اہم خبریں: نیٹ، جے ای ای کے امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ سپریم کورٹ نے مسترد کیا

سپریم کورٹ آف انڈیا - فائل تصویر / Getty Images
سپریم کورٹ آف انڈیا - فائل تصویر / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

17 Aug 2020, 2:36 PM

نیٹ، جے ای ای کے امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ سپریم کورٹ نے مسترد کیا

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ’نیشنل ایلیجیبلٹی کم اینٹرنٹ ٹیسٹ، این ای ای ٹی‘ اور جوائنٹ اینٹرنس ٹیسٹ، جے ای ای کو ملتوی کرنے سے متعلق عرضی پیر کو خارج کردی۔ نیٹ میڈیکل کورسز میں داخلے کے لئے جبکہ جے ای ای انجینئرنگ کورسز میں رجسٹریشن کے لئے منعقد کیا جاتا ہے۔ جسٹس ارون کمار مشرا،جسٹس بی آر گوئی اور جسٹس کرشن مراری کی بنچ نے یہ کہتے ہوئے عرضی خارج کردی کہ کورونا کی وجہ سے ملک میں سب کچھ روکا نہیں جا سکتا۔ جسٹس مشرا نے کہا کہ ’’کیا ملک میں سب کچھ روک دیا جائے؟ (بچوں کا) قیمتی سال یوں ہی برباد کردیا جائے؟‘‘

بنچ نے کہا کہ اس نے سالیسیٹر جنرل تشار مہتا کی دلیلوں کو ریکارڈ میں لیا ہے کہ جے ای ای اور نیٹ امحتانات مناسب احتیاط کے ساتھ منعقد کی جائیں گے۔ کووڈ- 19 کی وبا کے بڑھتے انفیکشن کے پیش نظر ستمبر میں مجوزہ جے ای ای مین اور نیٹ یوجی سی امتحانات کو ٹالنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ گیارہ ریاستوں کے 11 طلبہ نے ملک میں تیزی سے بڑھ رہے کووڈ- 19 کے معاملوں کی تعداد کے پیش نظر جے ای ای مین اور نیت یوجی سی امتحانات ملتوی کرنے کی اپیل کے ساتھ سپریم کورٹ کا رخ کیا تھا۔نیٹ، جے ای ای کے امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ سپریم کورٹ نے مسترد کیا

17 Aug 2020, 1:31 PM

شیام رجک آر جے ڈی میں ہوئے شامل، جے ڈی یو نے کل پارٹی سے کیا تھا باہر

پٹنہ میں نتیش حکومت کے سابق وزیر شیام رجک نے آر جے ڈی میں شمولیت اختیار کرلی۔ شیام رجک تیجسوی یادو کی موجودگی میں آر جے ڈی میں شامل ہوئے۔ انہیں جے ڈی یو نے کل پارٹی سے نکال دیا تھا۔

17 Aug 2020, 1:11 PM

ضلع ستنا میں دو افراد نے خودکشی کرلی

ستنا: مدھیہ پردیش کے ضلع ستنا میں ایک شخص نے گھر میں پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ پولیس ذرائع نے آج بتایا کہ بدیرا تھانہ علاقہ کے گاؤں سیماریہ میں اہلیہ کے میکے جانے سے خفا سجن کول نے گھر میں پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ اسی طرح رام پور بگھیلان تھانہ علاقہ کے گاؤں ڈیگرہٹ میں ایک لڑکی ہیما کول نے گھر میں نا معلوم وجوہات پر پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔


17 Aug 2020, 11:55 AM

اتر پردیش میں مجرموں کو قانون کا کوئی خوف نہیں... پرینکا گاندھی

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتر پردیش حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یو پی میں مجرموں کے ذہنوں میں قانون کا کوئی خوف نہیں ہے، یہ اس بات سے ثابت ہوتا ہے کہ پہلے بلندشہر، ہاپور، لکیم پور۔ کھیری، اور اب گورکھپور۔ اس طرح کے واقعات یہ ثابت کرتے ہیں کہ اتر پردیش حکومت خواتین کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ جس کے نتیجے میں خواتین کے خلاف جرائم کے بہیمانہ واقعات بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔

17 Aug 2020, 11:23 AM

پارلیمنٹ ہاؤس انیکسی میں آ تشزدگی

نئی دہلی: پیر کی صبح پارلیمنٹ ہاؤس انیکسی میں آگ بھڑک اٹھی۔ محکمہ فائر بریگیڈ کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع صبح ساڑھے سات بجے ملی جس کے بعد فوراً فائر بریگیڈ گاڑیو ں کو موقع پر روانہ کردیا گیا۔ آگ انیکسی کی چھٹی منزل پر لگی تھی۔ فائر بریگیڈ کی سات گاڑیو ں نے جلد ہی آگ پر قابو پالیا۔ آگ لگنے کی اصل وجہ کے بارے میں ابھی تک کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے، لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔


17 Aug 2020, 10:19 AM

پٹرول کی قیمت میں لگاتار دوسرے روز اضافہ

نئی دہلی: پٹرول اور ڈیزل کی قیمت کچھ دن مستحکم رہنے کے بعد ایک بار پھر اضافہ دیکھا گیا۔ گزشتہ روز بھی پٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوا تھا اور آج پٹرول کی قیمت میں مسلسل دوسرے دن اضافہ کیا گیا ہے۔ تاہم ، پچھلے 17 دنوں سے ڈیزل کی قیمتیں مستحکم ہیں۔ آج تیل کمپنیوں نے پیٹرول کی قیمت 12 پیسے سے بڑھا کر 16 پیسے کردی ہے۔

17 Aug 2020, 9:39 AM

سڑک حادثے میں پانچ افراد کی موت، چار زخمی

نڈیاد: گجرات کے ضلع کھیڑا کے وسو علاقے میں سڑک حادثے میں پانچ افراد کی موت ہو گئی اور چار زخمی ہوگئے۔ پولیس نے پیر کے روز بتایا کہ قومی شاہراہ 48 پر پیز چار راستہ کے نزدیک اتوار دیر رات دو کاروں کے درمیان ٹکر ہو گئی۔ حادثے میں کار سوار پانچ افراد کی موت ہو گئی اور دیگر چار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی شروع کردی۔


17 Aug 2020, 8:34 AM

کرناٹک میں بی احمد حاجی محی الدین کا انتقال

کرناٹک کے کاروباری، سماجی خدمت گار، ماہر تعلیم اور بی اے گروپ، تھمبے کے بانی صدر بی احمد حاجی محی الدین کا اتوار کو ایک پرائیویٹ اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ وہ 86برس کے تھے اور کچھ دنوں سے بیمار چل رہے تھے۔ ان کے کنبہ میں بیوی، تین بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔
ان کے جسد خاکی کو عام لوگوں کے خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تھمبے پی یو کالج میں رکھا گیا ہے اور بعد میں تھمبے مسجد کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
مسٹر احمد حاجی کی پیدائش ایک کاروباری کنبہ میں 1933میں بی محی الدین حاجی اور مریمہ کے یہاں ہوئی تھی۔ انہوں نے 1954میں کامرس میں گریجوئیشن کی اور منگلورو کے باہری علاقہ تھمبے کے ایک گاوں میں چھوٹی کاٹج صنعت کی شروعات کرکے اپنا کیریر شروع کیا تھا۔ انہوں نے 1957میں بی اے گروپ قائم کیا اور گزشتہ پانچ دہائیوں سے بی اے گروپ لکڑی کی صنعت میں اپنا پرچم لہرائے ہوئے ہے۔

17 Aug 2020, 7:47 AM

جمنا ندی پر دہلی میٹرو کے پانچویں میٹرو پل کی تعمیر کا آغاز

دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے دہلی میٹرو فیز-4 کے مجلس پارک۔ موج پور کوریڈور میں جمنا ندی پر پانچویں میٹرو پل کے تعمیراتی کام کا آغاز کردیا ہے۔ یہ پل 560 میٹر لمبا ہوگا اور یہ جمنا ندی پر دہلی میٹرو کا پانچواں پل ہوگا۔
ڈی ایم آر سی نے آج ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ پُل سورگھاٹ میٹرو اسٹیشن اور سونیا وہار میٹرو اسٹیشن کو مجلس پارک - موج پور کوریڈور سے جوڑے گا۔
یہ پل جمنا ندی پر واقع دو موجودہ پلوں یعنی وزیر آباد پل اور سگنیچر برج کے درمیان تعمیر کیا جائے گا۔ یہ کینٹلیور طرز تعمیر کا استعمال کرتے ہوئے تعمیر کیا جانے والا جمنا ندی پر پہلا میٹرو پل ہوگا۔
بلڈنک انفارمیشن ماڈلنگ (بی آئی ایم) تکنیک کا استعمال کرکے پل کے ڈیزائن کو حتمی شکل دی گئی۔ یہ پل پرانے وزیرآباد پل کے 385 میٹر نشیبی جانب اور موجودہ سگنیچربرج سے 213 میٹر اپ-اسٹریم میں جمنا ندی کو عبور کرے گا۔
پل کی تعمیر کے لئے متعلقہ اداروں سے تمام لازمی منظوریاں حاصل کرلی گئیں۔ ڈی ایم آر سی پرنسپل کمیٹی کی جانب سے جمنا ندی پر پل کی تعمیر کے لئے جو شرائط رکھی گئی ہیں انہيں پورا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔