جالان کمیٹی کی سفارش منظور، آر بی آئی سے مودی حکومت کو ملیں گے 1.7 لاکھ کروڑ روپے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

26 Aug 2019, 8:47 PM

آر بی آئی نے جالان کمیٹی کی سفارش منظور کی، 1.7 لاکھ کروڑ مودی حکومت کو دینے کا اعلان

ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے بورڈ کی پیر کے روز میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں سالانہ اکاؤنٹس کو آخری شکل دینے سے متعلق گفت و شنید ہوئی۔ آر بی آئی کے سابق گورنر بمل جالان کی صدارت میں تشکیل کمیٹی کی رپورٹ میں سنٹرل بینک کے ریزرو فنڈ اور اس کا منافع حکومت کو منتقل کیے جانے سے متعلق سفارش کی گئی ہے۔ اس کے بعد آر بی آئی نے فیصلہ لیا ہے کہ وہ حکومت کو 1.7 لاکھ کروڑ روپے دے گی۔ آر بی آئی کے سنٹرل بورڈ نے 1 لاکھ 76 ہزار کروڑ سے زیادہ پیسہ مرکزی حکومت کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس میں 123414 کروڑ سال 19-2018 کا سَرپلس اور 52637 کروڑ باقی راستوں سے آیا پیسہ شامل ہے۔

26 Aug 2019, 8:00 PM

مودی-ٹرمپ میٹنگ کے بعد کشمیر ایشو پر عمران خان نے دی نیوکلیائی حملے کی دھمکی

کشمیر ایشو پر ’شکست‘ کھانے والے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اب دھمکی دینا شروع کر دیا ہے۔ انھوں نے پریس کانفرنس کر ہندوستان کو نیوکلیائی حملے کی دھمکی دی ہے۔ اسی کے ساتھ انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم کشمیر کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔

دراصل فرانس میں جی-7 ممالک کی تقریب سے الگ پیر کے روز ہندوستانی پی ایم مودی اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان کشمیر ایشو پر بات چیت ہوئی۔ پاکستان کی مرضی کے خلاف جاتے ہوئے ٹرمپ نے صاف کہا کہ یہ ایشو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کا ہے، اسے دونوں ملک مل کر حل کر لیں گے۔ اس کے بعد پاکستانی پی ایم عمران خان نے فوری طور پر ملک کو خطاب کیا۔ اس خطاب میں عمران خان نے ہندوستان کو نیوکلیائی حملے کی دھمکی دی ہے۔ انھوں نے آگے کہا ہے کہ اگر یہ جنگ ہوتا ہے تو دنیا میں تباہی ہوگی۔

26 Aug 2019, 6:44 PM

بہار: سیتامڑھی میں 3 لوگوں کا گولی مار کر قتل

سیتامڑھی: بہار میں سیتامڑھی ضلع کے سپی تھانہ علاقہ کے اختہ گاﺅں میں بدمعاشوں نے آج دو نوجوان سمیت تین لوگوں کا گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولس ذرائع نے یہاں بتایا کہ اختہ گاﺅں باشندہ محمد سلمان خان (20) اور محمد اعجاز خان (18) موٹرسائیکل سے جا رہے تھے تبھی دو موٹر سائیکل پر سوار بدمعاشوں نے انہیں گولی مار کر قتل کر دیا۔ واقعہ کو انجام دینے کے بعد بدمعاش منا خان کے گھر میں داخل ہو گئے اور ان کی اہلیہ کو بھی گولی مار کرقتل کر دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کی جانکاری ملتے ہی ایڈیشنل پولس سپرنٹنڈنٹ (مہم) وجے شنکر سنگھ موقع پر پہنچ کر معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں۔ قتل کی وجوہات کا فی الحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔ لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے بھیجی دی گئی ہیں۔


26 Aug 2019, 6:10 PM

چدمبرم 30 اگست تک سی بی آئی حراست میں رہیں گے

سی بی آئی عدالت نے چدمبرم کی سی بی آئی حراست کی مدت بڑھا کر 30 اگست کر دی ہے۔ حالانکہ پی چدمبرم کے لیے ای ڈی معاملے میں گرفتاری سے راحت جاری رہے گی۔ قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ میں چدمبرم معاملے کی سماعت کل بھی جاری رہے گی۔ آج چدمبرم کے وکیل کپل سبل کی بحث پوری ہوئی، باقی کی دلیل سپریم کورٹ نے سبل کو تحریری شکل میں کل کورٹ میں جمع کرنے کو کہا ہے۔

26 Aug 2019, 5:09 PM

پی ایم مودی بولے ’’پاکستان کے ساتھ سبھی ایشوز دو فریقی‘‘

جی-7 سے الگ پی ایم مودی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس میٹنگ کے دوران پی ایم نریندر مودی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ جو بھی ایشوز ہیں، وہ دو فریقی ہیں۔ ان ایشوز کے لیے ہم دوسرے ممالک کو تکلیف نہیں دیتے۔ ہم بات چیت سے مسئلہ حل کر لیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ 1947 کے پہلے ہم ایک ہی تھے، ایسے میں ہم مل کر ہر مسئلہ کا حل کر سکتے ہیں۔


26 Aug 2019, 4:10 PM

پرگیہ کے متنازعہ بیان کو سلوجا نے بتایا شرمناک

بھوپال: مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال پارلیمانی سیٹ سے بھارتیہ جنتاپارٹی کی رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے آج اپوزیشن سے متعلق دیے گئے متنازعہ بیان کو کانگریس لیڈر نریندرسلوجا نے شرمناک بتایا ہے۔ وزیراعلی کمل ناتھ کے میڈیا کو آرڈی نیٹرمسٹر سلوجا نے کہا کہ محترمہ ٹھاکر کے پچھلے بیانات پر وزیر اعظم نریندر مودی نے چاہے انھیں دل سے معاف کر دیا ہوں ،لیکن محترمہ ٹھاکر کے مسلسل الٹے سیدھے بیانات کی وجہ سے ملک کے عوام انھیں معاف نہیں کر پائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ اب تو شاید آنجہانی بابو لال گور،منوہر پریکر ،سشما سوراج اور ارون جیٹلی کے گھر کے افرادبھی اس بیان کے بعد محترمہ ٹھاکر کو کبھی معاف نہیں کرپائیں گے۔ انکا بیان شرمناک ہے۔ دراصل محترمہ ٹھاکر نے آج راجدھانی بھوپال میں پارٹی کے آنجہانی لیڈروں کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کیے گئے ایک پروگرام میں کہاکہ انھیں کچھ دن پہلے کسی نے اپوزیشن کے تئیں آگاہ کیا تھا اور اب پارٹی کے تین سینئر لیڈروں کے انتقال سے انھیں یہ محسوس ہونے لگاہے کہ انھیں کیوں اپوزیشن کے تئیں آگاہ کیا گیا تھا۔ محترمہ ٹھاکرکے اس بیان کے بعد ریاست کی سیاست میں ایک نیا تنازعہ پیدا ہو گیا ہے۔حالانکہ پارٹی کے کئی لیڈروں نے انکے اس بیان سے کنارہ کشی کرلی ہے۔

26 Aug 2019, 3:10 PM

نوئیڈا واقع اسپائس مال کی دوسری منزل پر لگی آگ، کئی لوگوں کے پھنسے ہونے کا اندیشہ

نوئیڈا سیکٹر 25 اے واقع اسپائس مال میں زبردست آگ زنی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ آگ بجھانے کی کوششیں لگاتار جاری ہیں اور مال میں کئی لوگوں کے پھنسے ہونے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ آگ اسپائس مال کی دوسری منزل پر لگی ہے۔ یہ آگ کیوں لگی، اس سلسلے میں ابھی کوئی پختہ جانکاری حاصل نہیں ہو سکی ہے۔ فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں موقع پر موجود ہیں۔


26 Aug 2019, 2:00 PM

دہلی میں پٹرول کی قیمت بڑھ کر پھر ہوئی 72 روپے فی لیٹر، ڈیزل کی قیمت میں بھی اضافہ

پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کا سلسلہ پیر کے روز بھی جاری رہا۔ تیل کمپنیوں نے لگاتار تیسرے دن پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ نئے اضافہ کے بعد ہلی میں پٹرول 72.07 روپے لیٹر جب کہ ڈیزل 65.35 روپے لیٹر ہو گیا ہے۔ دہلی، کولکاتا، ممبئی اور چنئی میں پٹرول کی قیمت میں 8 پیسے لیٹر جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 9 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔

26 Aug 2019, 1:10 PM

سپریم کورٹ میں پی چدمبرم کی درخواست مسترد، ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار

سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کی دہلی ہائی کورٹ کی طرف سے عبوری ضمانت منسوخ کرنے کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست کو سپریم کورٹ نے مسترد کر دیا ہے, اس کے علاوہ پی چدمبرم کی طرف سے سی بی آئی کی حراست کے خلاف دائر درخواست پر اب سماعت نہیں ہوگی، کیونکہ یہ معاملہ ابھی تک لسٹ نہیں ہو پایا ہے، تاہم، ای ڈی کی جانب سے جو حلف نامہ دائر کیا گیا ہے اس پر بھی سماعت ہونی ہے۔


26 Aug 2019, 12:10 PM

ہانگ کانگ میں بھڑکا تشدد، 15 پولس افسر زخمی

ہانگ کانگ: ہانگ کانگ میں جمہوریت حامیوں کے مظاہرے کے دوران اتوار کی رات بھڑکے تشدد میں 15 پولس افسر زخمی ہو گئے اور سات خواتین سمیت 36 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولس نے سرکاری ویب سائٹ پر پیر کو بیان جاری کر کہا کہ کچھ سخت گیر مظاہرین نے سڑک اور سرنگ کو جام کر کے بند کر دیا اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ ساتھ ہی موقع پر تعینات پولس اہلکاروں پر پٹرول بم، اینٹوں اور دیگر مہلک اشیاء پھینکنا شروع کیں جس سے 15 افسر زخمی ہو گئے۔

اس سے قبل ہانگ کانگ پولس نے اتوار کو سوین وان میں منعقدہ احتجاج کے سلسلے میں این او سی ( نو ابجیکشن سرٹیفیکیٹ) جاری کی تھی۔ کچھ مشتعل مظاہرین نے پہلے سے طے شدہ شاہراہ سے ہٹ کر دوسری شاہراہ پر جا کر تشدد کا راستہ اپنا لیا۔ مقامی وقت کے مطابق 7 بجکر 40 منٹ پر بنیاد پرست مظاہرین کے ایک گروہ نے ژی پیئی کے چوک پر واقع دکانوں اور تفریحی مقامات پر توڑ پھوڑ شروع کر دی۔ مظاہرین مہلک ہتھیاروں کے ساتھ وہاں موجود پولس اہلکاروں سے بھی گتھم گتھا ہو گئے۔ اس دوران ایک پولس افسر زمین پر بھی گر گیا۔ حالات کو کشیدہ دکھ کر چھ پولس افسران نے اپنی اپنی پستول نکال لی، کوئی اور متبادل نہ ہونے کی وجہ سے ان میں سے ایک نے ہوا میں گولی چلا دی۔ پولس نے کہا کہ مظاہرین کے تشدد سے امن و امان کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ پولس نے اس واقعہ کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے۔ پولس نے غیر قانونی طریقے سے جمع ہونے، قابل اعتراض ہتھیار رکھنے اور پولس افسران پر حملہ کرنے سمیت مختلف معاملات میں 12 سے 48 سال کی عمر کی سات خواتین سمیت 36 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

26 Aug 2019, 11:10 AM

منموہن سنگھ سے ایس پی جی سیکورٹی واپس لے گی مودی حکومت

مودی حکومت نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی) سیکورٹی ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے، وزارت داخلہ کے مطابق مختلف خفیہ ایجنسیوں را اور آئی بی کی جانب سے ملے ان پٹ، کابینہ سکریٹری اور وزارت داخلہ کے درمیان تین ماہ تک چلے جائزہ اجلاس کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے، اب سابق وزیر اعظم کی حفاظت میں ایس پی جی کی جگہ سی آر پی ایف کے جوان تعینات ہوں گے۔


26 Aug 2019, 10:09 AM

غزہ سے اسرائیل کی طرف داغی گئی میزائل

یروشلم: اسرائیل کی فوج نے کہا کہ غزہ پٹی سے جنوبی اسرائیل کی طرف تین میزائلیں داغیں جن میں سے ایک اسرائیل کی سرحد میں جا گری۔ فوج نے ایک بیان میں کہا ’’غزہ پٹی کی جانب سے اسرائیل کی طرف تین میزائلیں داغیں گئی جن میں سے دو کو اسرائیلی ڈرون فضائی نظام نے ہوا میں ہی مار گرایا اور ایک ساحلی فلسطینی اینكلےعلاقے میں جا گری۔ میزائل حملے میں کسی کے بھی زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے اور غزہ میں کسی بھی تنظیم نے ابھی تک حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے‘‘ ۔

واضح ر ہے کہ اس حملے سے خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ دراصل گزشتہ چند ہفتوں میں اسرائیل میں کئی فلسطینی میزائل حملے ہوئے ہیں اور اسرائیل نے بھی جوابی کارروائی میں حماس کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں ۔ حماس نے سنہ 2007 میں اینکلیو علاقے میں قبضہ کر لیا تھا جس کی وجہ سے اسرائیل نے غزہ پٹی پر ایک سخت ناکہ بندی کر رکھی ہے ۔ جس کی حماس مخالفت کر رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔