اہم خبریں: وراٹ-انوشکا کے گھر گونجی کلکاری، بیٹی کی پیدائش پر خوشی کا ماحول

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

11 Jan 2021, 5:04 PM

وراٹ-انوشکا کے گھر آئی ننھی پری

ہندوستان کے مایہ ناز کرکٹر وراٹ کوہلی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے یہ خوشخبری دی ہے کہ ان کے گھر ایک ننھی پری آئی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر بتایا کہ دوپہر کے وقت بیٹی پیدا ہوئی ہے۔ ٹوئٹ میں انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’انوشکا اور ہماری بیٹی دونوں ٹھیک ہیں۔‘‘

11 Jan 2021, 4:29 PM

لداخ میں درماندہ مسافروں کے لئے سی 17 طیارہ چلایا جائے گا

سری نگر: انڈین ائر فورس (آئی اے ایف) لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں درماندہ مسافروں کے لئے سی 17 طیارے کو استعمال میں لائے گی۔ حکام نے بتایا کہ آئی اے ایف منگل کے روز کرگل میں پھنسے مسافروں کو اپنے اپنے گھر لانے کے لئے سی 17 طیارہ چلائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ طیارے کے ذریعے درماندہ مسافروں کو لیہہ سے سری نگر اور لیہہ سے جموں پہنچایا جایا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ لداخ یونین ٹریٹری کو وادی کشمیر کے ساتھ جوڑنے والی 434 کلو میٹر طویل سری نگر – لیہہ شاہراہ کو پھسلن اور برف جمع ہونے کے پیش نظر سال رواں کے یکم جنوری سے موسم سرما کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ سال گزشتہ پہلی بار اس شاہراہ کو ماہ دسمبر کے آخر تک ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے کھلا رکھا گیا تھا۔

11 Jan 2021, 3:31 PM

ابھے چوٹالہ نے اسمبلی اسپیکر کو بھیجا استعفیٰ

سرسہ: مرکز کے تین زرعی قوانین کی مخالفت میں چلنے والی کسان تحریک کے درمیان انڈین نیشنل لوک دل (آئی این ایل ڈی) کے رہنما اور ہریانہ میں اعلان آباد سے رکن اسمبلی ابھے سنگھ چوٹالہ نے آج اپنا استعفیٰ اسپیکر کو ای۔میل کے ذریعے بھیج دیا۔ حالانکہ چوٹالہ نے اعلان کیا تھا کہ اگر 26 جنوری تک زرعی قوانین کو واپس نہیں لیا گیا تو وہ استعفیٰ دے دیں گے لیکن وہ اپنی پارٹی کے کسان عوامی بیداری کی مہم کے تحت آج اپنے حلقے کے گاؤں میں پہنچے اور دیہی افراد کے سامنے ہی استعفیٰ پر دستخط کرکے اسمبلی اسپیکر کو استعفیٰ میل کر دیا۔ وہ آئی این ایل ڈی کے ریاست میں واحد رکن اسمبلی ہے۔


11 Jan 2021, 2:31 PM

انڈونیشیا میں زلزلے کے جھٹکے

جکارتہ: انڈونیشیا میں پیر کو درمیانے درجے کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق صبح ایک بجکر 20 منٹ پر فلورس اور سلاویسی جزیرے کے درمیان روتینگ شہر کے نزدیک آنے والے زلزلے کی ریختر پیمانے پر شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز زمین کی سطح سے 384 میل کی گہرائی میں تھا۔ زلزلے سے کسی طرح کے جان و مال کے نقصان کی رپورٹ نہیں ہے۔

11 Jan 2021, 1:32 PM

نمس کے احاطہ میں ایک نامعلوم شخص کی خودکشی

حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(نمس) کے احاطہ میں ایک نامعلوم شخص نے درخت سے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق اس کی عمر تقریباً 40 برس ہے۔ اسپتال کے ملینیم بلاک کے پچھلے حصہ میں ایک درخت سے اس کی لاش لٹکتی ہوئی پائی گئی۔ اسپتال کے حکام نے اس بات کی اطلاع پنجہ گٹہ پولیس کو دی جس کے بعد پولیس وہاں پہنچی۔ پولیس نے پنچنامہ کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔ اس انتہائی اقدام کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔


11 Jan 2021, 11:54 AM

دہلی میں برڈ فلو کی دستک

برڈ فلو نے دہلی میں دستک دے دی ہے۔ حال ہی میں پارکوں میں مردہ پائے جانے والے کووں اور بطخوں کی تفتیش میں اس وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ دہلی حکومت کے محکمہ انیمل ہسبنڈری نے مردہ کووں اور بطخوں کو جانچ کے لئے جالندھر کی لیبارٹری میں بھیجا تھا۔ پیر کو محکمہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق برڈ فلو ٹسٹ میں مردہ کوے اور بطخوں کے آٹھ نمونوں کی تصدیق ہوگئی ہے۔ محکمہ کے مطابق میور وہار پارک میں سنجے جھیل کی بطخوں اور کووں میں برڈ فلو پایا گیا ہے۔ دہلی سرکار نے قومی دارالحکومت میں برڈ فلو کے اندیشوں کے درمیان مشرقی دہلی میں واقع مرغا منڈی کو 9 جنوری کو ہی 10دنوں کے لئے بند کردیا تھا اور زندہ پرندوں کو راجدھانی میں لانے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

11 Jan 2021, 11:30 AM

میکسیکو میں کورونا کے نئے اسٹرین کا پہلا کیس

میکسیکو سٹی: میکسیکو میں کورونا وائرس کے نئے اسٹرین کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔ ریاست تاناؤلپاس کی ہیلتھ سکریٹری گلوریا مولینا گیمباؤ نے اس بات کی اطلاع دی۔ حکام کے مطابق اس نئے اسٹرین کا کیس ایک بین الاقوامی مسافر میں پایا گیا ہے جو 29 دسمبر کو یہاں آیا تھا۔ سکریٹری صحت نے بتایا کہ اس مسافر کے علاوہ اس طیارے میں موجود تمام مسافروں اور عملے کے ممبروں کا ٹسٹ منفی آیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں برطانیہ میں کورونا کا ایک نیا اسٹرین پایا گیا تھا، جو کورونا وائرس سے 70 فیصد زیادہ متعدی ہے اور لوگوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس کے بعد بہت سے ممالک نے برطانیہ سے آنے اور جانے والی پروازوں پر پابندی عائد کردی تھی۔


11 Jan 2021, 10:30 AM

بائیڈن نے کابینہ ارکان کے نام فائنل کر لئے

واشنگنٹن: امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی کابینہ ارکان کے نام فائنل کرلئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ میری کابینہ کے ارکان میں بے حد ٹیلنٹ ہے، جس پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری کابینہ شاندار 24 مرد اور خواتین پر مشتمل ہے۔ واضح رہے کہ نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری کی تقریب رواں ماہ جنوری کی 20 تاریخ کو ہوگی۔

11 Jan 2021, 9:07 AM

امریکہ: شکاگو میں فائرنگ، 3 ہلاک ،4زخمی

شکاگو میں ایک شخص نے فائرنگ کرکے تین افراد کو ہلاک اور چار افراد کو زخمی کردیا۔ ’شکاگو ٹریبون‘ نے اس واقعہ کی اطلاع دی ہے۔ شکاگو کے سپرنٹنڈنٹ پولیس ڈیوڈ براؤن کے مطابق مشتبہ شخص کی شناخت جیسن نائٹینگل (32) کے نام سے ہوئی ہے جو پولیس سے جھڑپ میں مارا گیا۔ تاہم، اس واقعے میں کوئی پولیس اہلکار زخمی نہیں ہوا ہے۔ فائرنگ کا واقعہ مقامی وقت کے مطابق رات 1.50 بجے پیش آیا جب مشتبہ شخص نے شکاگو یونیورسٹی میں 30 سالہ طالب علم کو گیریج میں گھس کر گولی مار دی۔ اس شخص نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ تاہم، فائرنگ کا مقصد واضح نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔