کے ذریعے بھی امیدواروں کو آگاہ کیا گیا ہے۔ امیدواروں کو ارسال کردہ ای میل میں کہا گیا ہے کہ عالمی وبا کے پھیلنے کی وجہ سے تجارتی نمائندے کے عہدے کے لئے انٹرویو مجاز اتھارٹی نے ملتوی کر دیا ہے۔ اگلی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔


19 Apr 2021, 3:12 PM

ممتاز فکشن نگار مشرف عالم ذوقی کا انتقال، اردو ادب ماتم کناں

اردو ادب کے ایک اور درخشاں ستارہ نے داعی اجل کو لبیک کہہ دیا ہے۔ اس خبر نے ادبی دنیا میں رنج و غم کا ماحول پیدا کر دیا ہے کہ ممتاز فکشن نگار مشرف عالم ذوقی اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ سوشل میڈیا میں اردو اور ہندی ادب سے تعلق رکھنے والے لوگ مشرف عالم ذوقی کی ادبی کاوشوں کو یاد کر رہے ہیں اور خصوصی طور پر اردو ادب ماتم کناں نظر آ رہا ہے۔

19 Apr 2021, 2:33 PM

امریکہ کے ٹیکساس میں فائرنگ، 3 افراد ہلاک

واشنگٹن: امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن میں اندھا دھند فائرنگ کے ایک واقعہ میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے علاقہ مکینوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ فائرنگ کے بعد گریٹ ہلز اور کریک پارک وے ایریا میں سڑکیں بند کردی گئیں اور ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کی شناخت کرلی گئی ہے۔ ملزم اسٹیفن نکلوس قانون نافذ کرنے والے ادارے میں جاسوس کی حیثیت سے کام کرچکا ہے، مقامی پولیس سرگرمی سے اس کی تلاش کر رہی ہے۔ تادم تحریر یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کی اسٹیفن نکلوس نے اندھا دھند فائرنگ کیوں کی تھی۔


19 Apr 2021, 1:35 PM

صرف بخار ہی نہیں بلکہ خشک منہ اور سر درد بھی ہے کورونا کی علامات

ملک میں کورونا کی سونامی چل رہی ہے۔ ہر روز نئے ریکارڈ بن رہے ہیں۔ دریں اثنا، ایک تشخیصی فرم کے سربراہ نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے کورونا کی دوسری لہر پہلے کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ افراد میں علامات پہلی لہر کی نسبت مختلف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خشک منہ، معدے کی بیماری، الٹی، آنکھوں کی لالی اور سر میں درد شامل ہے۔

19 Apr 2021, 12:14 PM

دہلی میں لاک ڈاؤن کی تیاری، آج رات سے اگلے پیر تک لگا کرفیو

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے بحران کے درمیان ایک بار پھر دہلی میں کرفیو لگ سکتا ہے۔ اگر ذرائع پر یقین کیا جائے تو دہلی میں ایک ہفتہ طویل کرفیو نافذ کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ تھوڑی دیر میں وزیر اعلی اروند کیجریوال ایک بڑا اعلان کرسکتے ہیں۔


19 Apr 2021, 11:29 AM

تلنگانہ میں کووڈ 19کے 4009 نئے معاملات درج

حیدرآباد: تلنگانہ میں کووڈ- 19کے 4009 نئے معاملات درج کیے گئے ہیں، جس کے بعد ریاست میں معاملات کی تعداد بڑھ کر 3,55,433 ہوگئی ہے۔ ریاست میں بہ حیثیت مجموعی اموات کی تعداد بڑھ کر1,838 ہوگئی ہے، کیونکہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 14اموات ہوئی ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں 1,878 افراد روبہ صحت ہوئے ہیں جس کے بعد ریاست میں اب تک اس مرض سے روبہ صحت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر3,14,441 ہوگئی ہے۔ ریاست میں سرگرم معاملات کی تعداد 39,154 ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 83,089 کووڈ 19 کے معائنے کیے گئے، تاہم 5,104 نمونوں کی رپورٹس کا انتظار ہے۔ بہ حیثیت مجموعی 1.18 کروڑ نمونوں کی جانچ ریاست میں اس مرض کے پھیلنے کے بعد سے کی گئی ہے۔ جی ایچ ایم سی حدود میں 705 نئے معاملات درج کیے گئے ہیں۔ بقیہ معاملات ریاست کے دیگر اضلاع میں درج کیے گئے۔

19 Apr 2021, 10:05 AM

بی جے پی پرہنما دواؤں کی جمع خوری کر رہے ہیں جو انسانیت کے خلاف... پرینکا گاندھی

ریمیڈیسیور تنازعہ پر کانگریس کی رہنما پرینکا گاندھی نے کہا کہ جب ملک کے ہر کونے سے لوگ ریمیڈیسیور کو مہیا کرنے کی درخواست کر رہے ہیں اور تمام لوگ اپنی جان بچانے کے لئے کسی طرح ریمیڈیسیور کی ایک شیشی حاصل کرنے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں ، لیکن بی جے پی رہنما ریمیڈیسیور دوا کی ذخیرہ اندوزی کرکے انسانیت کے خلاف جرم کر رہے ہیں۔


19 Apr 2021, 6:10 AM

کمبھ سے گجرات واپس آئے مزید 15عقیدتمند کورونا پازیٹو

ہری دوار کمبھ سے واپس آئے مزید 15 عقیدتمند کل گجرات میں جانچ کے دوران کورونا سے متاثر پائے گئے۔
اس سے قبل گزشتہ روز بھی 34 ریل مسافر کورونا سے متاثر پائے گئے تھے ۔ وزیراعلیٰ نے کمبھ سے گجرات واپس آنے والے ہر عقیدت مند کی کورونا جانچ کرانے کی ہدایت دی تھی ۔ ہری دوار سے ایک خصوصی ٹرین سے آئے 230 مسافروں کا آج یہاں سابرمتی اسٹیشن پر کورونا ٹیسٹ کیا گیا اور ان میں سے 15 افراد متاثرہ پائے گئے۔ انہیں فوری طور پر ایک ہاسٹل میں بنے عارضی کووڈ سینٹر میں بھیج دیا گیا ۔
واضح رہے کہ گجرات میں کورونا کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے۔ یہاں اب تقریبا 60 ہزارایکٹو کیسز ہیں اور 5300 سے زیادہ افراد کی موت ہو چکی ہے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔