رمضان مبارک! میں دعا گو ہوں کہ سبھی محفوظ رہیں: وزیر اعظم مودی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

24 Apr 2020, 10:52 PM

رمضان مبارک، میں دعا گو ہوں کہ سبھی محفوظ رہیں: وزیر اعظم مودی

رمضان المبارک کا چاند نظر آنے اور ہفتہ کو پہلا روزہ ہونے کے اعلان کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے رمضان کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ٹوئٹر پر انہوں نے لکھا ”رمضان مبارک! میں دعا گو سبھی محفوظ رہیں۔ یہ مقدس مہینہ رحم دلی، رواداری اور بھائی چارہ لے کر آئے۔ امید ہے کہ ہم کووڈ-19 کے خلاف جنگ میں فیصلہ کن جیت حاصل کریں گے اور دنیا کو صحتیاب بنائیں گے۔“

24 Apr 2020, 4:11 PM

پولیس نے رمضان میں لاک ڈاؤن پر عمل کرنے کی اپیل کی

دہلی پولیس نے رمضان کے دوران لاک ڈاؤن پر عمل کرتے ہوئے گھروں میں ہی عبادت کرنے کی اپیل کی ہے۔ دہلی پولیس نے جمعہ کو ٹویٹ کرکے کہاکہ کل سے رمضان کا مہینہ شروع ہورہا ہے۔ہم لوگوں سے امید کرتے ہیں کہ روزہ اور نماز ادا کرنے کے دوران لاک ڈاؤن کے اصولوں پر وہ عمل کریں گے۔حکومت کے حکم کے مطابق اذان ہوگی۔نماز اور سہری افطار گھر میں ہی کریں۔کورونا کی وبا سے لڑنےکےلئے سبھی کندھا سے کندھا ملاکرمدد کریں۔

24 Apr 2020, 4:00 PM

سبھی قومی شاہراہوں پر نقل و حمل شروع: گڈکری

سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ کورونا کے سبب ملک کی اقتصادی سرگرمیاں ٹھپ ہوگئی ہیں جسے رفتار دینے کےلئے اس سال سڑکوں کی تعمیر شروع کرنے کے لئے ہدف سے زیادہ کام پورا کیا جائے گا۔

گڈکری نے جمعہ کے روز یہاں انڈسٹری بورڈ ایسوچیم کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعمیرکے کام تیزی سے جہاں بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کو رفتار ملے گی وہیں روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا اور کورونا کے سبب ہوئے اقتصادی نقصان کی بھی تلافی کرنے میں مدد ملے گی۔


24 Apr 2020, 3:18 PM

مدھیہ پردیش کے راستے یو پی میں داخل ہونے والے 156مزدورقرنطینہ میں

مہوبہ: سرحدی صوبہ مدھیہ پردیش کی سرحد سے جمعرات کی رات یوپی میں داخل ہونےوالے 156 مزدوروں کو جمعہ کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جٹا شنکر راؤ نے جمعہ کو بتایا کہ ممبئی میں رہ کر مزدوری کرنے والے ریاست کے ضلع بہرائچ کے رہنے والے 156 مزدورکورونا کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن میں پھنس گئے تھے۔اور وہ پیدل ہی بہرائچ کے لئے نکل پڑے تھے۔ سینکڑوں کلو میٹر کا سفر لگاتا ر پیدل چک کر جمعرات کی رات مزدور مدھیہ پردیش کی سرحد سے اترپردیش میں داخل ہوئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر انتظامی امور کے افسران نے پولیس کے ساتھ پہنچ کو تمام ہی مزدوروں کو رات میں ہی ہیڈکوارٹر کے لوکش نگر روڈ پرواقع کستوربا اسکول میں بنائے گئے قرنطینہ مرکز میں داخل کرایا۔سبھی کے نمونے لے کر جانچ کے لئے بھیجے گئے ہیں۔

24 Apr 2020, 3:10 PM

بہرائچ:کورونا متاثرہ خاتون کے 24افراد خانہ کا قرنطینہ

بہرائچ: اترپردیش کے ضلع بہرائچ کے شہر کوتوالی علاقے باشندہ کورونا وائرس متاثرہ خاتون کے 24اہل خانہ کو قرنطینہ میں داخل کرانے کے ساتھ ضلع انتظامیہ نے پورا علاقہ سیل کردیا ہے۔

آفیشیل ذرائع نے بتایا کہ ضلع میں جمعرات کو ایک خاتون میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ خاتون بہرائچ کے بی جے پی کے سابق شہر چیئرمین کی بہو ہیں۔ انہوں نے گذشتہ دنوں اپنے بیٹے کی شادی کی سالگرہ منائی تھی۔ اس موقع پر ان کے گھر پر ایک پارٹی ہوئی تھی جس میں تقریبا 50لوگ شامل ہوئے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ خاتون کے والد نے چار دن قبل بازار میں واقع اپنی بیکر کی دوکان صبح دو گھنٹے کے لئے کھولی تھی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس دوروان کافی تعداد میں لوگوں نے دوکان سے خریداری کی تھی۔اس بات کے ضمن میں ضلع انتظامیہ کافی پریشان ہے۔


24 Apr 2020, 2:10 PM

ایمس میں نرس پازیٹو، ڈاکٹروں سمیت 40 طبی اہلکار قرنطینہ میں

دہلی واقع ایمس کے ڈاکٹروں، نرسوں سمیت 40 طبی اہلکار اس وقت خود قرنطینہ میں چلے گئے جب یہاں کے ایک 35 سالہ مرد نرس کو کورونا پازیٹو پایا گیا۔

24 Apr 2020, 1:01 PM

مہاراشٹر: پونے میں 2 مزید ہلاکتیں درج، اب تک یہاں 63 لوگ ہوئے لقمہ اجل

مہاراشٹر میں کورونا کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور خصوصی طور پر پونے کی حالت بہت زیادہ ابتر ہے۔ پونے میں گزشتہ رات مزید 2 اموات سے لوگوں میں ایک افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ سبھی لوگ اپنے گھروں میں ہیں لیکن اموات کی خبریں سن کر پریشان ہو رہے ہیں۔ مزید 2 اموات کے بعد پونے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 63 پہنچ گئی ہے۔


24 Apr 2020, 12:08 PM

آئی سی ایم آر سے ہمیں اچھے کورونا ٹیسٹ کِٹ کا انتظار: وزیر صحت، کیرالہ

غیر معیاری کورونا ٹیسٹ کِٹ کو لے کر ڈاکٹر تو کافی پریشان ہیں ہی، کئی ریاستوں کے سیاسی لیڈران بھی مایوس ہیں۔ کئی ریاستوں کے وزیر صحت نے اس تعلق سے شکایت کی ہے اور بار بار معیاری ٹیسٹ کِٹ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کیرالہ کی وزیر صحت نے بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے آج کہا کہ وہ آئی سی ایم آر سے اچھے کِٹ ملنے کا انتظار کر رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ”ہم نے بھی کچھ ٹیسٹ کِٹ کا آرڈر دیا ہے۔ ایک بار جب کِٹ مل جاتا ہے تو اس کی جانچ کی جائے گی اور معیار ٹھیک رہا تو اینٹی باڈی ٹیسٹ شروع کیا جائے گا۔“

24 Apr 2020, 10:57 AM

کورونا وائرس انفیکشن پر روک تھام کے لیے حکومت نے 55 دواؤں کی بنائی فہرست

ہندوستان میں کورونا انفیکشن کی روک تھام کے لیے مرکزی حکومت نے 55 ضروری دواؤں کی فہرست تیار کی ہے۔ ان دواؤں کا استعمال متاثرہ لوگوں کے علاج کے لیے کیا جائے گا۔ یہ ایسی دوائیں ہیں جن کی سب سے زیادہ ضرورت آئی سی یو میں پڑتی ہے۔ مریضوں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے حکومت یہ اندازہ لگا رہی ہے کہ اگلے تین مہینوں میں ان کی ضرورت پڑے گی۔


24 Apr 2020, 10:23 AM

کورونا نے کیرالہ میں 4 ماہ کے بچے کی لی جان، ہر طرف خوف کا عالم

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں کورونا انفیکشن کی وجہ سے اب تک 718 اموات ہو چکی ہیں اور اس درمیان کیرالہ میں 4 ماہ کے بچے کی موت سے دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ کیرالہ میں حالانکہ کورونا انفیکشن کا معاملہ کم ہو گیا ہے اور وہاں لاک ڈاؤن میں کچھ نرمی دینے کی بات بھی کہی گئی ہے، لیکن 4 ماہ کے بچے کی موت سے ایک بار پھر کیرالہ کے لوگوں میں خوف پھیل گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔