اہم خبریں: پریاگ راج میں خاتون کی لاش برآمد ہونے سے ہنگامہ

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

15 Oct 2020, 4:57 PM

پریاگ راج میں خاتون کی لاش برآمد ہونے سے ہنگامہ

پریاگ راج: اترپردیش میں ضلع پریاگ راج کے خلد آباد حلقے میں جمعرات کو خاتون کی لاش برآمد ہونے سے ہنگامہ بپا ہو گیا۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ خلدآباد حلقے میں جوگ ویر چوراہا کے پاس فُٹ پاتھ پر صبح ایک بزرگ خاتون (70) کی لاش ملی۔ راہگیروں نے پولیس کو مطلع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ خاتون کے ساتھ مارپیٹ کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ خاتون کے منھ کے پاس سے خون بہہ رہا تھا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد تفصیلات دستیاب ہو سکیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ خاتون کون ہے، کہاں سے آئی ہے‘ ابھی تک کچھ معلوم نہیں ہو سکا ہے۔ اس معاملے میں پولیس رپورٹ درج کرکے تحقیقات کر رہی ہے۔

15 Oct 2020, 3:58 PM

راجکوٹ شہر سے پولس نے سٹہ باز کو کیا گرفتار

راجکوٹ: گجرات کے راجکوٹ شہر کے پردیو من نگر علاقے میں پولس نے چھاپہ مار کر آئی پی ایل میچ میں سٹہ لگاتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے جمعرات کے روز یہ اطلاع دی۔ پولیس نے بدھ کی رات پردیوومن نگر علاقہ کے سرکاری اسپتال کے قریب چھاپہ مارا۔ جہاں سے راجستھان رائلز اور دہلی کیپٹلس کے مابین جاری آئی پی ایل کرکٹ میچ پر موبائل فون کے ذریعہ سٹہ لگانے والے نکھل منگے (27) کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے پاس سے 1700 روپے کی نقدی سمیت 6700 کا سامان برآمد ہوا۔

15 Oct 2020, 2:56 PM

سپریم کورٹ میں ہاتھرس متاثرہ فیملی کی اپیل، مقدمہ کی سماعت دہلی میں ہو

ہاتھرس کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہو رہی ہے، اس مدت کے دوران یوپی حکومت نے متاثرہ افراد کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرنے کی تفصیلات بتائیں۔ اسی دوران متاثرہ کے بھائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس نے سیما کشواہا کو ایک وکیل کے طور پر مقرر کیا ہے، حالانکہ سرکاری وکیل بھی مدد کے لئے حاضر ہوں گے۔ سپریم کورٹ میں سیما کشواہا نے مطالبہ کیا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد دہلی میں اس مقدمے کی سماعت کی جائے، سی بی آئی کو چاہیے کہ وہ اپنی تحقیقات کو براہ راست سپریم کورٹ میں رپورٹ کرے۔


15 Oct 2020, 1:56 PM

فرانس میں کورونا وبا کی دوسری لہر، کل سے نافذ ہوگا کرفیو

پیریس: فرانس کے ایمینوئل میکراں نے کورونا کے قہر کو روکنے کے لئے جمعہ سے ملک میں کرفیو نافذ کیے جانے کا اعلان کیا ہے۔ شہروں میں کرفیو رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک نافذ رہے گا۔ میکراں نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں کہا ’’کرفیو الے ڈی فرانس علاقے اور 8 دیگر میٹروپولیٹن علاقوں۔ گرینوبل، لیلے، روین، لیون، ایکس مارسلے، سینٹ ایٹیئن، ٹولوز، مونٹے نیلیئر اور روئن میں نافذ ہوگا‘‘۔ انہوں نے کہا ’’فرانس کورونا وائرس وبا کی دوسری لہر میں ہر روز اوسطاً 20 ہزار نئے معاملے سامنے آرہے ہیں۔ ہم ایسے مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں جہاں اسے ہر حال میں روکنا ہوگا‘‘۔ حالات قابو میں ہیں، ہم ایسی حالت میں ہیں جو باعث تشویش ہے اور خوف پیدا نہیں ہونا چاہیے۔ ہم نے شروعاتی لہر سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرفیو کے دوران رات 9 سے صبح 6 بجے کے درمیان ٹریفک پر پابندی نہیں ہوگی لیکن سفر کو محدود کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہمیں سبھی علاقوں میں کام کرنے کا اہل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جین کیسٹیکس جلد ہی پریس کانفرنس کرکے ان اقدامات کی جانکاری دیں گے۔

15 Oct 2020, 12:56 PM

نامعلوم افراد نے شادی شدہ خاتون کے سر کو جسم سے کیا جدا

حیدرآباد: نامعلوم افراد نے ایک شادی شدہ خاتون کے سر کو جسم سے جدا کردیا۔ یہ واقعہ جمعرات کی صبح کی اولین ساعتوں میں تلنگانہ کے ضلع سدی پیٹ میں پیش آیا۔ سر کو جسم سے جدا کرنے کے بعد جسم کو اننتاساگر گاوں کے نواحی علاقہ میں پھینک دیاگیا، جبکہ سر کو کچل کر اس کی ناقابل شناخت بنانے کی کوشش کی گئی۔ مقتولہ کی شناخت 32 سالہ انوشماں کے طورپر کی گئی ہے۔ مقامی افراد نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ خاتون کا شوہر جو اس کے کردار پر شبہ کرتا تھا اس قتل معاملہ میں ملوث ہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کر دی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ایریا اسپتال نارائن کھیڑ منتقل کر دیا گیا۔


15 Oct 2020, 12:10 PM

ہاتھرس کی متاثرہ کے گاؤں پہنچی سی بی آئی کی ٹیم، ملزمان کے اہل خانہ سے پوچھ گچھ

ہاتھرس معاملہ میں سی بی آئی کی تفتیش تیسرے روز بھی جاری ہے۔ آج سی بی آئی کی ٹیم چاروں ملزمان کے گھر پہنچ گئی ہے اور ان کے اہل خانہ سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل سی بی آئی کی ٹیم نے متاثرہ کے لواحقین سے بھی پوچھ گچھ کی تھی۔

اپنی تفتیش کے پہلے دن سی بی آئی نے جائے واردات کا دورہ کیا تھا جبکہ دوسرے دن متاثرہ کے لواحقین سے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ سی بی آئی کی ٹیم اس سے پہلے علاقہ کا دورہ کرنے کے ساتھ اس اسپتال کا بھی دورہ کر چکی ہے جہاں واردات کے بعد متاثرہ کو پہلی بار علاج کے لئے لے جایا گیا تھا۔ سی بی آئی نے ہاتھرس میں ایک عارضی دفتر قائم کیا ہے، جہاں سے تفتیش کا سلسلہ جاری رکھا گیا ہے۔

15 Oct 2020, 10:40 AM

ہندوستان میں کورونا کے 67708 نئے کیسز، 680 کی موت

وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 67708 نئے مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ اسی کے ساتھ کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 7307098 ہو گئی ہے، ان میں سے 6383442 شفایاب ہو چکے ہیں جبکہ 111266 افراد کی موت ہو گئی۔


15 Oct 2020, 8:26 AM

چنڈی گڑھ اور پنجاب میں آج سے کھلیں گے اسکول

پنجاب حکومت نے آج سے9ویں کلاس سے لے کر 12 ویں کلاس تک کے بچوں کے لئےاسکول کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کورونا وبا کے بعد تقریبا چھہ مہینے بعد آج بچے اسکول جائیں گے۔اسکولوں میں سماجی دوری کا خاص خیال رکھا جائے گا۔بچوں کو اسکول آنے کے لئےوالدین اور سرپرستوں سے اجازت لینی پڑے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔