کورونا UPDATES: وزارت داخلہ کا لاک ڈاؤن کو دو ہفتوں تک بڑھانے کا اعلان

وزارت داخلہ کا لاک ڈاؤن کو دو ہفتوں تک بڑھانے کا اعلان
وزارت داخلہ کا لاک ڈاؤن کو دو ہفتوں تک بڑھانے کا اعلان
user

قومی آوازبیورو

01 May 2020, 6:33 PM

وزارت داخلہ کا لاک ڈاؤن کو دو ہفتوں تک بڑھانے کا اعلان

وزارت داخلہ کی جانب سے ملک بھر میں نافذ لاک ڈاؤن میں دو ہفتوں کی توسیع کرنے کی اطلاع ہے۔ وزارت کی جانب سے یہ قدم ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ 2005 کے تحت کیا گیا ہے۔ یہ توسیع 4 مئی سے نافذ العمل ہوگی۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے وزیر اعظم نے 24 مارچ سے 14 اپریل تک لاک ڈاؤں کا اعلان کیا تھا اور پھر اس میں 3 مئی تک کی توسیع کر دی تھی۔

وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردی بیان میں کہا گیا، ’’ہندوستان بھر میں ریڈ زون میں کنٹینمینٹ زون کے باہر مخصوص سرگرمیوں پر روک لگائی جاتی ہے۔ یعنی اس دوران سائکل رکشہ اور آٹو رکشہ، ٹیکسی اور کیب، بین ریاستی اور اندرون ریاستی بس خدمات، نائی کی دکان، سلون اور اسپا پر پابندی رہے گی۔‘‘

01 May 2020, 5:36 PM

دہلی: کھجوری خاص پولس اسٹیشن کے 2 پولس اہلکار میں بھی کورونا کی تصدیق

2 مزید دہلی پولس اہلکار کے کورونا پازیٹو ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق شمال مشرقی علاقہ کے کھجوری خاص پولس اسٹیشن کے 2 پولس اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس بات کا پتہ چلنے کے بعد 4 کانسٹیبل جو ان کے ساتھ ایک ہی بیرک میں رہ رہے تھے، ان کا ٹیسٹ کیا گیا اور انھیں فوراً کوارنٹائن میں بھیج دیا گیا ہے۔

01 May 2020, 5:02 PM

گزشتہ 48 گھنٹے میں آئی ٹی بی پی کے 5 جوانوں میں کورونا کی تصدیق

ہندوستان میں کورونا وائرس انفیکشن سے کورونا واریرس کے اثرانداز ہونے کی خبریں لگاتار آ رہی ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں میں آئی ٹی بی پی (ہند-تبت سرحدی فورس) کے پانچ جوانوں کو دہلی میں کورونا پازیٹو پایا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان میں سے 2 پولس کے ساتھ دہلی میں نظامِ قانون کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہے تھے۔


01 May 2020, 4:09 PM

اتر پردیش: کل ہوئے 349 پول ٹیسٹنگ میں 8 کی رپورٹ پازیٹو

اتر پردیش کے چیف سکریٹری (صحت) امت موہن پرساد نے میڈیا کے سامنے آج ایک اہم جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ”کل پول ٹیسٹنگ کے لیے 349 پول لگائے گئے جس میں 1649 سیمپل ٹیسٹ کیے گئے۔ ان میں سے 8 پول پازیٹو پائے گئے اور 341 پول نگیٹو پائے گئے۔“

01 May 2020, 3:17 PM

لاک ڈاؤن: کئی ریاستی حکومتوں نے ریلوے سے خصوصی ٹرین چلانے کا کیا مطالبہ

ریلوے کے کچھ زون کو ریاستی حکومت کے ذریعہ مہاجر مزدوروں کو ان کی ریاستوں میں واپس لے جانے کے لیے خصوصی ٹرینیں چلانے کی گزارشات ملی ہیں۔ ریلوے نے اب تک ان کے گزارشات پر کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔ ریلوے بورڈ کے کارگزار ڈائریکٹر آر ڈی واجپئی نے اس سلسلے میں میڈیا کو جانکاری دی۔ قابل ذکر ہے کہ آج تلنگانہ سے جھارکھنڈ کے لیے ایک خصوصی ٹرین چلی ہے جس میں تقریباً 1200 مزدور سفر کر رہے ہیں۔ اسی طرح سے الگ الگ مقامات پر پھنسے مہاجر مزدوروں کو ان کی ریاست بھیجنے کے لیے خصوصی ٹرینیں چلائے جانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔


01 May 2020, 2:39 PM

بہار میں کورونا انفیکشن کے 6 نئے معاملے آئے سامنے، متاثرین کی تعداد ہوئی 432

بہار میں بھی کورونا وائرس کے معاملے لگاتار بڑھتے جا رہے ہیں اور آج موصول تازہ ترین خبروں کے مطابق مزید 6 لوگوں میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس طرح سے ریاست میں کورونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد 432 ہو گئی ہے۔ یہ جانکاری بہار کے پرنسپل سکریٹری (صحت) سنجے کمار نے دی۔

01 May 2020, 2:10 PM

دہلی: مہرولی سبزی منڈی میں ڈرون سے کی جا رہی نگرانی

دہلی واقع مہرولی کے سبزی منڈی میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کو لے کر پولس ہر سختی کر رہی ہے۔ لوگوں پر نظر رکھنے کے لیے ڈرون کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے اور اس تعلق سے اعلانات بھی ہو رہے ہیں۔


01 May 2020, 1:26 PM

گوا کو ’گرین زون‘ میں رکھے جانے کے بعد وزیر اعلیٰ ساونت نے ’کورونا واریرس‘ سے کہا شکریہ

مرکزی حکومت کے ذریعہ آج ریڈ، آرینج اور گرین زون کی نئی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں گوا کو پوری طرح سے گرین زون میں رکھا گیا ہے۔ اس فہرست کے سامنے آنے کے بعد گوا کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت نے کورونا واریرس اور عوام کا بھرپور انداز میں شکریہ کہا ہے جنھوں نے کورونا کو شکست دینے میں ریاستی حکومت کو پورا تعاون کیا۔

01 May 2020, 12:43 PM

حیدر آباد کے لگم پلی سے جھارکھنڈ کے ہٹیا تک آج چلائی گئی خصوصی ٹرین

تلنگانہ حکومت کی خصوصی گزارش پر مرکزی وزارت ریل کی ہدایت کے بعد حیدر آباد واقع لگم پلی سے جھارکھنڈ کے ہٹیا تک آج ایک خصوصی ٹرین چلائی گئی۔ اس ٹرین میں جھارکھنڈ کے کئی ایسے باشندے سوار ہوئے جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے پھنسے ہوئے تھے اور گھر نہیں جا پا رہے تھے۔ چلتے ہوئی ٹرین کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں لوگ ہاتھ ہلا کر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں کیونکہ اب وہ جلد گھر پہنچ جائیں گے۔


01 May 2020, 12:20 PM

مرادآباد میں لاک ڈاؤن پر عمل نہ کرنے والوں سے پولس نے کرائی اٹھک بیٹھک

لاک ڈاؤن کے درمیان کئی مقامات سے لوگوں کے ذریعہ اس پر عمل نہ کرنے کی خبریں آ رہی ہیں۔ ایک ویڈیو اتر پردیش کے ضلع مراد آباد کا بھی سامنے آیا ہے جہاں کے نوین منڈی میں کچھ لوگ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش سزا پاتے ہوئے نظر آئے۔ پولس اور مقامی انتظامیہ نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بیچ سڑک پر کان پکڑوا کر اٹھک بیٹھک کرائی۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔

01 May 2020, 11:23 AM

دہلی-گروگرام سرحد پار کرنے والوں کو ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا آروگیہ سیتو ایپ

دہلی-گروگرام سرحد لوگوں کی آمد و رفت کے لیے سیل کر دیا گیا ہے۔ صرف ضروری حالات میں ہی لوگوں کو آمد و رفت کی اجازت ہوگی۔ اے سی پی کرن گویل کا کہنا ہے کہ سرحد پار کرنے والوں کو لازمی طور پر آروگیہ سیتو ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ ان کی تھرمل اسکریننگ بھی کی جائے گی اور ریپڈ ٹیسٹنگ کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔


01 May 2020, 10:24 AM

پنجاب: لدھیانہ کا امرپورہ ریڈ زون بھی ہوا سیل، پولس فورس تعینات

پنجاب کے لدھیانہ میں آج امرپورہ ریڈ زون کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔ یہاں کورونا پازیٹو کئی کیس سامنے آئے جس کے بعد علاقہ کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ موقع پر پولس فورس کو بھی تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ لوگ ضابطوں کی خلاف ورزی نہ کریں۔ قابل ذکر ہے کہ پنجاب میں اب تک کورونا وائرس انفیکشن کے 480 معاملے سامنے آ چکے ہیں۔

01 May 2020, 9:46 AM

ہندوستان: گزشتہ 24 گھنٹے میں 73 افراد کی موت

ہندوستان میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے۔ ملک میں 24 گھنٹے میں کورونا کے 1993 نئے کیس سامنے آئے ہیں اور 73 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ کل مریضوں کی تعداد 35043 ہو گئی ہے۔ ہندوستان میں کورونا وائرس انفیکشن سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 1147 ہو چکی ہے۔


01 May 2020, 8:39 AM

ممبئی: پلازما تھیراپی استعمال کیے جانے کے باوجود 53 سالہ شخص ہلاک

کورونا وائرس انفیکشن سے لڑنے میں پلازما تھیراپی کو بہت کارآمد بتایا جا رہا ہے۔ لیکن کئی ماہرین نے اس بات کی طرف اشارہ بھی دیا ہے کہ پلازما تھیراپی کو صد فی صد کارگر ماننا درست نہیں ہے۔ اس کی ایک مثال ممبئی میں دیکھنے کو ملی جب پلازما تھیراپی استعمال کیے جانے کے باوجود ایک 53 سالہ شخص کی موت ہو گئی۔ ممبئی واقع لیلاوتی اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر روی شنکر نے بتایا کہ مہاراشٹر میں پلازما تھیراپی کیے جانے والے مریض کا 29 اپریل کو انتقال ہو گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔