اہم خبریں: کسانوں نے یومِ جمہوریہ پر لال قلع سے انڈیا گیٹ تک جلوس نکالنے کا کیا اعلان

کسان تحریک / تصویر یو این آئی
کسان تحریک / تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

14 Jan 2021, 10:10 PM

یوم جمہوریہ پر ہم لال قلع سے انڈیا گیٹ تک جلوس نکالیں گے: راکیش ٹکیت

بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹکیت نے میڈیا کے سامنے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ہمارا منصوبہ ہے کہ 26 جنوری کو لال قلع سے انڈیا گیٹ تک جلوس نکالیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم جب امر جوان جیوتی پہنچیں گے تو وہاں پر ترنگا لہرائیں گے۔ یہ تاریخی نظارہ ہوگا جہاں پر ایک طرف جوان تو دوسری طرف کسان ہوں گے۔‘‘

14 Jan 2021, 9:04 PM

مودی حکومت کو زرعی قوانین واپس لینے ہی ہوں گے: راہل اگندھی

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک بار پھر مرکز کی مودی حکومت پر متنازعہ زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس تعلق سے انھوں نے ایک ٹوئٹ بھی کیا ہے جس میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ مودی حکومت یہ قوانین ضرور واپس لے گی۔ ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے ’’میرے الفاظ یاد رکھیے گا، حکومت کو زراعت مخالف قانون واپس لینا ہی ہوگا۔‘‘

14 Jan 2021, 8:10 PM

کسانوں اور حکومت کے درمیان کل کی میٹنگ انتہائی اہم، 12 بجے شروع ہوگا مذاکرہ

ایک طرف سپریم کورٹ نے کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، اور دوسری طرف حکومت اور کسانوں کے درمیان مذاکرہ کے ذریعہ حل تلاش کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ اس کے تحت کل یعنی 15 جنوری کو کسان تنظیموں کے لیڈران اور مرکزی وزراء ایک بار پھر دہلی کے وگیان بھون میں میٹنگ کریں گے۔ یہ میٹنگ جمعہ کے روز 12 بجے شروع ہو گی۔


14 Jan 2021, 7:37 PM

سپول میں دو بسوں کے مابین تصادم، 18 مسافر زخمی

سپول: بہار میں سپول ضلع کے صدر تھانہ علاقہ میں دو بسوں کے مابین ہوئی ٹکر میں اٹھارہ افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ چین سنگ پٹی گاﺅں کے نزدیک بدھ کی دیر رات دو بسوں کے مابین ٹکر ہوگئی۔ اس واقعے میں اٹھارہ افرا زخمی ہوگئے۔ ذرائع نے بتایاکہ زخمیوں کو سپول صدر اسپتال میں علاج کے لئے لایا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد پانچ لوگوں کو چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ دیگر کا علاج ابھی چل رہا ہے۔

14 Jan 2021, 5:32 PM

بلند شہر میں 16100 ہیلتھ ورکرس کو لگے گا کورونا کا ٹیکہ

بلندشہر: اترپردیش کے ضلع بلند شہر میں ہفتہ کو 16 مراکز پر 16100 ہیلتھ ورکروں کو کورونا کا ٹیکہ لگایا جائے گا۔ محکمہ صحت نے ضلع انتظامیہ کی دیکھ بھال میں ویکسین کی ٹیکہ کاری کی سبھی تیاریاں مکمل طور سے پوری کرلی ہیں۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اروند کمار نے آج کہا کہ پہلے دن ویکسین لگانے کے لئے ضلع کے 16000 طبی اہلکار کا انتخاب کیا گیا ہے جن کا پورا ڈاٹا تیار کر کے انتظامیہ کو بھیج دیا گیا ہے۔ ضلع ہیڈ کوارٹر پر 16 آئیس لائڈ، ریفریجریٹر اور اتنی ہی ڈیپ فریجر آچکے ہیں۔ انتظامیہ کی گائیڈ لائن کے مطابق ہی ضلع میں کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔ چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر بھوتوش شنکھ دھر نے بتایا کہ کورونا ویکسین ڈویژن ہیڈکوارٹر میرٹھ پہنچ چکا ہے۔ ضلع کو 20490 خوراک فراہم کی گئی ہیں۔


14 Jan 2021, 3:30 PM

گناورم ایرپورٹ پر شدید کہرہ، طیاروں کی آمدورفت متاثر

حیدرآباد: اے پی کے وجئے واڑہ کے گناورم ایرپورٹ پر شدید کہرہ کی وجہ سے یہاں اترنے والے اور یہاں سے اڑان بھرنے والے طیاروں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔ صبح کی اولین ساعتوں سے ہی کہرہ کی گھنی چادر ایرپورٹ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں دیکھی گئی جس کے نتیجہ میں راستہ صاف دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ اس شدید کہرہ کے نتیجہ میں صبح 7.20 بجے دہلی، بنگالورو سے آنے والے طیاروں کی آمد میں تقریباً دو گھنٹے تک کی تاخیر ہوئی۔ ناموافق موسم کی وجہ سے ان طیاروں کی آمدورفت کچھ گھنٹوں کے لئے متاثر رہی۔

14 Jan 2021, 2:37 PM

بائیڈن کی حلف برداری تقریب سے قبل واشنگٹن کے 13 میٹرو اسٹیشن بند

واشنگٹن: امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن کے میٹرو حکام نے نو منتخب صدر جو بائیڈن کی حلف برداری تقریب سے قبل 13 میٹرواسٹیشن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹریفک انتظامیہ نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ 15 جنوری سے 21 جنوری تک 13 میٹرو اسٹیشن بند رہیں گے اور ٹرین سروس مخصوص طے شدہ اوقات کے مطابق جاری رہے گی ۔ اس کے علاوہ 26 بس روٹس کے آس پاس کے سیکورٹی دائرے کو بھی بڑھایا جائے گا۔ جو بائیڈن کی حلف برداری تقریب 20 جنوری کو ہوگی۔ واضح رہے کہ 6 جنوری کو امریکی پارلیمنٹ کیپیٹل ہل پر انتخابی نتائج سے ناراض ٹرمپ کے حامیوں کے حملے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔


14 Jan 2021, 1:51 PM

پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کچھ ہفتے آگے بڑھنے کے امکانات

نئی دہلی: آئندہ اپریل مئی میں پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کچھ ہفتے آگے بڑھ سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق بورڈ امتحانات کی تاریخوں کے سلسلے میں کسی قسم کے تضاد کو ٹالنےاوراپریل تک اس پورے عمل کو مکمل کرنے کے لئے کمیشن اسمبلی انتخابات میں چند ہفتوں کی توسیع پر غور کرسکتا ہے۔

ذرائع نے اشارہ دیا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان فروری کے وسط تک کیا جاسکتا ہے۔ مغربی بنگال، تمل ناڈو، آسام، کیرالہ اور پڈوچیری میں اس سال اپریل مئی میں اسمبلی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ ان ریاستوں میں آزادانہ اورغیرجانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے سینڑل فورسزکی موجود گی سب سے زائد ہوگی۔

14 Jan 2021, 11:39 AM

کشمیر میں شدید سردی کی لہر، سرینگر میں 25 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

جموں و کشمیر اس وقت شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ سری نگر میں درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ پہنچ گیا ہے جبکہ وادی کشمیر میں رات کے درجہ حرارت میں گرواٹ درج کی جا رہے ہے۔ یہ موسم کا اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت ہے، جس نے گذشتہ 25 سالوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سال 1995 میں سرینگر میں منفی 8.3 ڈگری سیلیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد اب یہاں کا درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ہے۔


14 Jan 2021, 11:32 AM

بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب سے قبل واشنگٹن کے 13 میٹرو اسٹیشن بند

واشنگٹن: امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن کے میٹرو حکام نے نو منتخب صدر جو بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب سے قبل 13 میٹرواسٹیشن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹریفک انتظامیہ نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ 15 جنوری سے 21 جنوری تک 13 میٹرو اسٹیشن بند رہیں گے اور ٹرین سروس مخصوص طے شدہ اوقات کے مطابق جاری رہے گی ۔ اس کے علاوہ 26 بس روٹس کے آس پاس کے سکیورٹی دائرے کو بھی بڑھایا جائے گا۔

بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب 20 جنوری ہو گی ۔ واضح رہے کہ 6 جنوری کو امریکی پارلیمنٹ کیپیٹل ہل پر انتخابی نتائج سے ناراض ٹرمپ کے حامیوں کے حملے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

14 Jan 2021, 10:51 AM

ہندوستان میں کورونا کے 16946 نئے کیسز، 17652 افراد شفایاب اور 198 لقمہ اجل

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 16946 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 17652 افراد نے شفایابی حاصل کر لی۔ اسی اثنا میں 198 افراد لقمہ اجل ہو گئے۔

کورونا کیسز کی مجموعی تعداد - 10512093

فعال کیسز کی تعداد - 213603

شفایاب افراد کی تعداد - 10146763

اموات کی مجموعی تعداد - 151727


14 Jan 2021, 9:42 AM

برطانیہ میں کورونا قہر، 24 گھنٹوں میں 1564 اموات

لندن: برطانیہ میں عالمی وباء کورونا وائرس کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں دوران اس وبا کے آغاز سے اب تک سب سے زیادہ 1564 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں بدھ تک کورونا کے قہر سے 84،767 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ برطانیہ میں اس قبل 8 جنوری کو ایک ہی دن میں 1325 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔

اس کے علاوہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے 47،525 نئے کیسز درج کئے گئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 3،211،576 ہوگئی ہے۔ ملک کے دارالحکومت لندن میں بھی اس دوران 202 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور لندن کے میئر صادق خان نے تصدیق کی ہے کہ دارالحکومت میں کورونا سے دس ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

14 Jan 2021, 8:09 AM

یوروپی یونین کے حکام کا امریکی وزیرخارجہ سے ملنے سے انکار

یوروپی یونین کے سرکردہ حکام نے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو سے ملنے سے انکار کردیا ہے۔ عالمی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے یوروپ کادورہ عین وقت پر منسوخ کردیا۔ ناٹو اتحادی لکسمبرگ کے وزیرخارجہ نے بھی امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملنے سے انکار کردیا ہے۔خیال رہے مائیک پومپیو کو یوروپی یونین کے رہنماؤں سے ملاقات سے قبل لکسمبرگ کے ہم منصب سے ملنا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔