اہم خبر: غلام نبی آزاد کو سری نگر ہوائی اڈہ پر روکا، دہلی واپس بھیجا گیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

08 Aug 2019, 9:10 PM

غلام نبی آزاد کو سری نگر ہوائی اڈہ پر روکا، دہلی واپس بھیجا گیا

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈراور راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد کو انتظامیہ نے سری نگر ہوائی اڈہ پر روک دیا جس کی وجہ سے انہیں شام کو دہلی واپس آنا پڑا۔

جموں وکشمیر کانگریس کے صدر غلام احمد میر کے ساتھ جیسے ہی مسٹر آزاد سری نگر ہوائی اڈے پر اترے تو انہیں شہر میں جانے سے روک دیا گیا اور انہیں واپس جانے کیلئے کہا گیا۔ سری نگر میں ان کا ریاستی کانگریس کے لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کا پروگرام تھا۔ بعد میں وہ ہوائی اڈہ سے دہلی کے لئے روانہ ہوگئے۔

مسٹر آزاد نے دہلی پہنچنے کے بعد ہوائی اڈہ پر نامہ نگاروں سے کہا کہ ہمیں صبح ساڑھے گیارہ بجے سے شام ساڑھے چار بجے تک سری نگر ہوائی اڈہ پر روکے رکھا گیا۔ سینئر پولیس حکام نے کہا کہ آپ کو باہر نہیں جانے دینے کا حکم ہے۔ وہ اسی طیارہ سے ہمیں واپس بھیجنا چاہتے تھے لیکن ہم نے ساڑھے چار بجے تک کوشش کی۔ اس کے بعد ہم دہلی کے لئے روانہ ہوگئے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے کالا قانون بنایا ہے اور جموں وکشمیر کو ایک ریاست کے طورپر ہندستان کے نقشہ سے اڑا دیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے ملک کو برباد کردیا ہے اور کشمیر کو ختم کردیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو ہر ایک کشمیر ی سے معافی مانگنی چاہئے۔

08 Aug 2019, 8:10 PM

وزیر اعظم کا قوم کے نام خطاب، آرٹیکل 370 ہٹانے پر دی ملک کو مبارک باد

وزیر اعظم نریندر مودی جموں و کشمیر ریاست کے خصوصی درجہ کو ختم کرنے کے بعد پہلی مرتبہ قوم سے خطاب کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان کے دوران آرٹیکل 370 کو ہٹانے کی کیوں ضرورت تھی اس کا ذکر کیا۔

وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ اب ملک بھر کے تمام شہریوں کے حقوق یکساں ہیں اور ان کے فرائض بھی یکساں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب جموں و کشمیر کے عوام کو بھی دیگر ملک کی طرح تمام حقوق فراہم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک نے ایک تاریخی فیصلہ لیا ہے جس کی وجہ سے جموں و کشمیر اور لداخ کے بھائی بہنوں کو فائدہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی میں جو رکاوٹ تھی وہ ہم سب کی کاوشوں سے اب دور ہو گئی ہے۔

08 Aug 2019, 7:10 PM

اجمیر شریف کے خادم کے خلاف طلاق ثلاثہ کے تحت مقدمہ درج

اجمیر: مرکزی حکومت کی جانب سے ملک میں تین طلاق پر قانون نافذ کرنے کے بعد راجستھان کے اجمیر کے درگاہ تھانہ علاقے میں ایک خادم کے خلاف اس کی اہلیہ نے طلاق ثلاثہ کا مقدمہ درج کرایا ہے۔

درگاہ کے خادم سید سلیم الدین چشتی (65) عرف سلیم باپو ساکن سولہ کھنبا درگاہ کے خلاف اس کی اہلیہ نے مقدمہ دائر کیا ہے۔ ملزم خادم سلیم الدین کی کئی بیویاں اور بچے بھی ہیں۔ مبینہ طور پر گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والی متاثرہ نے پولس کو ایک تحریری رپورٹ میں بتایا کہ سلیم الدین نے اس کے ساتھ تین سال قبل 2017 میں حقیقت کو چھپا کر شادی کی تھی اور شادی کے بعد اسے ویشالی نگر میں کرائے کے مکان میں رکھا گیا تھا حالانکہ وہ خود کئی مکانوں کے مالک ہیں۔

اس نے بتایا کہ جب اس نے دو دن پہلے سلیم الدین کو فون کیا تو اس کی لڑکی نے فون پر بدتمیزی کی اور لڑکے صدام نے بھی بدتمیزی کی۔ شوہر سلیم الدین نے بھی ناراض ہو کر اسے زبانی طلاق دے دی، جس سے اسے تکلیف ہوئی۔ تھانہ درگاہ نے متاثرہ کی شکایت پر ایف آئی آر درج کرکے تین طلاق کے نئے قانون کی روشنی میں قانونی مشورے کے ساتھ مزید کارروائی کر رہی ہے۔


08 Aug 2019, 6:07 PM

ایئر انڈیا طیارے کے 143 مسافر بال بال بچے

چنئی: دہلی سے چنئی آنے والے ایئرانڈیا کے طیارے میں پائلٹ عملے کے پانچ اراکین سمیت تقریباً 143مسافر جمعرات کو اس وقت بال بال بچ گئے جب لینڈنگ کے دوران طیارے کے پہیے وقت پر نہیں کھلے اور طیارہ کچھ وقت کےلئے آسمان میں ہی گھومتا رہا۔

ہوائی اڈے کے ذرائع کے پہیوں کے وقت پر نہیں کھلنے پر ایمرجنسی لینڈنگ کا انتظام کیاگیا۔طیارہ کچھ وقت کےلئے آسمان میں منڈراتا رہا اور پہیے کھلنے کے بعد ہوائی اڈے پر صحیح سلامت اترا۔

ہوائی اڈے کے ذرائع کے مطابق جب پائلٹ لینڈنگ کی تیاری کررہا تھا طیارےکے پہیے نہیں کھلے۔اس نے فوراً ایئرٹریفک کنٹرول کے افسروں کو اس کی اطلاع کی اور ایمرجنسی لینڈنگ کےلئے اجازت مانگی۔ہوائی اڈے اور سکیورٹی افسران اطلاع ملتے ہی حرکت میں آئے اور ضروری انتظامات کئےگئے۔فائربریگیڈ اور میڈیکل ٹیم کو بھی تیاررکھاگیا۔طیارہ تقریباً ایک بجے کام راج گھریلوے ہوائی اڈے پر اترا۔

08 Aug 2019, 5:03 PM

دہلی: کیجریوال نے کیا 11 ہزار ہاٹ اسپاٹ لگانے کا اعلان

اروند کیجریوال نے گزشتہ دنوں بجلی بل سے متعلق بڑا فیصلہ کیا تھا اور عوام کو ایک اور بڑی خوش خبری انھوں نے آج دی ہے۔ کیجریوال نے اعلان کیا ہے کہ ’’شہر میں 11 ہزار ہاٹ اسپاٹ لگائے جائیں گے۔ فری وائی فائی دینے کا کام ایک طرح سے شروع ہو چکا ہے۔ ہر صارف کو ہر مہینے 15 جی بی ڈاٹا مفت دیا جائے گا۔ یہ پہلا مرحلہ ہے۔‘‘


08 Aug 2019, 4:02 PM

پاکستان: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز گرفتار

پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز کو قومی جوابدہی بیورو نے آج گرفتار کر لیا ہے۔ پاکستانی میڈیا کے حوالے سے یہ خبر سامنے آ رہی ہے۔

08 Aug 2019, 3:08 PM

پاکستان نے سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کا کیا اعلان، ہندوستانی فلموں پر بھی پابندی

مودی حکومت کے ذریعہ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ختم کیے جانے کے بعد پاکستان نے ناراضگی میں کئی بڑے فیصلے لیے ہیں۔ اب پاکستانی میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس کی خدمات کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین ہندوستان اور پاکستان کے درمیان چلتی ہے۔ حالانکہ ابھی پاکستان کی جانب سے کوئی بیان اس سلسلے میں نہیں آیا ہے۔

دوسری طرف پاکستان نے اپنے یہاں ہندوستانی فلمیں دکھائے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پاکستانی نیوز چینل ’جیو‘ سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستانی سنیما گھروں میں کوئی بھی ہندوستانی فلم نہیں دکھائی جائے گی۔


08 Aug 2019, 2:07 PM

سری نگر ائیر پورٹ سے ہی دہلی واپس لوٹے غلام نبی آزاد

کانگریس رکن پارلیمنٹ اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد اور جموں و کشمیر کانگریس صدر غلام احمد میر کو سری نگر ائیر پورٹ سے واپس دہلی بھیج دیا گیا ہے۔ دونوں لیڈران مرکزی حکومت کے ذریعہ جموں و کشمیر میں دفعہ 370 ختم کیے جانے کے بعد ریاست کا دورہ کر رہے تھے تاکہ وہاں کے حالات سے باخبر ہو سکیں۔ لیکن سیکورٹی نے انھیں سری نگر ائیر پورٹ سے باہر نہیں نکلنے دیا اور وہیں سے واپس دہلی بھیج دیا۔

08 Aug 2019, 1:09 PM

جموں و کشمیر: غلام نبی آزاد کو سری نگر ائیر پورٹ پر روکا گیا

سری نگر ائیر پورٹ پر کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد کو روک دیا گیا ہے۔ غلام نبی آزاد کے ساتھ جموں و کشمیر کانگریس کے صدر غلام احمد میر کو بھی ائیر پورٹ پر روک دیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد پہلی بار غلام نبی آزاد سری نگر پہنچے ہیں۔


08 Aug 2019, 12:01 PM

امریکہ: کیلیفورنیا میں طیارہ حادثہ، 2 افراد ہلاک

لاس اینجلس: امریکہ کے کیلی فورنیا میں كماریلو ہوائی اڈے پر ایک طیارے حادثہ میں 2 افراد کی موت ہو گئی۔ وینچر کاؤنٹی فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر 30 منٹ پر ہوا۔محکمہ نے ٹویٹ کر کے کہا ’’حادثہ میں طیارہ میں سوار دونوں افراد موت ہو گئی ہے۔ دیگر تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ وفاقی ایوی ایشن انتظامیہ (ایف اے اے )کے افسران جائے حادثہ کے لئے روانہ ہو گئے ہیں‘‘۔ کے ٹی ایل میڈيا کے مطابق حادثہ کے شکار جہاز ایک انجن والا 2000 سیریز کا ہے. حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

08 Aug 2019, 11:06 AM

پاکستان: جموں و کشمیر ایشو پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ، مشاہداللہ نے فواد کو کہا ’کتا‘

جموں و کشمیر سے متعلق ہندوستانی حکومت کے فیصلے کے بعد پاکستانی پارلیمنٹ میں زبردست ہنگامہ کا نظارہ دیکھنے کو ملا۔ بدھ کے روز پاکستانی پارلیمنٹ میں جوائنٹ سیشن کے دوران پاکستان مسلم لیگ (پی ایم ایل-نواز) کے رکن پارلیمنٹ مشاہداللہ خان نے عمران خان حکومت میں وزیر فواد حسین کو ’کتا‘ کہہ دیا۔ دراصل مشترکہ اجلاس کے دوران مشاہداللہ خان جموں و کشمیر پر اپنی بات رکھ رہے تھے جب فواد خان نے بیچ میں انھیں روکنے کی کوشش کی۔ اس کے بعد دونوں لیڈروں کے درمیان بات اتنی بڑھ گئی کہ مشاہداللہ نے فواد سے کہا کہ ’’تم بے شرم ہو۔ میں نے تجھے گھر پر باندھ رکھا تھا لیکن کتے تم یہاں آ گئے۔‘‘ مشاہداللہ کے اس بیان پر فواد چودھری غصے کی حالت میں ان کی طرف بڑھے، لیکن تبھی بقیہ اراکین پارلیمنٹ نے انھیں روک لیا۔ ان سب کے درمیان چیئرمین نے متنازعہ بیان ریکارڈ سے نکالنے کا حکم دے دیا۔


08 Aug 2019, 10:03 AM

بجنور میں 3 ٹرکوں کے درمیان خوفناک ٹکر، 5 افراد ہلاک، کئی زخمی

بجنور: اترپردیش میں بجنور کے شہر کوتوالی علاقے میں تین ٹرکوں کے درمیان ہونے والی ٹکرمیں 5 افراد کی موت ہو گئی اور پانچ زخمی ہو گئے۔ پولس سپرنٹنڈنٹ سنجیو تیاگی نے جمعرات کو یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ کوتوالی علاقے میں بدھ کی رات تقریباً 11 بجے کالی مدن چوراہے پر یکے بعد دیگرے تین ٹرک آپس میں ٹکرا گئے۔ اس حادثہ میں پانچ افراد کی موت ہو گئی جبکہ پانچ زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کواسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت رگھوبير (55) پرمود (28) جانی (25) راہل (28) اور 29 سالہ پنکج کی شکل میں کی گئی ہے۔ مرنے والوں میں چارافراد ضلع دھام پور کے رہنے والے ہیں۔

08 Aug 2019, 8:51 AM

جموں و کشمیر: دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد عیدالاضحیٰ سے متعلق گورنر کا بڑا بیان

جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد گورنر ستیہ پال ملک نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جو عیدالاضحیٰ سے متعلق ہے۔ گورنر کے حکم کے مطابق جموں و کشمیر کے جو طلبا دوسری ریاستوں میں پڑھائی کر رہے ہیں اور عید کے موقع پر گھر پہنچنا چاہتے ہیں، ان کی مدد کی جائے۔ علاوہ ازیں جو طالب علم گھر نہیں پہنچ سکتے ان کے لیے جشن کا انعقاد کرانے کے لیے ایک ایک لاکھ روپے نامزد افسران کو دیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

گورنر نے افسران کے ساتھ اس سلسلے میں ایک میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں جمعہ کی نماز اور عیدالاضحیٰ کی تیاریوں پر گفتگو ہوئی۔ میٹنگ میں افسران نے گورنر کو بتایا کہ عید کے موقع پر جانور خریدنے کے لیے وادی میں الگ الگ مقامات پر منڈی بنائی جائیں گی۔ ساتھ ہی راشن کی دکانوں، میڈیکل اسٹورس اور کھانے پینے کی جگہوں کو بھی اس موقع پر کھولنے کا حکم دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔