اہم خبریں: دہلی میں پھر ایک دن میں کورونا کے 4 ہزار سے زائد نئے کیسز درج

کورونا وائرس
کورونا وائرس
user

قومی آوازبیورو

15 Sep 2020, 9:55 PM

دہلی: پھر ایک دن میں کورونا کے 4 ہزار سے زائد نئے کیسز درج

دہلی میں آج ایک بار پھر کورونا کے 4 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق 4263 نئے معاملے درج کیے گئے ہیں جس کے بعد دہلی میں مجموعی طور پر کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 25 ہزار 796 ہو گئی ہے اور ایک دن میں مزید 36 اموات کے بعد مجموعی طور پر مہلوکین کی تعداد 4806 پہنچ گئی ہے۔

15 Sep 2020, 8:55 PM

مہاراشٹر: ایک دن میں 20482 نئے کیسز درج، 515 مریضوں کی ہوئی موت

مہاراشٹر میں کورونا انفیکشن کی مار کم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق آج 20 ہزار 482 نئے معاملے درج کیے گئے ہیں جو کہ تشویشناک ہیں۔ اس کے علاوہ 515 کورونا مریضوں کی موت بھی واقع ہوئی ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو ریاست میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 10 لاکھ 97 ہزار 856 ہو گئی ہے جب کہ اموات کی مجموعی تعداد 30 ہزار 409 پہنچ گئی ہے۔

15 Sep 2020, 8:01 PM

کورونا ویکسین: ’بھارت بائیوٹیک اور جائیڈس کیڈیلا‘ دوسرے مرحلے کا انسانی ٹسٹ جاری

نئی دہلی: انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر بلرام بھارگو نے منگل کو بتایا کہ بھارت بائیوٹیک اور جائیڈس کیڈیلا دوسرے مرحلے کا انسانی ٹسٹ کر رہی ہے جبکہ سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا تیسرے مرحلے کا ٹسٹ جلد ہی شروع کرنے والے ہیں۔ ڈاکٹربھارگو نے مرکزی وزارت صحت وخاندانی فلاح وبہبود کی آج منعقد نامہ نگاروں کی کانفرنس میں بتایا کہ ملک میں اس وقت تین کورونا ویکسین ٹسٹ مختلف مرحلوں میں ہیں۔ ڈاکٹر بھارگو نے بتایا کہ کیڈیلا کی کورونا ویکسین کے پہلے مرحلے کا انسانی ٹسٹ پورا ہوگیا ہے اور دوسرے مرحلے کے ٹسٹ کے لئے رضاکار منتخب کیے جا چکے ہیں۔ اس ویکسین کے تین ڈوز لگتے ہیں۔ 28-28 دنوں کے وقفے پر اور ابھی تینوں ڈوز باقی ہیں۔

بھارت بائیوٹیک کا بھی پہلا مرحلہ پورا ہوگیا ہے اور ابھی اس کے نتیجے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ بھارت بائیوٹیک نے بھی دوسرے مرحلے کے ٹسٹ کے لئے رضاکاروں کا انتخاب کر لیا ہے اور انہیں دوسری ڈوز لگنی باقی ہے۔ سیرم انسٹی ٹیوٹ نے کورونا ویکسین کے لئے دوسرے مرحلے کے لئے 100 رضاکاروں پر ٹسٹ کیا اور اس کے بعد سات۔آٹھ دن کا بریک لیا کیونکہ یہ تیسرے مرحلے کا ٹسٹ شروع کرنا چاہتے ہیں۔ سیرم انسٹی ٹیوٹ پورے ملک کی 14 سائٹ پر 1500 مریضوں پر تیسرے مرحلے کا ٹسٹ کرنا چاہتا ہے۔


15 Sep 2020, 6:55 PM

گوپال گنج میں آسمانی بجلی گرنے سے دو بچوں کی موت

گوپال گنج : بہار میں گوپال گنج ضلع کے بھورے تھانہ علاقہ میں منگل کو آسمانی بجلی سے جھلس کر دو بچوں کی موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ دھرہرا گاﺅں واقع باغیچہ میں کچھ بچے کھیل رہے تھے، تبھی تیز بارش کے ساتھ آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے رام پریت چوہان کا دس سالہ بیٹیا نیرج چوہان، سوریش چوہان کا دس سالہ بیٹا راکیش چوہان شدید طور سے جھلس گیا۔ ذرائع نے بتایاکہ زخمیوں کو بھورے ریفرل اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے نیرج چوہان اور راکیش چوہان کو مردہ قرار دے دیا۔ واقعہ کی جانکاری ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی ہیں۔

15 Sep 2020, 5:31 PM

کرناٹک میں شہری ترقیات کے وزیر کورونا وائرس سے متاثر

بنگلور: کرناٹک کے شہری ترقیاتی کے وزیر بیراتی بسوراج نے خود کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی اطلاع دی ہے۔ بیراتی بسواراج نے پیر کی شب ٹوئٹ کیا کہ 'آج کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی مجھ میں تصدیق کی گئی ہے۔ مجھے صحت سے متعلق کوئی دشواری نہیں ہے۔ مجھے ڈاکٹر کے مشورے پر اسپتال میں داخل کیا گیا ہے اور علاج جاری ہے۔ سب لوگوں کی نیک تمنائوں کے ساتھ میں جلد ہی صحت یاب ہوجاؤں گا"


15 Sep 2020, 4:26 PM

ڈوڈہ میں نقلی پولیس افسر گرفتار

جموں: جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں منگل کے روز پولیس نے ایک نقلی پولیس افسر کو گرفتار کیا ہے، پولیس ذرائع نے بتایا کہ مقامی لوگوں کی طرف سے اطلاع موصول ہوئی کہ نیرج کمار ساکن ارنورہ ڈوڈہ نامی ایک شخص اپنے آپ کو پولیس سب انسپکٹر کی حیثیت سے پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے کارروائی کر کے اس کو گرفتار کیا اور تفتیش سے معلوم ہوا کہ وہ پولیس افسر نہیں ہے بلکہ ایک عام آدمی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نیرج کمار باقاعدہ ایک پولیس سب انسپکٹر کی وردی بھی پہنتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو حراست میں لیا گیا ہے اور اس کے خلاف ایک کیس درج کیا گیا ہے۔

15 Sep 2020, 3:21 PM

ایران امریکہ پر حملے کا منصوبہ بناسکتا ہے…ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ ایران امریکی ڈرون حملے میں اپنی فوج کے میجر جنرل قاسم سلیمانی کی موت کا بدلہ لینے کے لئے امریکہ میں قتل یا دیگر حملوں کا منصوبہ بناسکتا ہے اور ایران کو وارننگ دی ہے کہ اگر وہ اس طرح کے حملے کو انجام دیتا ہے تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنے پڑے گا۔” میجر جنرل قاسم سلیمانی ایران کے ایلیٹ قدس فورس کے کمانڈر تھے اور امریکہ مغربی ایشیائی علاقے میں امریکی فوجیوں کے خلاف حملوں کا منصوبہ بنانے اور انجام دینے کے لئے انہیں قصوروار قرار دیتا رہا ہے۔

ٹرمپ نے منگل کو ٹوئٹ کرکے کہا کہ ’’میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایران دہشت گرد لیڈر سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے امریکہ میں قتل یا دیگر حملوں کا منصوبہ بناسکتا ہے۔‘‘ ٹرمپ نے وعدہ کیا ہے کہ اگر امریکہ پر حملے کے لئے ایران ذمہ دار پایا گیا تو اس کے خلاف جوابی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ایران کو امریکہ پر کیے گئے کسی بھی حملے کا 1000 گنا سنگین نتیجہ بھگتنا پڑے گا۔‘‘


15 Sep 2020, 2:27 PM

جموں میں سابق وزیر چودھری لال سنگھ کی رہائش گاہوں پر سی بی آئی کے چھاپے

جموں: سنٹرل بیور آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے منگل کی صبح جموں و کشمیر کے سابق وزیر اور ڈوگرہ سوابھیمان سنگٹھن کے بانی چودھری لال سنگھ کی ضلع کٹھوعہ میں واقع رہائش گاہوں سمیت متعدد جگہوں پر چھاپے مارے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سی بی آئی نے منگل کی صبح قریب سات بجے سابق وزیر چودھری لال سنگھ کی کٹھوعہ کے وارڈ نمبر دو اور راج باغ میں واقع رہائش گاہوں پر چھاپے مارے۔ موصوف وزیر کی کٹھوعہ رہائش گاہ پر سی بی آئی کی ٹیم تین گاڑیوں میں پہنچ گئی تاہم ان چھاپوں میں جموں و کشمیر پولیس شامل نہیں تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ سی بی آئی نے لال سنگھ کی رہائش گاہوں کے علاوہ دوسری متعدد جگہوں پر بھی چھاپے مارے اور کچھ چیزیں بالخصوص کاغذات اپنی تحویل میں لے لئے ہیں۔ سی بی آئی نے 25 جنوری کو چودھری لال سنگھ کے زیر انتظام ایک ایجوکیشنل ٹرسٹ کے خلاف بدعنوانی اور اراضی پر ناجائز قبضہ کرنے کے الزامات کی تحقیقات کے لئے کیس درج کیا تھا۔

15 Sep 2020, 1:22 PM

یو پی اے حکومت کو گرانے کے لئے بی جے پی- آر ایس ایس نے کیا تھا عآپ کو تیار... راہل

راہل گاندھی نے کہا کہ اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ انڈیا اگینسٹ کرپشن موومنٹ اور عام آدمی پارٹی کو آر ایس ایس اور بی جے پی نے جمہوریت کے خاتمے اور اس وقت کی یو پی اے حکومت کا تختہ پلٹنے کے لئے تیار کیا تھا۔ راہل گاندھی نے پرشانت بھوشن کے ایک انٹرویو کے جواب میں یہ بات کہی، جس میں بھوشن نے دعوی کیا تھا کہ یو پی اے حکومت کو گرانے کے لئے انڈیا اگینسٹ کرپشن تحریک کو "بی جے پی اور آر ایس ایس نے فروغ دیا تھا"۔

بھوشن نے کہا کہ "آنکھوں میں دو چیزیں ہیں جن کے لئے مجھے افسوس ہے۔ کوئی یہ نہیں دیکھ رہا ہے کہ بی جے پی-آر ایس ایس کے ذریعہ یہ تحریک اپنے سیاسی مقاصد کے لئے کانگریس حکومت کو گرانے اور خود کو دوبارہ اقتدار میں لانا تھا۔" پرشانت بھوشن عام آدمی پارٹی کے بانی ممبروں میں سے ایک ہیں۔ انہیں 2015 میں پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔ بھوشن آئی اے سی کے ممتاز ممبر بھی تھے۔


15 Sep 2020, 12:20 PM

اے پی میں سڑک حادثہ، تین افراد ہلاک

حیدرآباد: روحانی گرو مرلی سوامی کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد واپسی کے دوران اے پی میں پیش آئے سڑک حادثہ میں تین افراد ہلاک اور7 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ ضلع اننت پور کے تاڑی پتری ٹاون کے نواح میں اُس وقت پیش آیا جب وین کا تصادم نامعلوم گاڑی سے ہوگیا۔ پولیس نے کہا کہ 50 سالہ ہیم لتا،51 سالہ سُبیا اور وینکٹ راجیا، دیگر سات کے ساتھ تروچنور سے واپس ہو رہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ واپسی کے دوران ان کی گاڑی نامعلوم گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

15 Sep 2020, 11:20 AM

سوڈان میں سیلاب سے 102 افراد ہلاک،7 لاکھ 20 ہزار افراد متاثر

اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے کہا ہے کہ گزشتہ چار دنوں میں سوڈان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد 160000 سے بڑھ کر 720000 اور سیلاب سے اموات کی تعداد 102 ہوگئی ہے۔ اقوام متحدہ نے نے پیر کے روز بتایا کہ سیلاب سے 71000 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں، جبکہ 72000 مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور 3300 سے زیادہ جانور ہلاک ہوگئے۔ سرکاری، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں اور غیر سرکاری تنظیموں نے تقریبا 200000 افراد تک صحت سے متعلق کھانے کی اشیاء اور دیگر امدادی سامان پہنچائی ہے۔


15 Sep 2020, 10:13 AM

مودی سرکار نہیں جانتی کہ کتنے مزدور مرے اور کتنی نوکریاں گئیں، راہل گاندھی

کورونا وائرس کے پیش نظر حکومت کے غلط طریقہ سے لاک ڈاؤن نافذ کرنے اور وقت پر صحیح اقدامات نہ اٹھانے پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا، ’’مودی سرکار نہیں جاتی کہ لاک ڈاؤن میں کتنے مہاجر مزدور مرے اور کتنی نوکریاں گئیں۔ تم نے نہیں گنا ہے تو کیا اموات نا ہوئی! افسوس ہے سرکار متاثر نہیں ہوئی، لوگوں کا مرنا دیکھ لیا سارے جہاں نے، ایک مودی حکومت ہے پر خبر نہیں ہوئی۔ ‘‘

15 Sep 2020, 8:03 AM

پیاز کی قیمتوں سے غریب کے چھلکے آنسو، برآمد پر لگی پابندی

حکومت نے گھریلو بازار میں پیاز کی بڑھتی قیمتوں پر لگام لگانے کے لئے پیاز کی برآمد پر مکمل طورپر پابندی عائد کردی ہے۔ فورن(بیرون ممالک) ٹریڈ ڈائرکٹوریٹ جنرل نے پیرکو یہاں جاری ایک نوٹفکیشن میں بتایا کہ گھریلو بازار میں پیاز کی دستیابی بڑھانے کے لئے اس کی برامد روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ نوٹفکیشن پیاز کی تمام اقسام پر نافذ ہوگا۔ نوٹفکیشن میں کہا گیاہے کہ پیاز کے ٹکڑے اور پاوڈر کی برامد جاری رہے گی۔


15 Sep 2020, 7:35 AM

دہلی میں کورونا معاملوں میں کمی، 3229 نئے معاملے

راجدھانی دہلی میں کورونا وائرس انفیکشن میں مسلسل پانچ دنوں سے سامنے آرہے 4000 سے زیادہ معاملوں کےبعد پیر کو نئے معاملوں میں کمی درج کی گئی ہے اور آج 3229 معاملے سامنے آئے ہیں۔
دہلی کے وزارت صحت کی طرف سے پیر کو جاری اعدادوشمار میں 3229 نئےمریضوں کے ساتھ ہی مجموعی متاثروں کی تعداد بڑھ کر 221533 ہوگئی ہے۔ اس دوران 3374 اور مریضوں کے صحت یاب ہونے سے اب تک مجموعی طور سے 188122 لوگ کورونا وائرس کو مات دے چکے ہیں۔ اسی مدت میں کورونا انفیکشن سے 26 اور مریضوں کی موت ہونے سے اس وبا سے مرنے والے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 4770 ہوگئیں ہے۔

دہلی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ریکارڈ 44884 جانچ کی گئی ہے اور اس میں پازیٹو کی شرح 7.19 فیصد رہی۔ یہاں وائرس کے مجموعی طور سے 2184316 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے۔ راجدھانی میں فی دس لاکھ پر جانچ کا اوسط 114964 ہے۔ دہلی میں مجموعی جانچ میں پازیٹیو کی شرح 10.14 فیصد پائی جارہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔