اہم خبریں: دریا گنج تشدد معاملہ میں بھیم آرمی چیف چندرشیکھر کو ملی ضمانت

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

15 Jan 2020, 5:35 PM

دریا گنج تشدد معاملہ میں بھیم آرمی چیف چندرشیکھر کو ملی ضمانت

بھیم آرمی چیف چندرشیکھر آزاد کو دہلی کی ایک ذیلی عدالت سے ضمانت مل گئی ہے۔ چندر شیکھر کو 21 دسمبر کو دہلی پولس نے دریا گنج میں تشدد بھڑکانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ 20 دسمبر کو دہلی میں جامع مسجد احاطہ میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف بھیڑ جمع ہوئی تھی اور شام ہوتے ہوتے دریا گنج میں تشدد بھڑک اٹھا تھا۔ جامع مسجد والی بھیڑ کے درمیان پولس کو چکما دے کر چندرشیکھر بھی پہنچ گئے تھے۔

15 Jan 2020, 4:12 PM

قصواروں کے وکیل موت کی سزا میں تاخیر کروا رہے ہیں: نربھیا کی ماں

نربھیا کی ماں نے قصوروار مکیش کی ڈیتھ وارنٹ کو چیلنج دینے والی عرضی کی سماعت کے بعد کہا کہ قصورواروں کے وکیل معاملے کو نمٹانے میں تاخیر کر رہے ہیں یا پھر ہمارا سسٹم ہی اندھا ہے اور جرائم پیشوں کی حمایت کر رہا ہے۔ میں 7 سال سے جدوجہد کر رہی ہوں۔ مجھے پوچھنے کی جگہ آپ کو حکومت سے پوچھنا چاہیے کہ کیا قصورواروں کو 22 جنوری کو پھانسی دی جائے گی یا نہیں؟

15 Jan 2020, 3:07 PM

شہریت قانون: شاہین باغ میں خواتین کا ساتھ دینے پہنچے سکھ مظاہرین، پکایا جا رہا ’لنگر‘

دہلی کے شاہین باغ میں خواتین کے ذریعہ شہریت قانون کے خلاف جاری احتجاجی مظاہرے کو ہر طبقہ کی حمایت حاصل ہے۔ اس کی بہترین مثال آج اس وقت دیکھنے کو ملی جب سکھ طبقہ سے تعلق رکھنے والے کئی افراد ایک گروپ بنا کر خواتین احتجاجیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے شاہین باغ پہنچے۔ وہاں ان سکھوں کے لیے لوگ ’لنگر‘ تیار کر رہے ہیں تاکہ انھیں کھانے پینے میں کسی طرح کی پریشانی پیدا نہ ہو۔


15 Jan 2020, 2:07 PM

دہلی اسمبلی الیکشن: ٹکٹ فروخت کرنے کے الزام پر عآپ لیڈر سنجے سنگھ نے دی صفائی

بدر پور سے رام سنگھ نیتا جی کو ٹکٹ دیے جانے سے ناراض عآپ رکن اسمبلی این ڈی شرما نے اروند کیجریوال اور نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا پر 21 کروڑ میں ٹکٹ فروخت کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ اب اس معاملے پر عآپ لیڈر سنجے سنگھ نے صفائی پیش کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب کسی کو ٹکٹ نہیں ملتا ہے تو فطری ہے کہ اسے تکلیف ہوتی ہے اور ٹکٹ نہیں ملنے پر ایسے بیان عام ہیں۔

15 Jan 2020, 1:10 PM

ملک میں پیار گھٹ رہا ہے اور نفرت بڑھ رہی ہے: لالو پرساد

آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو نے بدھ کو مکر سنکراتی کے موقع پر بہار اور مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ لالو پرساد نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں کہا ہے کہ ملک میں پیار لگاتار گھٹ رہا ہے جب کہ نفرت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ لالو پرساد نے اس کے علاوہ بھی اپنے ٹوئٹ میں کئی مثبت چیزوں میں زوال اور برائی میں اضافہ کا تذکرہ کیا ہے، مثلاً انھوں نے لکھا ہے کہ روزگار گھٹا اور مہنگائی بڑھی، ادارے گھٹے اور مسائل بڑھے، آزادی گھٹی اور تاناشاہی بڑھی، سیکورٹی گھٹی اور قتل بڑھے، اچھائی گھٹی اور برائی بڑھی وغیرہ۔


15 Jan 2020, 12:00 PM

مودی حکومت کی مسلم مخالف پالیسیوں سے ’ہیومن رائٹس واچ‘ فکر مند: کینتھ روتھ

نیویارک: بین الاقوامی ہیومن رائٹس واچ کے ایگزیکٹیو ڈائرکٹر کینتھ روتھ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی حکومت کی مسلم مخالف پالیسیوں کی وجہ سے تنظیم کافی فکر مند ہے۔ روتھ نے منگل کو کہا کہ ’’ہم کشمیر میں ان کے کاموں، آسام میں ان کے کاموں اور اب حال ہی میں امتیازی شہریت قانون کی طرف سے مودی حکومت کی مسلم مخالف پالیسی کے بارے میں انتہائی فکر مند ہیں‘‘۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ پارلیمنٹ نے پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے آئے ہندو، سکھ، بدھ، جین، پارسی اور عیسائی مذاہب کے لوگوں کو شہریت پیش کرنے والا بل شہری ترمیمی قانون (سی اےاے) منظور کیا تھا۔ اس کے مطابق مسلمانوں کو اس کے تحت شہریت نہیں دی جائے گی۔ اس سے قبل گزشتہ سال 5 اگست کو مرکزی حکومت نے جموں کشمیر سے دفعہ 370 ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔

(یو این آئی)

15 Jan 2020, 10:59 AM

جے این یو تشدد: پوچھ تاچھ کے لیے دہلی پولس نے چنچن کمار اور دولن سامنتا کو کیا طلب

جے این یو کیمپس میں نقاب پوش غنڈوں کے ذریعہ طلبا پر حملہ کی جانچ دہلی پولس زور و شور سے کر رہی ہے۔ اس درمیان پولس نے میڈیا کو بتایا کہ ’’جے این یو تشدد کے بارے میں پوچھ تاچھ کے لیے آج چنچن کمار اور ڈولن سامنتا (جنھیں مشتبہ افراد کی شکل میں نامزد کیا گیا تھا) کو بلایا گیا ہے۔ فورنسک ٹیم بھی آج جے این یو پہنچ رہی ہے۔ وہیں اکشت اوستھی، روہت شاہ اور کومل شرما کا پتہ لگانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔‘‘


15 Jan 2020, 10:21 AM

جموں و کشمیر میں 7 دنوں کے لیے 2 جی انٹرنیٹ خدمات بحال

جموں و کشمیر انتظامیہ نے جموں حلقہ کے کچھ حصوں میں تقریباً 5 مہینے بعد 2 جی موبائل انٹرنیٹ سروس بحال کر دی ہے۔ حالانکہ یہ سروس صرف پوسٹ پیڈ موبائل پر ہی دستیاب رہے گی۔

15 Jan 2020, 9:07 AM

عراق واقع امریکی فوجی بیس پر ایران نے پھر کیا راکٹ سے حملہ

امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔ منگل کی شب عراق واقع ایک امریکی فوجی بیس پر پھر ایران نے راکٹ سے حملہ کیا۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جس وقت یہ حملہ ہوا اس بیس پر امریکی فوجی موجود تھے۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق عراقی پولس نے اس حملے کی تصدیق کر دی ہے۔ فی الحال کسی ہلاکت کی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */