اہم خبریں: سری نگر ہوائی اڈے پر انڈیگو کا طیارہ برف سے ٹکرایا، کئی افراد زخمی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

13 Jan 2021, 8:39 PM

سری نگر ہوائی اڈے پر انڈیگو کا طیارہ برف سے ٹکرایا، کئی افراد زخمی

نئی دہلی: جموں و کشمیر کے سری نگر ہوائی اڈے پر بدھ کو کئی مسافر اس وقت زخمی ہو گئے جب دہلی جانے والی انڈیگو کی پرواز برف سے ٹکرا گئی۔ اس وقت طیارے میں 231 مسافر سوار تھے۔ ائیر لائن کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلائٹ نمبر 6E2559 سری نگر سے دہلی آ رہی تھی۔ مسافروں کے سوار ہونے کے بعد رن وے کی طرف ٹیکسی کرتے وقت طیارہ منجمد برف سے ٹکرا گیا۔ واقعہ کے بعد طیارے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ اس دوران مسافروں کو دہلی بھیجنے کے لئے دوسری پرواز کا انتظام کیا گیا۔ (یو این آئی)

13 Jan 2021, 7:30 PM

عتیق احمد کے چچیرے بھائی کا دو منزلہ مکان زمیں دوز

پریاگ راج: گجرات کے احمد آباد جیل میں قید مافیا ڈان و سابق رکن پارلیمان عتیق احمد کے چچیرے بھائی راشد عرف نیلو کے غیر قانون طور سے بنائے گئے دو منزلہ مکان کو پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران نے بلڈوزر چلا کر بدھ کو زمیں دوز کردیا۔ پی ڈی اے سرکل افسر آلوک پانڈے نے بتایا کہ چکیا علاقے کے کسریا روڈ پر عتیق احمد کے چچیرے بھائی راشد عرف نیلو غیر قانونی طور سے دو منزلہ عمارت 300 تا 400 مربع گز میں بنا ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس عمارت کا اتھارٹی سے کوئی نقشہ پاس نہیں کرایا گیا تھا۔ عمارت کو منہدم کرنے سے پہلے کئی تھانوں کی پولیس اور بڑی تعداد میں پی اے سی کے جوانوں کو تعینات کیا گیا تھا۔ اس عمار ت کو چار بلڈوزروں کی مدد سے منہدم کیا گیا۔

13 Jan 2021, 6:29 PM

بھاگلپور میں دکاندار کا گولی مار کرقتل

بھاگلپور: بہار میں بھاگلپور ضلع کے شاہ کنڈ تھانہ علاقہ میں بدمعاشوں نے ایک کیرانہ دکاندار کا گولی مار کرقتل کر دیا۔ پولیس ذرائع نے بدھ کو یہاں بتایا کہ ست پوریا گاﺅں باشندہ اروند کمار دکان بند کرنے کی تیاری کر رہے تھے تبھی قریب پانچ کی تعداد میں آئے مسلح بدمعاشوں نے انہیں گولی مار دی اور فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس نے زخمی دکاندار کو فوراً شاہ کنڈ پرائمری ہیلتھ مرکز میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

ذرائع نے بتایاکہ قتل کی وجہ آپسی تنازعہ بتایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں متوفی کے اہل خانہ کے بیان پر ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ پولیس لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھاگلپور کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج اسپتال بھیج دی ہے۔ واقعہ میں شامل بدمعاشوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے ماری شروع کر دی گئی ہے۔


13 Jan 2021, 5:29 PM

امریکہ میں 67 سال بعد کسی خاتون کو دی گئی سزائے موت

واشنگٹن: خاتون قیدی لیزا مونٹگمری کو بدھ کو امریکہ کے انڈیانا میں موت کی سزا سنائی گئی، جو ملک میں 67 برسوں بعد کسی خاتون کو سزائے موت سنائے جانے کا پہلا معاملہ ہے۔ نیو یارک ٹائمز اخبار کی رپورٹ کے مطابق مونٹگمری کو زہریلا انجیکشن لگا کر موت کی سزا دی گئی اور بین الاقوامی وقت کے مطابق صبح 0631 بجے اسے مردہ قرار دیا گیا۔ وہ 1953 کے بعد پہلی خاتون تھیں جنھیں سزائے موت دی گئی۔

انہیں 2004 میں بوبی جواسٹینیٹ کے قتل کے جرم میں سزائے موت سنائی گئی تھی، جو اس وقت آٹھ ماہ کی حاملہ تھی۔ اس سے قبل ایک وفاقی جج نے ان کی سزائے موت پر روک لگادی تھی جسے سپریم کورٹ نے پلٹ دیا تھا جس کے فورا بعد ہی مونٹگمری کو سزائے موت دے دی گئی۔ مونٹگمری کی سزا کے ساتھ ہی امریکہ میں سزائے موت پانے والے قیدیوں کی تعداد جولائی کے بعد سے 11 ہوگئی ہے، لیکن ان میں سے وہ واحد خاتون قیدی تھیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جو 17 سال کے وقفے کے بعد جولائی میں موت کی سزا کا التزام دوبارہ شروع کیا تھا۔

13 Jan 2021, 4:30 PM

ممبئی میں کورونا وائرس کا ٹیکہ 16 جنوری سے لگایا جائے گا

ممبئی: کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کلی دوا "کووی شیلڈ" آج صبح پونے سے ممبئی پہنچ گئی اور 16 جنوری سے یہاں ویکسینیشن شروع کردی جائے گی۔ یہ ویکسین پونے سے خصوصی گاڑی کے ذریعہ ممبئی لائی گئی ہے۔ ویکسین بنانے والے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا نے 139500 خوراکیں (ویکسینیں) برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کو بھیجی ہیں۔ بی ایم سی کمشنر آئی ایس چاہل نے بتایا کہ ممبئی میں ویکسین کے لئے 72 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے دو دن میں ممبئی کے مختلف ویکسین مراکز کو ویکسین بھیج دی جائے گی۔


13 Jan 2021, 3:34 PM

ٹرمپ کا یوٹیوب اکاؤنٹ عارضی طور پر معطل

واشنگٹن: ویڈیو اپ لوڈنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ ایک ہفتہ کے لئے معطل کر دیا۔ یوٹیوب نے چینل پر اپ لوڈ اس ویڈیو کو بھی ہٹا دیا ہے جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اس سے اس (یوٹیوب) کی پالیسی کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ یوٹیوب نے ایک بیان جاری کر کے کہا کہ پالیسی کی خلاف ورزیوں اور پورے معاملے پر نظر ثانی کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ کے چینل پر اپ لوڈ کردہ نئے مواد کو ہٹا دیا گیا ہے، تاہم یہ پہلا موقع ہے اس لئے ان کا اکاؤنٹ ایک ہفتہ کے لئے معطل کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مستقل طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ تاہم فیس بک، انسٹاگرام، اسنیپ چیٹ، ٹویچ، اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ٹرمپ کے اکاؤنٹ مستقل یا غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دیئے گئے ہیں۔

13 Jan 2021, 3:32 PM

دہلی حکومت کا دسویں اور بارہویں جماعت کے لئے اسکول کھولنے کا حکم

دہلی حکومت نے دسویں اور بارہویں جماعت کے لئے اسکول کھولنے کا حکم دیا ہے۔ اسکول 18 جنوری سے کھولے جائیں گے۔ بورڈ کے امتحانات کے پیش نظر یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ گزشتہ دنوں ہی دہلی کے نائب وزیرا علیٰ اور وزیر تعلیم منیش سسودیا نے کہا تھا کہ بورڈ امتحانات کے پیش نظر اسکولوں کو کھولنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ بچوں کو ان کے والدین کی مرضی سے ہی اسکولوں میں بلایا جائے گا۔


13 Jan 2021, 2:17 PM

مرکز نے مفت نہیں دی، تو دہلی حکومت دے گی فری کورونا ویکسین، کیجریوال

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ایک بار پھر مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ ملک بھر کے لوگوں کو کورونا کی ویکسین مفت لگوائی جائے۔ دہلی کا ذکر کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت یہاں کے لوگوں کو مفت ویکسین فراہم نہیں کرتی تو دہلی حکومت اپنے خرچ پر دہلی کے عوام کو مفت ویکسین لگوائے گی۔

13 Jan 2021, 12:25 PM

ڈرگ معاملہ، مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک کے داماد سے این سی بی کی پوچھ گچھ

ممبئی میں 200 کلو ڈرگ ضبط کرنے کے معاملہ میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے مہاراشٹر کے کابینہ وزیر نواب ملک کے داماد سمیر خان کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا ہے۔ این سی بی کے مطابق سمیر خان اور کرن سجنانی کے درمیان مبینہ طور پر 20 ہزار روپے کی لین دین ہوئی تھی۔


13 Jan 2021, 9:37 AM

کورونا کے 15968 نئے مریض، 17817 افراد شفایاب اور 202 لقمہ اجل

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 15968 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی، 17817 مریض شفایاب ہو گئے جبکہ 202 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

کیسز کی مجموعی تعداد - 10495147

فعال کیسز - 214507

شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد - 10129111

اموات کی مجموعی تعداد - 151529

13 Jan 2021, 8:16 AM

مائک پینس نے صدر ٹرمپ کو ہٹانے سے کیا انکار، آج ہوگی مواخذہ کی تحریک پر ووٹنگ

امریکہ کے نائب صدر مائک پینس نے اسپیکر نینسی پلوسی کو خط لکھ کر مطلع کر دیا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کو ہٹانے کے لئے آرٹیکل 25 کو لاگو نہیں کریں گے ۔ پینس کے اس انکار کے بعد اب صدر ٹرمپ کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے لئے مواخذہ کی تحریک ہی ایک حل رہ گئی ہے اور اس پر آج رات کو ووٹنگ ہونی ہے۔ اس بیچ صدر ٹرمپ کے خلاف ان کی پارٹی کے ارکان کا بھی دباؤ بڑھتا جا رہا ہے اور کئی ریپبلیکن ارکان ان کے خلاف موخذہ کی تحریک پر ووٹ کر سکتے ہیں۔


13 Jan 2021, 7:10 AM

شمالی ہندوستان میں سرد لہر جاری رہنے کا امکان

شمالی ہندوستان میں آئندہ چار پانچ دن تک سردی کی لہر برقرار رہنے کی امید ہے۔ہندوستانی محکمہ موسمیات نے منگل کے روز بتایا کہ شمال مغربی ہندوستان میں خشک شمالی اور شمال مغربی ہواؤں کی وجہ سے کم سے کم درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کی امید ہے۔ اس عرصے کے دوران ، دہلی ، پنجاب ، ہریانہ ، چنڈی گڑھ ،اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کے کچھ علاقوں میں گہرا کہرا پڑنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کومورین خطے میں طوفان کے اثرات کی وجہ سے اگلے دو یا تین دن میں طوفان کے ساتھ تمل ناڈو ، پڈ وچیری ، کرائیکل ، کیرالہ ، ماہے اور لکشدویپ میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔