اہم خبریں: سوڈان کے دارفور میں آپسی تشدد میں کم از کم 50 افراد ہلاک

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

17 Jan 2021, 9:30 PM

سوڈان کے دارفور میں آپسی تشدد میں کم از کم 50 افراد ہلاک

قاہرہ: سوڈان کے مغربی دارفور صوبے کے دارالحکومت الجنایاح شہر میں مہاجرین کے لیے بنائے گئے کیمپ میں باہمی جھڑپوں میں کم از کم 48 افراد کی موت ہو گئی اور دیگر 97 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ سونا ڈائیلاگ کمیٹی نے اتوار کے روز طبی ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔ یہ تشدد ہفتے کے روز مہاجرین کے لیے بنائے گئے کیمپ میں ایک شخص کے قتل کے بعد ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے گروپس کی پر تشدد جھڑپوں میں کئی افراد کی موت ہو گئی۔ ڈائیلاگ کمیٹی نے ڈاکٹروں کے حوالے سے بتایا کہ ان جھڑپوں میں 48 افراد کی موت ہو گئی اور دیگر 97 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسکائی نیوز نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ قبیلائی گروہ نے ان جھڑپوں میں چھوتے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا اور شہر میں کرفیو لگے ہونے کے باوجود پرتشدد واقعہ میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔

17 Jan 2021, 8:31 PM

سڑک حادثہ میں موٹر سائیکل سوار ایم آر کی موت

دیوریا: اترپردیش میں ضلع دیوریا کے کھوکھندو علاقہ میں آج تیز رفتار کار کی زد میں آنے سے موٹرسائیکل سوار ایک میڈیکل ریپریزینٹیٹیو(ایم آر) کی موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ صدرکوتوالی علاقہ کے گرون پار محلہ کے باشندے سنجیوکمارتیواری ایک دواکمپنی میں ایم آر تھا۔ اتوار کی دوپہر سنجیوبائیک پر سوارہوکر سلیم پور کی طرف جا رہا تھا۔ علاقہ میں فور لین پر ٹڑواگاوں کے پاس تیزرفتار کار نے بائیک کو ٹکرماردی اور سنجیوکو روندتے ہوئے نکل گئی۔ سنگین حالت میں اسے اسپتال بھیجا گیا جہاں دوران علاج مسٹر تیواری کی موت ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد کارکا ڈرائیور فرار ہوگیا۔ پولیس اس کی تلاش میں ہے۔

17 Jan 2021, 7:42 PM

سون بھدر پولیس نے سات مطلوبہ گینگسٹروں کو کیا گرفتار

سون بھدر: اترپردیش کی سون بھدر پولیس نے کرما علاقے سے گینگسٹر معاملے میں مطلوبہ 7 بدمعاشوں کو گرفتار کر کے آج جیل بھیج دیا گیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ امریندر پرساد سنگھ نے آج یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کے کرما علاقے سے گینگسٹر ایکٹ میں مطلوبہ سات بدمعاشوں باری مہوا کے رہنے والے بابو لال، نگیندر، جوگیندر عرف راجکمار، اوند، وکرم موریہ، جتندر اور چندرما کو گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سبھی گرفتار شدہ ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل بھیج دیا گیا۔


17 Jan 2021, 6:46 PM

14 لاکھ کی غیر ملکی کرنسی کے ساتھ میاں۔بیوی گرفتار

اندور: مدھیہ پردیش میں اندور کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) یونٹ نے چودہ لاکھ روپے مالیت کی چوری کی غیر ملکی کرنسی کے ساتھ ایک جوڑے کو گرفتار کیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس (ایس ٹی ایف) وپن مہیشوری نے بتایا کہ مخبر سے موصول اطلاع کی بنیاد پر محمد رفیق خان (49) اور ان کی اہلیہ خورشیدہ بی (42) کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم کے پاس سے 19600 امریکی ڈالر یعنی ہندوستانی کرنسی میں چودہ لاکھ روپے کی غیر ملکی کرنسی، ایک ٹووہیلر اور ایک فون برآمد کیا ہے۔ اس معاملے کے تفتیشی افسر (انسپکٹر) ایم سید نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزم نے نجی ٹریول کمپنی کی بس میں سوار مسافر سے رقم چرانا قبول کیا ہے۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ میٹروپولیس احمدآباد، ممبئی سے اندور کی طرف آنے والے مسافروں کو منظم طور سے شکار بنانے کا ثبوت ملا ہے۔ پولیس اسی طرح کے کچھ اور واقعات کا انکشاف کرسکتی ہے۔

17 Jan 2021, 2:34 PM

وزیر اعظم مودی برطانیہ کی طرف سے ’جی-7‘ سربراہی اجلاس کے لئے مدعو

وزیر راعظم نریندر مودی کو برطانیہ کی جانب سے ’جی-7‘ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔ یہ اجلاس جون 2021 میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔ برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ وہ جی-7 کے سربراہی اجلاس سے قبل ہندوستان کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے ہندوستان کو ’دنیا کا دواخانہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان پہلے ہی دنیا کی 50 فیصد ویکسینوں کی فراہمی کرتا ہے، اور برطانیہ اور ہندوستان نے وبائی امراض کے دوران مل کر کام کیا ہے۔


17 Jan 2021, 1:26 PM

بھوپال کے تین تھانہ علاقوں میں احتیاطی کرفیو

بھوپال: بھوپال کے پرانے علاقے سے جڑے تین تھانہ علاقوں میں آج صبح سے احتیاط کے طورپرکرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ اڈیشنل پولیس ڈائریکٹر جنرل اپیندر جین نے بتایا کہ پولیس انتظامیہ نے یہ انتظام احتیاط کے طورپر کیا ہے اور شہر میں کہیں پر تناؤ جیسے حالات نہیں ہیں۔ پولیس انتظامیہ حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ متعلقہ علاقوں میں اضافی پولیس دستہ تعینات کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ جیوڈیشیل مجسٹریٹ کی جانب سے جاری حکم کے مطابق ہنومان گنج،ٹیلا جمان پورا اور گوتم نگر تھانہ علاقوں میں کرفیو لگایا گیا ہے۔ان سے متصل تھانہ علاقوں میں حکم امتناعی نافذ کیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پرانے کباڑخانہ علاقے میں ایک زمین پر حقوق سے متعلق معاملہ عدالت میں زیر التوا تھا۔فیصلے کے مابق متعلقہ فریق زمین پر باقاعدہ اپنا حق لے رہا ہے۔اس دوران نظام امن بنائے رکھنے کےلئے پولیس انتظامیہ نے احتیاط کے طورپر انتظام کیا ہے۔

17 Jan 2021, 1:25 PM

اندور میں کورونا کے 43 نئے معاملے ،ایک کی موت

اندور: مدھیہ پردیش کے ضلع اندور میں کورونا انفیکشن کے معاملے کم ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور 43 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ ایک متاثر کی موت درج کی گئی ہے۔

ضلع کے انچارج چیف میڈیکل اور ہیلتھ افسر نے بتایا کہ کل اس کے علاوہ 71 متاثرین کو صحت مند قرار دیا گیا۔ اس کے بعد زیر علاج معاملے گھٹ کر 1567 رہ گئے ہیں۔ ضلع میں اب تک 7,32,814 مشتبہ کے نمونوں کی جانچ کی گئی ہے۔ ان میں سے سامنے آئے 57,012 متاثرین میں سے 54,527 متاثرین کو علاج کے بعد صحت مند قرار دیا گیا ہے۔ ضلع میں کورونا انفیکشن سے مرنے والوں کی تعداد 918 تک پہنچ گئی ہے۔


17 Jan 2021, 1:25 PM

جالور میں بس میں کرنٹ سے آگ لگنے سے چھ لوگوں کی موت

جالور،: راجستھان کے جالور میں ایک بس کے بجلی کے تاروں کی زد میں آنے سے آگ لگ گئی جس میں چھ لوگوں کی موت جبکہ متعدد جھلس گئے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ لوگ جالور ضلع میں جین مندر کے درشن کے بعد واپس آرہے تھے کہ سنیچر کی رات راستہ بھٹک جانے کے سبب جالور سے سات کلومیٹر دور مہیش پورہ گاؤں پہنچ گئے جہاں بس گاؤں سے گزر رہے بجلی کے گیارہ کے وی لائن کے تاروں کی زد میں آگئی اور کرنٹ پھیلنے سے بس میں آگ لگ گئی۔

حادثے میں بس ڈرائیور اور کنڈیکٹر اور تین خواتین سمیت چار عقیدت مند کی جھلس کر موت ہوگئی جبکہ دیگر جھلسے لوگوں کوجالور ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں کچھ لوگون کی حالت سنگین ہونے کے سبب انہیں جودھپور بھیج دیا گیا۔ مہلوکین میں بیاور کی سونل، سربھی اور چاند دیوی، اجمیر کے راجیندر اور بس ڈرائیور دھرم چند اور بس کنڈیکٹر شامل ہیں۔

17 Jan 2021, 1:18 PM

میں تلگو کا داماد ہوں سونو سود کا بیان

حیدرآباد: مشہور اداکار سونو سود نے کہا ہے کہ وہ تلگو کے داماد ہیں۔ کورنا بحران کے دور میں نقل مکانی کرنے والے کئی افراد اور مزدوروں کی مدد کرتے ہوئے ایک ہیرو کے طور پر ابھرنے والے سونو کی کافی ستائش کی جا رہی ہے۔ تلنگانہ میں تو ان کے نام سے مندر تک قائم کر دیا گیا ہے۔

سود کی حال ہی میں تلگو فلم ’الوڈوآدھرس‘ سنکرانتی کے موقع پر ریلیز کی گئی جس نے باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے ہیں۔ فلم یونٹ نے اس کامیابی پر تقریب منعقد کی۔

اس موقع پر سونو سود نے تلگوانڈسٹری کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تلگو انڈسٹری ان کی پہلی محبت ہے۔ انہوں نے جو کچھ فلموں میں سیکھا ہے وہ تلگو انڈسٹری سے ہی سیکھا ہے۔ اسی لئے وہ تلگو انڈسٹری کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بیوی کا تعلق تلگو علاقہ سے ہے، اسی لئے وہ تلگو کے داماد ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔