اہم خبریں: کیرالہ میں 24 گھنٹوں کے دوران 6000 سے زائد کورونا کے نئے کیسز درج

کیرالہ: گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 6028 نئے کیسز درج
کیرالہ میں بھی کورونا کا قہر دن بہ دن بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6028 نئے کیسز درج کیے گئے ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ حالات کس قدر ناگفتہ بہ ہیں۔ اس وقت ریاست میں سرگرم کیسز کی تعداد 67 ہزار 831 ہو گئی ہے جب کہ 4 لاکھ 81 ہزار 718 لوگ کورونا انفیکشن کو شکست دے کر صحت مند ہو چکے ہیں۔
دہلی اور ممبئی کے درمیان ٹرینیں اور پروازیں منسوخ کرنے کی تیاری!
دہلی میں کورونا وائرس کے بڑھتے اثر کے پیش نظر مہاراشٹرا حکومت دہلی اور ممبئی کے درمیان پرازیں اور ٹرین خدمات منسوخ کرنے پر غور خوض کر رہی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ادھو تھاکرے کی قیادت والی مہاراشٹرا حکومت جلد ہی اس حوالہ سے فیصلہ لے سکتی ہے۔
مہنگائی نے عوام کے بجٹ میں آگ لگا دی: سرجےوالا
مہنگائی کے حوالہ سے کانگریس لیڈر رندیپ سرجے والا نے حکومت پر نشانہ لگایا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا، ’’مہنگائی نے عوام کے بجٹ میں آگ لگا دی ہے۔ اور مودی حکومت قیمت 100 فیصد بڑھنے کا انتظار کر رہے ہے، کینوکہ نئے قانون میں یہ بی جے پی نے لکھا ہے۔ اب کی بار کالا بازاری والی سرکار!‘‘
چھٹ تہوار کے موقع پر راہل گاندھی نے دی مبارکباد
ہندووں کے چھٹ تہوار کے موقع کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’ایک ایسا برت جو اگتے اور ڈوبتے سورج دونوں کی اہمت ظاہر کرتا ہے، چھٹ پرب کی سبھی کو دلی مبارکباد۔‘‘
انڈونیشیا میں سیلاب سے تباہی، کئی لوگوں کی موت، ہزاروں بے گھر
جکارتہ: انڈونیشیا کے وسطی جاوا صوبے میں 46 گاؤں میں آئے سیلاب میں دو لوگوں کی موت اور ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے۔مقامی افسران نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔
سلکیپ ضلع ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی کے ایمرجنسی اور لاجسٹک ڈویژن کی چیف ہیرو کرنیاون نے آج یہاں بتایا کہ منگل سے ہورہی تیز بارش کے سبب ندیوں میں طغیانی آنے سے سیلاب آگیا۔ سیلاب میں جان گنوانے والے دونوں متاثرن گن ڈرنگ مونگ ضلع کے کیرتازیا گاؤں کے باشندے تھے۔
سیلاب سے 1323 کنبوں کے 3811 لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی گاؤں میں سیلاب کا قہر شروع ہو گیا ہے اور کئی گاؤں زیر آب آ گئے ہیں۔
ایکواڈور: غیر قانونی کان میں تودے گرنے سے پانچ کی موت
کویٹو: شمال مغربی ایکواڈور کی ایک غیر قانونی کان میں بدھ کو تودے گرنے سے پانچ لوگوں کی موت ہوگئی۔
ایکواڈور کی نیشنل رسک اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ سروس (ایس این جی آر ای) نے یہاں جمعرات کو کہا کہ بدھ کو شمال مغربی ایکواڈور کے اسمیرلا میں یہ حادثہ پیش آیا۔ یہاں غیر قانونی کانکنی کئے جانے سے تودے گرگئے۔ حادثے میں چار افراد اور ایک نابالغ کی موت ہوگئی۔ ایس این جی آر ای کے ڈائرکٹر رومیل سالازار کے مطابق سرکار نے دیگر متاثرن کو باہر نکالنے کے لئے تلاش اور بچاؤ سرگرمیان تیز کردی ہیں۔
جرمنی میں چاقو سے حملے میں چار افراد زخمی
برلن: جرمنی کے اوبیرہاسین میں ایک حملہ آور نے چار افراد کو چھرا گھونپ کر زخمی کر دیا۔ مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو ایک نامعلوم شخص نے لوگوں پر چھرے سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ ان میں ایک کی حالت نازک بتائ گئی ہے۔
پولیس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ دہشت گردی سے اس واقعہ کی وابستگی کے کوئی ثبوت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حملے کی حقیقی وجوہات ہنوز نامعلوم ہیں لیکن اس کی وجہ خاندانی تنازعہ ممکن ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔