اہم خبریں: عصمت دری کے الزام میں بی جے پی کا سرگرم کارکن گرفتار

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

12 Oct 2020, 7:20 PM

مغربی بنگال: عصمت دری کے الزام میں بی جے پی حامی ٹیچر گرفتار

مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے باراسات میں ایک ٹیچر کے ذریعہ جنسی زیادتی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ باراسات میونسپلٹی کے وارڈ 33 کے سبھاش پیلی میں پیش آیا۔ مبینہ طور پر ملزم ٹیچر ایک طویل عرصے سے اس نابالغ کے ساتھ زیادتی کر رہا تھا۔ لڑکی شرم سے اپنے گھر والوں کونہیں بتارہی تھی۔ حال ہی میں لڑکی کے گھر والوں کو اس کا علم ہونے کے بعد باراسات پولیس اسٹیشن میںاستاذ کے خلاف عصمت دری کی شکایت درج کروائی۔ االزام کی بنیاد پر پولس نے بپول چندر بسواس نامی ہوم ٹیچر کو گرفتار کرلیا ہے۔

بپول چندر بسواس بی جے پی کے سرگرم کارکن ہیں۔ ملزم کی اہلیہ نےالزام لگایاہے کہ شوہر کے بی جے پی میں شامل ہونے کی وجہ سے ترنمول کانگریس نے سازش کے ذریعہ پھنسایاہے ۔تاہم ترنمول کانگریس کی مقامی قیادت نے کہا کہ ہم اس واقعے پر کوئی سیاست نہیں کرنا چاہتے۔ تاہم اگریہ سچ ہے تو یہ بی جے پی کا گھناؤنا کردار ہے۔ ملک بھر میں ایسی بہت ساری مثالیں موجود ہیں۔ ادھر باراسات پولس اسٹیشن نے پورے معاملے کی چھان بین اور تفتیش شروع کردی ہے۔

12 Oct 2020, 5:58 PM

الہ آباد ہائی کورٹ نے ہاتھرس واقعہ میں پولیس کارروائی پر کیا برہمی کا اظہار

الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ میں ہاتھرس واقعے سے متعلق سماعت ہوئی۔ متاثرہ کے لواحقین نے اپنی بات دو ججوں کی بنچ کے سامنے رکھی۔ یوپی حکومت کی جانب سے متعدد عہدیدار عدالت میں موجود تھے۔ عدالت نے پولیس کارروائی پر برہمی کا اظہار کیا۔ اب اس کیس کی اگلی سماعت 2 نومبر کو ہوگی۔ متاثرہ لڑکی کے اہل خانہ نے عدالت میں کہا کہ آخری رسومات ان کی رضامندی کے بغیر ادا کی گئیں۔ اہل خانہ کو اس بات کا خدشہ ہے کہ حکومت انہیں کسی کیس میں ملوث نہ کردیں، انہوں نے عدالت میں اپنی سلامتی کے بارے میں بھی خدشات اٹھائے تھے۔

12 Oct 2020, 4:56 PM

راجکوٹ میں 14 لاکھ روپے کی غیر قانونی شراب ضبط

راجکوٹ: گجرات میں راجکوٹ شہر کے ڈی سی بی علاقے میں پولیس نے پیر کو 14لاکھ روپے سے زیادہ غیر قانونی شراب برآمد کر ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر بھاونگر روڈ پر کانی پاٹ گاؤں کے ایک ہوٹل کے پاس سیمنٹ کنکریٹ مکس کرنے کے ٹینکر کی تلاشی لی گئی۔ اس دوران ٹینکر سے 275 پیٹی میں شراب کی 3300 بوتلیں ضبط کرلی گئیں۔ ضبط شراب کی قیمت 14,28,000 روپے اور ٹینکر کی قیمت 10,00,000روپے درج کی گئی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں راجستھان کے جالور ضلع کے سانچور کے رہنے والے بلونت سنگھ ساہو (45) کو گرفتار کرلیا ہے اور ضروری کارروائی شروع کردی ہے۔


12 Oct 2020, 3:56 PM

ہماچل کے وزیراعلی جے رام ٹھاکر کورونا پازیٹو

شملہ: ہماچل پردیش کے وزیراعلی جے رام ٹھاکر کورونا متاثرہوگئے ہیں۔ جے رام ٹھاکر نے پیر کو خود اس کی اطلاع دی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہا،’’کچھ دن پہلے کسی کورونا پازیٹو شخص کے رابطے میں آنے کی وجہ سے میں گزشتہ ایک ہفتے سے اپنے گھر پر الگ تھلگ ہوں۔ گزشتہ دو دن سے کورونا کی کچھ علامات نظر آنے کی وجہ سے آج کورونا ٹیسٹ کروایا، جس کی رپورٹ ابھی پازیٹو آئی ہے۔ ڈاکٹروں کی صلاح پر اپنی سرکاری رہائش گاہ میں ہی الگ تھلگ ہوں۔‘‘

12 Oct 2020, 2:56 PM

کلکتہ، پلاسٹک کارخانے میں لگی زبر دست آگ

کلکتہ: وسطی کلکتہ میں آج بروز پیر چت پور کے نابا پٹی علاقے میں پلاسٹک کے ایک کارخانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ دس دمکل گاڑیاں آگ بجھانے میں لگی ہین۔ شعلے بدستور بلند ہو رہے ہیں۔ ہر طرف سے دھویں کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ کسی نقصان کی فوری اطلاع نہیں۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔


12 Oct 2020, 1:57 PM

زرعی قوانین پر سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو جاری کیا نوٹس

سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ سے منظور کردہ تینوں زرعی قوانین کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کی سماعت کرنے والی بنچ نے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا ہے، مرکز کو چار ہفتوں میں جواب دینا پڑے گا۔

12 Oct 2020, 1:01 PM

بہار اسمبلی انتخابات: کانگریس نے کی میڈیا کے لئے خصوصی کوآرڈینیٹرز کی تقرری

نئی دہلی: کانگریس نے بہار اسمبلی انتخابات کے لئے قائم پارٹی کی میڈیا کمیٹی کی مدد کے لئے خصوصی کوآرڈینیٹرکی تقرری کی ہے۔ کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے بتایا کہ انشل اویجیت، سنجیو سنگھ ، ابھے دوبے، امن پنوار، عادل سنگھ بوپرائے، عمر ہڈا اور پرشانت پرتاپ سنگھ کو خصوصی میڈیا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ تمام کوآرڈینیٹرز بہار اسمبلی انتخابات کے لئے پون کھیڑا کی سربراہی والی میڈیا کمیٹی کی مدد کریں گے۔ کانگریس نے قبل ازیں اتوار کو بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر الیکشن مینجمنٹ اینڈ کوآرڈینیشن کمیٹی، پبلسٹی کمیٹی اور میڈیا کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی تھی۔ خیال رہے بھاراسمبلی انتخابات تین مراحل میں 28 اکتوبر اور3 اور 7 نومبر کو ہوں گے اور 10 نومبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔


12 Oct 2020, 11:56 AM

مظلوم خواتین کی آواز سننے کے بجائے انہیں بدنام کرنا شرمناک: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے آج کہا کہ خواتین پر جرائم بڑھتے جارہے ہیں۔ دریں اثنا، مظلوم خواتین کی سچائی اور ان کی آواز کو سننے کے بجائے ان کو بدنام کرنا سب سے شرمناک اور گھناؤنی حرکت ہے۔ لیکن اب ملک کی خواتین خاموش نہیں رہیں گی۔ اگر ایک بہن کو مجرم قرار دیا گیا ہے، تو لاکھوں بہنیں آواز اٹھائیں گی اور ان کے ساتھ کھڑی ہوں گی۔ ہم اپنی ذمہ داری خود لے رہے ہیں۔ اب صرف خواتین کو ہی خواتین کی حفاظت کی ذمہ داری اٹھانی ہوگی۔

12 Oct 2020, 11:04 AM

ممبئی میں بجلی سپلائی ٹھپ، لوکل ٹرینیں بند

ممبئی : ممبئی سمیت میٹرو پولیٹن ریجن (ایم ایم پی آر) میں بجلی کی سپلائی بند ہوگئی ہے جس کے بعد عام زندگی بری طرح سے متاثر ہوئی ہے۔ ممبئی شہر، مضافات، تھانے، نوی ممبئی، پنویل اور آس پاس کے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ بیسٹ کمپنی کے ٹوئٹ کے مطابق ویسٹرن گریڈ میں خلل کے بعد ٹاٹاپاور ہاؤس بند پڑگیا ہے۔ ویسٹرن اور سینٹرل ریلویز کی لوکل ٹرین سروس بھی بند ہوگئی ہیں۔ جگہ جگہ اونچی عمارتوں میں لفٹ بند ہو جانے سے لوگ لفٹ میں پھنس گئے ہیں۔


12 Oct 2020, 9:06 AM

نیپال کے ایک اور وزیر کورونا کی زد میں

نیپال کے تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر گری راج منی پوکھریل کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ وہ کورونا کی زد میں آنے والے ملک کے دوسرے وزیر ہیں۔ پوکھریل کے ذاتی سکریٹری پورن کیسی نے اتوار کو سوشل میڈیا پر یہ اطلاع دی۔ پورن کیسی نے بتایا کہ پوکھریل کو بخار ہونے پر سنیچر کو پاٹن اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کے سویب نمونے جانچ کے لئے بھیجے گئے تھے جس کی آج رپورٹ آئی جس میں ان کے کورونا متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔ انہیں اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ اس سے پہلے نیپال کے ثقافت، سیاحت اور شہری ہوابازی کے وزیر یوگیش بھٹارائی کی رپورٹ پازیٹو آئی تھی۔ نیپال میں آج کورونا انفیکشن کے 2071 نئے معاملے جنہیں ملاکر متاثرین کی تعداد 1,07,755ہوگئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔