اہم خبر: ہندوستانی باکسر امت نے رقم کی تاریخ، ورلڈ باکسنگ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

20 Sep 2019, 5:05 PM

عالمی مکے بازی چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ کر ہندوستانی باکسر پنگھل نے رقم کی تاریخ

ایشیائی کھیلوں میں طلائی تمغہ جیت چکے ہندوستان کے اسٹار مکے باز امت پنگھل نے یہاں جاری مکے بازی عالمی چمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنا کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ ہریانہ کے امت نے جمعہ کو 52 کلو گرام درجہ کے سیمی فائنل میں قزاقستان کے ساکین ببیسونوو کو 2-3 سے ہرایا۔ ہفتہ کو ہونے والے فائنل میں امت پنگھل کا سامنا ریو اولمپک میں طلائی تمغہ جیتنے والے شاخوبدین جوئیرو سے ہوگا۔ امت عالمی چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے والے پہلے ہندوستان مرد مکے باز ہیں۔

20 Sep 2019, 4:10 PM

1.45 لاکھ کروڑ کا سب سے مہنگا ایوینٹ ہوگا ’ہاؤڈی مودی‘: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے پی ایم مودی پر ایک بار پھر حملہ کیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر لکھا ہے کہ شیئر بازار میں اُچھال کے لیے وزیر اعظم کچھ بھی کرنے کے لیے تیار ہیں، وہ بھی تب جب ان کا ’ہاؤڈی انڈین اکونومی‘ کا تہوار چل رہا ہے۔ راہل گاندھی نے اسی ٹوئٹ میں امریکہ میں ہونے والے ’ہاؤڈی مودی‘ تقریب کو بھی نشانہ بنایا۔ راہل گاندھی نے لکھا کہ ’ہاؤڈی مودی‘ پروگرام دنیا کی سب سے مہنگی تقریب ہونے والی ہے۔ راہل گاندھی نے لکھا کہ ’’لیکن کوئی بھی ایوینٹ اس سچائی کو چھپا نہیں سکتا ہے، جہاں ہاؤڈی مودی جیسا پروگرام ہندوستانی معیشت کو لے کر گیا ہے۔‘‘

20 Sep 2019, 3:09 PM

عصمت دری کے ملزم بی جے پی لیڈر چنمیانند نے قبول کیا اپنا جرم، کہا ’میں شرمندہ ہوں‘

شاہجہاں پور جنسی استحصال کے الزام میں گرفتار سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی لیڈر سوامی چنمیانند نے اپنی غلطی کا ایس آئی ٹی کے سامنے اعتراف کر لیا ہے۔ معاملے کی جانچ کر رہی ایس آئی ٹی کا کہنا ہے کہ چنمیانند نے متاثرہ لڑکی کو مساج کے لیے بلانے سے متعلق اپنی غلطی کا اقرار کر لیا ہے۔ چنمیانند نے کہا کہ مجھے اپنے عمل پر شرم آ رہی ہے۔ ایس آئی ٹی کے سربراہ نوین اروڑا نے بتایا کہ چنمیانند نے تقریباً سبھی الزامات پر اپنی غلطی کا اعتراف کیا ہے جس میں جنسی استحصال کا معاملہ بھی شامل ہے۔


20 Sep 2019, 2:04 PM

مغربی بنگال: ہلدیہ پیٹرو کیمیکلز لمیٹڈ کی یونٹ میں لگی شدید آگ، 15 مزدور جھلسے

ہلدیہ: مغربی بنگال کے مشرقی مدناپور میں جمعہ کو ہلدیہ پیٹروکیمیکل لیمیٹیڈ (ایچ پی ایل) کےناپتھا یونٹ میں پائپ لائن میں ہوئے دھماکے میں کم از کم 15مزدور جھلس گئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آگ بجھانے میں فائربریگیڈ کی دس گاڑیاں لگی ہوئی ہیں۔ بنگال کے پیٹروکیم ہب میں واقع ایچ پی ایل کے ناپتھا یونٹ میں آگ لگنے کی خبر تقریباً صبح گیارہ بجے ملی۔ ذرائع نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کے کام میں ایچ پی ایل کےمقامی یونٹ میں واقع فائربریگیڈ کے علاوہ پاس کی دیگر صنعتی اکائیوں کے فائربریگیڈ بھی لگےہوئے ہیں۔ آگ چاروں طرف پھیل چکی ہے۔ البتہ ابھی تک کسی کے مرنے یا ہلاک ہونے کی کوئی خبر نہیں ہے۔ آگ لگنے کی وجہ کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔

20 Sep 2019, 1:08 PM

چنمیانند کی گرفتاری عوام اور صحافت کی طاقت کا نتیجہ: پرینکا گاندھی

بی جے پی لیڈر سوامی چنمیانند کی گرفتاری پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ یہ عوام اور صحافت کی طاقت تھی جس نے ایس آئی ٹی کو مجبور کیا کہ وہ چنمیانند کو گرفتار کرے۔ پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’بی جے پی حخومت کی چمڑی اتنی موٹی ہے کہ جب تک متاثرہ کو یہ نہ کہنا پڑے کہ میں خودکشی کر لوں گی، تب تک حکومت کوئی ایکشن نہیں لیتی۔ یہ عوام، صحافت کی طاقت تھی کہ ایس آئی ٹی کو بی جے پی لیڈر چنمیانند کو گرفتار کرنا پڑا۔ عوام نے یقینی بنایا کہ بیٹی بچاؤ صرف نعروں میں نہ رہے بلکہ زمین پر اترے۔‘‘


20 Sep 2019, 12:00 PM

شیئر مارکیٹ: سنسیکس 1600 پوائنٹ اوپر، نفٹی میں بھی 450 سے زیادہ پوائنٹ کا اضافہ

شیئر مارکیٹ میں آج صبح سے تیزی دکھائی دے رہی ہے۔ کئی دنوں کی گراوٹ کے بعد آج جیسے ہی مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے کارپوریٹ ٹیکس میں تخفیف کا اعلان کیا، شیئر مارکیٹ میں اضافہ کا دور شروع ہو گیا۔ فی الحال سنسیکس میں 1600 پوائنٹ اور نفٹی میں 451.90 پوائنٹ کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔

20 Sep 2019, 11:09 AM

نرملا سیتارمن نے کارپوریٹ ٹیکس میں تخفیف کا کیا اعلان!

مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران گھریلو کمپنیوں کے لیے کارپوریٹ ٹیکس میں تخفیف کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ گھریلو کمپنیوں اور نئے گھریلو مینوفیکچرنگ کمپنیوں کے لیے ٹیکس کی شرح میں کمی کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ یکم اکتوبر 2019 کے بعد مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں تازہ سرمایہ کاری کرنے والوں کو 15 فیصد انکم ٹیکس دینا ہوگا۔


20 Sep 2019, 10:04 AM

شاہجہاں پور عصمت دری کیس: ایس آئی ٹی نے بی جے پی لیڈر سوامی چنمیانند کو گرفتار کیا

یو پی کی لاء طالبہ سے عصمت دری معاملہ میں آج بی جے پی لیڈر سوامی چنمیانند کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایس آئی ٹی نے آج صبح سویرے چنمیانند کو گرفتار کر اسپتال لے گئی تاکہ ان کا میڈیکل چک اَپ کرایا جا سکے۔ اس کے بعد اگر سب کچھ ٹھیک رہتا ہے تو ممکن ہے چنمیانند کو ایس آئی ٹی کورٹ لے جایا جائے۔ چونکہ چنمیانند کے بارے میں یہ خبریں آئی تھیں کہ وہ بیمار ہیں، اس لیے اگر میڈیکل چیک اَپ کے دوران ان کی طبیعت واقعی میں خراب ظاہر ہوتی ہے تو انھیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل بھی کرایا جا سکتا ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ابھی تک ان کے اوپر عصمت دری کا کیس درج نہیں کیا گیا ہے۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہے کہ ایس آئی ٹی ان پر کون کون سے دفعات لگاتی ہے۔

20 Sep 2019, 8:49 AM

دہلی: ایمبولنس اور ٹرک کے درمیان زبردست ٹکر، ڈاکٹر سمیت 2 ہلاک، 4 افراد زخمی

دہلی میں ڈی این ڈی ٹول پلازہ کے نزدیک ایمبولنس اور ایک ٹرک میں زبردست ٹکر ہو گئی جس میں ایک ڈاکٹر سمیت دو لوگوں کی موت ہو گئی۔ حادثہ میں 4 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */