اہم خبریں: تینوں زرعی قوانین کسانوں کو ختم کرنے کے قوانین ہیں... راہل گاندھی

کانگریس لیڈر راہل گاندھی
کانگریس لیڈر راہل گاندھی
user

قومی آوازبیورو

15 Jan 2021, 4:04 PM

زرعی قوانین کسانوں کو ختم کرنے کے قوانین ہیں: راہل گاندھی

جنتر-منتر پر دھرنے پر بیٹھے کانگریس اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کرنے کے بعد راہل گاندھی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ تین (زرعی) قانون کسان کو ختم کرنے کے قانون ہیں۔ اس ملک کو آزادی امبانی-اڈانی نے نہیں، کسان نے دی ہے۔ آزادی کو برقرار ہندوستان کے کسان نے رکھا ہے، جس دن ملک کی فوڈ سیکورٹی چلی جائے گی اس دن ملک کی آزادی چلی جائے گی۔‘‘

15 Jan 2021, 3:10 PM

جنتر-منتر پہنچے راہل گاندھی نے ٹریکٹر پر چڑھ کر کہا ’حکومت کو قانون واپس لینے ہی ہوں گے‘

راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی اس وقت جنتر-منتر پہنچ چکے ہیں اور زرعی قوانین کے خلاف دھرنا دے رہے کانگریس اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کر رہے ہیں۔ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی قیادت میں آج کانگریس کارکنان نے راج بھون کا گھیراؤ کیا اور پھر یہ قافلہ جنتر-منتر پہنچا۔ جنتر-منتر پہنچ کر راہل گاندھی ایک ٹریکٹر پر چرھ گئے اور کہا کہ ’’جب تک تینوں قوانین واپس نہیں ہو جاتے تب تک کانگریس اپنی تحریک ختم نہیں کرے گی۔ بی جے پی حکومت کو قانون واپس لینے ہی ہوں گے۔‘‘

15 Jan 2021, 2:50 PM

مودی حکومت ایک بار پھر کسانوں پر حملہ کر رہی ہے: راہل گاندھی

زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے کانگریس ملک گیر احتجاج کر رہی ہے۔ دہلی میں راہل اور پرینکا کی قیادت میں بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان نے راج بھون کا گھیراؤ کیا اور پھر جنتر-منتر کے لیے روانہ ہوئے۔ اس درمیان راہل گاندھی نے کہا کہ ’’جب مودی حکومت کسانوں کی زمین چھیننے کی کوشش کر رہی تھی، تب ہم نے انھیں روکا تھا۔ مودی حکومت ایک بار پھر سے کسانوں پر حملہ کر رہی ہے۔‘‘


15 Jan 2021, 2:19 PM

راج بھون کا گھیراؤ کرنے کے بعد راہل-پرینکا کا قافلہ جنتر-منتر کی طرف بڑھا

کسانوں کے حق میں آواز بلند کرنے کے مقصد سے ہزاروں کانگریس کارکنان نے راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی قیادت میں راج بھون کا گھیراؤ کیا، اور اب یہ قافلہ جنتر-منتر کی طرف بڑھ گیا ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ جنتر منتر پر ہی کئی کانگریس اراکین پارلیمنٹ زرعی قوانین کے خلاف دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

15 Jan 2021, 2:01 PM

کسانوں کے حق میں دہلی کی سڑکوں پر اترے راہل-پرینکا، راج بھون کے باہر ہائی الرٹ

مرکز کی طرف سے لئے گئے زرعی قوانین کے خلاف تحریک چلا رہے کسانوں کے حق میں کانگریس آج ملک گیر احتجاج کر رہی ہے۔ دہلی کی سڑکوں پر راہل اور پرینکا گاندھی بھی احتجاج میں شامل ہیں۔ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی قیادت میں سینکڑوں کارکنان راج بھون کا گھیراؤ کرنے کے لئے نکل چکے ہیں۔

اس دوران پولیس نے حفاظت کا سخت انتظام کیا اور راج بھون سے پہلے ہی بندشیں لگا کر راستہ بند کر دیا ہے۔ تاہم کانگریس کارکنان پورے جوش و جذبہ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

اہم خبریں: تینوں زرعی قوانین کسانوں کو ختم کرنے کے قوانین ہیں... راہل گاندھی
اہم خبریں: تینوں زرعی قوانین کسانوں کو ختم کرنے کے قوانین ہیں... راہل گاندھی
اہم خبریں: تینوں زرعی قوانین کسانوں کو ختم کرنے کے قوانین ہیں... راہل گاندھی
اہم خبریں: تینوں زرعی قوانین کسانوں کو ختم کرنے کے قوانین ہیں... راہل گاندھی
اہم خبریں: تینوں زرعی قوانین کسانوں کو ختم کرنے کے قوانین ہیں... راہل گاندھی

15 Jan 2021, 12:33 PM

لکھنؤ میں راج بھون کا گھیراؤ کرنے جا رہے یوپی کانگریس صدر اجے کمار للو گرفتار

کانگریس کے ملک گیر احجاج کے تحت سینکڑوں پارٹی کارکنان ریاستی صدر اجے کمار للو کی قیادت میں لکھنؤ کی سڑکوں پر اترے۔ یہاں راج بھون کا گھیراؤ کرنے جا رہے اجے کمار للو اور ایم ایل سی دیپک سنگھ کو حراست میں لے لیا گیا۔ تمام مظاہرین کو گرفتار کر کے ایکو گارڈن لے جایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سی ایل پی لیڈر ارادھنا مشرا مونا کو خانہ نظر بند رکھا گیا ہے۔

اہم خبریں: تینوں زرعی قوانین کسانوں کو ختم کرنے کے قوانین ہیں... راہل گاندھی
15 Jan 2021, 12:07 PM

عوامی حقوق کے لئے سڑکوں پر اتری کانگریس، راج بھون کے گھیراؤ کی تیاری

کانگریس کی طرف سے آج یوم کسان حقوق منایا جا رہا ہے اور اس کے تحت ملک گیر احتجاج ہو رہا ہے۔ متعدد شہروں میں کانگریس لیڈران اور کارکنان سڑکوں پر ہیں اور حکومت کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی کی طرف سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ کسانوں کے تمام مطالبات کو قبول کیا جائے اور تین کی لگاتار بڑھتی قیمتوں پر لگام لگائی جائے۔

دہلی میں ریاستی کانگریس صدر انل چودھری کی قیادت میں سینکڑوں کارکنان احتجاج کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق تمام مظاہرین ٹروما سینٹر (نزد چندگی رام اکھاڑا) پر جمع ہوں گے اور یہاں سے ایل جی ہاؤس کی طرف گامزن ہوں گے۔ راہل گاندھی بھی اس مارچ میں شرک کریں گے۔


15 Jan 2021, 11:06 AM

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 15590 نئے کیسز، 15975 افراد شفایاب

مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 15590 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 15975 افراد نے شفایابی حاصل کر لی۔ اسی اثنا میں 191 فراد لقمہ اجل بھی بن گئے۔

مجموعی معاملے - 10527683

فعال معاملے - 213027

شفایاب افراد - 10162738

اموات کی تعداد - 151918

15 Jan 2021, 9:42 AM

مراٹھواڑہ میں کورونا کے 221 نئے معاملے، چار کی موت

اورنگ آباد: مہاراشٹر کے مراٹھواڑہ خطے کے آٹھ اضلاع میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 کے 221 نئے کیس سامنے آئے اور چار افراد کی موت ہوئی۔ صحت اہلکاروں نے یہ جمعہ کے روز یہ اطلاع دی۔

تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز سے یونیورسٹی کے ذریعہ جمع کیے گئے اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ خطے کے آٹھ اضلاع میں سے لاتور میں 61 معاملے اور ایک کی موت درج کی گئی، اورنگ آباد میں 48 نئے معاملے اور ایک موت، جلنا میں 27 معاملے اور ایک موت ریکارڈ کی گئی۔ پربھنی ضلع میں 25 معاملے اور ایک موت، عثمان آباد میں 19 معاملے، بیڑ میں 17، ناندیڑ میں 14 اور ہنگولی میں 10 معاملے سامنے آئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست بھر میں 3579 کورونا معاملے رپورٹ ہوئے ہیں اور 70 اموات ہوئی ہیں، ان میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1981623 ہے اور 50291 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔


15 Jan 2021, 9:42 AM

انڈونیشیا میں زلزلے سے کم از کم 3 لوگوں کی موت، 24 زخمی

جکارتہ: انڈونیشیا میں مغربی سلاویسی صوبے میں آئے زبردست زلزلے کے سبب جمعہ کو کم از کم تین لوگوں کی موت اور 24 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔

’دی جکارتہ پوست‘ اخبار کے مطابق 6.2 شدت کے زلزلے سے مغربی سُلاویسی کی راجدھانی ماموزو شہر میں کافی نقصان ہوا ہے۔ زلزلے کے جھٹکوں سے ایک اسپتال منہدم ہوگیا اور کچھ لوگ اس کے ملبے میں دب گئے۔ وہیں ایک اور ہوٹل بھی قدرتی آفت سے تباہ ہوگیا۔

15 Jan 2021, 9:41 AM

ملیشیا میں کورونا کے ریکارڈ 3337 نئے معاملے

کوالالمپور: ملیشیا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس کے 3337 نئے معاملے سامنے آجے ہیں جو کورونا وبا کی شروعات سے اب تک ایک دن میں سامنے آئے سب سے زیادہ معاملے ہیں۔

وزارت صحت کے ڈائرکٹر نور ہشام عبداللہ نے بیان جاری کرکے کہا کہ نئے معاملے میں سے سات باہر سے آئے ہوئے لوگون کے ہیں باقی 3330 معاملے مقامی پھیلاؤ کے ہیں۔ اس دوران ملک میں کورونا سے 15 مزید لوگوں ی موت سے مرنے والوں کی تعداد بھی بڑھ کر 578 ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1710 مریضوں کے کورونا سے پوری طرح ٹھیک ہونے سے صحت مند ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 113288 ہوگئی ہے۔ ملک میں کورونا کے فی الحال 33686 سرگرم معاملے ہیں۔


15 Jan 2021, 9:40 AM

دنیا میں کورونا سے تقریباً 20 لاکھ لوگوں کی موت

نئی دہلی: عالمی وبا کورونا وائرس سے نجات پانے کے لئے مختلف ممالک میں کورونا ٹیکہ کاری کا عمل شروع ہونے کے درمیان اس وبا سے تقریباً 20 لاکھ لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔

امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اینڈ انجنیئرنگ کے مرکز (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری اعداد و شماور کے مطابق دنیا کے 191 ممالک میں کورونا وائرس سے اب تک 9 کروڑ 30 لاکھ 18 ہزار 40 لوگوں متاثر ہوئے ہیں اور 19 لاکھ 91 ہزار 530 مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔

کورونا سے سب سے زیادہ متاثر امریکہ میں کورونا کے سرگرم معاملوں کی تعداد 2.30 کروڑ ہوگئی ہے جبکہ 3.84 لاکھ سے زیادہ مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ امریکہ کے علاوہ کورونا سے برازیل میں 207095، ہندوستان میں 151727 اور میکسکو میں 136917 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔

15 Jan 2021, 9:37 AM

مہاراشٹر میں سخت سکیورٹی اور کورونا پروٹوکول کے درمیان پنچایتی انتخابات کے لئے ووٹنگ

ممبئی: سخت سیکیورٹی اور کورونا پروٹوکول کے درمیان مہاراشٹر کے 34 اضلاع میں 14،234 گرام پنچایتوں کے لئے جمعہ کو ووٹنگ ہو رہی ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے گذشتہ برس دسمبر میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد فوری طور پر ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوگیا تھا۔ ووٹنگ صبح 7:30 بجے شروع ہوئی ہے اور شام 5:30 بجے ختم ہوگی۔

ریاست کے گڈچیرولی اور گونڈیا اضلاع کی چار تحصیلوں میں سہ پہر تین بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق ریاست کی 20،000 نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ ریاست میں 27،920 گرام پنچایتیں ہیں جن میں سے 14،234 نشستوں پر آج ووٹنگ ہورہی ہے۔ نتائج کا اعلان 18 جنوری کو ہو گا۔ باقی 1،566 گرام پنچایتوں کے لئے 31 مارچ کو ووٹنگ ہوگی۔


15 Jan 2021, 8:16 AM

ایران کا بحری مشقوں میں کروز میزائلوں کا استعمال

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق خلیج عمان میں جاری بحری مشقوں کے دوران کروز میزائل فائر کئے گئے ہیں۔ یہاں جاری ہونے والے بیان کے مطابق امریکہ کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر مختلف اقسام کے کروز میزائل داغے گئے جنہوں نے خلیج اور بحر ہند کے شمالی حصے میں اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
ایران نے ان دو روزہ بحری مشقوں کا آغاز بدھ کے روز کیا تھا۔ حالیہ چند ہفتوں سے ایران نے ایسی فوجی مشقوں کی تعداد میں واضح اضافہ کیا ہے تاکہ ٹرمپ انتظامیہ اور خطے میں اس کے اتحادی ممالک خبردار رہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔