اہم خبریں: انڈا-گوشت پر پابندی کا مطالبہ کرنے والے مہنت پرمہنس کو ایودھیا انتظامیہ نے کیا نظر بند

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

16 Jan 2021, 9:31 PM

انڈا-گوشت پر پابندی کا مطالبہ کرنے والے مہنت پرمہنس کو ایودھیا انتظامیہ نے کیا نظر بند

ایودھیا میں تپسوی چھاؤنی کے مہنت پرمہنس داس کو ضلع انتظامیہ نے نظر بند کر دیا ہے۔ پرمہنس داس نے اپنی رہائش پر ہی بھوک ہڑتال شروع کر دیا تھا اور پھر مہوبرا بازار میں اپنے مطالبات کو لے کر دھرنے پر بیٹھنے جا رہے تھے جب انتظامیہ نے انھیں گھر میں نظربند کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پرمہنس داس ایودھیا میں انڈا، گوشت اور شراب کی فروخت پر مکمل پابندی کا مطالبہ کر رہے ہیں اور ساتھ ہی گئو رکشا کے لیے علیحدہ وزارت تشکیل دینے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔

16 Jan 2021, 8:27 PM

پہلے دن 1.91 لاکھ لوگوں کو لگایا گیا کورونا کا ٹیکہ

آج سے پورے ہندوستان میں ٹیکہ کاری مہم شروع ہو گئی ہے، لیکن پہلے دن جو 3 لاکھ لوگوں کو ٹیکہ لگانے کا جو ہدف طے کیا گیا تھا، اس میں وزارت صحت کو کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے۔ محکمہ صحت نے آج ہوئی ٹیکہ کاری مہم سے متعلق ج تفصیلات پیش کی ہیں، اس کے مطابق پورے ہندوستان میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 91 ہزار 181 لوگوں کو ٹیکہ لگایا جا سکا۔ اس درمیان کورونا کو شکست دینے کے لیے دو ٹیکوں کا استعمال کیا گیا۔ پہلا ٹیکہ ’کووی شیلڈ‘ ہے جسے ہندوستان کی سبھی ریاستوں میں دستیاب کرایا گیا ہے، اور دوسرا ٹیکہ ’کوویکسین‘ ہے جو ملک کی 12 ریاستوں میں دستیاب کرایا گیا ہے۔

16 Jan 2021, 7:36 PM

امید کرتا ہوں کہ کورونا کا ٹیکہ ملک کے لئے نعمت ثابت ہوگا... ہیمنت سورین

رانچی: جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے ہفتہ کو کہا کہ ایک طویل عالمی وبا کے دور میں آج ملک کو کورونا کا ٹیکہ مل گیا اور امید ہے کہ قوم کے لئے یہ وردان ثابت ہوگا۔ سورین نے یہاں صدر اسپتال میں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ کورونا ویکسین جھارکھنڈ کو بھی ملی اور اس کا آغاز آج صدراسپتال رانچی سے ہوا۔ ہمارا ملک بہت ہی بڑا ہے۔ بڑا ہونے کے ساتھ ساتھ ہندوستان کی آبادی تقریباً سوا سوکروڑ ہے۔ کورونا ویکسین کی افادیت کو ذہن میں رکھتے ہوئے مرکزی حکومت کے ذریعہ گائیڈلائن کے مطابق ریاستی حکومت نے پوری تیاری کی ہے، پہلے مرحلے میں ریاست کے اسپتالوں میں تعینات ڈاکٹر، نرس سمیت تمام فرنٹ لائن طبی اہلکاروں کی ٹیکہ کاری کی جا رہی ہے۔


16 Jan 2021, 6:33 PM

ووہان سے پھیلنے والے کووڈ-19 کا چینی لیبارٹریوں سے تعلق ہونے کا شبہ… پومپیو

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے کہا ہے کہ چین کے ووہان شہر میں پائے جانے والے کورونا وائرس کا تعلق چینی لیبارٹریوں سے جوڑا جاسکتا ہے۔ پومپیو نے کہا کہ "امریکی حکومت کو اس امر پر اعتماد کا پختہ ثبوت ہے کہ ووہان انسٹی ٹیوٹ آف وایرولوجی کے متعدد محققین سن 2019 کے آخر میں کورونا وائرس کا پتہ لگانے سے پہلے ہی بیمار ہوگئے تھے اور انہیں موسمی بیماری اور کورونا وائرس دونوں کی علامات پائی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ "اس حقیقت سے ڈبلیو آئی وی کے سینئر محقق ژی زینگلی کے اس دعوے کی ساکھ پر سوال کھڑے ہوتے ہیں کہ انسٹی ٹیوٹ کے عملہ اور طلبہ میں سارس یا سارس کووڈ-2 سے متعلق وائرس نہیں پائے گئے۔

16 Jan 2021, 5:33 PM

برازیلیائی دوا ساز کمپنی نے اسپوتنک وی ویکسین کو منظوری دینے کا کیا مطالبہ

بیونس آیرس: برازیل کی دوا ساز کمپنی یونیووو کیومیکا نے نیشنل ہیلتھ ریگولیٹر ایجنسی سے روس کی اسپوتنک وی ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ جی1 نیوز آؤٹ لیٹ کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر اس کی اجازت دی جاتی ہے تو برازیل کو روسی ویکسین کی 20 لاکھ خوراک مل سکتی ہے۔ کورونا وائرس کے کیسز میں برازیل دنیا کا تیسرا سب سے زیادہ متاثر ملک ہے جہاں اب تک 8393492 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 208246 مریضوں کی موت ہوئی ہے۔


16 Jan 2021, 4:31 PM

فرانس حکومت نے بند کیے 9 مسلم مذہبی مقامات

پیرس: فرانس نے شدت پسند اسلامی نظریہ اور علیحدگی پسندی کے انسداد کی مہم کے تحت ملک میں نو مذہبی مقامات کو بند کر دیا ہے۔ فرانسیسی وزیر داخلہ جیرالڈ ڈارمنن نے ٹوئٹ کیا کہ لوگوں نے ہی حکومت کو ایسا قدم اٹھانے پر مجبور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم کے احکامات کے مطابق ہم اسلامی علیحدگی پسندوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کر رہے ہیں۔ خصوصی نگرانی کے تحت رکھے گئے 18 میں سے 9 مذہبی مقامات کو بند کر دیا گیا ہے۔ واضح ر ہے کہ گزشتہ اکتوبر میں فرانس میں تاریخ کے استاد شموئل پیٹی کو حضرت محمدؐ کے متنازعہ کارٹون کے سلسلے میں قتل کیا گیا تھا، جس کے بعد حکومت نے یہ قدم مسلم انتہاپسندوں پر لگام لگانے کے لئے اٹھایا ہے۔

16 Jan 2021, 3:29 PM

دہلی میں سردی اور گھنے کہرے کے سبب عوام مشکلات سے دوچار

نئی دہلی: دہلی اور این سی آر میں سردی نے عوام کو بدحال کر رکھا ہے اور ہفتے کے روز صبح گھنا کہرا چھائے رہنے کے سبب بہت سے علاقوں میں گاڑی ڈرائیوروں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ دہلی اور این سی آر میں گزشتہ رات 11 بجے سے ہی گھنا کہرا چھایا ہوا ہے جس کے سبب عوام مشکلات سے دوچار ہیں۔ دہلی میں سنگھو بارڈر کے آس پاس ہفتے کے روز علیٰ الصباح خطرناک کہرا چھایا رہا جس کے سبب سڑک پر 20 قدم کے آگے کچھ نظر نہیں آ رہا تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس طرح کے حالات 21 جنوری تک رہیں گے اور سردی سے کچھ راحت مل سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دہلی میں کئی دنوں کے بعد جمعہ کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا جو اس موسم کے حساب سے ایک ڈگری سیلسیس زیادہ ہے۔ حالانکہ کم از کم درجہ حرارت بھی 6.4 ڈگری سیلسیس رہا جو معمول سے ایک ڈگری کم ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں ہفتے کے روز متوسط سے گھنا کہرا رہنے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سیلسیس اور درجہ حرارت 4 ڈگری سیلسیس رہنے کے آثار ہیں۔


16 Jan 2021, 1:40 PM

کالے ہرن کے شکار میں دو افراد گرفتار

حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع نظام آباد میں دو شکاریوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا، جنہوں نے کالے ہرن کا شکار کیا تھا۔ ان کے قبضہ سے مردہ ہرن ضبط کیے گئے۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ دو شکاریوں جن کی شناخت ضلع کے بھکنور منڈل کے کے راملو اور کے سائیلو کے طور پر کی گئی ہے، نے یہ شکار کیا تھا۔ انہوں نے ان ہرنوں کے گوشت کو فروخت کرنے کا منصوبہ تیار کیا تھا۔ یہ دونوں اپنی موپیڈ پر ان مردہ ہرنوں کو لے جا رہے تھے کہ ان کا تعاقب کیا گیا اور ان کو حراست میں لے لیا گیا۔

16 Jan 2021, 11:48 AM

چین میں کورونا کی دوبارہ دستک! 24 گھنٹوں میں 130 نئے کیسز

بیجنگ: عالمی وبا کووڈ ۔19 کا مرکزبنے چین میں ایک بار پھر اس وائرس نے دستک دے دی ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 130 نئے کیسز درج کئے گئے ہیں۔

نیشنل ہیلتھ کمیشن نے ہفتے کے روز بتایا کہ کورونا کے 130 نئے معاملات میں سے 115 کیسز مقامی منتقلی کے ہیں جبکہ باقی 15 معاملات بیرونی ہیں۔ کمیشن نے اپنی یومیہ جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا ہے کہ صوبہ ہیبی میں 90، ہیلونگ جیانگ میں 23 اور بیجنگ میں کورونا کے دو نئے کیس درج کئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس دوران کورونا سے کسی شخص کی موت نہیں ہوئی ہے۔واضح رہے کہ چین میں کورونا سے اب تک 97،448 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس وبا کے پھیلنے سے ملک میں 4796 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔


16 Jan 2021, 10:28 AM

دنیا میں کورونا سے 20 لاکھ افراد ہلاک

نئی دہلی: عالمی وباکورونا وائرس سے نجات پانے کے لئے دنیا کے کئی ممالک میں کورونا ٹیکہ کاری کے عمل کے دوران اس وبا کے قہر سے دنیا میں 20 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹربرائے سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کی جانب سے اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے 191 ممالک میں کورونا وائرس سے اب تک نو کروڑ 35 لاکھ 80 ہزار 040 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 20 لاکھ تین ہزار 625 مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔

کورونا سے سب سے زائد متاثرامریکہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 2.34 کروڑ ہوگئی ہے جبکہ 3.90 لاکھ سے زیادہ مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکہ کے علاوہ کورونا سے برازیل میں 207،095 ، ہندوستان میں 151،918 اور میکسیکو میں 137،916 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

16 Jan 2021, 10:07 AM

کچھ دیر میں شروع ہوگی کورونا ٹیکہ کاری مہم

وزیر اعظم نریندر مودی دنیا کی سب سے بڑی کووڈ ۔19 ٹیکہ کاری مہم شروع کرنے جا رہے ہیں۔ پی ایم مودی صبح 10.30 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اس کی شروعات کریں گے۔ اس موقع پر تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 3006 ٹیکہ کاری مراکز ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جڑے رہیں گے۔ ٹیکہ کاری کے پہلے روز ہر سنٹر میں تقریباً 100 افراد کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔

ٹیکہ کاری مہم کے تحت ہیلتھ ورکر جیسے ترجیحی گروپوں کو پہلے ٹیکے لگائے جائیں گے، سرکاری اور نجی شعبے میں ’انٹی گریٹڈ چائلڈ ڈویلپمنٹ اسکیم‘ کے تحت کام کرنے والے ہیلتھ ورکرز (آنگن واڑی ورکرز) کو پہلے مرحلے میں ٹیکے لگائے جائیں گے۔


16 Jan 2021, 7:39 AM

زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کے دوران الکالامبا زخمی

کانگریس کی رہنما الکا لانبا زرعی قوانین کے خلاف احتجاج میں دہلی کے نائب گورنر انیل بیجل کی سرکاری رہائش گاہ ، راج نواس کی طرف پارٹی کے ذریعہ کئے جارہےمارچ کے دوران زخمی ہوگئیں۔محترمہ لانبا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مارچ کے دوران ایک خاتون کانسٹیب کے ساتھ جھڑپ میں وہ زخمی ہوگئیں۔ انہوں نےخون کے چند قطرے ڈی سی پی کی وردی پر پھینک دیئے۔محترمہ لانبا کے مطابق ، انہوں نے یہ کام اس لئے کیا کہ پولیس کا فرض عوام کے لئے کام کرنا ہے نہ کہ حکومت کی ڈیوٹی کرنا ہے ۔محترمہ لانبا نے کسانوں کی حالت زار پر مبینہ طور پر توجہ نہ دینے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو’ 'آمر‘ قرار دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔